اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ طلبہ یونین کے حالیہ انتخابات اور اس کے بعد یونیورسٹی میں باقاعدگی سے ہونے والے انتخابات، اس عظیم تعلیمی ادارے میں نئی روح پھونکیں گے اور اس طرح علی گڑھ کے نامور شاعر اسرارالحق مجاز کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوں گے کہ ’’جو ابر یہاں سے اٹھے گا، وہ سارے جہاں پہ برسے گا۔‘‘
نعمان اشرف تاریخ کے ریسرچ اسکالر ہیں جبکہ ہمدان بی ٹیک کے اور نشرہ نعیم قانون کی طالبہ ہیں۔ تصویر: آئی این این
۵؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایک بار پھر طلبہ یونین اور اے ایم یو کورٹ کے طلبہ نمائندوں کے انتخابات کا گواہ بنا۔طلبہ یونین کے انتخابات آخری مرتبہ۲۰۱۸ء میں اور اے ایم یو کورٹ کے طلبہ نمائندوں کے انتخابات۲۰۱۷ء میں ہوئے تھے۔
دنیا بھر کی حکومتوں کی جانب سے اختیار کی گئی نئی لبرل پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی عالمی معاشی صورت حال، مصنوعی ذہانت (اے آئی)کی آمد، ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش، معاشی نابرابری میں اضافے، بے روزگاری یا پھر ایسی ملازمت جہاں فرد کی صلاحیتوں کامناسب استعمال نہ ہو پارہا ہو، جیسے مسائل نے نوجوان نسل کو بے چین کردیا ہے۔ اس صورت حال میں جین زی (Gen Z) سب سے آگے نظر آرہی ہے، جو موجودہ حالات کے خلاف اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔ دنیا بھر کی حکومتیں لبرلائزیشن کے پردے میں کفایت شعاری کے جو اقدامات اختیار کر رہی ہیں، ان کے نتیجے میں سماجی شعبوں کے بجٹ میں زبردست کٹوتی کی جارہی ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبے اس کا سب سے زیادہ شکار ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دُنیا مٹھی بھر امیروں کی قیمت چکا رہی ہے
دنیا کے مختلف حصوں میں جنگوں کے پھیلنے کے بڑھتے ہوئے خدشات اور اس کے نتیجے میں دفاعی اخراجات میں اضافے نے محنت کش طبقے کے حالات کو مزید خراب کردیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایندھن، کھاد اور غذائی اشیا کی قلت کے درمیان ان کی آمدنی میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ہندوستان بھی ان ممالک کی صف میں شامل ہے جو عالمی کثیر قومی اداروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز میں ’نو لبرل‘ پالیسیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔حال ہی میں جنتر منتر پر طلبہ کی جانب سے تعلیمی پالیسیوں، امتحانی نظام اور روزگار کے تاریک ہوتے امکانات کے حوالے سے کیا جانے والا احتجاج، جس کے نتیجے میں مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل کو استعفیٰ دینا پڑا، نوجوانوں اور طلبہ میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے رجحان کا واضح ثبوت ہے۔
سرسید احمد خاں نے جنوری۱۸۷۷ء میں آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیوں کے طرز پر ایک رہائشی یونیورسٹی قائم کرنے کے مقصد سے محمڈن اینگلو اورینٹل کالج (ایم اے او کالج) کی بنیاد رکھی تھی۔ ان کے پیش نظر ایک ایسے جدید مسلم معاشرے کی تشکیل تھی جس میں جدید تعلیم، سائنسی علوم، عقلی طرزِ فکر، مذہبی رواداری، سیاسی مفاہمت اور اخلاقیات و انصاف پر مبنی اجتماعی شرکت کو فروغ حاصل ہو۔سرسید کے اس تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نوجوان نسل کو بنیادی کردار ادا کرنا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ علی گڑھ میں نوجوانوں کی مناسب تربیت اور ذہنی تشکیل کے ذریعے انہیںایک ایسے معاشرے کی تعمیر کیلئے تیار کیا جاسکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت۱۸۸۴ء میں، سرسید کی زندگی ہی میں، کالج کے پہلے پرنسپل جان سڈنز (John Siddons) کے نام سے ایک مباحثاتی کلب قائم کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ اپنے خیالات کا اظہار کرسکیں، اہم مسائل پر گفتگو کرسکیں اور معاشرے، ملک اور پوری دنیا کو درپیش اہم معاملات پر اپنی آواز بلند کرسکیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’مصرعِ طرح اخباروں میں شائع ہوتا تو بیرون ممالک سے بھی غزلیں موصول ہوتی تھیں‘‘
یہ کلب اے ایم یو کی طلبہ یونین کا پیش خیمہ ثابت ہوا جس نے قومی تحریکوں اور قوم کی تعمیر میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ اس ادارے نے سیاست کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں میں عظیم قائدین اور ممتاز شخصیات پیدا کیں، جنہوں نے نہ صرف ملک کے طول و عرض بلکہ دنیا کے مختلف حصوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔۱۹۲۰ء میں یونیورسٹی کے قیام سے لے کر ماضی قریب تک طلبہ یونین نے متعدد عظیم شخصیات کی میزبانی کی ہے اور قومی و بین الاقوامی اہمیت کے حامل مختلف مقاصد اور تحریکوں سے وابستہ بھی رہی ہے۔
بدقسمتی سے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران طلبہ تنظیموں کے انتخابات باقاعدگی سے منعقد نہیں ہوسکے۔ اس کی مختلف وجوہات رہی ہیں، تاہم ان میں سب سے اہم وجہ برسرِ اقتدار حکومتوں اور یونیورسٹی انتظامیہ کی بے اطمینانی اور عدم دلچسپی رہی ہے۔موجودہ حالات میں، جب معاشرے میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور خوف و نفرت کی لہر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وسیع رہائشی طلبہ برادری ایک ایسی آواز کیلئے بے تاب تھی جس سے اسے محروم کردیا گیا تھا۔ طلبہ یونین اور یونیورسٹی کورٹ کا جائز پلیٹ فارم اُن سے چھن چکا تھا اور وہ اپنی بات کہنے کے ایک مؤثر ذریعہ سے محروم تھے۔طلبہ گزشتہ سال ہی سے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس سلسلے میں انہوں نے بھوک ہڑتال بھی کی تھی، اُس وقت وائس چانسلر کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں انتخابات کرانے کی یقین دہانی کے بعد انہیں بھوک ہڑتال ختم کرنے پر آمادہ کرلیا گیا تھا لیکن افسوس کہ یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔اس سال ستمبر کے آخری دنوں میں ایم اے کے ایک طالب علم یاسر فہد نے انتخابات کے مطالبے کو لے کر تنہا بھوک ہڑتال شروع کردی۔ یونیورسٹی حکام کے سخت اور غیر لچکدار رویے نے طلبہ کو اس قدر مجبور کردیا کہ بڑی تعداد میں طالبات سمیت دیگر طلبہ بھی اس مطالبے کی حمایت میں میدان میں اُترگئے۔ بعد ازاں سابق طلبہ اور طلبہ یونین کے سابق عہدیداروں نے بھی اس تحریک میں شرکت کی اور اس کی حمایت کی۔
بالآخر یونیورسٹی انتظامیہ کو طلبہ کے مطالبے کے سامنے جھکنا پڑا اور اس نے پہلے طلبہ یونین کے انتخابات کا اعلان کیا۔ اس کے بعد سابق طلبہ لیڈروں کے دباؤ کے نتیجے میں اے ایم یو کورٹ کے انتخابات کو بھی انتخابی شیڈول میں شامل کرلیا گیا۔ اس کی وجہ سے ۵؍ نومبر۲۰۲۶ء کوختم ہونے والے ان انتخابات میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ انتخابی سرگرمیوں کی دھوم اس قدر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔ تقریباً۷۵؍ فیصد طلبہ نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا، جو ایک غیر معمولی شرح ہے۔طلبہ نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ انہوں نے مختلف مسائل پر بحث کی، امیدواروں سے سوالات کیے اور انہیں معاشرے، ملک اور دنیا سے متعلق اہم معاملات پر جواب دہ بنایا۔ انتخابی سرگرمیوں کا اختتام یونین ہال یعنی سڈنز کلب کی ٹیرس سے امیدواروں کے درمیان ہونے والے آخری مباحثے کے ساتھ ہوا۔ یہ علی گڑھ کے انتخابات کی ایک نمایاں اور روایتی خصوصیت ہے۔ اس مباحثے کے ذریعے ووٹروں کو امیدواروں کی بحث کی مہارت، ان کے خیالات اور مختلف مسائل پر ان کے نقطۂ نظر کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے، جس سے وہ زیادہ باخبر انداز میں اپنے ووٹ کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کیا مصنوعی ذہانت طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو تباہ کر دے گی؟
۵؍نومبر کی شب اور۶؍ نومبر کی صبح سامنے آنے والے انتخابی نتائج نے طلبہ برادری کی جانب سے حیرت انگیز طور پر خوش آئند پختگی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ طلبہ نے یونین میں تقریباً نصف خواتین امیدواروں کو منتخب کیا۔ یونین کی ایگزیکٹیو کمیٹی میں ۵؍ لڑکوں اور ۵؍ لڑکیوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ قانون کی طالبہ نشرہ نعیم پہلی مرتبہ نائب صدر کے عہدے پر منتخب ہوئیں۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ طالبات کے ووٹروں کی تعداد ان کے مرد ہم منصبوں کے مقابلے میں کم ہے کیونکہ انڈرگریجویٹ طالبات کی ایک الگ یونین بھی موجود ہے، جس کے انتخابات بھی بیک وقت منعقد ہوئے تھے۔ نو منتخب نائب صدر خواتین کی نمائندگی کی پرجوش حامی ہیں اور انہیں طلبہ کی جانب سے زبردست حمایت حاصل ہوئی۔
نو منتخب نمائندوں میں صدر نعمان اشرف کا تعلق بہار سے ہے اور وہ تاریخ کے ریسرچ اسکالر ہیں جبکہ جنرل سکریٹری ہمدان بی ٹیک کے طالب علم ہیں۔ اس طرح منتخب نمائندوں میں مختلف تعلیمی شعبوں اور علاقوں کی نمائندگی بھی سامنے آئی ہے۔ ایک اور تاریخی بات یہ ہے کہ ایگزیکٹیو کمیٹی میں پہلی مرتبہ کیرالا سے تعلق رکھنے والے دو طلبہ منتخب ہوئے ہیں۔طلبہ کی جانب سے صنفی توازن کے اعتبار سے غالباً سب سے زیادہ متنوع نمائندہ کمیٹی کا انتخاب ان کی بڑھتی ہوئی ترقی پسندانہ سوچ اور ذہنی پختگی کی علامت ہے۔ علی گڑھ کے طلبہ نے جس سطح کی دلچسپی، سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، اسے دیکھتے ہوئے مجھے توقع ہے کہ یہ طلبہ یونین تمام توقعات سے بڑھ کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ طلبہ معاشرے اور ملک کے معاملات میں باخبر انداز میں اپنی آواز بلند کریں گے اور قومی مباحثے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔مجھے امید ہے کہ یہ طلبہ اردو کے ممتاز ادیب، نقاد اور علیگ پروفیسر رشید احمد صدیقی کی توقعات پر بھی پورے اتریں گے۔بقول رشید احمد صدیقی’’اس ادارے کی ناموری اور نیک نامی کا مدار جتنا یہاں کے طلبہ کی ناموری اور نیک نامی پر ہے، کسی اور پر نہیں۔ اتھارٹیز، اسٹاف، سرمایہ، سازو سامان، کتب خانے، باغ و راغ، کاخ و کو، خورونوش، بود وباش، کھل کود، تفریح و تفنن سب ہیچ ہیں۔ اگر ہمارے طلبہ بطور خود اپنے آپ کو بہتر بنانے کا حوصلہ نہ رکھتے ہوں،ایسے طلبہ متداول اور مقررہ علوم و فنون پر عبور رکھنے کے علاوہ اس ادارے کے بنیادی مقاصد اور بہترین روایات کوعملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ اور یہ کوئی نئی بات نہ ہوگی۔اسلئے کہ انہوں نے ایسا کردکھایا ہے۔اس دانش گاہ کے طلبہ کی ذمہ داریاں دوسری درسگاہوں کے طلبہ کی ذمہ داریوںسے کہیں زیادہ مختلف اور مشکل ہیں۔ اسلئے میں چاہتا ہوں کہ یہاں کے طلبہ باہر کی ہر تحریک اور ہر جماعت کی پیروی آنکھ بند کرکے نہ کیا کریں، خواہ وہ تحریک اور جماعت طلبہ ہی کی کیوں نہ ہو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں اگر ٹرمپ الیکشن ہار گئے ہیں تو پھر صدر کے عہدے پر کیوں برقرار ہیں؟
میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں طویل عرصے سے جاری فکری جمود کے خاتمے اور اس کے برعکس ایک نئی فکری بیداری کے آثار واضح طور پر دیکھ رہا ہوں۔ اس فکری جمود کا مشاہدہ میرے مرحوم والد ڈاکٹر وحید اختر نے بھی کیا تھا، جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے اس صورت حال کو اپنی شاعری میں نہایت مؤثر انداز میں بیان بھی کیا تھا۔ڈاکٹر وحید اختر کے اشعار:
ہم خامشی ہی قاسمِ دستار ِ آبرو
دانش گہوں میں علم زبوں، جہل سرخرو
زخمِ خرد کو تیرہ دماغی کرے رفو،
تحقیق زندگی پہ ہیں مامور مردہ جو
لب لب سکوت منتظم ِ جامعات ہے
تقسیمِ عقل، عقل کے اندھوں کے ہاتھ ہے
جان اسٹورٹ مِل (John Stuart Mill) کے الفاظ میں، یہ انتخابات ایک قابل رحم صورت حال کو ایک متحرک اور زندہ ادارے میں تبدیل کردیں گے۔مجھے اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ انتخابات اور اس کے بعد یونیورسٹی میں باقاعدگی سے ہونے والے انتخابات، اس عظیم تعلیمی ادارے میں نئی روح پھونکیں گے اور اس طرح علی گڑھ کے نامور شاعر اسرارالحق مجاز کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
جو ابر یہاں سے اٹھے گا، وہ سارے جہاں پہ برسے گا،
برسے گا، برسے گا، برسے گا، برسے گا۔
مضمون نگارعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ یونین کے سابق صدر اور سیاسی رضاکار ہیں