Inquilab Logo

رمضان المبارک کے لمحات کو قیمتی بنانے کی تیاری کرلیجئے

Updated: March 17, 2023, 11:31 AM IST | Muhammad Ahmad Junaid | Mumbai

انسان کی فطرت ہے کہ وہ اپنے ہر کام کو بہتر انداز میں کرنا چاہتا ہے۔

For the completion of worship, it is important that we learn to perform ablution with its order and duties
عبادت کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ ہم وضو بھی اس کی ترتیب اور فرائض کے ساتھ کرنا سیکھیں


انسان کی فطرت ہے کہ وہ اپنے ہر کام کو بہتر انداز میں کرنا چاہتا ہے۔ کسی بھی کام کو آغاز سے انجام تک عمل میں لانے کی خواہش ہر ایک کی ہوتی ہے تا کہ تمام امور احسن انداز میں پائے تکمیل تک پہنچیں۔ ماہ رمضان، برکت والا مہینہ ہے۔ ابھی سے ہم اپنے عادات و اطوار کو بدلیں۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم گزشتہ برسوں کی طرح لاپرواہی یا لا علمی میں رمضان نہ گزاریں۔ سابقہ غلطیوں کو نہ دہرائیں بلکہ نئے سرے سے موقع ملنے پر اُن غلطیوں کا ازالہ کریں۔
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مساجد میں اہل ایمان کی کثیر تعداد عبادت میں منہمک نظر آتی ہے لیکن اکثر و بیشتر یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ ہم جو بھی عبادت کرتے ہیں اسے بہتر سے بہتر انداز میں پورا نہیں کرتے۔  رمضان میں تلاوت قرآن اور نماز کی کثرت ہوتی ہے  جس کیلئے وضو کا ہونا ضروری ہے، ہم جب وضو خانوں پر نظر دوڑاتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کےکئی لوگ جس میں ہر عمر کے  افراد شامل ہوتے ہیں وہ صحیح طریقے سے  وضو نہیں کرتے۔ وضو جتنے اچھے ڈھنگ سے ہوگا عبادت کی جانب اُتنی ہی رغبت بڑھے گی۔ 
رمضان کی عبادتوں میں خاص عبادت روزہ رکھنا ہے، چونکہ روزہ ہم سال میں ایک مہینہ ہی رکھتے ہیں اس لئے فضائل و مسائل یاد نہیں رہتے۔ رمضان سے قبل ہی روزے کے  فضائل  و مسائل  سے آگاہی حاصل کر لیں ۔ روزہ کن چیزوں سے ٹوٹتا ہے، روزہ کن حالتوں میں توڑ سکتے ہیں ،  روزہ جان بوجھ کر توڑنے پر کیا فدیہ دینا ہوگا، دوائی اور تیل کے استعمال سے متعلق مسائل، روزہ کن حالتوں میں نہیں رکھ سکتے، ان تمام  بنیادی مسائل سے آگاہی ضروری ہے۔اپنے قریبی مستند عالم   سے رابطہ کرتے ہوئے عبادت کے صحیح طریقوں سے واقفیت حاصل کریں تا کہ رمضان کی اس مخصوص اور بڑی عبادت  ’’روزہ‘‘  کو مکمل اور بہتر طور پر ادا کرتے ہوئے مکمل ثواب حاصل  کرسکیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ کوتاہیوں اور  بے ادبی  کے ساتھ روزہ رکھنے سے  ہمارا شمار صرف  بھوکا رہنے والوں میں ہو جائے۔
رمضان میں سحری اور افطار کے اہتمام میں وقت کی پابندی کا اہتمام ضرور کریں۔ خاص طور پر افطار کی تیاری نمازِ عصر سے قبل کرنے کی کوشش کریں تا کہ  آپ کو بھی آسانی ہو اور افطار کے وقت دعا کیلئے وقت بھی زیادہ ملے۔ افطار کی تیاری میں اہلِ خانہ کی مدد کریں۔ روزہ داروں اور جو لوگ غیر رمضان میں مساجد سے دور رہتے ہیں ایسے لوگوں پر طعنے کسنے یا مذاق میں بھی ایسے جملوں کا استعمال نہ کریں جن سے حقارت اور تذلیل محسوس ہو۔
رمضان کی آمد سے ہماری زندگی میں کئی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، تمام مہینہ عبادتوں اور  ریاضتوں میں صرف کرنے سے عبادات کا شوق و ذوق پیدا ہوتا ہے جس سے اخروی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ رمضان کی آمد سے ہماری زندگیوں میں ظاہری طور پر بھی تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں۔ ہم اپنے معمولات میں تبدیلی لاسکتے ہیں کیونکہ رمضان  روزمرہ زندگی میں موجود خراب عادتیں چھوڑنے کا بہترین موقع ہوتا ہے جیسے شراب نوشی، سگریٹ نوشی  یا تمباکو کا استعمال اور گالی گلوچ کرنا  وغیرہ۔ اس ماہِ مبارک میں ان عادتوں سے چھٹکارا حاصل کرنا اسان ہوجاتا ہے۔
روزے کے علاوہ رمضان میں زکوٰۃ کی ادائیگی کا اہتمام کیا جاتا ہے جو صاحبِ استطاعت پر فرض ہے۔ رمضان میں چونکہ علماء و مفتی حضرات عبادات، نمازِ  تراویح اور دیگر امور میں مصروف رہتے ہیں، ہمیں چاہئے کہ رمضان سے قبل ہی زکوٰۃ کے مسائل سے آگاہی حاصل کرلیں تاکہ اس کی ادائیگی میں آسانی ہو۔اس ماہ میں حسب توفیق اعتکاف بھی کیا جائے۔ 
 یہ عام مشاہدہ ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی خصوصی عبادت والی راتوں کو لوگ شاپنگ اور بازاروں کی نذر کردیتے ہیں اور عید کی تیاریوں  میں مشغول ہوجاتے ہیں۔ بہتر ہے کہ رمضان سے قبل ہی  رمضان اور عید کی شاپنگ کرلیں تاکہ رمضان کی بابرکت ساعتوں کو محض  شاپنگ میں ضائع  ہونے سے بچاسکیں۔آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم تمام کو رمضان کی برکتیں اور نعمتیں عطا فرمائے اور عبادت کے ذریعے قُربِ خداوندی حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK