ہریانہ کے گروگرام میں دردناک واقعہ ، بتایا جارہا ہے کہ رادھیکا کے والد کو اس کے ریٖل بنانے کی عادت پسند نہیں تھی۔
EPAPER
Updated: July 11, 2025, 1:16 PM IST | Agency | Gurugram
ہریانہ کے گروگرام میں دردناک واقعہ ، بتایا جارہا ہے کہ رادھیکا کے والد کو اس کے ریٖل بنانے کی عادت پسند نہیں تھی۔
نوجوان ٹینس کھلاڑی رادھیکا یادو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ رادھیکا کو اس کی رہائش گاہ ای ۱۵۷؍ سشانت لوک ۲؍ گروگرام میں قتل کردیا گیا اور سنسنی خیز پہلو یہ ہےکہ لڑکی کو اس کے ہی باپ نے گولی ماردی۔ رادھیکا کے والد نے اپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے تین گولیاں چلائیں۔ گروگرام پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور رادھیکا کے والد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ گروگرام کے سیکٹر ۵۷؍ میں واقع ان کی بلڈنگ کے پہلے منزلے پر صبح ساڑھے ۱۱؍ بجے پیش آیا۔رادھیکا کے و الد نے مبینہ طورپر اس پر ۵؍ راؤنڈ فائرکردئیے۔ بتایا گیا ہے کہ باپ کے گولی چلانے سے پہلے دونوں کے درمیان کسی معاملے پر شدید کہاسنی ہوئی تھی۔ کچھ خبروں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رادھیکا کا باپ انسٹا گرام پر اس کے ریل بنانے کی عادت کو پسند نہیں کرتا تھا۔
گروگرام پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رادھیکا کے والد اس کی ریل بنانے کی عادت سے بہت ناراض تھے۔ رادھیکا ریلز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتی تھیں۔ اس معاملے پر رادھیکا کے والد نے اپنی بیٹی کو تین گولیاں ماریں۔ اس معاملے پر اب تک ٹینس کھلاڑی کی فیملی کا کوئی باضابطہ بیان نہیں آیا ہے۔ پولیس نے رادھیکا کے والد کو گرفتار کرکے وہ ریوالور بھی برآمد کیا ہے جس سے رادھیکا کے والد نے قتل کیا تھا۔
رادھیکا یادو کون تھیں؟
رادھیکا ۲۳؍ مارچ ۲۰۰۰ء کو پیدا ہوئیں۔ ۲۵؍ سالہ رادھیکا یادو بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن میں ڈبلز ٹینس کھلاڑیوں میں رادھیکا کی رینکنگ ۱۱۳؍تھی۔ یہ آئی ٹی ایف ڈبلز میں ٹاپ۲۰۰؍ میں رادھیکا کی بہترین رینکنگ تھی۔ رادھیکا یادو کا شمار ملک کی ابھرتی ہوئی خاتون ٹینس کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔