سونیا گاندھی کی کتاب آئی ہے تو اسے کتاب کی نظر سے دیکھنا چاہئے۔ اگر کتاب کا خیر مقدم نہیں کیا جا سکتا اور مطالعہ کی رغبت نہیں ہے تو کتاب کو نہیں پڑھنا چاہئے یہ بالکل صاف اور عام بات ہے اور یہی طرز عمل ہر کتاب کے ساتھ اختیار کیا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 12:13 PM IST | Mumbai
سونیا گاندھی کی کتاب آئی ہے تو اسے کتاب کی نظر سے دیکھنا چاہئے۔ اگر کتاب کا خیر مقدم نہیں کیا جا سکتا اور مطالعہ کی رغبت نہیں ہے تو کتاب کو نہیں پڑھنا چاہئے یہ بالکل صاف اور عام بات ہے اور یہی طرز عمل ہر کتاب کے ساتھ اختیار کیا جاتا ہے۔
سونیا گاندھی کی کتاب آئی ہے تو اسے کتاب کی نظر سے دیکھنا چاہئے۔ اگر کتاب کا خیر مقدم نہیں کیا جا سکتا اور مطالعہ کی رغبت نہیں ہے تو کتاب کو نہیں پڑھنا چاہئے یہ بالکل صاف اور عام بات ہے اور یہی طرز عمل ہر کتاب کے ساتھ اختیار کیا جاتا ہے۔ کتب خانے یا کتاب میلہ جانے والے لوگ نہ تو ساری کتابیں خریدتے ہیں نہ ہی ساری کتابوں کو پڑھتے ہیں۔ ان پر غیر ضروری اور بلاوجہ تبصرہ کرتے بھی نہیں کرتے۔ کوئی کتاب اپنے سرورق سے متوجہ کرتی ہے اور کوئی اپنے نام سے۔ بڑے ادیبوں اور مصنفوں کی کتابیں ان کے نام سے فروخت ہو جاتی ہیں۔ مطالعے کے شائقین اگر کسی مصنف سے واقف نہیں ہیں یا کسی مصنف کی پہلی کتاب منظر عام پر آئی ہے تو وہ اس کا ایک نسخہ ہاتھ میں لے کر ورق گردانی کرتے ہیں، ادھر ادھر سے پڑھتے ہیں اور دلچسپی محسوس ہوئی تو اسے خریدتے ہیں ورنہ آگے بڑھ جاتے ہیں۔ سونیا گاندھی کی کتاب کے بارے میں یہ جو روزانہ کی بیان بازی ہو رہی ہے یہ ہماری نظر میں غیر ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے تجربات، احساسات اور مشاہدات قلمبند کئے ہیں۔ یاد رہنا چاہئے کہ یہ جو دنیا ہے تجربات احساسات اور مشاہدات کی، اس میں لکھنے والا یا بیان کرنے والا اکلوتا گواہ ہوتا ہے۔ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ محسوسات کو ایسا نہیں ایسا ہونا چاہئے یا تجربات کو ایسا نہیں ایسا ہونا چاہئے۔ یہی بات مشاہدات کے باب میں کہی جا سکتی ہے۔ چونکہ ہم نے ابھی کتاب نہیں پڑھی ہے اس لئے مشمولات پر کچھ کہنا اور ان کی روشنی میں بیان بازیوں کا جائزہ لینا ممکن نہیں ہے لیکن بیان بازیوں کو پیش نظر رکھ کر اگر کچھ کہا جا سکتا ہے تو یہی کہ کتاب کتاب ہے اور اسے کتاب ہی کی طرح دیکھنا چاہئے۔ اگر کوئی بات خلافِ واقعہ ہے، کسی پر الزام تراشی کی گئی ہے، بیانات حقائق سے ماورا ہیں یا اس میں کسی کی گرفت کی گئی ہے تب تو گنجائش نکلتی ہے کچھ کہنے سننے کی، مگر ایسا نہیں ہے تو پھر ویسا بھی نہیں ہونا چاہیے جیسا ہو رہا ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ سونیا نے جن موضوعات کو منتخب کیا ہے وہ ان کے دل کے قریب رہے ہونگے اور انہوں نے محسوس کیا ہوگا کہ ان موضوعات پر میں اپنی بات قارئین سامنے رکھوں۔ انہیں اس کا حق بھی ہے کیونکہ راجیو گاندھی سے شادی کے بعد سے وہ قومی سیاست کا ایک اہم حصہ رہی ہیں، ابتدا میں ان کی شرکت بھلے ہی فعال نہ رہی ہو مگر انہوں نے اقتدار کے مرکز کے قریب رہ کر بہت کچھ سنا اور دیکھا اوربعد کے دور میں اقتدار سے متعلق کلیدی کردار ادا کیا جب وہ یو پی اے کی چیئر پرسن تھی اور خود وزیراعظم نہ بنتے ہوئے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کمان سونپی تھی۔ چاہے ان کی شرکت فعالانہ رہی ہو یا غائبانہ، اس میں کسی کو شک نہیں ہو سکتا کہ انہوں نے حالات اور واقعات کا بہت قریب سے مشاہدہ کیا اس لئے اُن کی بات اہم ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ ہر طبقے کے قارئین نے ان کی کتاب کو ہاتھوں ہاتھ لیا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ان میں وہ لوگ بھی ہیں جو سیاسی طور پر غیر کانگریسی پارٹیوں کے حامی ہیں اس کے باوجود انہوں نے کتاب کا مطالعہ ضروری سمجھا، یہی ہونا بھی چاہیے۔