Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان ڈائری(۱): کیلنڈر، دل اور دماغ کی لڑائی

Updated: March 22, 2023, 2:10 PM IST | Mumbai

آج چاند ہوگا یا نہیں ہوگا، یہ مسئلہ شاید دن بھر موضوع بحث رہے۔کچھ لوگ چاہیں گے کہ چاند ہوجائے، بیشتر لوگ نہیں چاہیں گے۔ ان لوگوں میں نفس بھی شامل ہے۔

photo;INN
تصویر :آئی این این
آج چاند دکھائی دیگا یا نہیں؟ کیلنڈر کہتا ہے چاند آج ہوگا، دل کہتا ہے آج نہ ہو تو اچھا ہے، ایک دن اور کھا پی لیں پھر کل سے تو روزہ رکھنا ہی ہے۔ کیلنڈر اور دل کی لڑائی میں دماغ بھی کود پڑتا ہے اور جلدی جلدی باقیماندہ کام یاد دلا دیتا ہے کہ یہ بھی باقی ہے اور وہ بھی۔ اس طرح دل اور دماغ ایک طرف ہوجاتے ہیں، کیلنڈر دوسری طرف ہی رہتا ہے کیونکہ وہ تو چھپ چکا ہے۔
دل اور دماغ کا ایسا ملن کبھی کبھار ہی دیکھنے کو ملتا ہے ورنہ ان دونوں میں ہمیشہ ٹھنی رہتی ہے۔ مثلاً دل کہتا ہے روزہ رکھنا چاہئے، روزہ فرض ہے، مگر دماغ کہتا ہے دیکھو تمہاری طبیعت ٹھیک نہیں ہے، بیمار کو رخصت ہے، فدیہ ادا کر دینا۔ دل کہتا ہے ایک روزہ بھی چھو‘ٹا تو نفس بار بار بہکائے گا مگر دماغ کہتا ہے کہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں، کل کے بعد نفس کو بہکنے کا موقع دیا ہی نہیں جائیگا۔
دیکھی آپ نے دل اور دماغ کی یکجہتی؟ ایسے ہی معاملات میں ان کی یکجہتی دیکھنے کو ملتی ہے اور یہ ایک جان دو قالب ہو جاتے ہیں۔ دل سوچنے لگتا ہے، دماغ دھڑکنے لگتا ہے، واہ واہ چہ خوب! 
کیلنڈر، دل اور دماغ کی اس لڑائی میں ہم نے کیلنڈر کا ساتھ دیتے ہوئے دل اور دماغ کو اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ آج کا چاند قبول کرلیں۔ دونوں نہ چاہتے ہوئے بھی تیار تو ہوگئے مگر ایسا لگا کہ نہ  چاہتے ہوئے تیار ہوئے ہیں۔ شاید انہوں نے سوچا ہو کہ وہاٹس ایپ ہے نا، کوئی نہ کوئی راستہ نکال ہی دے گا۔ یہ سچ بھی ہے، وہاٹس ایپ جیسا چاہیں راستہ نکال دیتا ہے۔ مگر وہاٹس ایپ کی اس اعانت ِ خاص سے پہلے سعودی میں چاند نہ ہونے کی خبر سے دل اور دماغ کو حوصلہ مل گیا۔ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ منگل کو سعودی میں چاند نہیں ہوا۔ یعنی آج ہمارے ہاں بھی چاند نہیں ہوگا۔ کم از کم ایک دن کا فرق تو رہتا ہے سعودی کے چاند میں اور برصغیر کے چاند میں! یہ دل اور دماغ سوچ رہے ہیں ہم نہیں۔ ہم علماء کی سنتے ہیں جو بتاتے ہیں کہ آج ۲۹؍ شعبان ہے تو رویت ہونے کا امکان بہرحال ہے۔ مگر دل اور دماغ کو کون سمجھائے۔ یہ پھولے نہیں سما رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دیکھا سعودی میں چاند نہیں ہوا تو اب ہمارے یہاں جمعرات ہی کو ہوگا اور جمعہ کو پہلا روزہ ہوگا۔ 
سعودی کی خبر سے دل اور دماغ کو قبل از وقت سہارا مل گیا ہے ورنہ، جیسا کہ عرض کیا گیا، انہیں وہاٹس ایپ پر ہی انحصار کرنا پڑتا۔ یہ عجیب و غریب ایپ ہے۔ اس پر موصول ہونے والے پیغامات کی اپنی دُنیا ہے۔ ممکن تھا کہ اس پر بتادیا جاتا کہ ابر کی وجہ سے چاند کہاں کہاں نہیں دیکھا گیا۔ ایسی صورت میں اگر افق پر چاند دکھائی دے رہا ہو تب بھی مشکوک ہونے لگتا ہے کہ پتہ نہیں ہوا یا نہیں کیونکہ وہاٹس ایپ کے پیغامات میں بتایا گیا ہے کہ فلاں اور فلاں شہر میں چاند نہیں دیکھا گیا۔ 
وہاٹس ایپ کی دُنیا ہی ایسی ہے۔ اچھے خاصے لوگوں کو مشکوک کردیتی ہے۔ یہی اس کی سب سے بڑی خصوصیت ہے اور اس کے صارفین، پیغامات کو مسترد کرنے کے مقابلے میں مشکوک ہونے کو اولیت دیتے ہیں۔ خیر، اس ایپ کی شان میں چند کلمات نہ کہنا اپنی  شان میں گستاخی کے مترادف ہوگا اس لئے عرض ہے کہ اسی ایپ پر  چاند کی تصویریں جلوہ گر ہوں گی اور چاند مبارک کے پیغامات کی سونامی آجائے گی۔ ایسے میں اگر کوئی اپنی زبان سے چاند مبارک کہے گا تو لوگ اسے پرانا آدمی سمجھیں گے۔ نئے دور کا نیا آدمی وہاٹس ایپ پر مبارک دیتا ہے۔چاہے خو د زحمت  فرمائے یا کسی اور کے مسیج کو فارورڈ رنے کی زحمت پر اکتفا کرے۔ 
ہمیں وہاٹس ایپ پر چاند کے مسیج دیکھنے میں جتنا لطف آتا ہے اُتنا چاند دیکھنے میں نہیں آتا۔ اس کی وجہ ہے۔ افق پر چاند جیسا ہے ویسا ہی دکھائی دیتا ہے مگر وہاٹس ایپ پر ہر مسیج میں اس کا انداز مختلف ہے۔
 
(تحریر: شاہد لطیف)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK