Updated: November 15, 2026, 10:40 AM IST
| Mumbai
کل یوم اطفال منایا گیا جو ہر سال منایا جاتا ہے۔ یقیناً اس دن ملک بھر میں بہت سی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہوگا جن میں رسمی تقریبات کی تعداد زیادہ رہی ہو تو حیرت نہیں ہونی چاہئے مگر چند ایک ہی سہی، ایسی بھی رہی ہوگی جن میں بہبود ِ اطفال کا نقطۂ نظر حاوی رہا ہوگا۔
کل یوم اطفال منایا گیا جو ہر سال منایا جاتا ہے۔ یقیناً اس دن ملک بھر میں بہت سی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہوگا جن میں رسمی تقریبات کی تعداد زیادہ رہی ہو تو حیرت نہیں ہونی چاہئے مگر چند ایک ہی سہی، ایسی بھی رہی ہوگی جن میں بہبود ِ اطفال کا نقطۂ نظر حاوی رہا ہوگا۔ دیکھا جائے تو بہبود اطفال بہت وسیع موضوع ہے۔ اس میں بچوں کی صحت کو بھی شمار کیا جاتا ہے اور تعلیم کو بھی۔ اُن کیلئے کھیل کود کے مواقع کو بھی پیش نظر رکھا جاتا ہے اور اُن کی ذہنی نشوونما کو بھی۔ اُن کو نئے عہد کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی توجہ رہتی ہے اور اُن کی جذباتی صحت کو بھی ملحوظ رکھا جاتا ہے۔ مگر ایسا لگتا ہے کہ بہت سی پالیسیاں اور منصوبے یا سماجی ترجیحات کاغذ پر رہ جاتی ہیں اور عمل میں نہیں آپاتیں۔ اگر آتی بھی ہیں تو خوشحال خاندانوں کے بچو ں کیلئے آتی ہیں، بے چارے غریب خاندان اپنے بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں ناکام ہی رہتے ہیں۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ ہمارے ملک میں معاشی اعتبارسے دو ملک ہیں۔ ایک میں غریب رہتے ہیں اور دوسرے میں امیر۔ یہی فرق بچوں کے تعلق سے بھی ہے۔ اسی لئے بچہ بچہ نہیں ہے یا بچے کو بچہ نہیں سمجھا جاتا بلکہ غریب بچے اور امیر بچے کی تخصیص فوری طور پر کردی جاتی ہے۔ اس کا نتیجہ ہے کہ غریب بچہ بیماری آزاری سے نبرد آزما ہو تو ملیریا اور ٹائیفائڈ بھی اُس کیلئے مہلک ثابت ہوسکتے ہیں۔ اُسے مناسب وقت پر مناسب دوائیں نہیں مل پاتیں جبکہ امیر بچے کو اعلیٰ سے اعلیٰ طبی سہولتیں دستیاب ہوجاتی ہیں۔ یہی معاملہ تعلیم کے عنوان پر بھی ہے۔ غریب بچہ سرکاری اسکول کا رُخ کرتا ہے یا اسکول ہی نہیں جاتا جبکہ امیر بچہ فائیو اسٹار اسکولوں میں تعلیم پاتا ہے۔ یہ کافی مہنگے اسکول ہیں۔ ان تفریقات سے قطع نظر یہ کہنا غیر مناسب نہ ہوگا کہ بچوں کے ساتھ غربت اور امارت کی بناء پر جو امتیاز سماج اور پھر اسکولوں میں برتا جاتا ہے، وہ پہلے اُن کے گھروں میں نظر آتا ہے۔ غریب بچوں کے والدین معاشی اعتبار سے کتنے ہی کمزور سہی، وہ اُنہیں سونے کا نوالہ نہ کھلا سکتے ہوں، مگر وہ توجہ کے معاملے میں تو غریب نہیں ہیں۔ مانا کہ معاشی جبر بھی اُن کے ساتھ ہے اور ماں باپ دونوں کو کام کرنا پڑتا ہے اس کے باوجود جتنا بھی وقت اُنہیں ملتا ہے اس دوران اگر وہ بچوں پر زیادہ توجہ صرف کریں اور تمام فارغ وقت اُن کے ساتھ گزاریں تو کم از کم اس معاملے میں غریب بچے امیر بچوں سے زیادہ امیر ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ ضروری نہیں کہ امیر بچوں پر اُن کے والدین اتنی توجہ صرف کرتے ہوں جتنی کہ کرنی چاہئے۔ ایک چیز ہے توجہ۔ دوسری ہے محبت۔ بلاشبہ والدین کو بچوں سے محبت ہوتی ہے مگر محبت کرنا اور محبت کا احساس دلانا دو الگ باتیں ہیں۔ غریب باپ اپنے بچے کی ہر فرمائش پوری نہیں کرسکتا مگر ہر وقت محبت کا احساس دلا سکتا ہے۔ اسی طرح وہ اُسے اعلیٰ معیاری اسکول میں داخل نہیں کرا سکتا مگر سرکاری اسکول میں بھرتی کرنے کے بعد بری الذمہ نہ ہوتے ہوئے اگر وہ چاہے تو جتنا کچھ خود جانتا ہے اُتنا اپنے بچے کو سکھا سکتا ہے۔ ان تقاضوں کو پورا کریں تو غریب خاندان ہر دن یوم اطفال منا سکتے ہیں ۔ n