ایمبولنس خدمات کو موثر اور محفوظ بنانے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی۷؍ رکنی کمیٹی کو ۲؍ ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 4:21 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ایمبولنس خدمات کو موثر اور محفوظ بنانے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی۷؍ رکنی کمیٹی کو ۲؍ ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت۔
حکومت مہاراشٹر نے ایک ۷؍ رکنی کمیٹی تشکیل دے کر اسے نئی اور ایئر ایمبولنس کی خدمات کو مزید موثر اور محفوظ بنانے کیلئے نیا ’اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر‘ (ایس او پی) تیار کر کے ۲؍ مہینوں میں اپنے مشوروں کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ ۱۳؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کی صدارت اور صحت عامہ کی وزیر پرکاش ابیتکر کی موجودگی میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں ریاست مہاراشٹر میں ایئر ایمبولنس اور نئی ایمبولنس خدمات کیلئے علیٰحدہ یکساں طریقۂ کار تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ میٹنگ کے اخیر میں ’ایس او پی‘ تیار کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے پیر۲۳؍نومبر کو ایک ’جی آر‘ (گورنمنٹ ریزولوشن) جاری کرکے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شہر اور مضافات میں ایپ بیسڈ ٹیکسی اور بائیک سروس کیخلاف ہڑتال بے اثر
ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر روی گائیکواڑ کو اس کمیٹی کا چیئر مین مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (ٹرانسپورٹ) مکشدا پاٹل، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ٹرانسپورٹ) کے دفتر سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنیل بھاردواج، محکمہ صحت عامہ کی ڈپٹی سیکریٹری راج شری سارنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جینت مُلے اور ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر سے روڈ سیفٹی سیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرمود تائوڑے اس کمیٹی کے ممبران ہیں اور ٹرانسپورٹ کمشنر آفس سے روڈ سیفٹی سیل کے ڈپٹی کمشنر (ٹرانسپورٹ) سچن کمار گری کمیٹی کے ممبر سکریٹری ہوں گے۔
اس کمیٹی کو مہاراشٹر میں ایئر ایمبولنس اور نئی ایمبولنس خدمات کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کا تعین کرنے کے لئے ضروری اقدامات تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی کو مختلف معاملات کا مطالعہ کرنا ہوگا اور ضروری سفارشات کے ساتھ حکومت کو رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ کمیٹی تشکیل دینے کی تاریخ سے ۲؍ ماہ کے اندر یہ رپورٹ پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ اور صحت عامہ کے محکموں اور محکمہ پولیس کے ساتھ مل کر ان خدمات کے لئے ضروری اصول اور طریقہ کار وضع کرنے کے زاویے سے یہ فیصلہ اہم ہے کیونکہ اس سے ریاست میں منصوبہ بند طریقے سے ایئر ایمبولنس اور نئی ایمبولنس خدمات انجام دی جاسکیں گی۔