• Mon, 06 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نعت گو غیر مسلم شعراء: کچھ عشق محمدؐ میں نہیں شرطِ مسلماں

Updated: October 06, 2025, 4:00 PM IST | Dr. Syed Wahajuddin Hashmi | Mumbai

آئی لو محمد ؐ کے خلاف جاری انتہائی منفی سیاست کی نفی کرتا ہوا یہ مضمون ملاحظہ کریں جس میں غیر مسلم نعت گو شعراء کے حوالے دئیے گئے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

کانپور میں پیش آنے والے واقعے میں جہاں صرف چند الفاظِ عقیدت ’’آئی  لو محمدؐ ‘‘کو فرقہ وارانہ رنگ دیا گیا  اور مسلمانوں کے خلاف   ملک کی دیگر اقوام کو اکسا کر  غلط فہمیاں پھیلائی گئیں، دراصل یہ سنگھ پریوار کا بنیادی اور آزمودہ ہتھکنڈا ہے۔ سنگھ کی اس طرح کی فرقہ وارانہ سرگرمیوں پر مسلمانوں کو شعوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت  ہے۔  ایک خوش آئند پہلو  یہ ہے کہ اس ملک میں برادرانِ وطن کی  بہت بڑی  تعداد آر ایس ایس  کے ان کرتوتوں کو قطعی نا پسند کرتی ہے ۔وہ ملک میں امن اور بھائی چارہ  چاہتی ہے۔عام  برادران وطن کے علاوہ دانشوران، مفکرین  ومصنفین اور شعراء نہ صرف مسلمانوں سے قربت رکھتے ہیں بلکہ  اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں اپنی عقیدت اور محبت کا  برملا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔ واقعہ صرف اتنا نہیں ہے بلکہ ان مصنفین اور شعراء کی  ایک کثیر تعداد ہے جنہوں نے اسلام ، قرآن او ر نبی کریمؐ پر   پورے خلوص  اور  دل کی گہرائیوں سے لکھا ہے۔  مجھےنبی کریمؐ کی سیرت پر مثبت پہلو سے لکھنے والے پچاس سے زائد  ہندو مصنفین کی کتب دستیاب ہوئیں ہیں۔ جن میں بالخصوص آچاریہ  ونوبا بھاوے، سادھو ٹی ایل واسوانی، سوامی لکشمی شنکر آچاریہ ، سانے گروجی، منشی پریم چند، کرنل   بی کے نارائن، پنڈت سندرلال وغیرہ کی کتب شامل ہیں۔ اسی طرح سیکڑوں ایسے ہندو، سکھ، عیسائی اور حتیٰ کہ انگریز شعراء ہیں جنہوں نے نبی کریمؐ کی عقیدت  و محبت میں   بہترین نعتیں لکھی ہیں۔
غیر مسلم شعراء اور نعت رسولؐ کی روایت
 غیر مسلم شعراء کے ہاں نعت گوئی کی روایت کئی  برسوں پر محیط ہے۔ لکشمی نرائن شفیق کا’’معراج نامہ‘‘ اور راج مکھن لال مکھن کانعتیہ کلام اس اظہارِ عقیدت کے ابتدائی نمونے ہیں ۔ متعدد ایسے شعراء  ہیں  جنہوں نے نبی کریمؐ کی شان میں  غیر معمولی نعتیں لکھی ہیں۔نور احمد میرٹھی نے ایک مجموعہ ’’بہر زماں بہر زباں‘‘ مرتب کیا تھا  جو ۶۸۵؍ صفحات پر مشتمل ہے۔ اس میں۳۳۶؍ غیر مسلم شعراء کی نعتوں کا تفصیلی تعارف ہے ۔ فانی مرادآبادی نے۱۶۸؍ صفحات پر مشتمل کتاب ’’ہندو شعرا ءکا کلام‘‘ مرتب کی ہے۔ مکتبہ رضا مصطفیٰ گجرانوالہ نے ۳۶؍ صفحات کی کتاب ’’ہندو شعراءکا نذرانۂ عقیدت‘‘ شائع کیا ہے۔ راجہ رشید محمود نے ماہنامہ ’’نعت‘‘ کے چار خصوصی شمارے شائع  کئے جن میں انہوں نے غیر مسلم شعراء کی سیکڑوں نعتیں شائع کی ہیں۔ ڈاکٹر دھرمیندر ناتھ نے اپنا نعتیہ مجموعہ ’’ہمارے رسولﷺ‘‘ شائع کیا   جس میں۴۷۲؍ غیر مسلم شعراء کی نعتیں شامل ہیں۔ حال ہی میں پروفیسر عبدالمنان طرازی نے ’’نعت گوئیاں غیر مسلم‘‘ مرتب کی، جس میں۳۷۲؍ شعراء کی نعتیں جمع کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر اظہر احمد گلزار کی ’’سارا عالم ہے منور آپؐ  کے انوار سے‘‘ ، ۳۳۶؍ صفحات پر مشتمل کتاب ہے جو۲۵۷؍ غیر مسلم شعراء کے کلام پر روشنی ڈالتی ہے۔نور احمد میرٹھی کی ’’نورِ سخن‘‘، محمد محفوظ الرحمٰن کی ’’ہندو شعراء اور دربارِ عقیدت‘‘ اور محمد دین فوق کی ’’اذانِ بتکدہ‘‘ اہم کام ہیں۔ غیر مسلم شعراء کے مجموعے ہندی، پنجابی اور میواتی زبانوں میں بھی دستیاب ہیں۔
غیر مسلم شعراء کے نعتیہ مجموعے
 ایسے غیر مسلم شعراء کی بھی نمایاں تعداد ملتی ہے جنہوں نے کم از کم ایک نعت کہی ہے۔ ساتھ ہی خاصی تعداد ان غیر مسلم شعراء کی بھی  ہے جنہوں نے اپنی عقیدت و محبت رسولؐ  کو مکمل طور پر نعتیہ مجموعوں کی صورت میں پیش کیا۔غیر مسلم شعراء کے نعتیہ مجموعوں میں کئی اہم اور نمایاں مثالیں ملتی ہیں۔ ان میں دلو رام کوثری ہندو شاعر تھے جنہوں نے صرف نعتیں لکھیں، ان کے مجموعہ ’’گلشن نعت ِ کوثری، آبِ کوثر، بزمِ کوثری، ہندو کی نعت، بشارتِ انجیل ،محبت ِ رسولؐ  کے عمدہ نمونے ہیں۔ دلورام کوثری کو اسی وجہ سے ’’حسانِ ہند‘‘ اور ’’فردوسیِ ہند‘‘ کے القابات  سے نوازا گیا۔ مہاراجہ کرشنا پرساد شاد کا مجموعہ ’’ہدیہ شاد‘‘ ہے۔ سادھو رام آرزو سہارنپوری نے بہت سی دلکش نعتیں لکھیں، ان کا مجموعہ ’’ظہورِ قدسی‘‘ کافی مقبول ہے۔ پروفیسر جگن ناتھ آزاد نے بھی بہت سی خوبصورت نعتیں لکھیں، ان کا نعتیہ مجموعہ ’’نسیمِ حجاز‘‘  بھی محبت رسولؐ سے سرشار ہے جبکہ کالیداس گپتا رضا نے اپنی نعتیہ شاعری کو ’’اجالے‘‘ کے عنوان سے شائع کیا۔ لالا امر چند قیس جالندھری نے اردو، ہندی، پنجابی اور انگریزی زبانوں میں نعتیہ شاعری پیش کر کے اپنی محبت کو ’’رسول درشن‘‘ میں محفوظ کیا۔  بال مکند عرش ملیسانی کا ’’آہنگِ حجاز’’، ایلن جان مخلص بدایونی کا ’’گلدستۂ نعت’’ غیر مسلم شعراء کی اردو نعتوں کی بہترین مثالیں ہیں۔ ہندی میں ودیا نند کا مجموعہ ’’پیغمبرِ اسلام‘‘ ۲۵۰؍صفحات پر مشتمل ہے۔’’مہا کاویہ حضرت محمدؐ  ‘‘از ڈاکٹر سگن چند مکتیش تقریباًڈھائی ہزار اشعار پرمشتمل ہے۔ ڈاکٹر رام پرساد مشرا کی’’محمدؐ  کھنڈ کاویہ‘‘ ڈیڑھ ہزار   اشعار پر محیط ہے۔  
غیر مسلم شعراء میں نبیؐ  سے عقیدت و محبت کے چند نمونے
دلو رام کوثری کی عقیدت :
کچھ عشقِ محمد(ﷺ )میں نہیں شرطِ مسلماں
ہے کوثری ہندو بھی طلب گارِ محمد(ﷺ)
آرزو سہارن پوری مادھو رام کا ہدیہ عقیدت:
ازل ہی سے محمد(ﷺ) کی ثنا خواں ہے زباں میری
بیاضِ صبحِ ہستی پر لکھی ہے داستاں میری
آزاد سونی پتی رادھا کشن کا منفرد رنگ عقیدت :
اُسی کے دم سے دنیا میں عروجِ آدمیت ہے
محمد مصطفیٰ (ﷺ) سے مجھ کو بھی دل سے عقیدت ہے
  کنور مہندر سنگھ بیدی سحر:
عشق ہو جائے کسی سے کوئی چارہ تو نہیں
صرف مسلم کا محمد (ﷺ) پہ اجارہ تو نہیں
عاشق ہوشیار پوری منشی رانجھا:
عاشق نبی (ﷺ) کے عشق میں زر کی تو بات کیا
میری ہزار جان ہو قربانِ مصطفٰی (ﷺ)
شیش چندر سکسینہ کہتے ہیں:
یہ ذاتِ مقدس تو ہر انساں کو ہے محبوب
مسلم ہی نہیں وابستۂ دامانِ محمدؐ
روہندرویندرجین کہتے ہیں:
آپ کے ماننے والوں میں ضروری تو نہیں
صرف شامل ہوں مسلمان رسولِ اکرمؐ
 کرشن موہن نے رسول اکرم ؐ کی عظمت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا:
کر رہے ہیں اُس کی عظمت کے سبب برہمن بھی احترامِ مصطفیٰ
چونکہ ان شعراء کی تعداد سیکڑوں میں ہے اور اس مختصر سے مضمون میں  تمام شعراء کے کلام کی مثالیں دینا اور ان پر مفصل بات کرنا ممکن نہیں ہے- جن شعراء کے کلام سے نعتیہ مثالیں دی گئی ہیں ان سے واضح ہوتا ہے کہ ہندو، سکھ، عیسائی اور انگریز شعراء نے اپنی فہم اور فراست کے مطابق نبی اکرمؐ  کی شان مبارک لکھنے کی کوشش کی ہے۔ نبی کریمؐ سےیہ محبت اور عقیدت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام ، قرآن اور نبی کریمؐ  ساری انسانیت کے  لئے سراپا رحمت ہیں۔  ضرورت اس بات کی ہے کہ برادرانِ وطن میں اس لٹریچر کو  عام کیاجائے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK