کسی انسان کی غلطی اس کی پوری شخصیت کا تعارف نہیں ہوتی۔ انسان کمزور بھی ہے، جذبات سے متاثر بھی ہوتا ہے اور کبھی اپنے فیصلوں میں غلطی بھی کر بیٹھتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 3:58 PM IST | Muhammad Tauqeer Rahmani | Mumbai
کسی انسان کی غلطی اس کی پوری شخصیت کا تعارف نہیں ہوتی۔ انسان کمزور بھی ہے، جذبات سے متاثر بھی ہوتا ہے اور کبھی اپنے فیصلوں میں غلطی بھی کر بیٹھتا ہے۔
کسی انسان کی غلطی اس کی پوری شخصیت کا تعارف نہیں ہوتی۔ انسان کمزور بھی ہے، جذبات سے متاثر بھی ہوتا ہے اور کبھی اپنے فیصلوں میں غلطی بھی کر بیٹھتا ہے۔ اگر ہر غلطی کو اس کے کردار کا مستقل عنوان بنا دیا جائے تو اصلاح کے تمام راستے بند ہوجائیں گے۔ ایک طالب علم امتحان میں ناکام ہو جائے تو اسے یہ کہہ دینا کہ تم نے محنت نہیں کی اس لئے ناکامی تمہارا مقدر ہے، شاید ایک حقیقت ہو؛ لیکن اسے یہ سمجھانا کہ ناکامی تمہاری آخری منزل نہیں، تم اپنی کوتاہیوں کو پہچان کر دوبارہ کوشش کر سکتے ہو، اس کے اندر نئی ہمت پیدا کرسکتا ہے۔ دونوں باتوں میں فرق صرف الفاظ کا نہیں، سوچ اور مقصد کا ہے۔ پہلی بات اسے اس کی کمزوری کے سامنے بے بس کرسکتی ہے، جبکہ دوسری بات اسے اپنی کمزوری پر قابو پانے کا حوصلہ دیتی ہے۔ اصلاح کا مقصد کسی کو اس کی غلطی کے بوجھ تلے دبانا نہیں، بلکہ اسے اس بوجھ سے نکلنے کا راستہ دکھانا ہے۔
ہمدردی کا مطلب غلطی کی تائید کرنا یا کسی کو اس کے اعمال کے نتائج سے بری الذمہ قرار دینا ہرگز نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص غلطی کرتا ہے تو اسے اس کا احساس دلانا بھی ضروری ہے، لیکن احساس دلانے اور عار دلانے میں بڑا فرق ہے۔ احساس دلانے والا دوسرے کو سنبھلنے کا موقع دیتا ہے، جبکہ عار دلانے والا اسے اسکی غلطی کے ساتھ اس طرح باندھ دیتا ہے جیسے اس کے لئے واپسی کا کوئی راستہ ہی باقی نہ ہو۔ ایک اچھا معلم اپنے شاگرد کی غلطی درست کرتا ہے، اسے ذلیل نہیں کرتا؛ ایک مخلص دوست اختلاف کرتا ہے، مگر دوستی کے احترام کو پامال نہیں کرتا؛ ایک سمجھ دار انسان کسی کی کوتاہی پر گرفت کرتا ہے، مگر اس کی عزتِ نفس کو مجروح کرنے کو اپنی کامیابی نہیں سمجھتا۔ کیونکہ اصلاح کا اصل مقصد انسان کو بہتر بنانا ہے۔
انسان کا کردار دراصل اس کی نیت اور سوچ کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ اس کے الفاظ زبان سے ادا ضرور ہوتے ہیںلیکن ان کے پیچھے کارفرما احساسات اس کے باطن کی خبر دیتے ہیں۔ جس کے دل میں خیر خواہی اور اخلاص ہو، وہ دوسروں کی کامیابی پر خوش ہوتا ہے، ان کی پریشانی میں شریک ہوتا ہے اور حتی الامکان ان کے لئے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اسے کسی کی کمزوری سے اپنی برتری ثابت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، کیونکہ اس کی نظر دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے اسے بہتر دیکھنے پر ہوتی ہے۔ اس کے برعکس جس کے دل میں بدخواہی، خود پسندی یا دوسروں کو کمتر سمجھنے کا جذبہ ہو، وہ بسا اوقات درست بات بھی ایسے انداز میں کہتا ہے کہ اس سے اصلاح کے بجائے اذیت پیدا ہوتی ہے۔ یوں الفاظ ایک ہوتے ہیں مگر ان کے پیچھے موجود نیت انہیں مختلف معنویت عطا کردیتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’العصر‘‘ اور’’الضحیٰ‘‘ محض وقت کے دو حصے نہیں زندگی کا مکمل فلسفہ ہیں
یہ بھی ایک قابلِ غور حقیقت ہے کہ انسان دوسروں کے ساتھ جس طرح پیش آتا ہے، دراصل وہ اپنے باطن کی ایک جھلک پیش کر رہا ہوتا ہے۔ جو شخص کسی مجبور کو دیکھ کر اس کی مجبوری کا مذاق اڑاتا ہے، وہ اپنی قوت کا نہیں، اپنی بے حسی کا اظہار کرتا ہے۔ جو کسی کی ناکامی کو اپنی کامیابی کا ذریعہ بناتا ہے، وہ اپنی قابلیت نہیں، اپنے احساس کی کمی ظاہر کرتا ہے، اور جو کسی کے آنسوؤں کے سامنے بھی اپنے لہجے کی سختی برقرار رکھتا ہے، اسے شاید اپنی بے لاگ گفتگو پر فخر ہو، مگر وہ یہ نہیں سمجھ پاتا کہ بے رحمی کو صاف گوئی کا نام دینے سے اس کی حقیقت نہیں بدل جاتی۔ سچ بولنا یقیناً خوبی ہے، لیکن سچائی کے ساتھ شائستگی، موقع شناسی اور احساس بھی ہونا چاہئے ورنہ ایک شخص درست بات کہنے کے باوجود اپنے طرزِ عمل سے غلط ثابت ہوسکتا ہے۔
زندگی کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ ہم دوسروں کی غلطیوں کا فیصلہ کرتے وقت ان کے حالات سے زیادہ اپنی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔ ہمیں کسی کا نتیجہ نظر آتا ہے مگر اس کے پیچھے چھپی ہوئی جدوجہد دکھائی نہیں دیتی؛ اس کی خاموشی دکھائی دیتی ہے مگر وہ طوفان نہیں جو اس کے اندر برپا ہوتا ہے؛ اس کی کوتاہی نظر آتی ہے مگر وہ مجبوریاں اور ذہنی الجھنیں نہیں جن سے گزر کر وہ اس مقام تک پہنچا ہوتا ہے۔ ہم چند لمحوں کے مشاہدے کی بنیاد پر کسی کی پوری زندگی کا فیصلہ صادر کردیتے ہیں، حالانکہ کسی انسان کو مکمل طور پر سمجھنے کیلئے اس کے حالات، محرکات اور داخلی کشمکش کو جاننا بھی ضروری ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں ہر انسان کسی نہ کسی مرحلے پر دوسروں کے سہارے کا محتاج ہوتا ہے۔ آج جو شخص کسی کو تسلی دے رہا ہے، کل خود کسی تسلی کا منتظر ہوسکتا ہے؛ آج جو کسی کی غلطی پر تنقید کر رہا ہے، کل ممکن ہے خود اُس سے ایسی لغزش سرزد ہوجائے جس پر اسے کسی کی نرمی درکار ہو۔ انسانی زندگی کی یہی باہمی وابستگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ دوسروں کے ساتھ وہی رویہ اختیار کیا جائے جس کی توقع ہم اپنے لئے رکھتے ہیں۔ اگر ہم اپنی کمزوری کے وقت کسی کی ہمدردی چاہتے ہیں تو ہمیں بھی دوسروں کی کمزوری کے وقت ان کے لئے نرم گوشہ رکھنا چاہئے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ کوئی ہماری غلطی کو ہماری پوری شخصیت کا معیار نہ بنائے تو ہمیں بھی دوسروں کو ان کی ایک لغزش کے حوالے سے نہیں پرکھنا چاہئے۔
آخرکار انسان کی اصل عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ کتنی غلطیاں پکڑ سکتا ہے، کتنے لوگوں کو ان کی کوتاہیاں یاد دلا سکتا ہے یا کتنی بار اپنی بات کو درست ثابت کرسکتا ہے بلکہ اس میں ہے کہ وہ اپنی سمجھ، اپنے الفاظ اور اپنے اختیار کو دوسروں کی بھلائی کے لئے کس طرح استعمال کرتا ہے۔ کسی ٹوٹے ہوئے دل کو سہارا دینا، کسی مایوس انسان میں امید جگانا، کسی شرمندہ شخص کو اصلاح کا موقع دینا اور کسی مجبور کیلئے آسانی پیدا کرنا ایسے اعمال ہیں جن کی قدر محض الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ انسانیت کا حسن اسی وقت نمایاں ہوتا ہے جب طاقت کے باوجود نرمی، علم کے باوجود انکساری اور اختلاف کے باوجود احترام باقی رہے۔ کیونکہ آخرکار لوگ ہماری کہی ہوئی درست باتیں ہی یاد نہیں رکھتے، بلکہ یہ بھی یاد رکھتے ہیں کہ ہماری موجودگی نے ان کے دلوں کو سکون دیا تھا یا مزید بوجھل کردیا تھا۔ یہی وہ پیمانہ ہے جس پر انسان کے کردار کی اصل قدر متعین ہوتی ہے۔