• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں مسلم، عرب اور فلسطینیوں سے امتیازی سلوک کا اعتراف

Updated: November 13, 2026, 1:19 PM IST | Toronto

کینیڈا کی معروف یونیورسٹی میں مختلف برادریوں کو درپیش مسائل پر ایک تفصیلی رپورٹ سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے اپنے مؤقف اور آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کیا ہے۔

University of Toronto. Photo: INN
یونیورسٹی آف ٹورونٹو۔ تصویر: آئی این این

یونیورسٹی آف ٹورنٹو نے اپنے مختلف کیمپسز میں مسلم، عرب اور فلسطینی برادریوں کے خلاف اسلاموفوبیا، عرب مخالف اور فلسطین مخالف امتیازی سلوک کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں یونیورسٹی نے تسلیم کیا کہ ادارے کے اندر ان برادریوں کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے اور کہا کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ اعتراف یونیورسٹی کے مسلم، عرب اور فلسطینی امتیازی سلوک سے متعلق ورکنگ گروپ (MAP DWG) کی تقریباً ۳۰۰؍ صفحات پر مشتمل رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ رپورٹ میں ان برادریوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کو ’’ضرورت سے زیادہ نگرانی اور ناکافی تحفظ کا ایک عمومی رجحان‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پوتن کی دھمکی: یوکرین میں تعینات غیر ملکی فوجی روس کے جائز اہداف ہوں گے

رپورٹ میں شامل افراد نے ہراسانی، توہین آمیز جملوں، توڑ پھوڑ اور آن لائن دھمکیوں جیسے واقعات کی شکایت کی۔ انہوں نے یہ خدشات بھی ظاہر کیے کہ فلسطینیوں کی حمایت میں اظہارِ خیال، سرگرمیوں یا تعلیمی تحقیق کی وجہ سے انہیں نگرانی اور نشانہ بنائے جانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

امتیازی سلوک کے واقعات کو تسلیم کرنے کے باوجود یونیورسٹی نے کہا کہ وہ رپورٹ اور اس کی سفارشات کو موجودہ شکل میں قبول نہیں کر سکتی۔ یونیورسٹی کے مطابق بعض تجاویز اجتماعی معاہدوں اور تعلیمی آزادی کے تحفظ سے متصادم ہیں، جبکہ کچھ سفارشات ایسے معاملات سے متعلق ہیں جو اس کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتے۔ تاہم سفارشات کو موجودہ شکل میں مسترد کرنے کے باوجود ادارے نے متاثرہ برادریوں کے خدشات دور کرنے کے لیے کئی فوری اقدامات کا خاکہ پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ڈیو میتھیوز نے کنسرٹ میں غزہ نسل کشی روکنے کے مطالبے والے پلے کارڈز اٹھائے

نئی مشاورتی کونسل کے قیام کی تجویز

مجوزہ اقدامات میں عالمی تنازعات سے متاثرہ طلبہ کے لیے اضافی مالی معاونت حاصل کرنے کی کوشش اور مسلم، عرب اور فلسطینی برادریوں سے متعلق تحقیق میں تعلیمی سرمایہ کاری جاری رکھنا شامل ہے۔ یونیورسٹی نے مسلم کمیونٹی ایڈوائزری کونسل (مسلم برادری کی مشاورتی کونسل) قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے ذریعے بیرونی مسلم سماجی تنظیموں سے کیمپس کے ماحول اور مساوات سے متعلق معاملات پر رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ مجوزہ کونسل طلبہ، اساتذہ، عملے اور لائبریرینز کو درپیش مسائل اور خدشات پر توجہ دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK