Inquilab Logo

آن لائن گفتگو میں اُردو زبان کا استعمال کتنا ضروری؟

Updated: October 17, 2022, 1:48 PM IST | Afzal Osmani | Mumbai

عصر حاضر میں پیغامات کی ترسیل بہت آسان ہوگئی ہے۔بہت سے افراد خصوصاً نوجوان طبقہ آن لائن میسجنگ کو ترجیح دے رہا ہے جو ضروری بھی ہے۔جس کیلئے وہ اردو رسم الخط اور نستعلیق کا استعمال بھی کرتا ہے مگر اردو زبان کی شیرینی و چاشنی کہیںنظر نہیں آتی۔ اگر ہم اردو رسم الخط کے ساتھ اردو زبان پر بھی توجہ دیں تو یہ زبان مزید ترقی کر سکے گی

Youths should use Urdu language along with Urdu tastaliq to send onli .Picture:INN
نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ آن لائن پیغامات کی ترسیل کیلئے اردو تستعلیق کے ساتھ اردو زبان کا بھی استعمال کریں ۔۔ تصویر:آئی این این

موجودہ وقت میں پیغامات کی ترسیل کا اہم اور آسان ذریعہ موبائل فون ہے۔موبائل میں اپنے پیغامات ٹائپ کرنے کیلئے تقریبا ہر زبان کے رسم الخط میں کی بورڈ دستیاب ہیں جن میں اردو بھی شامل ہے۔ اردو داں حضرات اور اردو سے واقفیت و محبت رکھنے والے طلبا اردونستعلیق میں موجود کی بورڈ کا استعمال تو کرتے ہیں مگر اردو زبان کا استعمال جس طرح ہونا چاہئے، اس طرح نہیں ہو پارہا ہے۔ اس کی کیا وجوہات ہیں اور خصوصاً نوجوانوں میں اس کے فروغ کیلئے کیا اقدامات کرنے چاہئیں؟اس سے متعلق ہم نے چند نوجوانوں سے بات چیت کی۔ اس گفتگو کے اقتباسات یہاں پیش کئے جارہے ہیں:
 زبان کی حفاظت ضروری
 اردو صرف زبان نہیں بلکہ ایک پوری تہذیب کی آئینہ دار ہے۔آج اردو سے محبت رکھنے والا  خصوصاً نوجوان طبقہ اپنے خیالات کی ترسیل کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کررہا ہے، جو درست ہے۔ ان میں کئی ایسے ہیں جو اپنے موبائل میں اردو نستعلیق کی بورڈ رکھتے ہیں اور اپنا پیغام اردو میں ٹائپ کرتے ہیں۔ اردو زبان میں ٹائپ کرنے سے یقیناً وہ اس زبان سے محبت کا ثبوت پیش کرتے ہیں مگر ان کے پیغام  میں اردو زبان کے الفاظ اور اُردو کی وہ شیرینی و چاشنی کہیں نظر نہیں آتی جو ہمارے اکابرین کا وطیرۂ خاص رہا ہے۔ ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ اگر ہم اردو زبان کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں تو انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اس زبان کا حق ادا کیا جائے۔ اردو زبان کو سیکھنے اور اس کو روز مرہ کی بول چال میں بروئے کار لانے کا یہ عمل وقت طلب ہے ۔بقول داغ دہلوی؎
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے
مگر ہم مصمم ارادہ کرلیں تو یہ مشکل بھی نہیں۔ ہمیں اردو ٹائپنگ کے ساتھ زبان کا بھی خاص خیا ل رکھنا چاہئے۔
محمد عرفان رضا،ریسرچ اسکالر،ممبئی یونیورسٹی،گوونڈی
میسیج کے دوران بنیادی اردو زبان
 ہر بولی اور لکھی جانے والی زبان کا اہم حصہ اس کا رسم الخط ہی ہوتا ہے۔ہم میسج کے دوران اردو کی بورڈ کا استعمال کرتے ہیں ،بعض افراد ان میں ایسے بھی ہیں جو اردو کو رومن اردو میں لکھتے ہیں ۔ یعنی انداز اور الفاظ اردو کا مگر رسم الخط انگریزی کا۔اس سے حتی الامکان اجتناب کرنا چاہئے۔اس سے نہ صرف ہماری اردو زبان پر اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ ہماری اردو سدھرنے کے بجائے مزید بگڑ جاتی ہے۔ ہمیں کوشش کرنا چاہئے کہ ہم اپنے پیغامات اردو نستعلیق کے ساتھ اردو زبان کے بنیادی الفاظ اور محاوروں سے کریں، یہ عمل یقیناً فال نیک ثا بت ہوگا۔ 
صدیقی حمزہ عبدالمتین،گریجویشن،ممبرا
 اردو  اہل وطن کا بھی سرمایہ ہے
 موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں تو ہمیں اردو کا وجود خطرے میں تو نظر نہیں آتا البتہ ہمارے لئے لمحۂ فکریہ ضرور ہے۔جس کی اہم وجہ اردو زبان سے ہمارا تغافلانہ رویہ ہے۔آج کل نوجوان طبقے کی زبان میں اردو کی بگڑی ہوئی شکل دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ اِس کا تدارک کرنا صرف اردو زبان کے ماہرین کا نہیں بلکہ طلبہ اور نوجوانوں کا بھی فریضہ ہے۔ ہم پیغام رسانی کی مختلف سائٹس پر اردو نستعلیق کا استعمال بلاشبہ کرتے ہیں مگر اس میں زبان کی مٹھاس ندارد ہوتی ہے۔ میں نے اکثر غیر اردو داں طبقہ کے لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ وہ روانی سے اردو بولنے والوں کو بڑے انہماک سے سنتے ہیں۔ اگر دوران میسج خالص اُردو الفاظ کا بھی استعمال ہو تو یقیناً اُردو کا فائدہ ہوگا۔ تاریخ  شاہد ہے کہ اقوام میں انقلاب تبھی آیا ہے جب جب اس قوم کا نوجوان بیدار ہوا ہے ۔
عامر اختر، بھیونڈی، ایم اے ،اردو
 رومن اردو کو فوقیت دینا افسوسناک
 یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہماری بہت بڑی تعدا د اردو لکھنا پڑھنا نہیں جانتی۔ اس میں غیر تعلیم یافتہ اور تعلیم یافتہ دونوں شامل ہیں ۔ اس کی کئی وجوہات میں اہم وجہ یہ  ہے کہ اب ہم پیغامات کی ترسیل کیلئے اردو زبان پر رومن اردو کو فوقیت دے رہے ہیں۔ یہ طرز اس قدر عام ہوچکا ہے کہ اس کے چنگل میں ہر خاص و عام پھنسانظر آتا ہے۔ اردو زبان کو آن لائن فروغ دینے کیلئے محبان اردو نے کئی طریقے تخلیق کئے ہیں جن میں کچھ حسب ذیل ہیں :۱) اپنے کمپیوٹر اور اسمارٹ فون میں اردو نصب کریں۔ اردو کے آن لائن فروغ کیلئے سب سے پہلا قدم اپنے ذاتی کمپیوٹر یا اسمارٹ فون میں اردو کی بورڈ انسٹال کرنا ہے تاکہ آپ کسی بھی جگہ اردو تحریر کرنے کے قابل ہو سکیں۔ ۲) اپنے موبائل پر اردو کی بورڈ نصب کرنے کے بعد اس کا سب سے مؤثر استعمال یہ ہوگا کہ آپ گوگل، یاہو یا بنگ جیسے سرچ انجن استعمال کریں تو سرچ باکس میں رومن کے بجائے اردو زبان استعمال کریں ۔ اس سے دگنا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کےذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہوگا اور اردو زبان سے مزید دلچسپی پیدا ہوگی ۔۳)جیسے ہی آپ اردو ٹائپنگ میں روانی حاصل کریں، اپنی فیس بک اور ٹوئٹر پوسٹس کے ساتھ دوستوں سے پیغامات کے تبادلے میں اردو زبان کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ ہم اپنی گفتگو میں چھوٹے چھوٹے جملے، معیاری الفاظ، آسان اور عام فہم محاورے، ابتدائی و اختتامی القابات کو شامل کریں۔
خان شبنم فاروق، یشونت راؤ چوہان اوپن یونیورسٹی ممبئی ،ایم اے (سال دوم)
میسج میں اُردو جیسی اُردو ضروری
 یہ بات سچ ہے کہ اردوزبان کے تحفظ سے مراد اس کا رسم الخط ہے لیکن صرف رسم الخط ہی ہے  ایسا بھی نہیں۔ہم آن لائن اپنی بات کو پہنچانے کیلئے اردو رسم الخط کا کی بورڈ تو استعمال کرلیتے ہیں لیکن اردو زبان کی تہذیب ہم سے کہیں پیچھے چھوٹ گئی ہے۔ یہ چیز ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی آن لائن گفتگو  کے دوران   اردو زبان کا پورا پاس و لحاظ رکھیںاور اس کی تہذیبی خصوصیات کے ساتھ برتنے کی کوشش کریں۔ جس طرح  آج ہم اپنی گفتگو کے آغاز میں آداب، تسلیم وغیرہ کی جگہ ’ ہیلو‘، اور ’ ہائے‘ کا استعمال کرتے ہیں اسی طرح ’ شب بخیر ‘ اور صبح بخیر‘ جیسے الفاط بھی کم کم  سنائی  دیتے ہیں ۔ اس کا خیال رکھنا چاہئے۔
مدحت شاہ محمد خان،ایم   ۔فِل اردو،ممبئی یونیورسٹی،ممبرا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK