جب امام غزالیؒ پر طنز کیا گیا: ’’لڑکے،اگر آڑی ترچھی لکیروں والے چند کاغذوں کی محرومی سے تمہارا ذہن کورا ہوجائے تو تم نے خوب ہی علم حاصل کیا ہے!‘‘
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 4:50 PM IST | Dr. Khan Yasir | Mumbai
جب امام غزالیؒ پر طنز کیا گیا: ’’لڑکے،اگر آڑی ترچھی لکیروں والے چند کاغذوں کی محرومی سے تمہارا ذہن کورا ہوجائے تو تم نے خوب ہی علم حاصل کیا ہے!‘‘
امام غزالی، طوس(خراسان) کے معاشی اعتبار سے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔ والد پڑھے لکھے نہ تھے، مگر علم کی اہمیت جانتے تھے۔ انتقال کے وقت انہوں نے ننھے غزالی کو اپنے دوست کے سپرد کیا اور وصیت کی کہ ان کے ’’پڑھنے کا انتظام کیا جائے‘‘۔ مگر ان کے صوفی دوست اپنی تنگ دستی کی وجہ سے یہ بوجھ زیادہ دنوں تک نہ اُٹھا سکے اور غزالی ان کی ہدایت پر مقامی سطح کی خانگی درس گاہوں سے وابستہ ہوگئے۔ بعد ازاں جرجان اور نیشاپور کے علما سے استفادہ کیا۔ حصولِ علم کے لئے دُوردراز مقامات کے سفر کئے اور مختلف علوم و فنون میں درک پیدا کیا۔
ایسے ہی ایک سفر کے دوران ان کے قافلے پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا اور سارا سامان لٹ گیا۔ غزالی کو اپنے مال و اسباب کے لٹنے سے زیادہ غم اس بات کا تھا کہ غصب شدہ سامان میں ان کے وہ کاغذات بھی تھے، جو انہوں نے اساتذہ کے درس سن کر اور سوالات پوچھ کر اکٹھا کئے تھے۔ اس انمول خزانے کے لٹنے کا غم ایسا شدید تھا کہ نوعمر غزالی کسی خطرے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ڈاکوؤں کے سردار کےپاس چلے گئے اور اپنے کاغذات واپس مانگے، جو بہرحال ان قزاقوں کے کسی کام نہیں آنے والے تھے۔ ڈاکوؤں کے سردار نے ان کے کاغذات واپس کردیئے، لیکن ساتھ ہی یہ طنز بھی جڑ دیا کہ ’’لڑکے،اگر آڑی ترچھی لکیروں والے چند کاغذوں کی محرومی سے تمہارا ذہن کورا ہوجائے تو تم نے خوب ہی علم حاصل کیا ہے! عقل مند انسان کیلئے زندگی کا ہر لمحہ درس اور ہر جا درس گاہ ہے‘‘۔
غزالی کے دل میں ڈاکو کی بات چبھ گئی۔ان کی سمجھ میں یہ بات آگئی کہ میرا سرمایۂ علم تو وہی ہے جو میرے اپنے ذہن اور شعور کا حصہ بن جائے ۔ فکری محاذ پر غزالی نے پٹی ہوئی پگڈنڈیوں پر چہل قدمی کے بجائے مجتہدانہ عزائم کے ساتھ جو نئی شاہراہیں بنائیں، وہ علم کو اپنے شعور کا حصہ بنائے بغیر محض معلومات کی جگالی کے ذریعے ممکن نہ تھا۔ امام غزالی علم و تعلم کے مراحل سے کامیاب گزرے اور علم کی بنا پر جاہ و منصب، مال و دولت، عزّت و شہرت اور قدر و منزلت کی جن عظیم دنیاوی کامیابیوں کا تصور کیا جاسکتا ہے، ان سب پر فرماں روائی کی۔ ۳۴ ؍ برس کی عمر میں وقت کی سب سے بڑی جامعہ کے سب سے بڑے علمی منصب پر فائز ہوگئے۔
یہ بھی پڑھئے: ایسے فتنوں سے خبردار رہیں جہاں تمدن کے نام پر گمراہی ہے
مگر یہ سب امام غزالی کو مطمئن نہ کرسکا۔ سماجی، سیاسی، تعلیمی خلفشار، فکری گمراہیاں، فرقہ وارانہ اختلافات، عوام کی اخلاقی زبوں حالی، خواص کی بے راہروی، الغرض زندگی کی کوئی بات انہیں سیدھی نظر نہیں آئی۔ ایسے میں اپنے عظیم منصب، سیاسی اثر و رسوخ،علمی مصروفیت اور مادی خوش حالی کے محور میں داد و تحسین سے لطف اندوز ہونے کے بجائے وہ دنیا سے کنارہ کش ہوکر آزادانہ غور و فکر کیلئے مرتکز ہوگئے۔ انہوں نے کائنات پر، انسانی زندگی پر، مقصد زندگی پر، قرآن و سنت پر، تاریخ و فلسفہ پر، باہمی اختلافات پر اور انسانی نفس اور قلبی کیفیات پر غور و فکر کیا اور دوبارہ منظرعام پر آئے تو اپنی اجتہادی بصیرت سے علمی و فکری میدان میں ایک انقلاب برپا کردیا۔ یہ انقلاب ایسا مؤثر اور سحر انگیز تھا کہ آنے والی کئی صدیاں ان کی خوشہ چیں رہیں۔
اجتہادی کام کی جہتیں
امام غزالی کے اجتہادی کام کی مختلف جہتیں ہیں، جن میں سے صرف تعلیم کی اسلامی تشکیل (اسلامائزیشن) کے رہنما خطوط کے طور پر چند نکات کا مطالعہ اس مضمون میں مقصود ہے۔ امام غزالی کا زمانہ علمی دنیا میں فلسفے کے قہرواستبداد کا زمانہ تھا۔ بالفاظِ دیگر یہ کہا جاسکتا ہے کہ یونانی فلسفہ عقل کا نام لے کر اسلامی عقائد پر حملہ آور تھا۔ علوم عقلیہ و یونانی فلسفہ کے ماہرین مسائل کو انتہائی پیچیدگی کے ساتھ کچھ یوں بیان کرتے تھے کہ ان کی علمیت اور عقلیت کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا، جب کہ علما و فقہا بھی عموماً عقلیت کے جادو سے باہر نہ تھے۔
اپنی کتاب تہافت الفلاسفہ کے مقدمے میں امام غزالی لکھتے ہیں کہ ہمارے زمانے میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو عقل کے زعم میں مبتلا ہیں، مذہبی احکام و تعلیمات کو حقیر سمجھتے ہیں، فلسفۂ یونان سے مرعوب ہیں اور اسلامی عقائد کے سلسلے میں احساس کمتری کا شکار ہیں۔ ان حالات کے پیش نظرامام غزالی نے ارادہ کیا کہ فلاسفۂ یونان کا علمی محاکمہ کریں تاکہ عقل پر مرعوبیت کا جو پردہ پڑگیا ہے اسے چاک کیا جاسکے۔
یونانی فلسفیوں نے اپنے نظریات کو انتہائی پیچیدہ شکل میں پیش کیا تھا۔ ان کی تقلید میں فلسفۂ یونان کے عربی شارحین نے بھی اسی پیچ در پیچ زبان کو اختیار کیا تھا، جس کی وجہ سے فلسفے کے مسائل گنجلک اور عوامی دسترس سے باہر تھے۔ مختصراً یہ کہ مشاعرے میں پڑھے گئے مشکل شعر کی طرح فلسفہ مرعوب و متاثر تو کرتا تھا، مگر سمجھ میں نہیں آتا تھا۔ اپنی کتاب مقاصد الفلاسفہ کے ذریعے امام غزالی نے فلسفہ کو عام فہم بنایا۔ فلسفے کے دقیق و پیچیدہ مسائل کو اور فلسفے کے طلسم کو توڑنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
اس زمانے کے عام علماء و فقہاء کی طرح امام غزالی نے فلسفہ (جو آج کے عرف میں فلسفہ، سائنس اور ریاضی کا مجموعہ تھا) کو بالکلیہ رد نہیں کیا، بلکہ تحقیق و تنقیح کا حق ادا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے فلسفیانہ مسائل کی تین اقسام بیان کیں جو اُن کے مفہوم کے ساتھ درج ذیل ہیں:
اوّل: وہ فلسفیانہ مسائل جو پیچیدہ فلسفیانہ اصطلاحوں کے استعمال کی وجہ سے اسلام مخالف نظر آتے ہیں، مثلاً خدا کے بجائے جوہرِ اصلی یا غایتِ اولیٰ وغیرہ اصطلاحات۔
دوم: وہ فلسفیانہ مسائل جو اسلام کے اصول و عقائد سے نہیں ٹکراتے، مثلاً چاند گہن وغیرہ کی مبنی بر مشاہدہ سائنسی توجیہات۔
سوم: وہ فلسفیانہ مسائل جو اسلام کے اصولوں سے ٹکراتے ہیں، مثلاً عالم کا ازلی(قدیم) ہونا یا ’حشر اجساد‘ کا انکار وغیرہ۔
اس تقسیم نے بہت سی پیچیدگیوں کو آسان کردیا۔ امام غزالی نے ہر قسم کے مسائل سے تعرض کا صحیح طریقہ سمجھایا اور راستہ دکھایا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی قسم کے مسائل کا حل فلسفیانہ اصطلاحات میں توسع اور تشریح جدید (Reinterpretation) ہے۔ دوسری قسم کے مسائل کا حل دین کے اصولوں کو متعین کرنا، نیز دین اور احکام دین کے اثبات کیلئے غیرمعقول دلائل پر انحصار کی روش ترک کرنا ہے۔ تیسری قسم کے مسائل کا حل عقلی تجزیہ اور دلائل کی روشنی میں تنقید و ابطال ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انسان کا ظاہر، اس کے باطن کا آئینہ دار ہے
اسلامی فکر کا احیاء
امام غزالیؒ نے اسلام کے بنیادی اصولوں کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا۔ ان سے پہلے خوارج، جبریہ، قدریہ،معتزلہ، مرجیہ اور نہ جانے کن کن فرقوں نے اسلام کی یک رُخی تعبیرات پیش کرکے اسلام کو ایک چیستاں بنادیا تھا اور امت کی وحدت کو پارہ پارہ کردیا تھا۔ امام غزالی نے اسلام کو ایک کُل کی حیثیت سے پیش کیا اور مختلف انتہا پسندانہ تعبیرات کے درمیان اس نقطۂ اعتدال کی طرف آواز دی جو اسلام کی اصل پکار تھی۔ یوں یک رُخی تعبیرات اور فروعی مسائل کی بنیاد پر اُمت کی مذہبی زندگی کا شیرازہ منتشر ہورہا تھا، اس پر لگام لگائی،فرقہ وارانہ کشاکش اور فتنۂ تکفیر کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ لی۔ علاوہ ازیں امام غزالی نے اسلامی عقائد کی معقول تشریح کی۔ شرعی احکام و عبادات کے اسرار و مصالح پر ایسے دلائل فراہم کئے کہ مروجہ علوم عقلیہ کا سہارا لے کر اسلامی عقائد اور احکام و عبادات پر اعتراض ممکن نہ رہا۔
عصری تقاضے
ٹیکنالوجی کے فرق سے قطع نظر علمی و نظری طور پر حالات آج اکیسویں صدی میں بھی اصولاً ویسے ہی ہیں، جیسے گیارہویں صدی میں تھے۔ دنیا آج بھی ان کی منتظر ہے جو فلسفہ، سائنس، سیاسیات، معاشیات، عمرانیات و دیگر علوم میں امام غزالی جیسا قائدانہ کردار ادا کریں۔ کاش! ہم وقت کے اقبال کو ’’فلسفہ رہ گیا، تلقین غزالی نہ رہی‘‘کا شکوہ نہ کرنے دیں۔ کاش! آج میدانِ علم کے شاہینوں میں یہ شعور پیدا ہوجائے کہ ان کا بسیرا پی ایچ ڈی کی ڈگری،پیشہ ٔ پروفیسری یا منصب وائس چانسلری کے گنبد میں نہیں بلکہ اسلامائزیشن آف نالج کی چٹانوں پر ہونا چاہئے۔
کاش! ہم اپنے اختصاصی مضمون میں مجتہدانہ درک حاصل کرکے امام غزالی کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔ اس اختصاصی مضمون کے اصول و کلیات کو اسلامی بنیادوں پر پرکھیں،حق کو بہ دلائل قبول کریں اور ناحق کو بہ دلائل رد کریں اور ایسا کرتے وقت کسی مرعوبیت، کسی لومۃ و لائم کی پروا کئے بغیر صرف قرآن و سنت کی پیروی کو پیش نظر رکھیں۔ اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اسلامی نہج پر علمی کاوشوں کے ذریعے علوم کی مختلف شاخوں پر کچھ ایسے پھل پھول کھلائے جائیں کہ دنیا اسلام کے علمی منہج کی افادیت کی قائل ہوجائے۔ اسلامی بنیادوں پرCreation of Knowledgeکے بغیر اسلامائزیشن آف نالج کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔