Updated: December 07, 2025, 10:23 PM IST
| New York
انٹر نیشنل فٹبال اسٹار لیونل میسی کی قیادت میں انٹر میامی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنا پہلا میجر لیگ ساکر ( ایم ایل ایس) خطاب جیت لیا۔ ہفتے کی شب کھیلے جانے والے فائنل میں انہوں نے وینکوور وائٹ کیپس کو ۱۔۳؍گول سے مات دی۔میچ کا آغاز انٹر میامی کے لیے مثالی ثابت ہوا۔
انٹر میامی کلب۔ تصویر:آئی این این
انٹر نیشنل فٹبال اسٹار لیونل میسی کی قیادت میں انٹر میامی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنا پہلا میجر لیگ ساکر ( ایم ایل ایس) خطاب جیت لیا۔ ہفتے کی شب کھیلے جانے والے فائنل میں انہوں نے وینکوور وائٹ کیپس کو ۱۔۳؍گول سے مات دی۔میچ کا آغاز انٹر میامی کے لیے مثالی ثابت ہوا۔ آٹھویں منٹ میں وینکوور کی دفاعی غلطی سے ہونے والے اون گول نے میامی کو ۰۔۱؍گول کی برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں وینکوور نے بھرپور واپسی کی کوشش کی اور ۶۰؍ویں منٹ میں میچ برابر کر دیا۔ تاہم اس کے بعد مقابلہ مکمل طور پر انٹر میامی اور ان کے کپتان لیونل میسی کے کنٹرول میں چلا گیا۔میسی نے کپتانی کے ساتھ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو فیصلہ کن پاس دیئے۔ پہلا ۷۲؍ویں منٹ میں روڈریگو ڈی پؤل کے گول پر، دوسرا ۶۹؍ویں منٹ میں الینڈی کے اسٹاپج ٹائم گول پر،دونوں مواقع نے میچ کا رخ یکسر بدل دیا۔ عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں میسی کو مؤسٹ ویلیوایبل پلیئر منتخب کیا گیا۔
یہ میسی کے شاندار کریئر کی۴۸؍ویں ٹرافی ہے۔ وہ اب تک ارجنٹینا کے ساتھ ۶، بارسلونا کے ساتھ۳۵، پی ایس جی کے ساتھ ۳؍ اور اب انٹر میامی کے ساتھ ۴؍خطابات اپنے نام کر چکے ہیں۔ انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم ٹیم کی فتح کے بعد میدان میں خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔ انہوں نے وینکوور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ برابر کرنے کے بعد وہ کھیل پر حاوی ہونے لگے تھے۔
سیری اے فٹبال ٹورنامنٹ:انٹرنازیونالے کی کوموکو کے خلاف فتح
انٹرنازیونالےنے اٹالین سیری اے فٹبال ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوموکی ٹیم کو بآسانی ۰۔۴؍ گول سے ہرا دیا۔ یہ انٹرنازیونالے کی سیری اے میں دسویں فتح ہے اور اس فتح کے ساتھ ہی انٹرنازیونالےنے اے سی میلان سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی ہے۔
سان سیرو، میلانو، اٹلی میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں انٹرنازیونالے اور کومو کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں انٹرنازیونالےکی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کومو کی ٹیم کو ۰۔۴؍ گول سے ہرا دیا۔
یہ بھی پڑھئے:اگر فیڈرل ریزرو آر بی آئی کی طرز پر نہیں چلا تو مارکیٹ میں افراتفری کے لیے تیار رہیں!
انٹرنازیونالےکی جانب سےکپتان لاٹارو مارٹنیز نے ۱۱؍ویں،مارکس تھورام نے ۵۹؍ویں ،ہاکان چالہانوگلونے ۸۰؍ اور کارلوس آگسٹو۸۶؍ ویں منٹ پر ایک ،ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ کوموکی ٹیم جو گذشتہ ۱۱؍ میچوں سے ناقابلِ شکست تھی ، اس میچ میں انٹرنازیونالے کے برق رفتار اٹیک اور مضبوط حکمتِ عملی کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دی ۔ انٹرنازیونالےکی ٹیم نے میچ میں گیند پر کنٹرول، رفتار اور دباؤ تینوں محاذوں پر حاوی رہ کر اپنی موجودہ فارم کا بھرپور ثبوت دیا۔