مہاراشٹر کا خطۂ کوکن محض قدرتی حسن اور دلکش مناظر کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنی ایک منفرد تہذیب، تاریخ، علمی و ادبی روایت اور سماجی و معاشی اہمیت کے سبب ریاست ہی نہیں، ملک کے اہم ترین خطوں میں شمار ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 03, 2026, 4:27 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
مہاراشٹر کا خطۂ کوکن محض قدرتی حسن اور دلکش مناظر کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنی ایک منفرد تہذیب، تاریخ، علمی و ادبی روایت اور سماجی و معاشی اہمیت کے سبب ریاست ہی نہیں، ملک کے اہم ترین خطوں میں شمار ہوتا ہے۔
مہاراشٹر کا خطۂ کوکن محض قدرتی حسن اور دلکش مناظر کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنی ایک منفرد تہذیب، تاریخ، علمی و ادبی روایت اور سماجی و معاشی اہمیت کے سبب ریاست ہی نہیں، ملک کے اہم ترین خطوں میں شمار ہوتا ہے۔ سماجی، سیاسی، علمی، ادبی، لسانی، ثقافتی، معاشی، مذہبی اور سیاحتی، غرض یہ کہ زندگی کے تقریباً ہر اہم شعبے میں اس خطے نے ریاستی اور قومی سطح پر اپنی نمایاں شناخت قائم کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوکن کو سمجھنے کے لیے اس کے قدرتی مناظر سے آگے بڑھ کر یہاں کی تاریخ، تہذیب، روایات، شخصیات اور ترقی کے سفر کو بھی جاننا ضروری ہے۔
قدرت نے خطہ کوکن کو بے پناہ حسن سے نوازا ہے۔ سرسبز و شاداب پہاڑیاں، گھنے درخت، دلکش جھرنے، صاف ستھری آب و ہوا، خوب صورت وادیاں، ساحلِ سمندر، دلکش راستے اور فطری حسن سے بھرپور گاؤں اس خطے کی خاص پہچان ہیں۔ الفانسو آم کی وجہ سے کوکن کی شہرت بین الاقوامی سطح پر ہے، لیکن کوکن کی اصل خوب صورتی صرف اس کے رنگ برنگے قدرتی مناظر میں نہیں، بلکہ یہاں کے لوگوں کے خوش اخلاق رویوں، مہمان نوازی، سادگی، محنت، خلوص اور روایتی اقدار میں بھی پوشیدہ ہے۔ یہاں کی مخصوص طرزِ زندگی، زبان، کھانے پینے کی روایات اور تہوار اس خطے کو مہاراشٹر کے دوسرے علاقوں سے ایک الگ شناخت عطا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:کوکن کے بڑھتے’ٹورزم سیکٹر‘ میں مسلم شراکت کتنی ہے؟ کم کیوں ہے؟
کوکن کی اہمیت کا ایک بڑا پہلو ممبئی کی تعمیر و ترقی میں اس کا کردار بھی ہے۔ ممبئی کی معاشی، سماجی اورصنعتی ترقی کے سفر میں اہلِ کوکن نے محنت، صلاحیت اور کاروباری بصیرت کے ذریعے اہم حصہ ادا کیا ہے۔ اس خطے سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے نہ صرف مہاراشٹر بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور کوکن کا نام روشن کیا ہے۔ عبدالرزاق کالسیکر، ڈاکٹر اے آر اُندرے، محمد حسن چوگلے، عبدالکریم نائیک، عبدالرحمان انتولے، علی ایم شمسی، ڈاکٹر عبدالستار دلوی، پروفیسر یونس اگاسکر،مشتاق انتولے، ڈاکٹر نذیر جوالے اور ڈاکٹر زین العابدین حمدولےجیسی شخصیات اس سلسلے کی قابلِ ذکر مثالیں ہیں۔
کوکن کی یہ ہمہ جہت شناخت نئی نسل اور عام قارئین تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت انقلاب کے ان خصوصی صفحات میں خطۂ کوکن کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے لیے اہلِ کوکن سے تعلق رکھنے والے چند اہم قلمکاروں کی تحریروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جنہوں نے ان خصوصی صفحات پر اپنے علم، مشاہدے اور تجربے کی بنیاد پر اس خطے کی تاریخ، تہذیب، سماج، شخصیات اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق معلومات قلمبند کی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ خصوصی گوشہ نہ صرف کوکن کے لوگوں کے لیے اپنے خطے پر فخر و مسرت کا ذریعہ بنے، بلکہ دوسرے علاقوں کے قارئین کو بھی اس خطے کی حقیقی اہمیت،امکانات اور گراں قدر سرمایۂ تہذیب و ثقافت سے روشناس کرائے۔