۱۷؍ رمضان المبارک، ۲؍ہجری کو بدر کے مقام پر ۳۱۳؍ اہل ایمان بمقابلہ ۱۰۰۰؍ مشرکین مکہ کے درمیان پیش آنے والا یہ معرکہ اپنی نوعیت کا منفرد اور کثیر الجہات معرکہ ہے جس سے ہر سطح کے لوگ انفرادی و اجتماعی طور پر مستفیض ہو سکتے ہیں۔ عددی سطح پر دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ کثرت ِ عدد فتح کی دلیل نہیں، اقلیت کیلئے بدر ایک دائمی سبق ہے کہ وہ اکثریت سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنے مقصد اور کردار کو مضبوط کرے۔
جب دلوں میں ایمان زندہ ہو، صفوں میں اتحاد ہو اور مقصد واضح ہو تو چھوٹا سا قافلہ بھی بڑے لشکروں کا رخ بدل دیتا ہے۔ تصویر: آئی این این
غزوۂ بدر اسلام کی تاریخ کا وہ پہلا عظیم معرکہ ہے جس نے مدینہ کی چھوٹی سی بستی کو محض ایک پناہ گاہ کے بجائے ایک زندہ امت کی صورت دے دی۔ ہجرت کے بعد مسلمانوں کی زندگی بظاہر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی تھی، مگر مشرکین ِمکہ کی دشمنی ختم نہیں ہوئی تھی؛ بلکہ انہوں نے اپنی شدت اور منصوبہ بندی میں اضافہ کر لیا تھا۔
یہ صرف ایک مذہبی اختلاف نہ تھا بلکہ ایک پورے نظامِ حیات کی کشمکش تھی۔ ایک طرف وہ جماعت تھی جو انسان کو اللہ کا بندہ بنانے آئی تھی، اور دوسری طرف وہ قوتیں تھیں جو انسان کو طاقت، دولت اور قبائلی غرور کے سائے میں رکھنا چاہتی تھیں۔ مکہ کے سرداروں کو یہ خطرہ لاحق ہو گیا تھا کہ اگر اسلام کا پیغام پھیل گیا تو ان کی معاشی اجارہ داری، مذہبی اقتدار اور سماجی بالادستی سب کچھ متزلزل ہو جائیگا۔ اس لئے انہوں نے مسلمانوں کے خلاف ہر ممکن حربہ استعمال کیا۔
ایسے میں بدر کا واقعہ محض ایک جنگ نہیں تھا بلکہ ایک مسلسل ظلم کے مقابلے میں حق کے دفاع اور بقا کی جدوجہد تھی۔ مسلمانوں کے پاس نہ بڑی فوج تھی نہ جنگی سامان، نہ کسی سلطنت کی پشت پناہی۔ دوسری طرف قریش دولت، قبائلی قوت اور غرور کے ساتھ میدان میں آئے۔ مگر حالات نے رخ بدلا اور بدر کے میدان میں دو جماعتیں آمنے سامنے آگئیں : ایک وہ جو اللہ کی بندگی اور عدل کے لئے کھڑی تھی اور دوسری وہ جو جاہلیت کے نظام کو بچانا چاہتی تھی۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ظاہری معیار، تعداد، سامان اور طاقت پس منظر میں چلے گئے اور اصل فیصلہ ایمان، صبر اور اللہ پر توکل کے اصول پر ہونے لگا۔ میدانِ بدر کی ریت پر صرف تلواریں نہیں ٹکرائیں بلکہ نظریات ٹکرائے، اقدار ٹکرائیں اور انسان کے مستقبل کا راستہ متعین ہوا۔
قرآنِ مجید نے بدر کو محض ایک تاریخی واقعہ کے طور پر نہیں بلکہ ایمان کی تربیت اور حق و باطل کی پہچان کے ایک معیار کے طور پر پیش کیا ہے۔ قرآن اسے ”یوم الفرقان“ کہتا ہے، یعنی وہ دن جس میں حق اور باطل کے درمیان واضح لکیر کھنچ گئی۔ اس دن یہ حقیقت نمایاں ہوئی کہ اللہ کی مدد اس کے اُن بندوں کے ساتھ ہوتی ہے جو اخلاص اور استقامت کے ساتھ کھڑے ہوں، چاہے وہ تعداد میں کم ہی کیوں نہ ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ بدر اسلام کی تاریخ میں صرف ایک جنگ نہیں بلکہ ایک معیار، ایک استعارہ اور ایک دائمی علامت بن کر ابھرتا ہے۔
دو تہذیبوں کے درمیان تفریق
جنگ ِ بدر کو اگر تہذیبی زاویے سے دیکھا جائے تو اس زاویئے سے بھی یہ محض جنگ نہیں بلکہ انسانی تاریخ کا وہ لمحہ ہے جہاں دو طرزِ حیات آمنے سامنے آگئے۔ ایک وہ جو انسان کو اللہ کا بندہ بناتا ہے، اور دوسرا وہ جو انسان کو خواہش، طاقت اور طبقاتی غرور کا غلام بنائے رکھتا ہے۔
مکہ کی تہذیب تجارت، قبائلی برتری، سودی مفادات اور بت پرستی کے گرد قائم تھی۔ اس کے پاس دولت، سماجی اثر اور جنگی قوت موجود تھی۔ عرب کے قافلے اس کے بازاروں سے گزرتے تھے اور کعبہ کی تولیت نے اسے مذہبی مرکزیت بھی دے رکھی تھی۔ مگر اس تمدن کی بنیاد اخلاقی اعتبار سے کمزور تھی۔ انسان کی عزت نسب اور قبیلے سے متعین ہوتی تھی، نہ کہ سچائی اور کردار سے جو کہ اصل معیار ہیں۔ اس نظام میں غلام غلام ہی رہتا تھا اور کمزور کے لئے انصاف کا دروازہ بند رہتا تھا۔
اس کے مقابلے میں مدینہ میں ایک نئی تہذیب ابھر رہی تھی جس کی بنیاد ایمان، عدل، مساوات اور خدا کے سامنے جواب دہی پر تھی۔ یہاں مہاجر اور انصاری ایک دوسرے کے بھائی بن گئے تھے، یہاں غلام اور سردار ایک ہی صف میں کھڑے ہوتے تھے، اور طاقت کو اخلاق کے تابع کر دیا گیا تھا۔ یہ وہ تہذیب تھی جس میں انسان کی قدر اس کے تقویٰ اور کردار سے ہوتی تھی۔
جیسا کہ عرض کیا گیا، بدر میں اصل مقابلہ تعداد کا نہیں بلکہ نظریے کا تھا۔ قریش اس نظام کی نمائندگی کر رہے تھے جس میں طاقتور محفوظ اور کمزور پامال ہوتا ہے جبکہ مسلمانوں کی جماعت اس تہذیب کی نمائندہ تھی جس میں انسان کی قدر اس کے تقویٰ اور کردار سے ہوتی ہے۔ جہاں غلام اور آقا ایک صف میں کھڑے ہوتے ہیں اور طاقت کا مقصد تسلط نہیں بلکہ عدل کا قیام ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بدر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ تہذیب صرف عمارتوں، بازاروں یا سیاسی قوت کا نام نہیں۔ اصل تہذیب وہ ہے جو انسان کو اخلاقی بنیاد فراہم کرے اور معاشرے کو انصاف کے اصول پر قائم کرے۔ بدر نے اس سوال کا جواب ہمیشہ کے لئے دے دیا کہ ترقی کا اصل معیار کیا ہے: طاقت یا اخلاق؟
عددی قوت اور اخلاقی قوت کے درمیان تفریق
بدر کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اس نے اقلیت اور اکثریت کے تصور کو نئے زاویے سے سمجھایا۔ مسلمانوں کی تعداد کم تھی، وسائل بھی محدود تھے، اور سیاسی حیثیت بھی مضبوط نہ تھی۔ دوسری طرف قریش تعداد اور طاقت دونوں میں برتر تھے مگر تاریخ کے اس لمحے نے ایک بنیادی حقیقت واضح کر دی کہ اکثریت ہمیشہ حق کی دلیل نہیں ہوتی اور اقلیت لازماً کمزور نہیں ہوتی۔ اصل معیار تعداد نہیں بلکہ سچائی اور کردار ہے۔ مسلمانوں کی قوت ان کے ایمان، نظم اور مقصد کی وضاحت میں تھی۔
قریش کی اکثریت دراصل اپنی طاقت کے غرور میں مبتلا تھی۔ وہ اپنی سماجی برتری اور معاشی مفادات کے تحفظ کیلئے میدان میں آئے تھے۔ جبکہ مسلمانوں کی اقلیت ظلم کے خاتمے اور انصاف کے قیام کے لئے کھڑی تھی۔ بدر نے ایک نفسیاتی حقیقت بھی آشکار کی کہ اکثریت اکثر اپنی تعداد کے نشے میں اخلاقی جواز پیدا کر لیتی ہے۔ وہ سمجھتی ہے کہ چونکہ ہم زیادہ ہیں اس لئے ہم درست ہیں۔ قرآن نے اس فریب کو بارہا توڑا ہے کہ اکثر لوگ حق کو نہیں پہچانتے اور اکثر لوگ سچائی سے غافل رہتے ہیں۔ اقلیت کے لئے بدر ایک دائمی سبق ہے کہ وہ اکثریت سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنے مقصد اور کردار کو مضبوط کرے۔ اگر اقلیت نظم، اخلاص اور استقامت کے ساتھ کھڑی ہو تو وہ اکثریت کے دباؤ کو بے اثر بنا سکتی ہے۔ بدر کی تاریخ بتاتی ہے کہ جب تین سو تیرہ افراد اپنے یقین میں پہاڑ بن جائیں تو ہزار کا لشکر بھی ان کے سامنے ٹھہر نہیں سکتا۔
خود پرستی اور خدا پرستی کے درمیان تفریق
بدر کا ایک گہرا باطنی پہلو تکبر اور عاجزی کے درمیان فرق کو واضح کرتا ہے۔ قریش کا لشکر صرف جنگ کے لئے نہیں بلکہ اپنی برتری کے اظہار کے لئے آیا تھا۔ انہیں اپنی دولت، قبیلے اور سماجی حیثیت پر غرور تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ فیصلہ ان کی طاقت سے ہوگا اور ان کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکے گا۔ یہی غرور انہیں بدر تک کھینچ لایا تھا۔
اس کے برعکس اہلِ ایمان کی کیفیت بالکل مختلف تھی۔ ان کے پاس وسائل کم تھے مگر دل اللہ کے سامنے جھکے ہوئے تھے۔ ان کی قوت کا سرچشمہ خود اعتمادی نہیں بلکہ ’’خدا اعتمادی‘‘ (خدا پر اعتماد) تھا۔ میدانِ بدر میں اللہ کے رسولؐ کی دعا اور اللہ کے حضور عاجزی اس حقیقت کی علامت تھی کہ اہلِ ایمان کا اصل سہارا رب کی مدد ہے۔ ایک طرف غرور کی بلند آوازیں تھیں اور دوسری طرف دعا کی عاجزانہ صدائیں۔ یہی فرق تھا جس نے اس معرکے کو فیصلہ کن بنا دیا تھا۔
تکبر انسان کو اپنے نفس کے گرد قید کر دیتا ہے جبکہ عاجزی انسان کو اللہ کے ساتھ جوڑ دیتی ہے۔ غرور عقل کو دھندلا دیتا ہے اور آدمی کو اپنی طاقت کے فریب میں مبتلا کر دیتا ہے۔ بدر نے یہ دکھا دیا کہ جب غرور غالب آ جائے تو بڑے سے بڑا لشکر بھی شکست کھا سکتا ہے۔
فضائے بدر پیدا کر!
بدر اگر صرف تاریخ کے طور پر پڑھا جائے تو وہ ایک واقعہ ہے، لیکن اگر اسے قرآن کی روشنی میں سمجھا جائے تو وہ ہر دور کے لئے ایک زندہ پیغام بن جاتا ہے۔ آج بھی دنیا میں حق و باطل کی کشمکش جاری ہے۔ کہیں یہ سیاسی صورت میں ظاہر ہوتی ہے، کہیں تہذیبی سطح پر، اور کہیں فرد کے اندر خواہش اور تقویٰ کے درمیان۔ واقعہ ٔ بدر ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ باطل بظاہر طاقتور ہوتا ہے مگر اخلاق سے خالی ہونے کے باعث دیرپا نہیں رہتا۔ اور حق بظاہر کمزور ہوتا ہے مگر اللہ کے ساتھ جڑا ہونے کی وجہ سے اس میں زندگی اور مستقبل دونوں ہوتے ہیں۔
مسلمانوں کے لئے بدر کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ وہ دشمن کی ظاہری قوت سے مرعوب نہ ہوں اور نہ اپنی کمزوری سے مایوس ہوں۔ اگر مقصد اللہ کی رضا اور جدوجہد انصاف کے لئے ہو تو اللہ ایسے اسباب پیدا کرتا ہے جن کا گمان بھی نہیں ہوتا۔ اسی لئے بدر صرف ایک تاریخی معرکہ نہیں بلکہ ایک دائمی معیار ہے۔ جب دلوں میں ایمان زندہ ہو، صفوں میں اتحاد ہو اور مقصد واضح ہو تو چھوٹے سے قافلے بھی بڑے لشکروں کا رخ بدل دیتے ہیں۔ بدر ہمیں یہی دعوت دیتا ہے کہ ہر دور میں حق کے ساتھ کھڑے ہونے کا حوصلہ پیدا کیا جائے اور معاشرے میں وہ اخلاقی فضا قائم کی جائے جو عدل، تقویٰ اور انسانیت کو زندہ رکھ سکے۔ یہی وہ فضائے بدر ہے جس میں ایمان تازہ ہوتا ہے، کردار مضبوط ہوتا ہے اور انسان کو یہ یقین حاصل ہوتا ہے کہ اگر وہ حق کے ساتھ کھڑا ہو جائے تو تاریخ کا دھارا بدل سکتا ہے۔