• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

محبت اور ہندوستان سے وابستگی نے سونیا گاندھی کو کئی صدمات سے گزرنے کا حوصلہ دیا

Updated: November 15, 2026, 10:51 AM IST | Ghulam Arif | Mumbai

اپنی آپ بیتی ’بیلانگنگ۔ اے جرنی آف لو‘ کے ذریعے سونیا گاندھی نے اپنی زندگی کے ان گوشوں کو دنیا کے سامنے رکھنے کی کوشش کی ہے جواَب تک زیادہ تر دوسروں کی تحریروں، تبصروں اور سیاسی قیاس آرائیوں جیسے ذرائع سے زیر بحث آتے رہے ہیں۔

Sonia Gandhi. Photo: INN
سونیا گاندھی۔ تصویر: آئی این این

۱۰؍نومبر کو سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بیلانگنگ۔ اے جرنی آف لو‘ منظر عام پر آئی۔ اس کتاب کا کچھ عرصے سے انتظار تھا لہٰذا پہلے ہی دن کتب فروشوں کو بھرپور آرڈر ملے۔ کتاب کی مقبولیت کی کئی وجوہات ہیں۔ ایک تو خود سونیا گاندھی کی شخصیت اور ملکی سیات میں ان کا وزن اور دوسری  وجہ ایک ہنگامہ خیز دور میں ملک میں رونما ہونے والے واقعات کو خود ان کی نظر سے دیکھنے کا تجسس۔ کتاب کی اشاعت نے ملک وبیرون ملک سیاسی حلقوں کو بحث کیلئے مواد فراہم کردیا ہے۔ اپنی آپ بیتی کے ذریعے سونیا گاندھی نے اپنی زندگی کے ان گوشوں کو دنیا کے سامنے رکھنے کی کوشش کی ہے جواَب تک زیادہ تر دوسروں کی تحریروں، تبصروں اور سیاسی قیاس آرائیوں جیسے ذرائع  سے زیر بحث آتے رہے ہیں۔

سونیا مائنو کی کہانی ایک ایسی سیدھی سادی اورعام سی لڑکی کی داستان ہے جس نے اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے اورباسانو سے سفر شروع کیا اور تعلیم کی خاطر انگلستان کے کیمبرج گئی۔ اپنے سپنوں کے شہزادے راجیو کی خاطر ہندوستان آئی اور اس ملک کو اپنا وطن بنایا۔ اب وہ سونیا گاندھی بنی اور بالآخر  ہندوستانی سیاست کے ایک فیصلہ کن کردار کے طور پر ابھری۔

یہ بھی پڑھئے: مودی حکومت کو راہل گاندھی میں اب ایک قابل حریف نظر آنے لگا ہے

۱۹۶۸ء میں جب سونیا پہلی بار دہلی ہوائی اڈے پر اتریں تو وہاں ان کے استقبال کیلئے راجیو گاندھی اپنے بھائی سنجے اور دوست امیت کے ساتھ موجود تھے۔ امیت کو بعد کے دور میں امیتابھ بچن کے نام سے جانا گیا۔ سونیا کی رہائش کا انتظام امیتابھ کے والدین کے گھر کیا گیا۔ اُسی گھر سے وہ  راجیو کی دلہن بن کر وزیرِاعظم اندرا گاندھی کے گھر منتقل ہوئیں۔

  دہلی کا یہ بنگلہ ، ہندوستان کا سب سے طاقتور گھر اور سیاسی اتھل پتھل کا مرکز تھا۔ لیکن اسی مکان کے ایک پرسکون کمرے میں بیوی سونیا اور خاوند راجیو کا بسیرا تھا۔ ان دونوں ہی کو سیاست سے دلچسپی نہ تھی۔ راجیو انڈین ایئرلائن میں پائلٹ کی ملازمت کرتے تھے۔ لیکن ان کی خواہشات کے برخلاف قسمت نے  پہلے راجیو کو پھر سونیا کو سیاست کی ایسی سنگلاخ وادی میں لا کر پٹخ دیا جہاں اپنی مرضی کی کوئی گنجائش نہ تھی۔ بس فرائض کی اہمیت تھی جن کی راہ میں راجیو نے جان دے دی اور سونیا اپنےجگر گوشوں کے ساتھ آج بھی سرگرم عمل ہیں۔

سونیا کا ہندوستان آنا محض جغرافیائی نقل مکانی نہیں تھی؛ یہ ایک نئی شناخت اختیار کرنے کا عمل بھی تھا۔ نئی زبان سیکھنا، نئے ماحول میں خود کو ڈھالنا، ہندوستانی لباس و کھانے پینے کے طور طریقے اپنانا اور ایک ایسے خاندان کا حصہ بننا جس کی زندگی ہر وقت عوامی نگاہوں کے سامنے گزرتی تھی، آسان کام نہ تھا۔ لیکن سونیا نے وقت کے ساتھ اس ماحول میں اپنی جگہ بنائی۔ ان کی ساس اندرا گاندھی کے ساتھ تعلقات بھی اس تبدیلی کا اہم حصہ تھے۔ ایک طرف وہ ملک کی وزیراعظم تھیں اور دوسری طرف ایک خاندان کی سربراہ، جس کے ساتھ سونیا نے ایک بہو اور ایک قریبی عزیز کی حیثیت سے زندگی گزاری۔

یہ بھی پڑھئے: ہمارے معاشرے کے تین کردار

مسز گاندھی، سنجے اور راجیو ان تینوں کی شخصیتوں کے متعلق عوامی معلومات کا دامن کافی بھرا ہوا ہے لیکن کتاب کے ذریعے سونیا کی نظروں سے دیکھنے پر ایک نیا اور متوازن زاویہ سامنے آتا ہے۔  یہ تینوں یوں توایک خاندان  تھے لیکن ہر ایک اپنے منفرد کردار اور خصائص کا حامل تھا۔

سونیا گاندھی کی زندگی میں ایسے سانحات بھی آئے جنہوں نے ان کو اندر سے جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ایمرجنسی کے فوراً بعد سارے خاندان کو لوگوں کے قطع تعلقی کا سامنا کرنا پڑا۔ بچوں کی سالگرہ تک میں کوئی شریک ہونے کو تیار نہ تھا۔ ۱۹۸۰ء میں  ان کے دیور سنجے گاندھی ایک ہوائی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ خاندان شدید صدمے سے دوچار ہوا۔ اس کے بعد ۳۱؍ اکتوبر ۱۹۸۴ء کو اندرا گاندھی کو ان کے محافظوں نے قتل کر دیا۔ اس واقعے نے نہ صرف ہندوستان کی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ گاندھی خاندان کی نجی زندگی بھی ہمیشہ کے لیے بدل دی۔

اندرا گاندھی کے قتل کے بعد راجیو گاندھی نے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری سنبھالی۔ سونیا کے لیے یہ ایک نئی آزمائش تھی۔ وہ پہلے ہی سیاسی زندگی سے فاصلہ رکھنے کی خواہش مند تھیں، لیکن کیا کرتیں۔ وزیراعظم کی اہلیہ ہونے کے ناتے ان کی نجی زندگی مزید محدود ہو گئی۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنے بچوں، راہل اور پرینکا، کی پرورش اور خاندانی زندگی کو ترجیح دی۔

یہ بھی پڑھئے: ترقی کے نام نہاد گجرات ماڈل میں اسکولی تعلیم کی بدتر صورتحال

ان المیوں کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ ۲۱؍ مئی ۱۹۹۱ء  کوتمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں ایک انتخابی جلسے کے دوران راجیو گاندھی کو خودکش بم دھماکے میں ہلاک کر دیا گیا۔ یہ سانحہ سونیا گاندھی کی زندگی کا سب سے بڑا ذاتی المیہ ثابت ہوا۔ ایک ایسی خاتون جس نے اپنے شوہر کے ساتھ ہندوستان میں ایک گھر بسایا تھا، اچانک اپنے شوہر سے محروم ہو گئی۔ اس وقت راہل اور پرینکا بھی نسبتاً کم عمر تھے۔

سونیا اپنی سوانح میں کانگریس کے سب کو ساتھ لے کر چلنے والے، سیکولر نیز عوام موافق نظریات کی کھل کر حمایت کرتی نظر آتی ہیں۔ لیکن سابق صدر کانگریس ہونے کے باوجود  پارٹی کی ماضی کی غلطیوں سے صرف نظر نہیں کرتیں۔ ۱۹۸۴ء کے سکھ مخالف قتل عام پر انکا دل اب بھی مغموم ہے۔ اندرا کے قتل کی شام ہی راجیو کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنا پڑا۔ وہ ماں کے غم سے ٹوٹے ہوئے تھے۔ کسی بھی سرکاری انتظامی عہدہ سنبھالنے کا پہلا ہی دن تھا۔ اسی رات  بھیانک تشدد پھوٹ پڑا۔ کتاب کے مطابق راجیو نے اپنی بھرپور کوشش کی کہ قتل وغارت کا سلسلہ تھمے۔ ٹی وی پر راجیو کی اپیلیں اور فوراً دہلی میں فوج کی تعیناتی کا حکم۔ لیکن معاملہ بیحد حساس تھا۔ فوج  نے بھی مقامی دستوں کے بجائے دودراز کے علاقوں سے ٹکڑیوں کو بلوایا۔ اس طرح پورے ایک دن بعد فوج سڑکوں پر اُتر سکی۔ اس وقت تک بہت کچھ ہو چکا تھا۔ سونیا نے آر ایس ایس ، بی جے پی کے نظریات پر خوب تنقید کی ہے۔ مسلمانوں اورعیسائیوں کو دوسرے درجے کا شہری بنانے کے پلان کا ذکر کیا ہے۔ بابری مسجد کی شہادت پر ان کی آنکھوں میں آنسوتھے۔

یہ بھی پڑھئے: کبھی کم بارش تو کبھی ضرورت سے زیادہ بارش کسانوں کی محنت کو مٹی میں ملا دیتی ہے

کتاب میں واقعات کا ذکر محض تاریخی تسلسل کے طور پر نہیں بلکہ ایک ایسے انسانی تجربے کے طور پر سامنے آتا ہے جس میں ذاتی غم اور قومی سانحہ ایک دوسرے میں مدغم ہو جاتے ہیں۔ سونیا گاندھی کے مطابق محبت اور ہندوستان سے ان کی وابستگی نے انہیں ان ناقابل برداشت صدمات سے گزرنے کا حوصلہ دیا۔ 

اس کتاب میں درج ہر بات سے اتفاق کیا جانا ضروری نہیں ۔ بہت سے سوالات ابھی جوابوں کے منتظر ہیں لیکن کتاب اس وقت ملک اور بیرون ملک میں موضوع سخن بنی ہوئی ہے۔ اس کتاب کو جس بڑے اشاعتی ادارے نے شائع کرنا تھا، اس نے ہاتھ کھینچ لیا۔ پھر دوسری پبلشنگ کمپنی ہارپر کولنس نے اس کو شائع کیا۔ اس وقت یہ کتاب ہاتھوں ہاتھ لی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK