Inquilab Logo Happiest Places to Work

اللہ کے مہمانو! ذرا سوچو اور غور کرو

Updated: May 08, 2026, 3:18 PM IST | Razi Mohammed Wali | Mumbai

جب احرام باندھو تو اپنے آخری لباس کفن کو مت بھولنا کہ آخر کار یہی تمہارا لباس ہوگا۔ جب طوافِ کعبہ کروتو اس میں مرکزیت کا جو درس پنہاں ہے اس پر ضرور غور و فکر کرنا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

* اے عازمو! اے اللہ کے مہمانو! تم کو یہ مرتبہ و منصب  مبارک ہو،  اللہ تمہارے حج کو قبولیت بخشے اور تم کو تمہارے گناہوں سے اس طرح پاک کردے جیسے ابھی ابھی تم نے اپنی ماں کی کوکھ سے جنم لیا ہے۔
* اے اللہ کے مہمانو! احرام باندھتے ہوئے، طوافِ کعبہ کرتے ہوئے، زم زم پیتے ہوئے، صفا مروہ کی سعی کرتے ہوئے، منیٰ میں قیام کرتے ہوئے، عرفات میں وقوف کرتے ہوئے، مزدلفہ میں رات گزارتے ہوئے، شیطان کو کنکریاں مارتے ہوئے، قربانی کرتے ہوئے، حلق کراتے ہوئے ، غرض ہر قدم پر اور ہر موقع پر اپنی زندگیوں کا جائزہ لیتے رہو، اپنا احتساب کرتے رہو اس دن سے پہلے جب سب سے بڑا حساب ہوگا۔ اور یاد رکھو  وہ حساب ضرور ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: حج: یہ سفر جتنا مبارک ہے اسکے تقاضے بھی اتنے ہی زیادہ ہیں

* اے سنت ِ ابراہیمی ؑ کے پیروکارو! جب احرام باندھو تو اپنے آخری لباس کفن کو مت بھولنا کہ آخر کار یہی تمہارا لباس ہوگا۔ جب طوافِ کعبہ کروتو اس میں مرکزیت کا جو درس پنہاں ہے اس پر ضرور غور و فکر کرنا۔
* جب زم زم پیو تو اسماعیل کی تڑپ اور اللہ پر ہاجرہ کے توکل کو نظروں میں رکھ کر اپنی آئندہ کی زندگی کی منصوبہ بندی کرنا۔ جب سعی کرو تو ہاجرہ کی بے چینی اور اسباب کے لیے جدوجہد کو بھی خیال میں رکھنا کہ یہی کامیابی کی سیڑھی ہے۔
* جب سر منڈواؤ تو غلامی سے آزادی کو یاد کرلینا کہ آج کے خداؤں سے جن کی ہم پیروی کرتے ہیں آزادی حاصل کرنی ہے۔ جب منیٰ میں قیام ہوتو اللہ کی عظمت کو یاد کرلینا کہ کل تک جو جگہ ایک بیابان کے سوا کچھ نہ تھی، آج ایک عظیم الشان بستی کا نظارہ پیش کررہی ہے اور کل پھر ایک ویرانہ ہوگی۔
* اے عزیزو، میدانِ عرفات  میں یومِ حشر آنکھوں کے سامنے رکھنا کہ اُس روز اسی طرح ایک ساتھ سب اکھٹے ایک ہی لباس میں اُٹھائے جاؤ گے۔

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: ٹول کا حکم، قربانی کے جانور کی عمر، مطلوبہ مال نہ ملنے پر واپس کرنا

* مزدلفہ کی وادی میں قیام کے دوران اللہ کے عذاب سے پناہ مانگنا کہ جو اس کی خدائی میں شرکت چاہتے ہیں، اُس کا تکبّر مٹانے کے لیے بالشت بھر پرندے ہی کافی ہوجاتے ہیں۔ شیطان کو کنکریاں مارتے ہوئے اپنے نفس کے شیطان کو مارنا مت بھولناکہ اگر تم نے اسے زندہ چھوڑ دیا تو وہ تم کو جہنم کی سیر ضرور کروائے گا۔اسی طرح قربانی کرتے ہوئے رضائے الٰہی کی خاطر اپنے آپ کو ہر قربانی کے لیے تیار رکھنا،  چاہے یہ قربانی تمہارے مال و اسباب کی ہو، وقت کی ہو، توانائی کی ہو، صلاحیتوں کی ہو، امنگوں کی ہو، خواہشوں کی ہو یا جان کی۔
* اے  حجاز مقدس پہنچنے والو، احرام اُتارتے ہوئے یاد رکھنا کہ اب واپس دنیا میں جانا ہے اور دنیا میں رہ کر آخرت کو ترجیح دینی ہے۔ اگر تم نے حج کی اصل روح کو پالیااور اللہ کرے تم ضرور اس روح کو پاؤ ، تو یاد رکھنا تمہاری زندگی میں ایک انقلاب آنا چاہئے۔ جو گناہ پہلے کرتے تھے اب ان سے کنارہ کش ہوجانا اور اچھے کام کرنے کا، اللہ کی رضامندی اور خوشنودی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دینا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK