Inquilab Logo

غفلت: بندہ کو اللہ سے دور کرنے والا مرض

Updated: February 23, 2024, 4:01 PM IST | Ahmad Talib Hameed | Mumbai

نماز کی پابندی، ذکر الٰہی، تلاوت قرآن مجید اور اہل علم کی صحبت اس مرض کیلئے نسخۂ کیمیا ہے۔

Make it a routine to recite the Holy Quran, you will be safe from negligence. Photo: INN
تلاوت ِ کلام پاک کا معمول بنالیجئے، غفلت سے محفوظ رہیں گے۔ تصویر : آئی این این

 اللہ تعالیٰ کے ہر ایک پسندیدہ عمل کو سر انجام دیتے ہوئے اور اس کے ہر ایک مبغوض اور ناپسندیدہ عمل سے اجتناب کرتے ہوئے اس سے ڈرتے رہو کیونکہ اللہ تعالی کا ڈر اور اس کا تقویٰ ہی اس دنیا میں سعادت و خوشی کا سبب اور آخرت میں خلد بریں سے سرفراز ہونے کا ذریعہ ہے۔ خوشخبری ہے اس (شخص) کے لئے جس نے تقویٰ کو لازم پکڑا اور ویل و نا کامی ہے اس (شخص) کیلئے جس نے اسے (تقویٰ) کو چھوڑ دیا اور اس پر عمل نہ کیا۔ 
دل کی اصلاح کیجئے
  اللہ تعالیٰ کے بندو! جن چیزوں سے دلوں کی اصلاح ہوتی ہے ان سے اپنے دلوں کی اصلاح کرو اور دلوں کو بگاڑنے والے امور سے اپنے دلوں کو محفوظ رکھو اور ان کی نگرانی کرتے رہو کیونکہ دل ہی جسمانی اعضاء کا بادشاہ ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
 ’’ سن لو! جسم میں ایک لوتھڑا ہے جب وہ درست ہو جاتا ہے تو سارا جسم درست رہتا ہے اور جب وہ خراب ہو جاتا ہے تو سارا جسم خراب ہو جاتا ہے۔ یاد رکھو! وہ دل ہے۔ ‘‘ 
(صحيح البخاري: وصحيح مسلم)
غفلت، دل کی سب سے بڑی بیماری 
کیا آپ جانتے ہیں کہ دل کی وہ سب سے بڑی بیماری کون سی ہے کہ جو بھی اس میں مبتلا ہوتا ہے وہ ہر خیر سے محروم ہو جاتا ہے یا خیر کے بہت سے راستوں سے محروم ہو جاتا ہے۔ تو سنو! دل کی سب سے بڑی بیماری غفلت ہے۔ یہی وہ شدید غفلت ہے جس کے سبب کفار و منافقین بد بخت قرار پائے اور جو ان کے ہمیشہ ہمیشہ جہنم میں رہنے کا سبب بنا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
 ’’جو شخص اپنے ایمان کے بعد اللہ سے کفر کرے بجز اس کے (یعنی ایسے شخص کو چھوڑ کر) جس پر جبر کیا جائے اور اس کا دل ایمان پر برقرار رہے مگر جو لوگ کھلے دل سے کفر کریں تو ان پر اللہ تعالی کا غضب ہے اور انہی کیلئے بڑا عذاب ہے۔ یہ اس لئے کہ انہوں نے دنیا کی زندگی کو آخرت سے زیادہ محبوب رکھا۔ یقیناً اللہ تعالیٰ کافروں کو راہ راست نہیں دکھاتا۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں اور کانوں پر اور جن کی آنکھوں پر اللہ تعالی نے مہر لگا دی ہے اور یہی لوگ غافل ہیں۔ ‘‘ ( سورۃ النحل: ۱۰۶؍ تا ۱۰۸)۔ بسا اوقات ایک مسلمان کار خیر کے بعض کاموں سے غفلت برتتا ہے اور نفع اور فائدے کے وسائل نیز برائیوں سے نجات کے اسباب اختیار کرنے سے بھی غفلت اختیار کرتا ہے تو وہ غفلت کے بقدر کار خیر کے ثواب سے بھی محروم ہو جاتا ہے اور نجات کے اسباب ترک کرنے کی وجہ سے شرور و فتن اور دیگر ناپسندیدہ چیزوں کا مزہ چکھتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
 ’’اور ہر ایک کو اپنے اپنے اعمال کے مطابق درجے ملیں گے تاکہ انہیں ان کے اعمال کے پورے پورے بدلے دیئے جائیں اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔ ‘‘ ( سورۃ الاحقاف:۱۹)
 اور دوسری جگہ ارشاد ہے :
 ’’اور یہ کہ ہر انسان کے لئے صرف وہی ہے جس کی اس نے خود کوشش کی اور یہ کہ بیشک اس کی کوشش عنقریب دیکھی جائے گی پھر اسے پورا پورا بدلہ دیا جائے گا۔ ‘‘ ( سورۃ النجم: ۳۹؍تا۴۱)

یہ بھی پڑھئے: ’شعبان‘ غفلت دور کرنے کا مہینہ

 امام حسن بصری ؒ فرماتے ہیں کہ روز قیامت اللہ تعالیٰ ارشاد فرمائے گا : ’’اے میرے بندو ! میری رحمت سے جنت میں داخل ہو جاؤ اور اپنے اعمال کے مطابق اس میں سے حصہ لے لو۔ ‘‘
 سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ کو دیکھا کہ وہ پیچھے کی صفوں میں رہتے ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ”آگے آ جاؤ اور نماز میں تم میری اقتداء کرو اور تمہارے بعد والے تمہاری اقتداء کریں، کچھ لوگ برابر پیچھے رہا کرتے ہیں یہاں تک کہ اللہ ان کو (اپنی رحمت سے یا اپنی جنت سے) پیچھے کر دیتا ہے۔ ‘‘ (صحيح مسلم، صحیح ابن ماجہ)
 اسی طرح سیدنا سمرہ بن جندب ؓسے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
 ’’خطبہ جمعہ میں حاضر ہوا کرو اور امام کے قریب بیٹھا کرو، بلاشبہ آدمی (بےرغبتی کرتے ہوئے) دور ہوتا رہتا ہے، حتی کہ اسے جنت میں بھی پیچھے ہی جگہ ملتی ہے اگرچہ داخلہ مل ہی جائے۔ ‘‘ (السلسلۃ الصحيحۃ و صحيح أبي داؤد)
غفلت کی سزا
 اللہ تعالیٰ نے نجات کے اسباب اختیار کرنے میں غفلت برتنے کی سزا سناتے ہوئے یوں ارشاد فرمایا :
 ’’(کیا بات ہے) کہ جب تمہیں ایک ایسی تکلیف پہنچی کہ تم اس جیسی دو چند پہنچا چکے تو یہ کہنے لگے یہ کہاں سے آ گئی؟ آپ کہہ دیجئے کہ یہ خود تمہاری طرف سے ہے۔ بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔ ‘‘ ( سورۃ آل عمران:۱۶۵)
اور ارشاد باری تعالیٰ ہے:
 ’’اور جو تم پر مصیبت آتی ہے وہ تمہارے اپنے ہاتھوں کے کئے ہوئے کاموں سے آتی ہے اور وہ (اللہ) بہت سے گناہ معاف کر دیتا ہے۔ ‘‘ (سورۃ الشوریٰ:۳۰)
غفلت کا معنی
 غفلت کے بارے میں مزید جاننے سے پہلے آئیے غفلت کا اعادہ کریں کہ یہ کیا ہے۔ اس کا معنی نیکی اور بھلائی کا جان بوجھ کر ارادہ نہ کرنا اور اسے اچھا نہ جاننا، ساتھ ہی ساتھ علم نافع اور عمل صالح سے خالی ہونا ہے۔ یہ سخت درجہ کی مہلک غفلت ہے۔ جب انسان پر غفلت حاوی ہوتی ہے تو وہ وہم و گمان، ہوائے نفس، شیطانی وسوسے اور خواہشات نفس ہی کی پیروی کرتا ہے اور یہی وہ غفلت ہے جس پر اللہ تعالیٰ کافروں اور منافقوں کو دنیا و آخرت دونوں جگہ عذاب دیتا ہے۔ 
 غفلت کے نقصانات
 مسلمان شخص کا غفلت برتنا اس کے لئے بہت بری چیز ہے اس کے نقصانات بھیانک ہیں یہ غفلت اسے ہلاکت و تباہی کی کھائی میں دھکیل دیتی ہے اور خیر و بھلائی کی راہوں کو مسدود کر دیتی ہے۔ غفلت کے بہت سارے نقصانات ہیں اور اس کے شر کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ 
اللہ تعالیٰ سے دوری: غفلت کے نقصانات میں سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ غفلت انسان کو اپنے خالق کی یاد سے غافل کر دیتی ہے جو انسان کے اپنے رب سے دوری کا سبب بن جاتی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے
 ’’اور ان کی طرح نہ ہوں جنہوں نے اللہ کو بھلا دیا پھر اللہ نے بھی ان کو ایسا کردیا کہ اپنے آپ کو ہی بھول گئے اور یہی لوگ ہی نافرمان ہیں۔ ‘‘ (سورہ الحشر :۱۹ )
 ’’وہ اللہ کو بھول گئے تو اللہ نے انہیں بھلا دیا بیشک منافقین ہی نافرمان ہیں۔ ‘‘ ( سورۃ التوبة:۶۷)
 ’’اور اپنے رب کو اپنے دل میں عاجزی سے اور ڈرتے ہوئے یاد کرتے رہا کرو، صبح و شام بلند آواز سے اور ہلکی آواز سے اور غافلوں میں سے مت ہو جاؤ۔ ‘‘ 
( سورۃ الاعراف:۲۰۵)
کمال ِتوحید میں نقص:مسلمان شخص جب کمال توحید سے واقفیت حاصل کرنے میں غفلت اختیار کرتا ہے تو وہ کمال توحید میں نقص و کمی کا شکار ہو جاتا ہے۔ 
نماز میں خلل: ایک بندہ جب نماز کے ارکان اور اس کے واجبات کی معرفت سے غفلت و لا پرواہی اختیار کرتا ہے تو اس کی نماز میں خلل واقع ہوتا ہے۔ 
والدین کی نافرمانی: والدین کی نافرمانی پر جو سزائیں ہیں ان سے لاعلمی اور غفلت کی بنیاد پر اولاد اپنے والدین کی نافرمانی کرتی ہے۔ نبی ﷺ کے ایک ارشاد کے مطابق والدین کی نافرمانی کرنے والا جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ 
قطع رحمی کرنا:قطع رحمی (رشتہ داروں سے اچھے تعلقات ختم کرنا) غفلت کی بنا پر انسان قطع رحمی کا مرتکب ہو جاتا ہے اور اس کی وعید سے دوچار ہوتا ہے۔ جیسا کہ جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا :
 ’’ قطع رحمی کرنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ ‘‘
 (صحیح مسلم) 
غفلت سے نجات کے اسباب
نماز جماعت کی پابندی: نماز ہی دلوں کی حیات وزندگی کی ضامن ہے کیونکہ نماز میں عظیم معانی ومقاصد مضمر ہیں۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
 ’’بیشک میں ہی اللہ ہوں، میرے سوا کوئی معبود نہیں ہے اس لئے آپ میری عبادت کیجیے اور مجھے یاد کرنے کے لئے نماز قائم کیجئے۔ ‘‘ ((سورۃ طہ :۱۴)
ذکر الٰہی: ذکر الٰہی سے دل زندہ ہوتے ہیں، شیطان دور بھاگتا ہے، روح پاک ہو جاتی ہے اور بدن اطاعت کے کاموں میں راغب ہوتا ہے، خواب غفلت سے انسان بیدار ہوتا ہے اور دائمی ذکر الٰہی بندے کو گناہوں سے بچاتا ہے۔ ابو موسی اشعریؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’ جو شخص رب کو یاد کرتا ہے اور جو نہیں یاد کرتا ان دونوں کی مثال زندہ اور مردہ کی ہے۔ ‘‘ (صحیح البخاري و مسلم)
تلاوت قرآن مجید: غفلت سے حفاظت کے اسباب میں قرآن کی تلاوت بھی ہے۔ اس میں انتہائی حیرت انگیز قصے اور انسان کی دلچسپیوں کا سامان موجود ہے۔ اس میں دلوں کی شفاء ہے۔ اس میں ہر خیر پر ابھارا گیا ہے اور شر سے ڈرایا گیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’اور ہم قرآن میں ایسی چیزیں نازل کرتے ہیں کہ وہ ایمان والوں کے لئے شفاء اور رحمت ہیں۔ ‘‘ (سورۃ الاسراء:۸۲)
اہل علم کی صحبت: اسی طرح غفلت سے بچاؤ کے اسباب میں سے اہل علم اور نیک لوگوں کی صحبت اور ہم نشینی اختیار کرنا بھی ہے۔ کیونکہ یہ لوگ رب کی یاد دہانی کراتے ہیں اور لوگوں کو علم شرعی کی تعلیم دیتے ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
 ’’اور اپنے آپ کو ان لوگوں کے ساتھ ہی مطمئن رکھئے جو صبح و شام اپنے پروردگار کو پکارتے ہیں اور اس کی رضا چاہتے ہیں، آپ کی آنکھیں ان سے ہٹنے نہ پائیں کہ دنیوی زندگی کی زینت چاہنے لگیں۔ ‘‘ (سورۃ الکہف:۲۸)
دنیا کی رنگینیوں سے دوری: غفلت سے نجات کے اسباب میں سے دنیا کی بے بضاعتی، حقارت اور بے ثباتی کو جاننا بھی ہے۔ اس کی چمک دمک اور حسن آرائش سے دھوکا نہ کھانا اور آخرت کو فرموش نہ کرنا بھی ہے۔ کیونکہ اسی چیز نے اکثر لوگوں کو آخرت اور ہدایت کے راستے سے دور کر رکھا ہے۔ 
اللہ تعالیٰ میرے اور آپ کے لئے قرآن کریم کو باعث برکت بنائے، اس کی آیات اور حکیمانہ نتائج سے مجھے اور آپ سب کو نفع پہنچائے۔ 
(مسجد نبویؐ میں دیئے گئے خطبے کی تلخیص)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK