• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

توبہ اور استغفار کے ذریعے دل کو زنگ آلود ہونے سے بچائیں

Updated: November 13, 2026, 4:27 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

گناہ ایک سنگین  اور مہلک ترین روحانی مرض ہے۔ الله کی نافرمانی اورگناہ وہ مضر شئے ہے جس سے انسان کے قلب میں زنگ لگ جاتا ہے اورقلب سیاہ ہو جاتا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

گناہ ایک سنگین  اور مہلک ترین روحانی مرض ہے۔  الله کی نافرمانی اورگناہ وہ مضر شئے ہے جس سے انسان کے قلب میں زنگ لگ جاتا ہے اورقلب سیاہ ہو جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ سنگین صورت حال ہوتی ہے مگر  اس کا بہترین علاج اور تریاق توبہ ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ انسان خطا و نسیان کا پتلا ہے، غلطی اور گناہ کرنا اس کی جبلت میں داخل ہے، مگر ’’بہترین گناہ گار‘‘ وہ ہے جو اپنے گناہوں پر ندامت کے ساتھ آنسو بہائے اور اپنے کئے پر الله تعالیٰ سے رجوع کرے ، معافی مانگے اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا عزم کرے۔

توبہ کیا ہے ؟ دراصل تین چیزوں کے مجموعہ کا نام توبہ ہے، ایک یہ کہ جو گناہ سر زد ہو جائے اس پر دل سے ندامت وشرمندگی اور پشیمانی ہو ، دوسرے یہ کہ جو گناہ ہو اس کو فوراً چھوڑ دے، تیسرے یہ کہ آئندہ گناہ نہ کرنے کا عزم مصمم ( پکا ارادہ) ہو  اور اس ارادہ پر قائم رہے۔ ان ہی تین چیزوں کے مکمل ہونے پر توبہ تکمیل تک پہنچتی ہے۔

قرآن وحدیث میں توبہ کرنے والوں کے لئے خوش خبری اور بشارت دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ الله توبہ کرنے والوں کو پسندیدگی اور محبوبیت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ الله تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’بے شک اللہ اُن لوگوں کو پسند کرتا ہے جو بدی سے باز رہیں اور پاکیزگی اختیار کریں۔“ (سورہ بقرہ:۲۲۲)

 معافی کے متعلق قرآن کریم میں فرمایا گیا: (اے نبیؐ) کہہ دو کہ اے میرے بندو، جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے، اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو جاؤ، یقیناً اللہ سارے گناہ معاف کر دیتا ہے، وہ تو غفور و رحیم ہے ، پلٹ آؤ اپنے رب کی طرف اور مطیع بن جاؤ اُس کے، قبل اِس کے کہ تم پر عذاب آجائے اور پھر کہیں سے تمہیں مدد نہ مل سکے،  اور پیروی اختیار کر لو اپنے رب کی بھیجی ہوئی کتاب کے بہترین پہلو کی، قبل اِس کے کہ تم پر اچانک عذاب آئے اور تم کو خبر بھی نہ ہو ۔‘‘ (سورہ الزمر: ۵۳؍ تا ۵۵) حدیث شریف میں آیا ہے :  ’’ہر انسان خطا کار او رگناہ گار ہے، مگر بہترین خطا کار وہ ہے جو الله سے توبہ اوراس کی طرف رجوع کرنے والا ہے۔“  گناہوں کی تلافی کا کیا طریقہ ہے ؟

یہ بھی پڑھئے: ہمارا اصل سرمایہ خدمت ِ انسانیت اور اس کی بقاء کی لگاتار کوشش ہونا چاہئے

توبہ کی یہ صفت انسان کو کامیابی کے بلند مدارج تک پہنچاتی ہے ، اسی سے دل کا سیاہ دھبہ دور ہو سکتا ہے، اس توبہ ہی سے بڑے بڑے گناہ گار اور مایوس لوگ منزل مراد سے ہم کنار ہوتے ہیں ، کتنے ہی بڑے بڑے گناہ گاروں نے نبی کریمؐ کی خدمت میں عرض حال کیا تو آپؐ  نے ان کی مایوسی دور کرکے انہیں حوصلہ بخشا اور خوش خبری دی۔

ایک مرتبہ ایک شخص نے بارگاہ رسالت میں حاضر ہو کر عرض کیا: اللہ کے رسولؐ ! میں نے اتنے اور ایسے گناہ اپنی زندگی میں کئے ہیں کہ اگر ان گناہوں کو دنیا کے تمام انسانوں پر تقسیم کر دیا جائے تو سب جہنم میں چلے جائیں ۔ کیا ان گناہوں کی تلافی کا کوئی طریقہ ہے ؟ 

نبی ٔ پاک سرکار دو عالمؐ نے اس کو اپنا ایمان تازہ کرنے او رالله کی طرف رجوع ہونے کی تلقین فرمائی ، تو اس شخص کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ 

ایک مرتبہ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا، جس طرح پانی لگنے سے لوہا زنگ آلود ہو جاتا ہے اسی طرح ( گناہ سرزد ہونے سے) دلوں کو بھی زنگ لگ جاتا ہے۔ صحابہ کرامؓ  نے عرض کیا : الله کے رسولؐ ! اس زنگ کو دور کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ آپ ؐ  نے ارشاد فرمایا، موت کو کثرت سے یا د کرنا اور قرآن مجید کی تلاوت کرنا۔

بحیثیت مسلمان، ہمارا آپ کا فرض ہے کہ پہلے تو گناہ سے بچیں۔ جس حد تک ممکن ہو گناہ کی طرف نہ جائیں، گناہ کی کوئی بات دل میں نہ آنے دیں، گناہ کی طرف لے جانے والے ماحول اور صحبت سے بچیں اور اگر گناہ سرزد  ہوجائے تو اللہ سے معافی کے طلبگار ہوں اور نیت کریں کہ آئندہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ آدمی گناہ سے بچ سکتا ہے اگر وہ پاکیزہ خیالات کو دل و دماغ میں جگہ دے، قرآن و سنت پر عمل کرے، ہر وقت ذکر الٰہی میں مصروف رہے اور خود کو نیکی کی تلقین کرتا رہے نیز نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرے۔

گناہ سرزد ہوجائے یا ماضی میں گناہ کئے تھے اور اب خود کو راہ راست کی جانب موڑ دیا ہے تو اب ضرورت ہے کہ کثرت سے استغار کرے۔  مومن بندوں کو توبہ واستغفار کی کثرت کے ذریعہ اپنے دلوں سے معصیت کے زنگ کو زائل کرتے رہنا چاہئے او راحتساب کی کیفیت کے ساتھ اپنے اخلاق و کردار کا برابر  جائزہ لیتے رہنا چاہئے  تاکہ وہ دنیا وآخرت کی فلاح وکامیابی سے ہمکنار ہو سکیں کیونکہ توبہ کا دروازہ ابھی کھلا ہوا ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ وہ کتنا عرصہ جئے گا۔ جس دن توبہ کا دروازہ بند ہوجائیگا تب کچھ نہیں کیا جاسکے گا اس لئے جو موقع مل رہا ہے اس کو غنیمت جاننا چاہئے۔

بندے کیلئے لازم ہے کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو ۔ رحمت خداوندی کس طرح اپنے امیدوارکو آغوش میں لیتی ہے ،اس کا اندازہ اس روایت سے لگایا جاسکتا ہےکہ مکی مدنی سرکار، جناب احمد مختار ؐ نے ارشاد فرمایا: ’’حق تعالیٰ  اپنے بندوں پر اس سے کہیں زیادہ مہربان ہے، جتنا کہ ایک ماں اپنے بچے پر شفقت کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK