• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

موبائل کا بے جا استعمال؛ خود بھی بچئے، بچوں کو بھی بچائیے

Updated: November 19, 2026, 4:37 PM IST | Momin Rizwana Muhammad Shahid | Mumbai

آج گھروں میں ہر کوئی گھنٹوں موبائل فون کی دُنیا میں مگن رہتا ہے۔ یہ آلہ بے حد ضروری ہے مگر اس کا مناسب استعمال کیا جانا چاہئے، غیر مناسب استعمال نہیں۔

Never give a child their own personal mobile phone, as this can solidify the habit of using one. Image: INN
بچے کو کبھی بھی اپنا ذاتی موبائل نہ دیں، اس سے ان میں موبائل فون دیکھنے کی عادت پختہ ہوسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ ہفتے ممبرا کے ایک اسکول کی پرنسپل سے ملاقات ہوئی۔ کہنے لگیں، ’’باجی، پہلی جماعت میں آنے والے ۷۰؍ فیصد بچے اپنا نام تک لکھنا نہیں جانتے مگر یوٹیوب کھولنا، پاس ورڈ لگانا اور انسٹاگرام کی ریل اسکرول کرنا خوب جانتے ہیں۔‘‘ یہ ایک اسکول کا قصہ نہیں، یہ پورے ہندوستان کا، پوری امت کا نوحہ ہے۔ ہم ایک ایسی نسل پروان چڑھا رہے ہیں جس کے ہاتھ میں ڈگری ہوگی، مگر ہاتھ ملانے کا سلیقہ نہیں ہوگا۔ جس کی جیب میں دنیا کی سب سے مہنگی موبائل ہوگی، مگر جیب میں رکھنے کے لئے رشتے نہیں ہوں گے۔ سوال یہ ہے کہ نئی نسل کس دنیا میں قدم رکھے گی؟ اسکرین والی دنیا میں یا اصل والی دنیا میں؟ فیصلہ آج ہمیں کرنا ہے۔

(۱)یہ صرف عادت نہیں، لت ہے؛ اور لت بھی نشے سے زیادہ خطرناک

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ۲۰۱۹ء میں ہی کہہ دیا تھا کہ ۵؍ سال سے کم عمر کے بچوں کو دن میں ایک گھنٹے سے زیادہ اسکرین بالکل نہ دی جائے۔ امریکہ کی اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کہتی ہے کہ اسکرین کی روشنی بچے کے دماغ میں وہی کیمیکل خارج کرتی ہے جو نشہ آور اشیاء سے خارج ہوتا ہے۔ یعنی یہ نشہ ہے۔

ہمارے گھروں میں کیا ہو رہا ہے؟

۲؍ سال کا بچہ: اوسطاً ۲؍ سے ۳؍ گھنٹے روزانہ۔ نتیجہ بولنے میں ۶؍ سے ۸؍ مہینے کی تاخیر۔ وہ ماما، بابا کہنے کے بجائے ’اسکپ ایڈ‘ کہنا پہلے سیکھ جاتا ہے۔

۵؍ سے ۱۰؍ سال کا بچہ: ۵؍ سے ۷؍ گھنٹے۔ نتیجہ آنکھوں کی کمزوری، موٹاپا، نیند کی کمی، اور سب سے بڑھ کر بے صبری۔ اسے ہر چیز فوری چاہئے کیونکہ ویڈیو فوری شروع ہو جاتی ہے۔

۱۰؍ سے ۱۸؍ سال کا نوجوان: ۸؍ سے ۱۰؍ گھنٹے۔ نتیجہ ڈپریشن، احساس کمتری، خودکشی کے خیالات۔ کیونکہ وہ انسٹاگرام پر دوسروں کی جھوٹی چمکدار زندگی دیکھ کر اپنی سادہ زندگی سے نفرت کرنے لگتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق ممبئی اور تھانے کے ۶۰؍ فیصد والدین یہ مانتے ہیں کہ ان کا بچہ کھانا کھاتے وقت موبائل کے بغیر ضد کرتا ہے۔ یہ ضد نہیں، یہ ’وڈرال سمپٹم‘ ہے، نشہ نہ ملنے کی تڑپ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دیوالی کی مختصر تعطیل اور بچوں کے ہوم ورک!

(۲)ہماری تین بڑی غلطیاں

پہلی غلطی: موبائل کو آیا بنا دیا

ہم نے بچے کو بہلانے کے لئے سب سے آسان راستہ چنا۔ بچہ رویا، موبائل پکڑا دیا۔ یہ آیا نہیں، یہ دشمن ہے۔ پرانے زمانے میں دادی نانی لوری سناتی تھی، کہانی سناتی تھی۔ اس سے بچے کی زبان بنتی تھی، رشتہ بنتا تھا۔ آج کارٹون کی آواز میں نہ زبان ہے، نہ رشتہ۔

دوسری غلطی: ہم خود آئینہ نہیں بنے

گھر میں ابا نیوز دیکھ رہے ہیں، امی وہاٹس ایپ گروپ میں مصروف ہیں، بڑا بھائی گیم کھیل رہا ہے، اور ہم چھوٹے سے کہہ رہے ہیں ’’بیٹا کتاب پڑھو!‘‘ بچہ سوچتا ہے، کتاب میں اگر اتنا مزہ ہوتا تو یہ سب موبائل کیوں دیکھتے؟ بچے باتوں سے نہیں، آنکھوں سے سیکھتے ہیں۔

تیسری غلطی: ہم نے تنہا کر دیا

پہلے مشترکہ خاندان ہوتا تھا۔ بچہ چاچا کے ساتھ، تائی کے ساتھ، دادا کے ساتھ کھیلتا تھا۔ اب نیوکلیئر فیملی ہے، ماں باپ دونوں نوکری پر۔ شام کو تھکے ہوئے آتے ہیں، تو بچے کو موبائل دے کر خود بھی موبائل میں گم ہو جاتے ہیں۔ بچہ گھر میں ہوتے ہوئے بھی بڑوں کے سایے سے محروم ہوگیا ہے۔

اس گمشدہ نسل کو واپس کیسے لائیں؟

تقریر سے کچھ نہیں ہوگا، ہمیں عملی قدم اٹھانے ہوں گے۔

گھر کا دستور بنائیے

(صرف بچوں کیلئے نہیں، سب کے لئے)

دسترخوان اور خواب گاہ میں موبائل حرام: کھانا کھاتے وقت اور سونے سے ایک گھنٹہ پہلے گھر کے سارے موبائل ایک ٹوکری میں بند۔ یہ اصول شوہر اور بیوی دونوں کے لئے بھی ہوگا۔

ایک دن، ایک گھنٹہ، بغیر اسکرین کے: ہفتے میں ایک دن طے کریں، اتوار کی شام۔ سب مل کر کیرم کھیلیں، لڈو کھیلیں، کہانی سنائیں۔ شروع میں بچہ روئے گا، ضد کرے گا، مگر تیسرے ہفتے سے وہ خود اس دن کا انتظار کرے گا۔

موبائل میں بھی ماں باپ کا کنٹرول: یوٹیوب کڈز استعمال کریں، اسکرین ٹائم لاک لگائیں۔ بچے کو کبھی بھی اپنا ذاتی موبائل نہ دیں۔ موبائل گھر کا ہو، بچے کا نہیں۔

متبادل کو خوبصورت بنائیے

بچے کو موبائل سے روکنا کافی نہیں، اسے اس سے بہتر چیز دینی ہوگی۔

ز اس کے ہاتھ میں رنگ اور کاغذ دیں، اس کی بنائی ہوئی ٹیڑھی میڑھی تصویر کو فریم کر کے دیوار پر لگائیں۔

ز اسے اپنے ساتھ کچن میں کھڑا کریں، آٹا گوندھنے دیں۔ اس کا حافظہ کارٹون سے زیادہ اس آٹے کی خوشبو سے تیز ہوگا۔

ز روزانہ ۲۰؍ منٹ اسے پارک لے جائیں۔ وہاں وہ گرے گا، اٹھے گا، لڑے گا، صلح کرے گا۔ یہی تو زندگی ہے جو اسکرین کبھی نہیں سکھا سکتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK