اسلام سے پہلے بھی آسمانی مذاہب میں تحریف اور دینی احکام سے انحراف کی بنیادی وجہ یہی طرزِ عمل تھا کہ لوگوں نے خدائی ہدایات کو اپنے مفادات اور خواہشات کے تابع بنانا شروع کر دیا تھا۔یہ نہ تو کل درست تھا نہ آج ہے۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 4:19 PM IST | Mudassir Ahmad Qasmi | Mumbai
اسلام سے پہلے بھی آسمانی مذاہب میں تحریف اور دینی احکام سے انحراف کی بنیادی وجہ یہی طرزِ عمل تھا کہ لوگوں نے خدائی ہدایات کو اپنے مفادات اور خواہشات کے تابع بنانا شروع کر دیا تھا۔یہ نہ تو کل درست تھا نہ آج ہے۔
دین اسلام آسان ہے اور اس کی آسانی خود رسول اکرم ﷺ کی زبانِ مبارک سے ثابت ہے۔ آپؐ نے فرمایا ہے: ’’بے شک دین آسان ہے۔‘‘ (البخاری) تاہم، دین کے آسان ہونے کا ہرگز یہ مفہوم نہیں ہے کہ انسان جب چاہے دین پر عمل کرے اور جب کسی حکم کی ادائیگی میں اسے مشکل پیش آئے تو نظر انداز کردے۔ اس حدیث کا صحیح مفہوم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دین کے تمام احکامات کو انسانی طاقت اور وسعت کے مطابق بنایا ہے۔ انسان کو جس عمل کا مکلف قرار دیا گیا ہے، اس کی ادائیگی کی استطاعت بھی اسے عطا فرمائی گئی ہےاور جہاں حقیقی مجبوری یا عذر پیش آتا ہے وہاں شریعت نے رخصت اور آسانی کے راستے بھی رکھے ہیں۔ چنانچہ دین کی آسانی کا مطلب احکامِ الٰہی سے آزادی نہیں، بلکہ ان کی حکیمانہ اور قابلِ عمل ترتیب ہے۔ آسانی کے نام پر اپنی خواہشات کو دین کا معیار بنا لینا درحقیقت دین کی روح کو سمجھنے کے بجائے اسے اپنی طبیعت کے تابع کرنے کی کوشش ہے۔
اس پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے جب ہم زمانۂ حال کے مسلمانوں کا جائزہ لیتے ہیں تو ایک افسوسناک حقیقت سامنے آتی ہے کہ ایک بڑا طبقہ دین پر اپنی سہولت اور دلچسپی کے مطابق عمل کرنے کا عادی ہوتا جا رہا ہے۔ جس دینی عمل میں اسے اپنی پسند، ذاتی فائدہ یا طبیعت کی موافقت نظر آتی ہے، اسے پورے شوق سے انجام دیتا ہے؛ لیکن جب کسی حکمِ شرعی کی ادائیگی سے اس کی ذاتی سہولت متاثر ہوتی ہے، اس کی خواہشات پر ضرب پڑتی ہے یا اسے کسی قربانی اور پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہی حکم اس کی عملی زندگی سے غائب ہونے لگتا ہے۔ نماز کے معاملے میں سستی، معاملات میں بے احتیاطی، حقوق العباد سے غفلت، مالی ذمہ داریوں سے فرار اور اخلاقی احکام سے چشم پوشی اسی طرزِ فکر کی مختلف شکلیں ہیں۔ قرآن مجید نے ایسے نمازیوں کے بارے میں نہایت سخت تنبیہ فرمائی ہے جو سستی کے شکار ہوتے ہیں: ’’پس تباہی ہے ان نمازیوں کے لئے جو اپنی نماز سے غافل رہتے ہیں۔ (سورۃ الماعون: ۴۔۵) غور طلب بات یہ ہے کہ یہاں نماز کا انکار کرنے والوں کا ذکر نہیں، بلکہ ان لوگوں کو بھی تنبیہ کی گئی ہے جو نماز پڑھنے کے باوجود اس کے تقاضوں سے غفلت برتتے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دین کے کسی حکم کو اپنی سہولت کے مطابق اہمیت دینا اور کسی دوسرے حکم کو بے اعتنائی کے ساتھ چھوڑ دینا کس قدر سنگین رویہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مریضوں کیلئے ’’تکافل اسکیم‘‘ مالی دشواریوں کیخلاف مؤثر نسخہ ہوسکتا ہے؟
ماضی میں اسلام سے پہلے بھی آسمانی مذاہب میں تحریف اور دینی احکام سے انحراف کی ایک بنیادی وجہ یہی طرزِ عمل تھا کہ لوگوں نے خدائی ہدایات کو اپنی خواہشات اور مفادات کے تابع بنانا شروع کر دیا تھا۔ وہ اللہ کے احکام کو اپنی زندگی کا معیار بنانے کے بجائے اپنی پسند و ناپسند کو احکام کی تشریح کا معیار بنانے لگے تھے۔ جب کوئی حکم ان کے مفادات سے ہم آہنگ ہوتا تو اسے قبول کر لیتے اور جب کوئی حکم ان کی خواہشات کے خلاف ہوتا تو اس سے بچنے کے لئے طرح طرح کی تاویلات اور حیلے تلاش کرتے۔ قرآن مجید نے بنی اسرائیل کے اسی طرزِ عمل کی مذمت کرتے ہوئے فرمایا: ’’تو کیا تم کتاب کے بعض احکام کو مانتے ہو اور بعض کا انکار کرتے ہو؟‘‘ (سورۃ البقرۃ: ۸۵)۔ کلام پاک کی یہ آیت ہمیں بتاتی ہے کہ دین کو اپنی پسند کے مطابق ٹکڑوں میں تقسیم کر لینا کوئی معمولی کوتاہی نہیں، بلکہ یہ وہ ذہنی اور عملی انحراف ہے جس نے سابقہ امتوں کو بھی اللہ کی ناراضی کا مستحق بنایا۔ افسوس کہ آج بھی بعض مسلمانوں کے طرزِ عمل میں اسی سوچ کی جھلک دکھائی دیتی ہے؛ فرق صرف یہ ہے کہ پہلے لوگ اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے دینی احکام میں تبدیلی کرتے تھے اور آج کچھ لوگ اپنی سہولت کے لئے ان پر عمل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
عقلی اعتبار سے بھی یہ طرزِ عمل کس قدر نامناسب اور نقصان دہ ہے، اس کا اندازہ ایک سادہ سی مثال سے لگایا جا سکتا ہے۔ فرض کیجیے کہ کوئی شخص جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک نئی ماڈل کی کار خریدتا ہے، جس میں پرانی گاڑیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ جدید اور حساس نظام موجود ہے۔ کمپنی اس گاڑی کے استعمال کے لئے ایک مکمل ہدایت نامہ بھی فراہم کرتی ہے، جس میں اس کے تمام فیچرز، احتیاطی تدابیر اور استعمال کے درست طریقے درج ہوتے ہیں۔ لیکن خریدار ان ہدایات کو نظر انداز کرکے اپنی پرانی عادتوں اور من کے مطابق گاڑی چلانے لگے تو اس کے خراب ہونے، نقصان پہنچنے یا مطلوبہ کارکردگی نہ دکھانے کا قوی امکان ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ جب انسان کی بنائی ہوئی ایک مشین کے درست استعمال کے لئے اس کے بنانے والے کی ہدایات کو ضروری سمجھا جاتا ہے تو اس کائنات کے خالق، احکم الحاکمین اور انسان کے حقیقی خیرخواہ کی عطا کردہ ہدایات کو اپنی مرضی کے تابع کرکے انسان کس طرح ایک کامیاب اور متوازن زندگی گزار سکتا ہے؟ جس دین کو اللہ تعالیٰ نے انسان کی دنیا و آخرت کی کامیابی کے لئے نازل فرمایا ہے، اسے اگر انسان اپنی خواہشات کے مطابق ڈھالنے لگے تو اس کی عملی زندگی میں دینی توازن اور حقیقی اصلاح کیسے پیدا ہو سکتی ہے؟
اب ہر انسان کو سنجیدگی کے ساتھ اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ وہ کہاں کہاں دین پر ادھورا عمل کر رہا ہے، کن احکام سے غفلت برت رہا ہے اور زندگی کے کن شعبوں میں اس کی عملی حالت دینی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ کیا اس کی عبادات درست ہیں؟ کیا اس کے معاملات شریعت کے مطابق ہیں؟ کیا وہ والدین، اہلِ خانہ، پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوسرے انسانوں کے حقوق ادا کر رہا ہے؟ کیا اس کی تجارت، ملازمت، گفتگو، اخلاق اور معاشرت میں اسلامی تعلیمات کی جھلک نظر آتی ہے؟ محض چند مخصوص عبادات کی ادائیگی کو مکمل دین داری سمجھ لینا درست نہیں، کیونکہ اسلام ایک جامع نظامِ حیات ہے جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے تمام اہم گوشوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اہلِ ایمان کو واضح حکم دیا ہے: ’’اے ایمان والو! اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ۔‘‘ (سورۃ البقرۃ: ۲۰۸)۔ یہ آیت دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ اسلام کو زندگی کے کسی ایک حصے تک محدود نہیں کیا جا سکتا؛ لہٰذا ہمیں اپنی پسند کے چند احکام پر عمل کرکے خود کو مکمل دین دار سمجھنے کے بجائے اپنی پوری زندگی کو اسلامی تعلیمات کے سانچہ میں ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔