Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے میں ایس آئی آر کے بعد ۱۱؍ لاکھ ووٹروں کے نام کٹ جائیں گے

Updated: August 06, 2026, 9:30 AM IST | Pune

ضلع میں ۱۵؍ لاکھ ووٹروں نے اب تک فارم نہیں بھرا ہے جن میں سے ۱۱؍ لاکھ دیئے گئے پتے پر موجود نہیں ہیں۔

SIR: Time is running out. Photo: INN
ایس آئی آر: وقت کم رہ گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

 ریاست کے دیگر علاقوں کی طرح پونے ضلع میں بھی این آر سی کا کام جاری ہے لیکن رپورٹ کے مطابق ضلع کے ۹۰؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار ووٹروں میں سے ۷۵؍ لاکھ ۸۹؍ ہزار ووٹروں نے تو ایس آئی آر کا فارم  لے لیا ہے لیکن  تقریباً ۱۵؍ لاکھ ووٹروں نے اب بھی اپنا فارم حاصل نہیں کیا ہے۔ ضلعی الیکشن برانچ کی اطلاع کے مطابق اب تک تقریباً ۱۱؍ لاکھ ووٹر دیئے گئے پتے پر نہیں ملے ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ان لوگوں کے نام ’غیر حاضر‘ کے طور پر درج کرنے کیلئے دے دیئے گئے ہیں۔ یعنی ان لوگوں کے نام  فہرست سے خارج کر دیئے جائیں گے ۔  یاد رہے کہ ایس آئی آر کے عمل کیلئے ایک بار پھر تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔  اب ۸؍ اگست کے بجائے لوگ ۱۷؍ اگست تک اپنا فارم جمع کروا سکتے ہیں۔۱۷؍ اگست کو فارم جمع کرنے کا کام پورا ہونے کے بعد ۲۷؍ اگست کو ووٹنگ لسٹ جاری کی جائے گی۔ جن لوگوں نے فارم نہیں بھرا ہے یا جو لوگ ان کے دیئے ہوئے پتے پر نہیں پائے گئے ہیں ان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا جا ئےگا۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرمینل کالسیکر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کا کام جاری ہے۔ کمیشن نے آخری تاریخ میں ۱۷؍ اگست تک توسیع کر دی ہے۔ پونے میں کل ۹۰؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار ۱۷۳؍ ووٹر ہیں، ان میں سے اب تک ۷۵؍ لاکھ  ۸۹؍ ہزار ۶۶۲؍ ووٹروں کو فارم تقسیم کیا جا چکا ہے۔ اس کیلئے ضلع میں ۸؍ ہزار۴۱۷؍ بی ایل او سرگرم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹروں کی جانب سے فارم بھرنے کے بعد انہیں الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جارہا ہے۔ اس کے مطابق اب تک ۶۲؍ لاکھ ۳۶؍ ہزار ۶۷۱؍ فارم اپ لوڈ کئے جاچکے ہیں۔ ان  ووٹروں کے علاوہ آخری تاریخ تک فارم جمع کروانے والوں کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل کئے  جائیں گے۔ افسر کا کہنا ہے کہ لیکن اب بھی، تقریباً ۱۵؍ لاکھ ووٹر مردم شماری کی درخواستیں بی ایل او کے پاس زیر التوا ہیں۔ ان میں مردہ، ڈپلیکیٹ اور غیر حاضر ووٹر کی تعداد زیادہ ہے۔ ان میں سے تقریباً ۱۱؍ لاکھ ووٹر غیر حاضر ہیں یعنی اپنے پتے پر موجود نہیں ہیں۔ ایسے لوگوں کا ۳؍ مرتبہ پنچ نامہ کیا گیا ہے۔اس کے بعد کمیشن کی ہدایت کے مطابق اس پنچ نامے کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ یہ تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ کا لسیکر  نے واضح کیا ہے کہ ان ناموں کو ۲۷؍ اگست کو شائع ہونے والی ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا جائے گا۔ اسلئے ضلع میں رائے دہندوں کی تعداد کم ازکم ۱۲؍ تا ۱۳؍ لاکھ تک کم ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ ضلع میں اب تک دو لاکھ مردہ ووٹر پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، کچھ ووٹروں نے فارم تو لیا ہے لیکن اسے بھر کر جمع نہیں کروایا ہے۔ انہوں نے ان ووٹروں سے فارم جمع کروانے کی اپیل کی ہے۔ ایسے ووٹراپنے بی ایل او کا نام ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس کی ویب سائٹ سے تلاش کریں اور اس سے رابطہ کریں۔ اس کے بعد ۲۰۰۲ء کی فہرست سے میپنگ کرواکر فارم بھر کر دیں۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ شائع ہونے کے بعد بھی ووٹر لسٹ میں نام شامل کئےجاسکتے ہیں۔ 

pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK