معاشرے میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے جن کو دو وقت کی پیٹ بھر روٹی بھی مشکل سے نصیب ہوتی ہوگی ۔ اگر یہ بیمار ہوجائیں تو مہنگے علاج کے سبب اکثر بغیر علاج ہی موت کے منہ میں جا پہنچتے ہیں ۔ چنانچہ کسی ایسے نظام کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے جس سے نادار اور پریشان حال مریضوں کیلئے علاج کی سہولت فراہم ہوسکتی ہے۔
شریعت میں غذا کے ساتھ علاج کو بھی اہمیت دی گئی ہے اور آپ ؐ نے اس کی حوصلہ افزائی فرمائی ہے۔ تصویر: آئی این این
اللہ تعالیٰ نے دنیا اور آخرت کے دو مختلف نظام رکھےہیں، دنیا میں ہر چیز نقص کے ساتھ پیدا کی گئی ہے اور آخرت میں ہر شئے درجۂ کمال پر ہوگی۔ یہ معاملہ دوسری اشیاء کے علاوہ خود انسان کے وجود کے ساتھ بھی ہے۔ دنیا میں ہر انسان پر موت آتی ہے، آخرت میں خود موت کو موت آچکی ہوگی، جن خوش نصیبوں کو جنت حاصل ہوگی وہ ہمیشہ جنت میں رہیں گے اور جن بد نصیبوں کے لئے جہنم کا فیصلہ ہوگا وہ ہمیشہ کے لئے یا اپنے اعمال کے لحاظ سے مقررہ مدت تک دوزخ کی سزا پائیں گے؛ لیکن بہر حال کسی پر موت نہیں آئے گی۔ کوئی انسان کتنا بھی صحت مند او رطاقتور ہو لیکن دنیا میں وہ ضرور چھوٹی بڑی بیماری سے دوچار ہوتا ہے۔ بیماری بھی ایسی جفا شعار چیز ہے کہ نہ وہ طاقتور کو خاطر میں لاتی ہے نہ کمزور پر رحم کھاتی ہے ، نہ اسے حکمرانوں کا خوف ہوتا ہے نہ ا س کے نزدیک رعایا کی رعایت ہوتی ہے، وہ نہ تو گنہگاروں سے ڈرتی ہے نہ ہی نیکوکاروں کا پاس ولحاظ رکھتی ہے، یہاں تک کہ انبیاء کرام بھی بیماری سے دوچارہوتے رہے۔ حضرت ایوب علیہ السلام کی بیماری کا اشارہ خود قرآن مجید میں موجود ہے اور رسول اللہ ﷺ کی علالت نیز آپ ؐکے مرض وفات کا ذکر کتب احادیث میں مذکور ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: قرآن مجید کو اللہ نے ایمان و عمل کی تعلیم اور قلب وروح کے تزکیہ کیلئے اتارا ہے
جیسے دنیا میں انسان کے لئے ایک اہم ضرورت غذا ہے ، اسی درجہ بلکہ ایک حد تک اس سے بڑھ کر انسان کی ضرورت علاج بھی ہے۔ اسی لئے شریعت میں جیسے غذا کو بڑی اہمیت دی گئی ہے، علاج کو بھی بڑی اہمیت دی گئی ہے اور رسول ؐ نے اس کی حوصلہ افزائی فرمائی ہے۔ آپؐ نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ نے کوئی ایسی بیماری نہیں اتاری، جس سے شفا کے اسباب پیدا نہیں کئے۔ ’’ما أنزل اللہ داء إلا أنزل اللہ شفاء ‘‘ (بخاری : باب ما أنزل اللہ داء ، حدیث نمبر : ۵۶۷۸)۔ آپؐ نے علاج کرانے کی ترغیب دی، ارشاد فرمایا کہ ہر بیماری کی دوا ہے لہٰذا علاج کرایا کرو ’’وجعل لکل داء دواء فتداووا ‘‘ (ابوداؤد : باب فی الادویۃ المکروہۃ، حدیث نمبر: ۳۸۷) آپؐ نے ارشاد فرمایا کہ صرف بڑھاپا ایسی بیماری ہے کہ جس کا علاج نہیں (مستدرک حاکم : حدیث نمبر : ۴۲۷) بعض صحابہؓ بیمار پڑے تو آپؐ نے ان کیلئے معالج کے بلانے کا اہتمام فرمایا۔ (مؤطا امام مالک ، باب معالج المریض ، حدیث نمبر : ۱۹۸۹)
علاج کی اہمیت کا اندازہ اس سے کیا جاتا ہے کہ علاج کی ضرورت کے تحت فقہاء نے بعض ایسی باتوں کو جائز قرار دیا ہے جو عام حالات میں جائز نہیں ہیں، جیسے حرام شئے سے بھی علاج کرنا جائز ہے بشرطیکہ اس کا کو ئی حلال متبادل نہ ہو، ناپاک شئےکو بھی بطور علاج کے استعمال کیا جاسکتا ہے بشرطیکہ اس کا کوئی حلال وجائز بدل نہ ہو۔ شریعت میں حصۂ ستر کو چھپانے کی بڑی اہمیت ہے لیکن اگر علاج کے لئے بے ستری کے سوا چارہ نہ رہے تو اس کی بھی گنجائش ہے۔ کتب فقہ میں ان باتوں کی صراحت موجودہے اسی لئے بعض فقہاء کے نزدیک جو شخص علاج کرانے پر قادر ہو اس کے لئے علاج کرانا واجب ہے۔ (فتاوی ابن تیمیہ : ۲۱؍۵۶۴)
یہ بھی پڑھئے: وراثت کا اسلامی فلسفہ
بعض حضرات نے علاج کومستحب یا مباح بھی قراردیا ہے لیکن راجح یہ ہے کہ اس کا تعلق لوگوں کے حالات سے ہے ۔ اگر کسی شخص کے علاج نہ کرانے سے دوسرے کو نقصان پہنچ سکتا ہو، جیسے کوئی شخص متعدی بیماری میں مبتلا ہو اور اس کے علاج نہ کرانے سے اس کے متعلقین کو وہ بیماری لگ سکتی ہو، یا وہ کسی ایسے مرض کا شکار ہو کہ اگرعلاج نہ کرے تو اس سے دوسرے کا حق متاثر ہوگا تو ان صورتوں میں علاج کرانا واجب ہے۔ کیوں کہ نبی کریمؐ نے دوسروں کو ضرر پہنچانے سے منع فرمایا ہے : ’’لا ضرر ولا ضرار ‘‘(سنن ابن ماجہ حدیث نمبر : ۲۳۴۱) اور اگر یہ صورتحال نہ ہوتو کم سے کم علاج کرانا مستحب ضرور ہوگا کیونکہ علاج سے انسانی جان کا تحفظ وابستہ ہے اور شریعت میں انسانی جان کی بڑی اہمیت ہے۔ چنانچہ کئی فقہاء نے علاج کے مستحب ہونے کی صراحت کی ہے: ’’ویسن التداوی بالمریض ویستحب لہ‘‘ (الاقناع : ۱؍۲۰۹)۔ گزشتہ زمانے میں علاج کا طریقہ بہت سادہ ہوتا تھا۔ عام طور پر علاج کرنے والے خدمت کے طور پر علاج کرتے تھے لیکن بد قسمتی کی بات یہ ہے کہ سائنسی ترقی کی بنا پر ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ علاج اور زیادہ سستا ہوجاتا اور علاج کے ماہرین انسانی خدمت کے طور پر اس کام کو انجام دیتے لیکن صورتحال یہ ہے کہ بہت سے کام جو بطور خدمت کئے جاتے تھے اب وہ سب تجارت بن گئے ہیں۔ ان میں ایک علاج بھی ہے۔ علاج میںتین چیزوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ ایک: معالج ، جس کی فنی مہارت اور تجربہ سے مریض کو فائدہ پہنچتا ہے۔ دوسرے: تشخیصی وسائل، جن کے ذریعہ مرض کی شناخت ہوتی ہے اور تیسرے : دوائیں، جن کا علاج میں بنیادی کردار ہوتا ہے۔ پہلے معالج یا تو فیس نہیں لیتے تھے یا ان کی فیس بہت معمولی ہوتی تھی۔ اب علاج کرنے والوں کی فیس بہت زیادہ ہوتی ہے اور مزید ستم یہ ہے کہ مدت علاج میں جتنی بار مریض رجوع کرتا ہے ہر بار فیس وصول کی جاتی ہے۔ پہلے امراض کی تشخیص کے اخراجات بالکل نہیں ہوتے تھے کیوں کہ نبض اور قارورہ دیکھ کر بیماری کی شناخت کی جاتی تھی۔ اب اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں کیوں کہ جسم کے مختلف اجزاء کے ٹیسٹ او رجسم کے داخلی حصوں کی عکس بندی کے ذریعے امراض کی شناخت ہوتی ہے اس لئے اخراجات بہت بڑھ جاتے ہیں۔ پہلے دوا کے طور پر عام جڑی بوٹیاں استعمال کی جاتی تھیں ، لوگ خود انہیں تلاش کر لیتے تھے لیکن اب جڑی بوٹیوں سے فاضل اجزاء کو الگ کر لیا جاتا ہے اورمفید علاج اجزاء سے مشینوں اور کارخانوں کے ذریعے دوائیں بنائی جاتی ہیں ۔ ان ایجادات کے رجسٹرڈ ہونے کی وجہ سے دوسرے لوگ ان دواؤں کو بنا نہیں سکتے اسلئے جب یہ دوائیں بازار میں آتی ہیں تو بہت مہنگی ہوچکی ہوتی ہیں ۔
اس کے علاوہ اب علاج کے لئے صرف ادویہ ہی کا استعمال نہیں ہوتا بلکہ مہنگی مشینوں کا بھی استعمال ہوتاہے ،جیسے وینٹیلیٹر ، ڈائیلاسس وغیرہ۔ ان کے اخراجات غیر معمولی ہوتے ہیں۔ یہ تو حقیقی اخراجات ہیں۔ ان کے علاوہ معالجین کی طرف سے بلا ضرورت ٹیسٹ کرانے، قیمتی آلات استعمال کرنے، کسی خاص سبب کے بغیر بار بار نسخہ بدلنے اور ہر جگہ سے کمیشن وصول کرنے کے نتیجے میں مصنوعی طور پر علاج گراں سے گراں تر ہوتا جارہا ہے ۔
عام طور پر حکومتیں علاج کی ذمہ داری قبول کرتی ہیں۔ خود ہمارے ملک میں بھی پندرہ، بیس سال پہلے تک سرکاری اسپتال اکثر مریضوں کے لئے کافی ہوجاتے تھے، اب بھی بہت سے مغربی ملکوں میں گورنمنٹ اپنے آ پ کو علاج کا ذمہ دار سمجھتی ہے لیکن ہندوستان پر جب سے گلوبلائزیشن کا بخار آیا ہے اور خدمات میں پرائیویٹائزیشن کا رجحان بڑھاہے، تب سے سرکاری اسپتالوں کا حال یہ ہوگیا ہے کہ گویا وہ خود مریض ہوں۔ نہ ملازمین میں اوقات کی پابندی اور نہ دواؤں کا اسٹاک محفوظ اور نہ طبی آلات بے نقص۔ عملہ کی بد اخلاقی او ربے توجہی زبان حال سے کہتی رہتی ہے کہ وہ کہیں اور جاکر علاج کرالیں، اور معالجین، جنہوں نے اپنے نجی یعنی پرائیوٹ نرسنگ ہوم قائم کررکھے ہیں، مریضوں کو تلقین کرتے رہتے ہیں کہ وہ ان کے پرائیویٹ نرسنگ ہوم میںتشریف لائیں۔ اس طرح سرکاری ہسپتالوں کے بارے میں لوگوں کا تاثر ہے کہ جن لوگوں کو دنیا سے جتنا جلد رخصت ہونا ہے ان کے لئے یہ جگہیں اتنی ہی بہتر ہیں ۔
یہ بھی پڑھئے: معاشرہ کی اصلاح چاہتے ہیں؟ اپنی ذات سے اصلاح کا عمل شروع کیجئے
اس صورتحال کا ایک حل میڈیکل انشورنس کی صورت میں نکالا گیا ہے اور بہت سی کمپنیاں اس میدان میں اتر چکی ہیں یا اتر رہی ہیں لیکن میڈیکل انشورنش کی مروجہ صورت تجارت کے تصور کے ساتھ ہے۔ شرعی اعتبار سے اس میں کئی قباحتیں جمع ہوگئی ہیں ۔
اس میں سود بھی ہے، اس میں قمار بھی ہے اور اس میں وہ ابہام بھی جس کو حدیث میں ’’غرر‘‘ سے تعبیر کیا گیا ہے اورجس معاملہ میں اس طرح کی کیفیت پائی جائے، اس کو ممنوع ٹھہرایا گیا ہے۔ چنانچہ اسلامک فقہ اکیڈمی کے پندرہویں سمینار منعقدہ ۲۰۰۶ء میں ملک بھر کے علماء اور ارباب افتاء نے جمع ہوکر یہ فیصلہ کیا تھا :
میڈیکل انشورنس، انشورنس کے دوسرے تمام شعبوں کی طرح بلاشبہ مختلف قسم کے ناجائز امور پر مشتمل ہے لہٰذا عام حالات میں میڈیکل انشورنس ناجائز ہے اور اس حکم میں سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں کوئی فرق نہیں۔
یہ تو انشورنس کے موجودہ نظام میں پیدا ہونے والا بگاڑ ہے لیکن اپنے مقصد اور روح کے اعتبار سے انشورنس کا نظام اسلام سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ انشورنس کا بنیادی فلسفہ یہ ہے کہ جو خطرات افراد کے لئے ناقابل برداشت بن جائیں، ان کو اتنے لوگوں پر تقسیم کیا جائے کہ وہ قابل برداشت ہو جائیں۔ شریعت میں جو مالی واجبات لوگوں سے متعلق کئے گئے ہیں، ان میں سب سے گراں قدر دیت ( خون بہا) ہے۔ شریعت میں دیت کا اصول یہ ہے کہ اس کی ادائیگی تنہا مجرم پر نہیں ہوگی بلکہ اس کے عاقلہ رشتہ دار مل کر اسے اداکریں گے۔ بظاہر اس کی دو مصلحتیں ہیں : ایک یہ کہ ایک بھاری ہرجانہ کی ادائیگی عام افراد کے بس سے باہر ہوتی ہے تو اس کے تعاون کا ایک راستہ موجود رہے، دوسرے : جب دیت ادا کرنے میں تمام لوگ شریک ہوں گے تو سب لوگ مل کر جرم کو روکنے کی کوشش بھی کریں گے۔ دیت صرف قتل عمد پر ہی واجب نہیں ہوتی بلکہ قتل خطا پر بھی واجب ہوتی ہے، اس طرح ایک متوقع خطرہ کی تلافی کو بہت سے ایسے افراد پر تقسیم کردیا گیا ہے کہ اس کی ادائیگی ناقابل تحمل نہ رہ جائے۔ انشورنس کا بھی بنیادی منشاء یہی ہے۔ حضرت عمرؓ نے اس میں مزید وسعت برتتے ہوئے رشتہ داروں کے بجائے اس کے لئے ’’اہل ارزاق‘‘ اور ’’اہل دیوان‘‘ کے گروپ بنادیئے۔ اہل دیوان سرکاری اور فوجی ملازمین تھے اور اہل ارزاق وہ فقراء تھے، جن کو ان کی غربت کی وجہ سے وظیفہ دیا جاتا تھا؛ چنانچہ احناف نے اسی سے اخذ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پیشہ کے لوگ باہم ایک دوسرے کے ’’عاقلہ ‘‘ ہوں گے (دیکھئے : ہدایہ : ۴؍۳۶۰) اس میں مزید سہولت ہے؛کیوں کہ ایک پیشہ کے لوگ ایک طرح کے خطرہ سے دوچار ہوتے رہتے ہیں، اس لئے وہ زیادہ خوش دلی کے ساتھ اس میں حصہ لے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: محبتِ رسولؐ کیسی ہوتی ہے یہ جاننے کیلئے صحابۂ کرامؓ کی محفل میں چلئے!
اگر مریضوں کے لئے تجارت کے بجائے تعاون کی بنیاد پر مختلف لوگ گروپ بنا کر ’’تکافل اسکیم ‘‘ شروع کریں جس میں اسکیم کا ہر ممبر مریضوں کی مدد کے نقطۂ نظر سے ایک متعینہ رقم دے، جو ناقابل واپسی ہو اور اس کی شرائط طے پاجائیں کہ فلاں فلاں بیماریوں میں اس فنڈ سے مدد کی جائے گی، جن کے لئے کثیر اخراجات مطلوب ہیں، یہ مدد پورے علاج کے بقدر بھی ہوسکتی ہے اور نصف یااس سے کم یا زیادہ بھی، تو یہ صورت جائز ہے۔ یاتو رقم دینے والے یہ رقم ’’وقف‘‘کی نیت سے دیںگے اوروقف ایسی خیراتی رقم ہے کہ جس سے خود وقف کرنے والے کیلئے بھی فائدہ اٹھانا جائز ہے؛ البتہ وقف کی صورت میں اصل رقم کو محفوظ رکھنا یا اس کو کسی کا روبار میں مشغول کردینا ضروری ہوگا اور اس پر جونفع حاصل ہوگا یا اس مقصد کے لئے ان ممبران کے علاوہ دوسرے اہل خیر کی طرف سے جو چندہ آئے گا ان کو علاج پرخرچ کیا جائے گا۔
دوسری شکل ہبہ وعطیہ کی ہے، یعنی بعینہ ممبران کی رقم علاج پر خرچ کی جائے گی۔ حدیث میں ایک مسئلہ ہبہ بالعوض کا آتا ہے، یعنی ایک شخص کسی کو کوئی چیز ہبہ کرے اوردوسرا شخص اس کے عوض میں کچھ دے دے تو یہ درست ہے۔، ’’الرجل أحق بہبتہ ما لم یثب منھا‘‘ (ابن ماجہ:۲۳۸۷) لہٰذا جس ممبر کے علاج پر پیسے خرچ ہوں گویا دوسرے ممبروں کی طرف سے یہ اسکے عطیہ کے مقابل عطیہ ہے۔ یہ دونوں طریقے جائز ہیںاور عصر حاضر کے فقہاء نے اس کو ’’تکافل‘‘ کانام دیا ہے، جو مروجہ انشورنس کا بھی متبادل ہے۔
مروجہ انشورنس اور تکافل کے درمیان بنیادی فرق یہ ہے کہ انشورنس میں ہر سال کی بچی ہوئی رقم انشورنس کمپنی کی ملکیت بن جاتی ہے اور یہ اس کا نفع شمار کیا جاتا ہے کیوں کہ انشورنس تجارتی مقصد پر مبنی ہوتا ہے اور اس میں نفع مقصود ہوتاہے، بخلاف ’’تکافل‘‘ کے کہ اس میں بچی ہوئی رقم یاتو آئندہ کے لئے محفوظ کردی جاتی ہے تاکہ مریضوںکے کام آئے، یا جن لوگوں سے لی گئیـ تھی، ان کو واپس کردی جاتی ہے۔ اگر حکومت یا کسی ذمہ دار کمپنی کے تحت تکافل کا ایسا ادارہ قائم ہو تب تو یہ بہت مفید اور محفوظ صورت ہوگی لیکن ہندوستان جیسے ملک میں جہاں اس طرح کا نظام ابھی موجود نہیں ہے وہاں کچھ لوگ مل کر اور گروپ بناکر اس کام کو کرسکتے ہیں، مثلاً ایک مسجد کے تحت سوگھر آتے ہیں تو سو گھروں کا ایک گروپ بنالیا جائے، کچھ خاص بیماریوں کو متعین کردیں اور ایک آسان قسط (پریمیم) ماہوار طے کردیں، یہ رقم جمع ہواور اس گروپ میں سے کوئی شخص جب اس میں شامل بیماریوں میں سے کسی بیماری میں مبتلا ہو تو اس کے علاج کا انتظام ہو جائے، اس طرح موجودہ حالات میں بہت سے نادار اور پریشان حال مریضوں کیلئے علاج کی سہولت فراہم ہوسکتی ہے۔
اگر کوئی چیز انسان کی عمومی ضرورت بن جائے مگر وہ جائز نہ ہوتو اس سے روکنے کا راستہ یہی ہے کہ اس کا جائز متبادل پیش کردیا جائے۔ اس لئے یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔