• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حج کے متفرق مسائل

Updated: May 26, 2023, 11:11 AM IST | mufti azizur rahman fathpuri | Mumbai

مجھے پیٹھ میں درد رہتا ہے، ڈاکٹر نے مستقل طور پر پیٹھ کا بیلٹ پہننے کے لئے کہا ہے۔ کیا میں احرام کی حالت میں پیٹھ یا کمر کا بیلٹ پہن سکتا ہوں

Before going on Hajj, one should also know the rules of Ihram
حج پر جانے سے قبل احرام کے احکام بھی جان لینے چاہئیں

مجھے پیٹھ میں درد رہتا ہے، ڈاکٹر نے مستقل طور پر پیٹھ کا بیلٹ پہننے کے لئے کہا ہے۔ کیا میں احرام کی حالت میں پیٹھ یا کمر کا بیلٹ پہن سکتا ہوں؟
 (۲) مجھے ٹھنڈی لگنے سے بیماری ہوجاتی ہے کیا احرام کی حالت میں کان میں روئی رکھ کر یا چادر سے منہ ڈھانپ کر سو سکتا ہوں؟
 (۳)اگر کسی نے شوال میں عمرہ کیا تو کیا اس پر حج فرض ہوجاتا ہے؟
کے اے خان ،ممبئی
باسمہ تعالیٰ ھوالموفق: (۱)کمر میں سامان اور کاغذات کی حفاظت وغیرہ کی غرض سے بیلٹ باندھنے کی علماء نے اجازت دی ہے اور اسے لباس کا حصہ نہیں مانا ہے۔  پیٹھ کے بیلٹ کی نوعیت بھی یہی ہے نیز کسی کو بیماری کی وجہ سے ڈاکٹر بیلٹ باندھنا تجویز کرے تو وہ معذور شمار ہوگا اس لئے دم کسی صورت میں واجب نہ ہوگا۔
 (۲)کان میں کسی عذر کی بناء پر روئی رکھنا جنایت میں شمار نہیں ہوتا اس لئے اس میں کوئی حرج نہیں۔  البتہ چادر سے منہ ڈھانپنا مرد عورت ہرایک کے لئے منع ہے۔ اگر اچانک چہرہ ڈھک گیا، پھر فوراً ہی ہٹادیا تو کچھ بھی نہ دینا پڑے گا لیکن  بارہ گھنٹے تک اسی حال میں رہا تو دم ہے اور  اس سے کم میں صدقہ واجب ہوتا ہے۔
 (۳) شوال میں عمرہ کرنے سے حج کی فرضیت کا حکم ہر ایک کے لئے اور علی الاطلاق نہیں ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ اگر کوئی فقیر اور مسکین شخص بھی حج کے مہینوں میں مکہ مکرمہ پہنچ جائے تو وہاں پہنچنے کی شرط پوری ہوجانے کی وجہ سے اس پر یہ فرض ہوجائیگا کہ یہاں رک کر حج کی ادائیگی کے بعد ہی واپس ہو لیکن اگر وہ کسی کی طرف سے حج بدل کے احرام میں ہوتو اس صورت میں اس پر اپنا حج فرض نہ ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر وہاں رکنے کی قانوناً اجازت نہ ملے تو اس صورت میں بھی حج فرض نہ ہوگا۔ اسی طرح جو شخص فریضہ ٔحج ادا کرچکا ہے، شوال میں عمرہ کرنے سے اس پر دوبارہ فرضیت متوجہ نہ ہوگی۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
زمین کی خریداری کے لئے لون 
  میرے پاس کئی ڈمپر گاڑیاں ہیں ۔ ہم سارے بھائی مشترکہ کاروبار کرتے ہیں۔  ہم نے پڑوس کے شہر میں ایک زمین دیکھی ہے لیکن  خریدنے کے لئے ہمارے پاس نقد رقم اتنی زیادہ نہیں ہے کہ پوری رقم دے کر زمین کی ملکیت اپنے نام منتقل کر لیں، ہاں گاڑیوں کو فروخت کرکے اتنی رقم حاصل کر سکتے ہیں لیکن پوری رقم دو کروڑ روپے ایک ساتھ دینے کی صورت میں انکم ٹیکس نوٹس کا مسئلہ پیش آئے گا۔ ایک سی اے نے مشورہ دیا کہ اتنی رقم کسی سے لون لے کر پارٹی کو دے دو اور پھر گاڑیوں کو بیچ کر وہ رقم ادا کردو یا پھر گاڑیوں پہ لون کرا لو تو آپ کی رقم وہائٹ ہوجائے گی اور کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، مقصد ِسوال یہ ہے کہ میرے لئے دونوں شکلوں میں سے کون سی شکل درست ہوگی؟ یا پھر تیسری کوئی شرعی شکل ہو تو رہنمائی فرمائیں۔
 (۲) ہم لوگ جو زمین خریدنا چاہتے ہیں وہ زمین ایک بینک لینا چاہتا ہے کرایہ پر، کرایہ اور ڈپازٹ کی معقول رقم وصول ہوسکتی ہےتو کیا ہم لوگ یہ زمین بینک کو کرایہ پر دے کر ڈپازٹ اور کرایہ کی رقم سے لون کی ادائیگی کر سکتے ہیں؟ تفصیلی جواب کتاب و سنت کی روشنی میں مطلوب ہے۔
محمد اسماعیل ،ستارا
باسمہ تعالیٰ ۔ھوالموفق: بینکنگ خالص سودی نظام ہے جس کا تعاون بھی منع ہے اور کرائے پردینے کے بعد بینک جو ڈپازٹ ا ور کرائے کی رقم دےگی بیشتر وہ بھی سودی آمدنی کی ہوگی۔ علماء کے یہاں یہ ایک مستقل زیر بحث مسئلہ ہے۔ حالات حاضرہ کے پیش نظر کچھ بزرگوں کے یہاں گنجائش بھی ممکن ہے مگر مکمل تفصیل کو سامنے رکھے بغیر کچھ کہنا ممکن نہیں لہٰذا آپ کے سی اے کی  جو پہلی رائے ہے وہ زیادہ بہتر ہے۔ کسی وجہ سے اگر یہ ممکن نہ ہوسکے تو بینک کو کرایے پر دینے کے مقا بلے میں دوسری صورت بھی اختیار کرسکتے ہیں بشرطیکہ یہ زمین کسی وجہ سے آپ کے لئے ضروری ہو اور لون کی جلد ادائیگی کا آپ لوگوں کے پاس نظم بھی ہو تاکہ جتنی جلد ممکن ہو لون ادا کرکے سوددینے کے وبال سے دور ہو جائیں ۔واللہ اعلم وعلمہ اتم
 نو مسلمہ کی عدت   
 ایک غیر مسلم عورت کے شوہر کا انتقال تقریباً چالیس دن قبل ہوا، اب وہ بیوہ عورت مسلمان ہوکر ایک مسلم مرد سے شادی کرنا چاہتی ہے تو کیا وہ عورت ابھی نکاح کر سکتی ہے یا مسلم عورت کی طرح عدت گزر جانے کے بعد ہی اسے نکاح کرنا چاہئے ؟م۔۱ ۔ ممبئی
باسمہ تعالیٰ ۔ھوالموفق: اس مسئلے میں ایک قول تو یہ ہے کہ ایک حیض کے بعد شادی کرسکتی ہے لیکن راجح اور احتیاطی پہلو یہ ہے کہ تین حیض گزر جائیں اس کے بعد ہی  شادی کرے  ۔واللہ اعلم وعلمہ اتم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK