• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افسانہ: سفید گلاب

Updated: November 23, 2026, 4:15 PM IST | Yasmeen Bano | Jalgaon

اسد مسکراتا ہوا اس کیاری تک آیا اور محبت سے اس سفید گلاب کو توڑ لیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

پھولوں سے تو دُنیا کا حسن قائم ہے۔ پھولوں کے بغیر دنیا کا تصور بے رنگ....

اسد یونیورسٹی کے احاطے میں کھڑا اپنے کسی ساتھی کا انتظار کر رہا تھا تب ہی اس کی نظر سامنے کیاری میں کھلے گلابوں پر پڑی۔ بہت سارے مہکتے گلابوں کے درمیان وہ سفید گلاب اس کی آنکھوں کا محور بن گیا۔ ان گلابوں میں وہ سب سے حسین تھا، سب سے جدا، سب سے الگ۔ قریب اُبلتے فوارے کا رم جھم پانی اس کے قدموں کو بوسہ دے رہا تھا۔ وہ ان پھولوں کے درمیان سب سے نمایاں تھا، جیسے ستاروں کی انجمن میں دمکتا چاند.... ابھی ابھی بارش کی ہلکی ہلکی بوندیں رکی تھیں۔ ان پھولوں کے چہروں سے پانی نتھر رہا تھا۔

اسد مسکراتا ہوا اس کیاری تک آیا اور محبت سے اس سفید گلاب کو توڑ لیا۔

سفید گلاب کو جھٹکا سا لگا۔ اس نے حیرت سے ان ہاتھوں کو دیکھا۔

وہ تیز قدموں سے اپنی گاڑی کی طرف آیا اور گلاب کو ڈیش بورڈ پر بٹھا دیا۔ سفید گلاب حیران سا اِدھر اُدھر دیکھنے لگا۔ اس کے سامنے ایک شفاف سی سڑک تھی جس پر گاڑی کسی گیند کی طرح دوڑ رہی تھی۔ سفید گلاب ڈیش بورڈ سے لگے شیشے سے باہر کا منظر دیکھنے لگا، ’’یہ کون سی دُنیا ہے اور مَیں کہاں جارہا ہوں؟ اُف....! یہاں میرا دَم گھٹ رہا ہے۔‘‘ گلاب نے اسد کی طرف دیکھا وہ مسحور سا، مسرور سا کچھ گنگنا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: افسانہ: دل کی بنجر زمین

’’کیسا ظالم شخص ہے....! ایک معصوم سے اس کی دُنیا چھین لی اور کیا مطمئن نظر آرہا ہے۔‘‘ گلاب تنفر سے اسد کو دیکھے گیا۔

ایک جھٹکے سے گاڑی رکی۔ منزل آچکی تھی۔ اسد نے مسکرا کر سفید گلاب کو دیکھا اور احتیاط سے، اُسے اُٹھا کر سیڑھیاں چڑھتا اپنے کمرے میں داخل ہوا۔ اس نے چٹکی بجائی تو کمرے کی ساری بتیاں جل اُٹھیں۔ کمرہ جگمگ کرنے لگا۔ وہ ایک پُر تعش سا اسٹڈی روم تھا۔ اس نے سفید گلاب کو اسٹڈی ٹیبل پر رکھا اور شیلف سے ایک شیشے کی بوتل نکالی پھر دھیرے سے گلاب کو بوتل میں بٹھا دیا۔ گلاب حیران تھا۔ خوفزدہ تھا۔ اسد نے کرسی کھینچی اور ٹیبل کے سامنے بیٹھ گیا۔ ان دونوں کے درمیان شیشے کی ایک پتلی سی دیوار تھی۔

گلاب ناراض ہوگیا۔ اسد مسکراتا ہوا اس کے حسن کو سراہ رہا تھا۔ ’’تم اب یہیں رہو گے۔‘‘ کہہ کر وہ گنگناتا ہوا کمرے سے نکل گیا۔

’’اف....!‘‘ سفید گلاب دبے دبے غصہ سے اسے جاتا ہوا دیکھتا رہا، ’’کوئی اس قدر ظالم کیسے ہوسکتا ہے۔‘‘ وہ شیشے کی دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ اس کمرے کی فضا میں اس کا دَم گھٹنے لگا۔ کہاں وہ باغ کی رونقیں اور کہاں یہ قفس کے گوشے کی تنہائی....! وہ تو مٹی کی نرم نرم گود میں سونے کا عادی تھا، بادِنسیم کے جھونکے اسے جھولا جھولاتے تھے۔ آس پاس موجود بھنورے اور پتنگے میٹھی میٹھی لوریاں گاتے تھے، اور یہاں.... یہاں کی فضا میں اُمس ہے، اے سی کی ٹھنڈی ہوا سے اس کی نازک ٹانگیں کانپنے لگیں۔ جسم میں درد ہونے لگا۔ اس کا سر چکرا رہا تھا۔ کاش....!کوئی آئے اور اسے اس قید تنہائی سے نجات دے۔ یہ اس کی دُنیا نہیں ہے وہ یہاں نہیں رہنا چاہتا.... کاش! اس کو پَر ہوتے تو وہ اُڑ کر باغ کی اسی کیاری میں پہنچ جاتا جہاں اس کا آشیانہ تھا۔

وقت گزرتا جارہا تھا اس کی نکھری نکھر ی رنگت متغیر ہو رہی تھی۔ سفید سفید چہرہ زرد پڑنے لگا تھا۔ وہ ملول نظر آرہا تھا ۔اس نے بیچارگی سے چاروں اور دیکھا۔

یہ بھی پڑھئے: گراں بارِ ایام

اچانک دروازہ کھلنے کی آواز آئی۔ دہلیز پر ایک حسین دوشیزہ کھڑی تھی۔ وہ متلاشی نظروں سے اِدھر اُدھر دیکھنے لگی، ’’اسد! اسد.... تم کہاں ہو؟‘‘ وہ کہتے ہوئے کمرے کے وسط میں آئی۔ وہ کالج جانے کو تیار تھی۔ بغل میں ایک کالج بیگ لٹک رہا تھا۔ اس کی نظر اسٹڈی ٹیبل پر رکھی بوتل پر پڑی۔ وہ مسکراتی ہوئی ٹیبل تک آئی، ’’واہ! کتنا خوبصورت گلاب ہے۔‘‘ وہ کہتے ہوئے سامنے رکھی کرسی پر بیٹھ گئی، ’’کس ظالم نے تمہارے ساتھ یہ ظلم کیا ہے؟‘‘ گلاب روہانسی صورت بنا کر اسے دیکھنے لگا۔ کاش! اسے زباں ہوتی تو وہ اپنا حالِ دل بیان کرتا کہ کس بےرحمی سے اسے اپنی دنیا سے نکال کر یہاں قید کیا گیا ہے۔ وہ ملتجی نظروں سے اس لڑکی کو دیکھ رہا تھا۔

وہ شیشے کی دیوار کے نزدیک منہ لگا کر اسے غور سے دیکھنے لگی، ’’ہونہہ! تم یہاں نہیں رہ سکتے۔‘‘ اس نے بغل سے بیگ نکالا اور ٹیبل پر رکھا، ’’تم اب یہاں نہیں رہو گے۔ یہ اسد بھی نہ ذرا پاگل سا ہے۔ بس ہر وقت پھولوں کو توڑ کر....‘‘

لڑکی نے احتیاط سے گلاب کو بوتل سے نکالا اور ٹیبل پر رکھا۔ گلاب نے پلکوں سے سجدۂ شُکر ادا کیا اور مشکور نظروں سے اس حسینہ کو دیکھا۔ لڑکی نے اپنے بیگ سے ایک کتاب نکالی اور.... دھیرے سے گلاب کو کتاب میں بند کر دیا، ’’تمہاری اصل جگہ یہاں ہے۔‘‘ وہ مسکرائی۔

کتاب کو بیگ میں رکھا اور اُٹھ کھڑی ہوئی۔ اُف....! گلاب کا دَم گھٹنے لگا۔ وہ زوروں سے ہاتھ پاؤں مارنے لگا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا ہی اندھیرا تھا۔ کوئی اسے بچائے۔ ’’اف! بچاو، بچاو۔ او خدا....!‘‘ وہ زور زور سے چیخنے لگا۔ اس کی سانسیں اکھڑنے لگیں....

دور پہاڑوں پر بارش کی ننھی ننھی بوندیں برسنے لگی تھیں۔ درخت کی شاخوں پر زرد سبز پتّوں کے بدن کانپ رہے تھے۔

وہ ایک میٹرو ٹرین میں بیٹھی، پُرسکون سی باہر گزرتے نظاروں سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔ بیگ بغل میں دبائے رکھا تھا.... اور ٹرین بڑی سرعت سے ایک سفید گلاب کی لاش کو لئے آگے بڑھ رہی تھی۔

باہر شام گہری ہو رہی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK