• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اس ہفتے اسرائیلی سیاست، Nvidia سی ای او, سونیا گاندھی کی کتاب پر اداریے لکھے گئے

Updated: November 15, 2026, 12:47 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے اقتدار سے بے دخل ہونے اور ان کے سیاسی مستقبل پر بیشتر اخبارات نے تفصیلی تبصرے اور اداریے تحریر کرتے ہوئے اسرائیلی سیاست کے بدلتے منظرنامے کا جائزہ لیا ہے۔

Jensen Huang’s humiliating departure from Nvidia serves as a cautionary tale for this century. Image: INN
جینسن ہوانگ کی این ویڈیا سے ذلت آمیز رخصتی اس صدی کا ایک عبرت انگیز واقعہ ہے۔ تصویر: آئی این این

اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے اقتدار سے بے دخل ہونے اور ان کے سیاسی مستقبل پر بیشتر اخبارات نے تفصیلی تبصرے اور اداریے تحریر کرتے ہوئے اسرائیلی سیاست کے بدلتے منظرنامے کا جائزہ لیا ہے۔دوسری جانب دنیا کی معروف چِپ ساز کمپنی این ویڈیا کے سی ای او کے استعفیٰ کی خبروں نے بھی اخبارات کی توجہ حاصل کی اور اس معاملے پر مختلف زاویوں سے اداریے شائع کیے گئے۔وہیں مراٹھی اخبارات نے ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی بے روزگاری، نوجوانوں کے مستقبل اور روزگار کے محدود ہوتے مواقع کو موضوع بناتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔اس کے علاوہ کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی کی حال ہی میں منظرِ عام پر آنے والی خودنوشت بھی موضوعِ بحث  ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دُنیا مٹھی بھر امیروں کی قیمت چکا رہی ہے

اسرائیلی صدر نے یاہو کی چال کوناکام بنادیا

لوک ستہ( مراٹھی،۹؍نومبر)

’’اسرائیل کی سیاست میں حالیہ انتخابی نتائج اور وزیراعظم نیتن یاہو کا عوامی و سیاسی سطح پر مسترد کیا جانا محض ایک اقتدار کی تبدیلی نہیں بلکہ اس جارحانہ   سیاست کی شکست ہے جس نے گزشتہ دو برسوں سے مشرق وسطیٰ کو بارود کے ڈھیر پر بٹھا رکھا تھا۔ معلق پارلیمنٹ کے نتیجے میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کی جانب سے سابق آرمی چیف اوریاہو کے حریف گیڈی آئزن کوٹ کو حکومت سازی کی دعوت دینا ایک ایسا فیصلہ ہے جس نے اسرائیل کو ایک بڑے آئینی اور اخلاقی بحران سے بچانے کی راہ ہموار کی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ یاہو کی تمام تر جنگ جوئی اورجارحیت کے پیچھے قومی سلامتی سے کہیں زیادہ ان کی اپنی ذات اور بدعنوانی کے مقدمات سے بچنے کی ہوس کارفرما تھی۔اسرائیلی آئین کے تحت چونکہ برسراقتدار وزیراعظم کو عدالتی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہوتا ہے اسلئے نیتن یاہو نے اقتدار سے چمٹے رہنے کیلئے ملک کو مسلسل حالتِ جنگ میں جھونکے رکھا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نااہل اور بدعنوان حکمرانوں پر داخلی گھیرا تنگ ہوتا ہے تو وہ عوام کی توجہ بٹانے کیلئے جھوٹی حب الوطنی اور بیرونی خطرات کا ہوا کھڑا کرتے ہیں۔نیتن یاہو نے بھی یہی آزمودہ نسخہ آزمایا۔ غزہ، فلسطین اور شام کی سرزمین پر جو وحشیانہ بمباری کی گئی اور جس طرح ۷۵؍ ہزار سے زائد بے گناہ انسانوں جن میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی اکثریت شامل ہے،کا خون بہایا گیا اس نےیاہو کو عالمی ضمیر کی عدالت میں ایک سفاک جنگی مجرم بنا کر کھڑا کر دیا۔انتخابات کے بعدیاہو نے اقتدار بچانے کیلئے اکثریتی تعصب کا کارڈ کھیلنے کی بھرپور کوشش کی اور یہ واویلا مچایا کہ اگر انہیں موقع نہ ملا تو ملک عربوں کے ہاتھ میں چلا جائے گا۔ ان کا اصل منصوبہ یہ تھا کہ اگر آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کی دعوت نہ ملتی تو وہ بطور نگراں وزیراعظم ڈیڑھ ماہ بعد دوبارہ انتخابات کراتے۔اس صورت میں بیرونِ ملک مقیم وہ اسرائیلی شہری جو خاص طور پر ووٹ ڈالنے وطن آئے تھے دوبارہ نہ آ پاتے اور نیتن یاہو دھاندلی کے سہارے پھر مسند اقتدار پر قابض ہو جاتےتاہم صدر ہرزوگ نے ان کی اس چال کو ناکام بنا دیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’مصرعِ طرح اخباروں میں شائع ہوتا تو بیرون ممالک سے بھی غزلیں موصول ہوتی تھیں‘‘

 جی ڈی پی میں اضافے کا دعویٰ بے بنیاد

سامنا( مراٹھی، ۱۳؍نومبر)

’’ملک کی معاشی صورتحال اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی مختلف رپورٹس نے پالیسی سازوں اور معاشی ماہرین کے درمیان ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک طرف مرکزی حکومت کی جانب سے’جی ڈی پی‘ میں ۷؍ سے۸؍ فیصد تک ریکارڈ اضافے اور تیز رفتار معاشی نمو کے دعوے کئے جا رہے ہیں تو دوسری طرف مختلف مستند اداروں کے اعداد و شمار زمینی سطح پر روزگار کے سکڑتے ہوئے مواقع کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ’سینٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محض اکتوبر کے مہینے میں ملک بھر میں ۵؍ لاکھ روزگار کم ہوئے ہیں جبکہ بے روزگاری کی مجموعی شرح ستمبر کے۴؍ فیصد سے بڑھ کر۴ء۷؍فیصد تک پہنچ گئی ہے۔اسی طرح، قومی شماریاتی دفتر کے اعداد و شمار کے حوالے سے مضمون میں ذکر کیا گیا ہے کہ۱۵؍ سال اور اس سے زائد عمر کے افراد میں بے روزگاری کی شرح۵ء۱؍ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ مزید برآں، مزدوروں کی تعداد میں سالانہ اضافہ جو گزشتہ برس۱ء۳؍ سے۱ء۷؍کروڑ تھا، اس سال کم ہو کر محض ۱۰؍  لاکھ رہ گیا ہے۔ کسی بھی ملک کی معیشت کی صحت جانچنے کیلئے روزگار کی شرح میں اضافہ اور بیروزگاری میں کمی کو بنیادی پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔نیتی آیوگ کے مطابق تقریباً ۸ء۷؍ کروڑ نوجوان تعلیم، روزگار اور ہنر مندی کی تربیت سے محروم ہیں۔‘‘

سونیا گاندھی کی کتاب کے تئیں تجسس  فطری ہے

ہندوستان( ہندی، ۱۱۔نومبر)

’’کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی خود نوشت ’بیلانگنگ:اے جرنی آف لو‘ بالآخر منظر عام پر آ چکی ہے اور توقع کے عین مطابق اس نے ملک کے روایتی ذرائع ابلاغ سے لےکر سوشل میڈیا تک ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اس کتاب کی اشاعت کا شدت سے انتظار محض اسلئے نہیں تھا کہ یہ کسی قد آور سیاست دان کی تحریر ہے بلکہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ ایک طویل عرصے کے بعد نہرو گاندھی خاندان کا کوئی فرد اپنی نجی زندگی کے پوشیدہ گوشوں کو عام کرنے کا جوکھم اٹھا رہا تھا۔اگرچہ مصنفہ نے پیشگی یہ وضاحت کر دی تھی کہ اس کتاب کو کسی سیاسی دستاویز کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ یہ محض ذاتی تجربات اور خاندانی رشتوں کی ایک داستان ہے تاہم ملکی سیاست میں ان کے مقام کے پیش نظر یہ ممکن نہیں کہ اسے سیاست سے الگ کرکے پڑھا جاسکے۔ناقدین یقینی طور پر اس میں سیاسی نشیب و فراز کے تئیں ان کے زاویۂ نگاہ کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور اس کے مضمرات تلاش کریں گے۔یہ تجسس اس وقت اور بھی دوچند ہو جاتا ہے جب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ سونیا گاندھی اپنے غیر ملکی پسِ منظر کے باعث ہمیشہ سے اس خاندان کے مخالفین کے نشانے پر رہی ہیں۔خود سونیا گاندھی کا یہ بیان کہ دہائیوں سے دوسرے لوگ میری کہانی سناتے رہے ہیں، اب میری باری ہے،عوامی دلچسپی کو مہمیز دینے کیلئے کافی ثابت ہوا ہے۔ قارئین یہ جاننے کے متمنی ہیں کہ اس بااثر خاندان کے اندرونی معاملات اور باہمی تعلقات کی نوعیت کیا رہی ہے؟ مشہور شخصیات کی نجی زندگی کے بارے میں یہ تجسس انسانی فطرت کا حصہ ہے اور وہ تو اندرا گاندھی کی بہو اور راجیو گاندھی کی رفیق حیات ہونے کے ساتھ ہی کانگریس کی صدر رہی ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کیا مصنوعی ذہانت طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو تباہ کر دے گی؟

این ویڈیا کے سی ای او کی بے راہ روی

دی ٹائمز آف انڈیا( انگریزی، ۱۳؍نومبر )

’’ ٹیکنالوجی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور مصنوعی ذہانت ( اے آئی) کے انقلاب کا استعارہ بننے والے جینسن ہوانگ کی این ویڈیا سے ذلت آمیز رخصتی اس صدی کے ان نامور اور راک اسٹار سی ای او کی طویل فہرست میں ایک اور عبرت ناک باب کا اضافہ ہے جو اپنے ہی غرور اور خود سری کے ہاتھوں زمین بوس ہوگئے۔حال ہی تک تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی ۵؍ ٹریلین ڈالر مالیت کی سلطنت پر حکمرانی کرنے والے ہوانگ کا زوال کسی پیشہ ورانہ نااہلی یا کاروباری ناکامی کا نتیجہ نہیں بلکہ ان کی نجی زندگی کی سنگین بے راہ روی کا شاخسانہ ہے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ ان کی انہی ذاتی کوتاہیوں نے امریکہ کی جانب سے چپس کی فروخت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر عائد تمام تر پابندیوں کے باوجود چین کو اے آئی کی دوڑ میں واشنگٹن کے ہم پلہ آنے کا موقع فراہم کیا۔ایک مشتبہ چینی جاسوس ایلس ہوانگ کے ساتھ ان کے روابط نے پہلے ہی کمپنی میں ان کی ساکھ کو داغدار کر دیا تھا اور پھر کمپنی ہی کی ایک نائب صدر کمبرلی پاول کے ساتھ معاشقہ کے انکشاف نے ان کیلئے  استعفیٰ کے سوا کوئی راستہ باقی نہ چھوڑا۔اگر ہم اس بحران کو ان باہمی تجارتی معاہدوں کے تناظر میں دیکھیں جو جینسن نے کمپنیوں کی مالیت کو مصنوعی طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کیلئے اے آئی ماڈل اور ڈیٹا سینٹر بنانے والے اداروں کے ساتھ کئے تھے تو تصویر مزید خوفناک ہو جاتی ہے۔  ماہرین طویل عرصے سے یہ خدشہ ظاہر کر رہے تھے کہ اگر اے آئی کا یہ مصنوعی غبارہ پھٹا تو اس کا آغاز بلند شرح سود کے بوجھ تلے دبی چھوٹی کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے سے ہوگا۔مگر اب صورتحال یہ ہے کہ اگر خود این ویڈیا ہی مارکیٹ میں سرمائے کا یہ کھیل جاری رکھنے کے قابل نہ رہی تو  اے آئی مارکیٹ میں آنے والا شدید زلزلہ آنے والے طوفان کے مقابلے میں محض ایک معمولی جھٹکا محسوس ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK