یہ بھی اہم ہے کہ انسان طاقت اور اختیار رکھنے کے باوجود کتنا انصاف پسند، رحم دل اور اصول پسند ہے۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 4:22 PM IST | Muhammad Tauqeer Rahmani | Mumbai
یہ بھی اہم ہے کہ انسان طاقت اور اختیار رکھنے کے باوجود کتنا انصاف پسند، رحم دل اور اصول پسند ہے۔
ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں مادی ترقی، دولت، شہرت اور طاقت کو کامیابی کا معیار سمجھا جاتا ہے۔ انسان کی عظمت کا اندازہ اس کے عہدے، اثاثوں اور سماجی مرتبے سے لگایا جاتا ہے، جب کہ اس کے کردار، اخلاق اور ضمیر کی کیفیت کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ بظاہر دنیا ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہی ہے، نت نئی ایجادات زندگی کو آسان بنا رہی ہیں اور انسان کائنات کی تسخیر کے خواب پورے کر رہا ہے لیکن اس ظاہری چمک دمک کے پیچھے ایک تلخ حقیقت بھی پوشیدہ ہے: انسان اپنی داخلی پاکیزگی اور اخلاقی اقدار سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ مفاد پرستی، خود غرضی، مادہ پرستی اور اخلاقی زوال نے انسانی معاشرہ کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں اپنے اصولوں پر قائم رہنا بھی ایک بڑا امتحان بن چکا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا کو فتح کرنا شاید اتنا مشکل نہیں، جتنا اپنے اندر کے انسان کو زندہ رکھنا مشکل ہے۔
اُصولوں اور ضمیر کی حفاظت
آج کے معاشرہ میں اصولوں اور ضمیر کا سودا کرنا غیر معمولی بات نہیں رہی۔ لوگ معمولی فائدے، عارضی کامیابی اور ذاتی مفاد کے لئے اپنے نظریات، وعدوں اور اخلاقی اقدار سے دستبردار ہو جاتے ہیں۔ کہیں دولت کی خاطر سچائی قربان کی جاتی ہے، کہیں عہدے کے حصول کے لئے حق بات کہنے سے گریز کیا جاتا ہے اور کہیں تعلقات بچانے کے نام پر ناانصافی کا ساتھ دیا جاتا ہے۔ ایسے ماحول میں سچ بولنا، حق کا ساتھ دینا اور دیانت داری کے ساتھ زندگی گزارنا کانٹوں بھرے راستے پر چلنے کے مترادف ہوتا ہے۔ اس کے باوجود انسان کی اصل پہچان یہی ہے کہ وہ حالات کے دباؤ میں آکر اپنے اصولوں سے انحراف نہ کرے۔
دیانت داری کا مفہوم بھی محض مالی معاملات میں خیانت سے بچنے تک محدود نہیں۔ اس کا مفہوم وسیع ہے اور اس کا تعلق انسان کی پوری زندگی سے ہے۔ فکر میں سچائی، زبان میں صداقت، معاملات میں شفافیت اور عمل میں اخلاص، سب دیانت داری ہی کے مختلف پہلو ہیں۔ ایک شخص بھلے ہی لاکھوں روپے کی امانت میں خیانت نہیں کرتا، لیکن کسی کی عزت مجروح کرتا ہے، دوسروں کے حقوق پامال کرتا ہے یا اپنے مفاد کے لئے جھوٹ بولتا ہے تو اس کی دیانت داری ادھوری ہے۔ حقیقی کردار وہ ہے جو تنہائی اور مجمع، دونوں جگہ یکساں رہے۔ جو شخص مشکل حالات میں بھی حق بات کہنے کی ہمت رکھتا ہے، وہی درحقیقت مضبوط کردار کا مالک ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اپنی سہولت کے مطابق دین کا استعمال دین داری نہیں!
دل کی پاکیزگی اور باطنی طہارت
اسی طرح دل کی پاکیزگی اور باطنی طہارت بھی اس دور کی ایک بڑی ضرورت ہے۔ حسد، بدگمانی، لالچ، کینہ اور منافقت ایسی بیماریاں ہیں جو انسان کے باطن کو آہستہ آہستہ کھوکھلا کر دیتی ہیں۔ بسا اوقات انسان ظاہری طور پر خوشحال اور کامیاب دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کا دل دوسروں کی کامیابی سے جلتا ہے، کسی کی ترقی اسے پریشان کرتی ہے اور ذاتی مفاد کے لئے وہ اپنے قریبی لوگوں کو بھی نقصان پہنچانے سے دریغ نہیں کرتا۔ اس کے برعکس پاکیزہ دل رکھنے والا انسان دوسروں کی خوشی میں خوش ہوتا ہے، ناانصافی سے بچتا ہے اور اختلاف یا شدید اختلاف ہو تب بھی کسی کے لئے اپنے دل میں نفرت نہیں پالتا۔
ضمیر کی عدالت
معاشرتی دباؤ اور مفادات کی کشمکش میں انسان کے لئے ظاہر و باطن کی یکسانیت برقرار رکھنا بھی ایک بڑا امتحان ہے۔ بعض لوگ حالات کے مطابق اپنا چہرہ اور رویہ بدل لیتے ہیں؛ سامنے کچھ اور، پیچھے کچھ اور۔ لیکن باطن کی پاکیزگی انسان کو دوغلے پن سے محفوظ رکھتی ہے۔ اسے کسی کے سامنے اچھا بننے کے لئے مصنوعی رویہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، کیونکہ اس کا ضمیر اس کے لئے سب سے بڑی عدالت ہوتا ہے۔ دولت اور مادی آسائشیں وقتی خوشی ضرور فراہم کر سکتی ہیں، مگر حقیقی اطمینان اسی شخص کو نصیب ہوتا ہے جس کا ضمیر مطمئن اور دل کینہ و بغض سے پاک ہو۔
تاریخ پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ دنیا میں بڑے بڑے فاتحین پیدا ہوئے۔ سکندرِ اعظم جیسے حکمرانوں نے وسیع سلطنتیں فتح کیں، بے شمار علاقے ان کے زیر نگیں آئے اور ان کی فتوحات کے چرچے تاریخ کا حصہ بن گئے، لیکن دنیا کی بڑی سے بڑی فتح بھی انسان کو لازماً عظیم کردار کا مالک نہیں بناتی۔ زمینیں فتح کرنا، تخت و تاج حاصل کرنا اور طاقت کے ذریعے دوسروں کو زیر کرنا ایک الگ معاملہ ہے، جب کہ اپنے نفس، خواہشات اور منفی جذبات پر قابو پانا بالکل مختلف معرکہ ہے۔ اصل عظمت کا تعلق اس بات سے نہیں کہ انسان کے پاس کتنی طاقت ہے، بلکہ اس سے ہے کہ طاقت رکھنے کے باوجود وہ کس قدر انصاف پسند، رحم دل اور اصول پسند ہے۔
اختیار کے باوجود تحمل
ذرا تصور کیجیے، ایک شخص کو کسی کمزور انسان پر ظلم کرنے کا پورا اختیار حاصل ہے، لیکن وہ اپنے ضمیر کی آواز پر اس کا حق ادا کرتا ہے۔ ایک تاجر کے پاس ملاوٹ کرکے زیادہ منافع کمانے کا موقع ہے، لیکن وہ حلال اور دیانت دارانہ کاروبار کو ترجیح دیتا ہے۔ ایک صاحبِ اختیار انتقام لے سکتا ہے، مگر معاف کرنے کو اپنی بڑائی سمجھتا ہے۔ یہی وہ چھوٹی چھوٹی مثالیں ہیں جو انسان کی حقیقی عظمت کو ظاہر کرتی ہیں۔ طاقت کے باوجود انصاف کرنا، اختلاف کے باوجود احترام کرنا اور مشکلات کے باوجود دوسروں کے لئے دل میں رحم رکھنا ہی اعلیٰ انسانی کردار کی نشانیاں ہیں۔
زندگی کا اصل امتحان
زندگی کا اصل امتحان یہی ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، انسان اپنے اخلاق اور اقدار کا دامن نہ چھوڑے۔ دنیا کی سختیاں، ناانصافیاں اور تلخ تجربات اسے بے حس نہ بنا دیں۔ کسی کے ظلم کے جواب میں وہ خود ظالم نہ بن جائے، کسی کی بددیانتی اسے خیانت پر آمادہ نہ کرے اور کسی کی خود غرضی اس کے اندر سے ہمدردی ختم نہ کر دے۔ کیونکہ اگر انسان دنیا کے تمام وسائل حاصل کرکے بھی اپنی انسانیت کھو دے تو اس کی کامیابی درحقیقت ایک بڑی ناکامی ہے۔
انسانیت بچانے والے زندہ رہتے ہیں
اس لئے، موجودہ نئی نسل اور آنے والی نسلوں کو یہ سمجھانا اور اُس کے ذہن نشین کرانا از حد ضروری ہے کہ کامیابی صرف دولت، شہرت، عہدے اور اختیارات کا نام نہیں، بلکہ دیر پا اور اصل کامیابی یہ ہے کہ انسان ہر آزمائش میں اپنے ضمیر کی آواز سن سکے، سچائی کا ساتھ دے، دوسروں کے حقوق کا احترام کرے اور اپنے دل کو نفرت و کدورت، حرص و ہوس اور حسد سے محفوظ رکھے۔ یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا جیتنے والے بہت سے لوگ تاریخ میں گزر ے ہیں، لیکن انسانیت بچانے والے آج بھی دلوں میں زندہ ہیں۔ اصل فتح یہ نہیں کہ آپ نے دنیا سے کیا حاصل کیا، بلکہ یہ ہے کہ دنیا کی سختیوں کے باوجود آپ نے اپنے اندر کے انسان کو کتنا محفوظ رکھا۔