• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسم سرما ’ربیع المومنین‘ ہے

Updated: November 27, 2026, 4:34 PM IST | Mufti Muhammad Aslam Jamee | Mumbai

یہ عبادات کا موسم ہے اس کی طویل راتیں قیامِ تہجد اور مختصر دن روزوں کے لئے بڑے مفید ہیں، اس میں نیک اعمال پر اجر و ثواب زیادہ کردیا جاتا ہے۔

Precautionary measures appropriate for the winter season should also be taken. Photo: INN
سردی کے موسم کے مطابق احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنی چاہئے۔ تصویر: آئی این این

صحت و تندرستی اللہ تعالیٰ کی عطاکردہ عظیم ترین نعمت ہے۔  علامہ عبدالرحمٰن مبارکپوریؒ  فرماتے ہیں کہ ’’جسمانی صحت ایمان کے بعد سب سے بڑی نعمت ہے۔‘‘ (  تحفۃالاحوذی)۔ اسی بناء پر اسلام میں حفظانِ صحت پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ سورہ اعراف آیت ۳۱؍   میں ارشادِ خداوندی ہے: کھاؤ اور پیو اور حد سے نہ  بڑھو۔  اس آیت میں حد سے نکلنے کی ممانعت حفظانِ صحت کے اصول سےہے۔

 حضرت مفتی سعید صاحب پالنپوری ؒ  لکھتے ہیں کہ طب کی ترتیب وار تین بنیادہے، حفظانِ صحت، استخراج مادۂ فاسد اور حِمْیة (پرہیز)۔پہلے کوشش یہ ہونی چاہئے کہ صحت محفوظ رہے، کوئی ایسا کام نہ کرے جس سے صحت خراب ہوجائے، موسم بدل رہا ہے ہو تو کھلی جگہ نہ سوئے، کھائے پیئے مگر انداز سے کھائے، اشتہا کے بغیر نہ کھائے، مضر چیزیں نہ کھائے اور بہت کم بھی نہ کھائے،بقائے صحت کے بقدر کھائے۔ اس اصل کا ذکر اس آیت میں ہے:’’ کھاؤ پیو مگر حد سے تجاوز مت کرو۔‘‘ زیادہ اور بے حد کھائے گا تو معدہ خراب ہوجائے گا اور بیمار پڑے گا۔ (ہدایت القرآن )

 صحت و تندرستی کی اہمیت و افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’دو نعمتیں ہیں جن کے بارے میں بیشتر افراد دھوکے میں ہیں: ایک صحت اور دوسری فراغت۔ ‘‘ (بخاری) جب یہ نعمت فوت ہوجاتی ہے تو پھر قلق، افسوس، اور ندامت ہوتی ہے، اس لئے وقت سے پہلے ہی اس کی قدردانی اور اس کی حفاظت کرنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: جن اوراق پر حدیث وقرآن کی عبارتیں تحریر ہوں ان کے احترام کی بدرجہ اولیٰ تاکید منقول ہے

 صحت ِجسمانی کتنی بڑی نعمت ہے اس کی اہمیت کا اندازہ  آپؐ کی اس دُعا سے لگائیے:’’اے اللہ میں آپ سے صحت ِ جسمانی کا سوال کرتا ہوں۔‘‘ (الادب المفرد)۔  موسمِ سرما نے اپنی تمام تر رعنائی کے ساتھ ابھی ابھی دستک دی ہے۔ صبح کے وقت خنک  ہوائیں بدن میں لرزش پیدا کررہی ہیں۔ ایسے  میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا از حد ضروری ہے، تاکہ جسمانی صحت متاثر نہ ہو، کیوں کہ موسمِ سرما کو انسان کا دشمن بتایا گیا، اور اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ حضرت إبن مبارک ؒحضرت صفوان بن عمروؒ سے روایت کرتے ہیں  اور وہ حضرت سلیم بن عامر ؒسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے بارے میں نقل کرتے ہیں کہ جب موسمِ سرما اپنی تمام تر رعنائی کے ساتھ بندگانِ خدا پر سایہ فگن ہوتا تو آپ اپنے ماتحت افراد کو خط لکھتے یا پیغام پہنچاتے کہ موسمِ سرما آ گیا جو ایک دشمن ہے، اس کے مقابلے کے لئے  اونی کپڑے، موزے، اور جرابیں وغیرہ تیار کرو، اون ہی کا لباس زیب تن کرو، اور اوپر بھی اونی چادریں دراز کرو، کیوں کہ موسمِ سرما وہ دشمن ہے، جو جلد داخل ہوتا ہے اور دیر سے جان چھوڑتا ہے۔ (لطائف المعارف، ص ۵۶۳)

حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے مذکورہ بالا خط اہلِ شام کے لئے لکھا تھا کیوں کہ وہاں صحابہ کرام اور اہلِ ایمان کثیر تعداد میں تھے۔ لاعلمی میں سردی ان کو نقصان پہنچائے اور جسمانی صحت متاثر ہوجائے تو اس لئے یہ نصیحت آمیز خط لکھا تھا۔  ان ایام میں گرم لباس زیب تن کرنا چاہئے تاکہ اللہ تعالیٰ کے عطاکردہ جسم کی حفاظت بھی ہوسکے اور اُسے مزید اطاعت و بندگی میں لگایا بھی جاسکے۔ بعض لوگ جوانی  یا جوانمردی کے جوش میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنے سے اجتناب کرتے ہیں،  اس کو اپنی شان کے خلاف سمجھتے ہیں حالانکہ یہ بھی ایک طرح سے نعمتِ خداوندی کی ناقدری ہے، جوانی کے جوش میں اگر چہ ضعف صحت کا احساس نہیں ہوتا مگر جیسے جیسے عمر ڈھلتی ہے پھر پے درپے بیماریاں ظاہر ہوتی ہیں اس لئے کبھی بھی موسم سے مقابلہ نہیں کرنا چاہئے! راقم السطور نے ایک صاحب کو دیکھا وہ سردی میں ٹھنڈا پانی پی رہے تھے ۔راقم کے استفسار پر کہنے لگے کہ میرا معمول ہے کہ میں روزانہ سردی میں بھی صبح ٹھنڈے پانی سے غسل کرتا ہوں، اور ٹھنڈا پانی پیتا ہوں ۔

قارئین بتائیں کیا یہ شرعاً و عقلاً درست ہے؟ کیا یہ جسم کو نقصان پہنچانے کے مترادف نہیں ہے؟ گویا کہ خود بیماری کو دعوت دی جارہی ہے، اگر چہ مؤثر حقیقی اللہ تعالیٰ کی ذات ہے البتہ اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں فائدہ حاصل کرنے اور نقصان سے بچنے کےلئے اسباب کو اختیار کرنے کا حکم دیا ہے، اسلئے موسمِ سرما میں گرم لباس اور گرم پانی استعمال کریں، تاکہ عبادتِ خداوندی میں ضعف اور خلل واقع نہ ہو۔

مسند احمد،  سننِ بیھقی، مجمع الزوائد، ابویعلی اور جامع الصغير میں موسمِ سرما کو ربیع المومن کہا گیا، یہ عبادات کا موسم ہے اس کی طویل راتیں قیامِ تہجد اور مختصر دن روزوں کے لئے بڑے مفید ہیں ، اس میں نیک اعمال پر اجر و ثواب زیادہ کردیا جاتا ہے، نیک اعمال کے لئے اس موسم کی تعریف بیان کی گئی، اس لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ذوق عبادت اور شوقِ ریاضت سے اس موسم سے پورا پورا فائدہ اُٹھانا عین دانشمندی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK