ایک رپورٹ کے مطابق اعشاریہ ایک فیصد پر مشتمل امیر طبقہ دنیا کے غریب ترین ۴۴؍ فیصد لوگوں کے مقابلے میں زیادہ کاربن آلودگی کا ذمہ دار ہے جو بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 12:38 PM IST | Lalit Garg | Mumbai
ایک رپورٹ کے مطابق اعشاریہ ایک فیصد پر مشتمل امیر طبقہ دنیا کے غریب ترین ۴۴؍ فیصد لوگوں کے مقابلے میں زیادہ کاربن آلودگی کا ذمہ دار ہے جو بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔
آج دنیا تضاد کے ایک ایسے دور سے گزر رہی ہے، جہاں ایک طرف ترقی، خوشحالی اور جدیدیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے جا رہے ہیں تو وہیں دوسری طرف غربت، بھوک، تشدد، نقل مکانی اور ماحولیاتی تباہی کے چیلنجز لگاتار سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب دنیا کے پاس کافی و سائل موجود ہیں، سائنس اور ٹیکنالوجی نے بے مثال ترقی کر لی ہے، تب بھی کروڑوں لوگ زندگی کی بنیادی ضرورتوں کیلئے کیوں ترس رہے ہیں؟ بین الاقوامی ادارے آکسفیم کی رپورٹ ’ڈیزاسٹر ڈیوائیڈ‘ اسی سوال کا ایک بے چین کن، مگر فکر انگیز جواب پیش کرتی ہے۔ یہ رپورٹ بتاتی ہے کہ موسمیاتی بحران صرف قدرت کی ناراضگی نہیں ہے بلکہ معاشی عدم مساوات، بے لگام کھپت اور وسائل پر مٹھی بھر لوگوں کے بڑھتے ہوئے کنٹرول کا نتیجہ بھی ہے۔ تقریباً۸۳۰؍ کروڑ کی آبادی والی دنیا کے سب سے امیر ۰ء۱؍فیصد طبقے کا طرزِ زندگی اور سرمایہ کاری سے ہونے والا کاربن اخراج کروڑوں نہیں بلکہ اربوں لوگوں کی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ طبقہ دنیا کے غریب ترین ۴۴؍ فیصد لوگوں کے مقابلے میں زیادہ کاربن آلودگی کا ذمہ دار ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کیا مصنوعی ذہانت طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو تباہ کر دے گی؟
یہ عدم مساوات صرف اعداد و شمار کا فرق نہیں بلکہ انسانی بے حسی کا ایک ایسا دستاویز ہے جس میں کچھ لوگوں کےعیش و آرام کی قیمت پوری انسانیت چکا رہی ہے۔پرائیویٹ جہاز، بڑی کشتیاں، ضرورت سے زیادہ توانائی کی کھپت اور آلودگی پھیلانے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری امیری کی جدید علامت بن چکی ہیں جبکہ دوسری طرف غریب آبادی صاف ہوا، محفوظ پانی اور ۲؍ وقت کی روٹی کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ سوال یہ نہیں کہ کسی شخص کے پاس کتنی دولت ہےبلکہ یہ ہے کہ اس کی خوشحالی کی سماجی اور ماحولیاتی قیمت کون چکا رہا ہے۔
اس بحران کا سب سے خطرناک پہلو یہ ہے کہ موسمیاتی آفات بھی امیر اور غریب کے درمیان فرق کرنے لگی ہیں۔ سیلاب ایک ہی وقت میں امیر کی پرتعیش کوٹھی اور غریب کی جھوپڑی تک پہنچتا ہے، لیکن دونوں کے نتائج الگ ہوتے ہیں۔ امیر محفوظ جگہوں پر چلے جاتے ہیں، انشورنس اور جدید سہولتوں سے نقصان کی تلافی کر لیتے ہیںجبکہ غریب اپنا گھر، کھیت، مال مویشی اور ذریعہ معاش گنوا کر برسوں پیچھے چلا جاتا ہے۔ آکسفیم کے مطابق، زیادہ معاشی عدم مساوات والے ملکوں میں سیلاب سے ہونے والی اموات ۷؍ گناتک زیادہ ہوتی ہیں۔ اتنا ہی نہیں رپورٹ بتاتی ہے کہ دنیا کے امیر ترین ایک فیصد لوگوں کے ذریعے ہونے والا مختلف قسم کا اخراج مستقبل میں تقریباً ۱۹؍ لاکھ اضافی گرمی سے متعلق اموات کا سبب بن سکتا ہے۔ ان میں ۷۸؍ فیصد اموات نچلے اور مڈل کلاس کی درمیانی آمدنی والے ملکوں میں ہونے کا تخمینہ ہے۔ معاشی عدم مساوات کا یہ فرق صرف ماحول تک محدود نہیں ہے۔ جب معاشرے میں وسائل، مواقع اور حقوق کی تقسیم ناانصافی پر مبنی ہو جائے، تو عدم اطمینان جنم لیتا ہے۔بے روزگاری، مہنگائی، خوراک کا بحران، پانی کا بحران اور بے گھری سماجی تناؤ کو بڑھاتی ہیں۔ آہستہ آہستہ یہی تناؤ غصے، بغاوت، جرم، فرقہ وارانہ کشمکش اور تشدد کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کیا ’گجرات لابی‘ یوگی کی سیاسی اُڑان پر قدغن لگا پائے گی؟
یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ہر تشدد کے پیچھے صرف امیری اور غریبی کا فرق ہوتا ہے لیکن جب ترقی کا فائدہ چند ہاتھوں تک محدود ہو جائے اور بحران کا بوجھ اکثریت آبادی پر پڑے، تو سماجی امن کی بنیاد کا کمزور ہونا فطری ہے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ کچھ بڑے سرمایہ کار پہلے آلودگی پھیلانے والی صنعتوں سے منافع کماتے ہیں اور پھر انہی آفات سے نمٹنے، صفائی اور تعمیرِ نو کے کاروبار سے منافع کماتے ہیں۔ آکسفیم کا ’ڈسٹرائے اینڈ ری بلڈ انڈیکس‘ ۲۱۷؍ کمپنیوں کے ذریعے اسی دہرے منافع کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔ یہ ایک ایسے نظام پر سوالیہ نشان ہے جہاں کسی کے لئے آفت بھی موقع بن جاتی ہے اور کسی کے لئے زندگی بھر کا عذاب۔
ہندوستان کے تناظر میں یہ وارننگ اور بھی سنگین ہے۔ ملک کی بڑی آبادی کا ایک بڑا حصہ زراعت، تعمیرات، چھوٹے کاروبار اور غیر منظم شعبے پر منحصر ہے۔ کسان غیر یقینی بارش، خشک سالی، سیلاب اور درجہ حرارت میں اضافے سے پریشان ہے۔ مزدور شدید گرمی میں کام کرنے پر مجبور ہے اورشہروں کی جھوپڑپٹیوں میں رہنے والے خاندان پانی جمع ہونے اور گرمی کی دوہری مار برداشت کر رہے ہیں۔ ورلڈبینک کے مطابق ہندوستان کی ۸۰؍ فیصد سے زیادہ آبادی ایسے اضلاع میں رہتی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات کے خطرے میں ہیں۔ وہیں ملک کے ۵۷؍ فیصد اضلاع میں رہنے والی تقریباً ۷۶؍ فیصد آبادی شدید گرمی سے زیادہ یا بہت زیادہ خطرے کا سامنا کر رہی ہے۔ ہندوستان کیلئے چیلنج صرف معاشی ترقی کی رفتار بڑھانا نہیں بلکہ ترقی کو منصفانہ، جامع اور ماحول دوست بنانا ہے۔’ وکست بھارت ۲۰۴۷ء‘کا خواب تب ہی شرمندۂ تعبیرہو گا جب ترقی کی چمک آخری صف میں کھڑے شخص کی زندگی تک پہنچے۔ اگر ایک طرف شہروں میں عیش و عشرت اور کھپت کے نئے ریکارڈ بنیں اور دوسری طرف گاؤں میں کسان پانی، بجلی اور روزگار کیلئے جدوجہد کرتا رہے تو ترقی کی تصویر ادھوری ہی رہے گی۔ ’وشوا گرو‘بننے کی خواہش رکھنے والے ہندوستان کو دنیا کے سامنے یہ مثال پیش کرنی ہوگی کہ معاشی خوشحالی اور قدرت کے تحفظ کے درمیان توازن ممکن ہے۔ اس کیلئے کچھ بنیادی ترجیحات ضروری ہیں۔مالدار طبقے اور زیادہ آلودگی پھیلانے والے اداروں کی جوابدہی طے ہو،پرتعیش کھپت پر مناسب ٹیکس کا نظام بنایا جائے۔ صاف ستھری توانائی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ پانی، جنگل اور زمین کے تحفظ کو ترقی کی لازمی شرط بنایا جائے۔ساتھ ہی موسمیاتی آفات سے متاثرہ کسانوں، مزدوروں اور کمزور طبقوں کے لئے سماجی تحفظ، بیمہ، صحت کی سہولتیں اور بحالی کا موثر نظام قائم ہو۔ترقی کا فائدہ صرف سرمایہ داروں تک محدود نہ رہے بلکہ محنت کرنے والے ہاتھوں تک بھی پہنچے۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی انتخابات میں اعلیٰ ذاتوں کا کردار
مہاتما گاندھی کا سادہ زندگی، بلند نظری(سادہ جیون اُچ وچار) کا اصول صرف ذاتی طرزِ عمل کا پیغام نہیں بلکہ وسائل کے سمجھداری سے استعمال اور سماجی ذمہ داری کا فلسفہ ہے۔ قدرت ہماری ملکیت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہے۔آخر کار آکسفیم کی ‘ڈیزاسٹر ڈیوائیڈ’ رپورٹ دنیا کے سامنے ایک بنیادی اخلاقی سوال کھڑا کرتی ہے۔کیا ترقی کا مطلب کچھ لوگوں کی لامحدود خوشحالی اور اکثریت انسانیت کی بڑھتی ہوئی مجبوری ہے؟ زمین کسی ایک طبقے کی جاگیر نہیں اور نہ ہی اس کے وسائل پر مٹھی بھر لوگوں کا اجارہ ہو سکتا ہے۔ آج ضرورت امیری کو جرم ماننے کی نہیں بلکہ امیری کے ساتھ جوابدہی جوڑنے کی ہے۔