• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر اعلیٰ وجے آج سونیا گاندھی کی کتاب کی رسم اجراء میں شرکت کیلئے دہلی جائیں گے

Updated: November 16, 2026, 11:58 AM IST | Chennai

کرناٹک کی جانب سے میکے داٹو ڈیم کی تعمیر کے عزم کے اظہار اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے کو مرکز اور کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے سامنے اٹھانے کے مطالبے کے درمیان تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ٹی وی کے بانی وجے پیر کو دہلی کا دورہ کریں گے ۔

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے۔ تصویر: آئی این این
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے۔ تصویر: آئی این این

کرناٹک کی جانب سے میکے داٹو ڈیم کی تعمیر کے عزم کے اظہار اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے کو مرکز اور کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے سامنے اٹھانے کے مطالبے کے درمیان تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ٹی وی کے بانی وجے پیر کو دہلی کا دورہ کریں گے ۔ وہ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب بیلونگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی باضابطہ رسمِ اجرا میں شرکت کریں گے۔وجے کا یہ دورہ سیاسی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب میکے داتو ڈیم کے معاملے پرتمل ناڈو اور کرناٹک میں اہم پیش رفت کی امیدکی جارہی ہے  ۔  تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس دورے پر ان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی ہوگی یا نہیں۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے حال ہی میں وزیر اعظم سے اس ڈیم منصوبے کی حمایت اور منظوری طلب کی تھی ۔ انہوں نےوزیر اعلیٰ کو بھی ایک خط لکھ کرتعاون اورمل کرکام کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح

ذرائع کے مطابق، یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ کاویری تنازع شدت اختیار کرنے کے پیش نظر وجے اس دورہ پر وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت طلب کریں گے یا نہیں ۔ ڈی کے شیوکمار کے بیان پر تمل ناڈو کی سیاسی جماعتوں نے سخت مخالفت کا اظہار کیا ہے۔ یہ جماعتیں وجے حکومت سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ وہ تمام جماعتوں کا اجلاس طلب کرے اور کرناٹک کے اقدام کو روکنے کے لیے مرکز پر دباؤ ڈالے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے لیے اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کا ایک وفد بھی لے جائے، تاکہ میکے داتو ڈیم کی تعمیر کے خلاف ریاست کا متحدہ موقف پیش کیا جاسکے۔اے آئی اے ڈی ایم کے کے جنرل سیکریٹری ایڈپاڈی کے پلانی سوامی نے وجے کے مجوزہ دہلی دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے سمیت کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے سامنے کاویری اور میکےداتو کے مسائل اٹھائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وجے کو ڈی کے شیوکمار کے بیان پر تمل ناڈو کی سخت ناراضگی سے کانگریس قیادت کو واقف کرانا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK