• Tue, 16 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نتیش کمار کی حجاب کھینچنے کی حرکت پر چوطرفہ تنقید، استعفیٰ کا مطالبہ

Updated: December 16, 2025, 9:54 PM IST | New Delhi

کانگریس اور آر جے ڈی کے بعد نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بھی نشانہ بنایا، التجا مفتی، زائرہ وسیم اور نیہا سنگھ راٹھور نے وزیراعلیٰ سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا۔

There is a lot of anger over this move by Nitish Kumar. Photo: X
نتیش کمار کی اس حرکت پر شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ تصویر: ایکس

پیر کو تقرری نامہ تقسیم کرتے ہوئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے ایک مسلم خاتون ڈاکٹرکا حجاب کھینچنے کی جو غیر شائستہ حرکت کی تھی ، اس پر چوطرفہ تنقید ہورہی ہے۔ اس پر جہاں بعض حلقوں نے استعفیٰ کی مانگ کی ہے، وہیں بعض نے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس اور آر جے ڈی نے پہلے ہی دن اس پر تنقید کی تھی جبکہ منگل کو نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بھی سخت اعتراض کیا ہے۔اسی کے ساتھ زائرہ وسیم اور نیہا سنگھ راٹھور نے بھی وزیراعلیٰ کو نشانہ بنایا ہے۔

محبوبہ مفتی نے تنقید کی
پی ڈی پی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہار کے وزیر اعلیٰ کی اس حرکت کو دیکھ کر حیران رہ گئیں۔ اس تعلق سےاپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے سوالیہ لہجے میں لکھا کہ’’نتیش کمار کی اس حرکت کو ان کے بڑھاپے سے جوڑا جائے یا مسلمانوں کی سرعام تذلیل کو معمول بن جانے سے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ان کے آس پاس موجود لوگ اس ہولناک واقعے کو کسی تفریح کی طرح دیکھتے رہے۔ یہ اور بھی زیادہ پریشان کن بات ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ نتیش صاحب! شاید اب آپ کیلئے عہدہ چھوڑنے کا وقت آگیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تقرری نامہ دیتے وقت خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے پرنتیش کیخلاف برہمی، استعفیٰ کی مانگ

عمران نبی ڈار کا بیان
جموں کشمیر نیشنل کانفرنس نے بھی اس افسوسناک واقعے پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی خاتون کی عزت، وقار اور شخصی آزادی پر حملہ ناقابلِ قبول ہے اور ایسے واقعات نہ صرف سماجی اقدار بلکہ آئینی اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے احترام اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہر سطح پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصب پر فائز افراد سے اس طرح کے رویئے کی توقع نہیں کی جا سکتی اور اگر ایسے واقعات کو نظرانداز کیا گیا تو اس سے معاشرے میں غلط پیغام جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ خواتین کے احترام، باہمی رواداری اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں خواتین خود کو محفوظ، باوقار اور بااختیار محسوس کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے: کولکاتا میسی ایونٹ افراتفری: شائقین کو ری فنڈ، معاوضے کی امید، قانونی راستے واضح

التجا مفتی کا نتیش کمار پر نشانہ
پی ڈی پی کی لیڈر اور محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے بھی نتیش کمار کو نشانہ بنایا۔ وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختیار و اقتدار آپ کو یہ حق نہیں دیتا کہ آپ ہم مسلمانوں کو ذلیل کریں۔ اگر بڑھاپا آپ کے کام کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر رہا ہے اورآپ خود کو مہذب طریقے سے نہیں رکھ پارہے ہیں توبراہ کرم دستبرداری اختیار کرلیں کیونکہ ایک وزیر اعلیٰ کو تواضع کی پابندی بھی کرنی چاہئے۔مشہور لوک گلوکارہ اور سماجی کارکن نیہا سنگھ راٹھور نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’خر نتیش کمار کو ہوا کیا ہے؟ کیا یہ ویڈیو سچ میں اصلی ہے؟ یقین ہی نہیں ہورہا ہے۔‘‘

زائرہ وسیم کا اظہار افسوس
فلم ’دنگل‘ سے سرخیوں میں آئی زائرہ وسیم جنہوں نے اب اداکاری اور فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے،نے بھی نتیش کمار کی اس حرکت پرسخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس تعلق سے انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ ’’ایک خاتون کی عزت اور اس کی حیا کوئی کھلونا نہیں ہے کہ اس کے ساتھ کھیلا جائےاور وہ بھی ایک عوامی پلیٹ فارم پر۔ ایک مسلم خاتون ہونے کے ناطے، ایک دوسری خاتون کے حجاب کو اس قدر بےپروائی سے کھینچے جاتے دیکھنا اور وہ بھی ایک سفاکانہ مسکراہٹ کے ساتھ، ناقابل برداشت ہے۔ یہ ہم سب کیلئے دل آزاری کا باعث ہے۔ اقتدار اور طاقت کسی کو بھی حدود پار کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔‘‘ اپنی پوسٹ کو نتیش کمار کو ٹیگ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ آپ کو اس خاتون سے غیر مشروط معافی مانگنی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK