Inquilab Logo

سوشل میڈیا کیلئے عام نہیں آم ہفتہ رہا

Updated: May 29, 2023, 5:38 PM IST | Azhar Mirza | Mumbai

سوشل میڈیا پر اس ہفتےآم بہت عام رہا۔ بدذوقی کی انتہا دیکھئے کہ اس لذیذ پھل کو ’سردجنگ‘ کاحربہ بنایا گیا۔

Mumbai Indians` Vishnu Vinod, Sandeep Warrier and Kumarkarthikeya made fun of Naveen Haq in gestures.
ممبئی انڈینس کے وشنو ونود، سندیپ واریئر اور کمارکارتیکیانے اشاروں اشاروں میں نوین الحق کا یوں مذاق بنایا

سوشل میڈیا پر اس ہفتےآم بہت عام رہا۔ بدذوقی کی انتہا دیکھئے کہ اس لذیذ پھل کو ’سردجنگ‘ کاحربہ بنایا گیا۔ میدان کی کھٹاس،  اسکی مٹھاس دکھاکر نکالی گئی ۔ یہ سارا کچھ نوین الحق کا کیا دھرا ہے۔ جی ہاں، وہی نوین جن کی وراٹ کوہلی  سے ’ٹھنا ٹھنی‘ ہوئی تھی ۔ تو صاحب اس لفظی جھڑپ کے بعد نوین نے اگلے میچ میں وراٹ کی وکٹ پر آم کھاتے ہوئے انسٹا گرام اسٹوری شیئر کی ۔ پھر کیا وراٹ کے مداحوں نے اگلے میچوں  میں ان پر ’کوہلی کوہلی ‘ کی ہوٹنگ کی۔اتنا ہی نہیں  جب جب نوین کی  میچ میں پٹائی ہوئی وراٹ فینز نے ٹویٹ/ پوسٹ میں آم کی تصویر چپکاکر انہیں منہ چڑھایا۔  نوین نےکہیں کا غصہ کہیں نکالا۔ ایلمینٹر میچ میں(لکھنؤ بمقابلہ ممبئی )  انہوں نے  روہت شرما کا وکٹ کیا لیا،آپے سے باہر ہوگئے۔ وہیں  کانوں  میں  انگلیاں ٹھونسیں اور مخالفین کو اشاروں میں کہہ دیا کہ ’’چیخئے چلائیے، مجھے کچھ سنائی نہیں دیتا‘‘اسکے بعد تو آرسی بی کیا، ایم آئی اور روہت کے چاہنے والے بھی بھنّا گئے۔اس کے بعد نوین ٹرول ہوگئے ، ٹویٹر، فیس بک  اور انسٹا گرام ہر جگہ انہیں ہدف تنقید بنایا گیا۔ مزے کی بات تو یہ ہے کہ ممبئی انڈینس کے تین کھلاڑیوں ( وشنو ونود، سندیپ وریئر اور کمارکارتیکیا) نےبھی نوین کا تمسخر اڑایا۔وریئر نے آم کی پلیٹ کے ساتھ گاندھی جی کے تین بندر وں والی یہ تصویر شیئر کی۔ معاملہ مزید سنگین نہ ہو اسلئےنوین کی فرنچائزی (لکھنؤ  سپر جائنٹس)  نے میدان سنبھالا ، اس نے بذریعہ ٹویٹ شگفتگی و بذلہ سنجی کا مسالہ یوں چھڑکا کہ ’’ہمارے مفاد میں ان الفاظ کو مِیوٹ کیا جارہا ہے:  مینگو، مینگوز، سویٹ، آم‘‘   صاحبو ،اس آم  وانی سے اگر آپ کا دل بھی اس سے لطف اندوز ہونے کو مچل رہا ہے تو ذرا صبر کرلیجئے۔ اور کچھ سطروں کو زحمت نگاہ و دل کیجئے۔  چلئے آگے بڑھتے ہیں ۔
   پچھلے اتوار کوآئی پی ایل کے پہلے ایلمینٹر میچ میں شکست سے دو چار ہونے والی آرسی بی ، ٹویٹر پر ’ہارسی بی ‘ سے ٹرینڈ ہوگئی ۔ اسی میچ میں وراٹ کوہلی اور شبھ من گل سنچریاں جڑکر موضوع بحث رہے۔ پیر کو نیٹیزنس نے  یوگیندر یادو کی  پیٹھ تھپتھپائی ۔ ہوا یہ کہ انہوں نے ’آج تک ‘ کے  ٹی وی ڈبیٹ میں چینل کی اینکر چترا ترپاٹھی کی کلاس لے لی۔ چترا نے ’کاسٹ پالیٹکس ‘  پر جانبداری برتی ، یادو نے انہیں  اپنے مخصوص انداز میں پترکاریتا کا سبق پڑھادیا۔ پیر کو ’اڈانی نیوز‘گوگل پر ٹرینڈ ہوا ۔ اس کا سبب یہ تھا کہ ہنڈن برگ الزامات کےمعاملے میں اڈانی گروپ کو تفتیشی کمیٹی سے کلین چٹ مل گئی جس پر خوب تبصرے اور بیان بازیاں ہوئیں۔ اڈانی کے حامیوں نے بغلیں بجائیں اور مخالفین نےعدم اطمینان ظاہرکیا۔خیر، قرض میں ڈوبے امریکہ پر  ہفتے بھر سے چہ میگوئیاں جاری ہی تھیں کہ کساد بازاری نے جرمنی کو دبوچ لیا۔ یہ موضوع بھی گوگل ٹرینڈز میں ٹاپ ٹرینڈرہا۔ علاوہ ازیں نیا  سنسد بھون ، اَور پی ایم اَور پارلیمنٹ،  پاپوا نیوگنی، دسویں / بارہویں  کے نتائج،  انٹرنیشنل ٹی ڈے، ۲؍ہزار کے نوٹ ،ٹینا ٹرنر جیسے موضوعات بھی گونجتے رہے۔ 
 ہندی فلموں میں منفی کرداروں کو نئی پہچان دینے والے آشیش ودیارتھی جو اَب فوڈ بلاگر بھی ہیں،  اس ہفتے سوشل میڈیا میں چھائے رہے۔ انہوں نے اسی جمعرات کوروپالی بروا نامی خاتون سے دوسری شادی کرلی ، یہ خبر سوشل گلیاروں میںرائتے کی طرح پھیل گئی۔ جتنے منہ اتنی باتیں  ہوئیں۔ کرن ڈھلے نامی صارف نے اس شادی کی خبر ٹویٹر پرشیئر کرتے ہوئے لکھا ’’سنگل لونڈوں یہ دیکھو ، آشیش ودیارتھی  عمر کی ۶۰؍ویں بہار میں شادی کررہے ہیں اور آپ لوگ یونہی ہاتھ پر دھرے بیٹھے رہو‘‘ ایس کے ورما نامی نوجوان نے اپنی ناکتخدائی کا دکھ یوں نکالا’’۶۰؍ کی عمر میں دوسری شادی ، یہاں ایک نہیں ہورہی ہے ۔‘‘ 
 اس ہفتے یوپی ایس سی نتائج بھی ظاہر ہوئے، اس پر بھی سوشل گلیاروں میں خوب بات چیت ہوئی۔ مبارک سلامت کے پیغامات چلے ۔ ٹاپرز ایشیتا کشور اور لوہیا گریما کیلئے مبارکبادیوں کا تانتا تو بندھا  ہی ساتھ ہی نامساعد حالات سے جوجھ کر اس مشکل امتحان میں  سرخرو ہونے والے امیدواروں کے خوب تذکرے ہوئے۔ جن میں ممبئی کے سید محمد حسین ، وایناڈ کی شیرین شہاناٹی کے اور مین پوری کے سورج تیواری کے نام قابل ذکر ہیں۔ ایک ہی نام کے امیدواروں کے معاملات (تشار کمار، فاطمہ)بھی سوشل گلیاروں میں موضوع بحث آئے۔   جنہوں نے دعویٰ کیا کہ یوپی ایس سی کامیابی کا قرعہ فال ان کے نام نکلا ہے ۔ خیر باتیں بہت سی ہیں ، جو ضبط قلم ہونے سے رہ گئیں ،ان شاء اللہ اگلے ہفتے پھر ملاقات ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK