• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھارت سمٹ میں ووٹ چوری کا حوالہ دینے پر بی جے پی راہل گاندھی پر برہم

Updated: November 16, 2026, 9:41 AM IST | Hyderabad/ New Delhi

امیت شاہ نے کہا: اس طرح الیکشن نہیں جیت پائیں گے۔ کرن رجیجو نے’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ نعرہ پر اطالوی نمائندہ کے تبصرہ کو ہندوستانی معاملات میں مداخلت قرار دیا، کانگریس نے پوچھا، ’’کیا ’اب کی بار، ٹرمپ سرکار‘ دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں تھی۔‘‘

Amit Shah and Rahul Gandhi. Photo: INN
امیت شاہ اور راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این

حیدرآباد/نئی دہلی(ایجنسی): حیدرآباد میں  بھارت سمٹ میں سنیچر کو ’’ووٹ چوری ‘‘ اور ’’جمہوریت  کے خاتمہ‘‘ کا حوالہ دینے پر بی جےپی راہل گاندھی کے خلاف تلملا اٹھی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے  الزام لگایا کہ سمٹ میں مدعو اطالوی لیڈر  ہندوستان کا مذاق اڑا رہاتھا تو راہل گاندھی ہنس رہے تھے۔ امیت شاہ نے اپوزیشن لیڈر پر  عالمی پلیٹ فارم پر ملک کو بدنام کرنے کا الزام عائدکیا اور کہا کہ وہ اس طرح  الیکشن نہیں جیت پائیں گے۔‘‘  

یہ بھی پڑھئے: ایکزیوم تو مشق تھی، اصل مشن ۲۰۴۰ءتک چاند پر ترنگا دیکھنا ہے: کیپٹن شبھانشو شکلا

بی جے پی نے  الزام لگایا کہ راہل گاندھی  غیر ملکی سیاسی نمائندوں کو ہندوستان کے داخلی امور میں مداخلت کا موقع دے رہے ہیں۔ پارٹی نےبھارت سمٹ  میں اٹلی کے ایک سیاسی لیڈر کے ذریعہ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ کا نعرہ  دہرانے اور اس کا   انگریزی ترجمہ  پیش کرنے کا حوالہ دیا۔فلیبیک کے نعرہ لگانے کے دوران راہل گاندھی کو ہنستے ہوئے دیکھا گیا۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے ایکس پر لکھا ہے کہ ’’کیا آپ نے کبھی کسی ہندوستانی کو کسی غیر ملکی کے ذریعہ ہندوستان کی توہین  پر ہنستے ہوئے دیکھا ہے؟ میں ان ہندوستانیوں کی بات نہیں کررہا جو بیرون ملک جاکر ہندوستان کی توہین کرتے ہیں۔‘‘

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مہاراشٹر میں ایک ریلی  میں راہل گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے  الزام  لگایا کہ کانگریس مسلسل ۳؍ لوک سبھا انتخابات میں  ہار جانے کی جھنجھلاہٹ نکال رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ  ’’کانگریس نے ملک اور بیرون ملک سے بائیں بازو کے نظریات کے حامل افراد کو مدعو کیا ، کانگریس کے شہزادے بھی وہاں پہنچ گئے۔ اس کا نام ’بھارت سمٹ‘ رکھا گیا لیکن راہل گاندھی نے بین الاقوامی کانفرنس میں ہندوستان مخالف خیالات کا اظہار کرکے پوری دنیا میں ہندوستان کو بدنام کرنے کا کام کیا۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: مہادیو ایپ معاملے میں سی بی آئی کی ۶؍ ریاستوں میں چھاپہ ماری

سنجے راؤ ت کا بی جےپی کو دلچسپ جواب

شیو سینا (اُدھو) کے  سنجے راوت نےاطالوی لیڈر  کے بیان پر اعتراض کا جواب اپنے انداز میں  وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے  دیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اگر مودی اٹلی کی وزیر اعظم کو ’میلوڈی‘ چاکلیٹ پیش کرسکتے ہیں تو اٹلی کا کوئی لیڈر یہاں آکر اس ملک کے بارے میں بات بھی کرسکتا ہے۔‘‘  اس کے ساتھ ہی انہوں نے راہل گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں جمہوریت مر رہی ہے ۔ یہ اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کا معاملہ ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK