آخری عشرے کا ایک ممتاز وصف یہ بھی ہے کہ اس میں اعتکاف کیا جاتا ہے، اس کی طاق راتوں میں شب قدر ہے جسے تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور دولت مندوں کے لئے حکم ہے کہ وہ صدقۂ فطر ادا کریں
EPAPER
Updated: April 22, 2022, 1:25 PM IST | Allama Muhammad Miraj-ul-Islam | Mumbai
آخری عشرے کا ایک ممتاز وصف یہ بھی ہے کہ اس میں اعتکاف کیا جاتا ہے، اس کی طاق راتوں میں شب قدر ہے جسے تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور دولت مندوں کے لئے حکم ہے کہ وہ صدقۂ فطر ادا کریں
رمضان المبارک، رحمان کی طرف سے آنے والا معزز مہمان، نور کا آسمان، بے پایاں رحمت کا سائبان اور انسان کی بخشش کا ایسا حیرت انگیز اور قدرتی سامان ہے کہ اگر انسان پر حقیقت کھل جائے اور اس کی باطنی آنکھ وہ عجائبات اور مناظر دیکھنے لگ جائے جو فرشتوں کی آمد و رفت سے پیدا ہوتے ہیں تو وہ دم بخود رہ جائے اور اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہے۔
رمضان میں رب تعالیٰ کے حکم سے، روزہ داروں کے لئے، فرشتے رحمتوں کے طباق اور سعادتوںکی سوغات لے کر، آسمان سے اترنا شروع ہو جاتے ہیں اور افطاری کے وقت ان پر یہ رحمتیں انڈیل دیتے ہیں، یہ سعادتوں سے بھرا ایسا بہار آفریں سماں ہوتا ہے جو اگر ان پر منکشف ہوجائے، تو وہ یہ تمنا کرنے لگ جائیں کہ کاش! سارا سال ہی رمضان بن جائے اور انہیں یہ سعادتیں اور برکتیں ہمہ وقت حاصل ہوتی رہیں۔
یوں تو رمضان کا سارا مہینہ ہی ان صفات و برکات سے معمور ہے مگر آخری دس دن، پہلے بیس دنوں سے بھی زیادہ اہمیت اور انفرادی شان رکھتے ہیں، جن میں اعتکاف ہوتا ہے، شب قدر کو پانے کی کوشش کی جاتی ہے اور آخر میں صدقہ فطر ادا کیا جاتا ہے۔
بیس دن کے روزہ رکھنے اور افطار کرنے کے یکساں عمل سے اس بے دلی کا پیدا ہو جانا ممکن تھا۔ اس لئے دانائے فطرت اور نباض حقیقت نے اپنے ذوق عمل اور طرز طریق سے آخری عشرے کو بالکل جدا اور نیا مقام عطا کر دیا۔ گویا اصل ذوق و شوق، ریاضت و عبادت اور خشیت و بندگی کا وقت تو اب آیا ہے۔ یہ سب کچھ اس لئے کیا تاکہ عبادت میں تنوع پیدا ہوجائے اور بیس دن کی پیہم مشقت ذوق عمل میں کمی نہ کر دے۔ فطرت شناسی کی یہ اتنی جاندار اور اتنی بڑی مثال ہے جس کی نظیر پیش نہیں کی جاسکتی۔
دوسرا عشرہ پہلے عشرہ کے قریب ہی ہوتا ہے اور دس دن کی مدت کچھ اتنی لمبی بھی نہیں، اس لئے دوسرے عشرے کی صرف انفرادیت بیان کرنے پر اکتفا کیا۔ ارشاد فرمایا :
’’پہلا عشرہ رحمت، دوسرا بخشش اور تیسرا دوزخ کی آگ سے خلاصی کا ہے۔‘‘
مگر تیسرے عشرے کی زبانی اور عملی طور پر بے شمار خصوصیات بیان فرمائی ہیں تاکہ امتی کو یہ احساس ہو کہ وہ ایک نیا کام اب ہی شروع کر رہا ہے اور اس طرح سارا رمضان اسی کیف و سرور، ذوق و شوق اور سوز و مستی کے ساتھ گزر جائے۔ اس آخری عشرے کا ایک ممتاز وصف یہ بھی ہے کہ اس میں اعتکاف کیا جاتا ہے، اس کی طاق راتوں میں شب قدر ہے اور دولت مندوں کو صدقہ فطر ادا کرنے کا حکم ہے۔
اعتکاف
اللہ کے لئے ضبط نفس، گوشہ تنہائی میں سب سے کنارہ کشی اور علائق دنیا سے بے رغبتی کے عملی اظہار کا نام اعتکاف ہے۔ چونکہ سبھی انسان اس مزاج و فطرت کے مالک نہیں ہوتے کہ سب سے ناطہ توڑ کر کسی تنہا کونے میں مالک حقیقی سے لو لگانے کا خیال ان کے دماغ میں آئے بلکہ بعض مخصوص افراد ہی کو یہ سعادت ارزانی ہوتی ہے، اس لئے اعتکاف سب پر فرض نہیں کیا گیا بلکہ یاران نکتہ داں کے لئے صلائے عام دے دی گئی کہ جو چاہے اس کنج عافیت میں آکر حقائق و معارف کے رنگین انوار و تجلیا ت کے نظاروں سے لطف اندوز ہو۔ اگر سب پر فرض کردیا جاتا تو شاید اسلام پر رہبانیت کی تعلیم کا دھبہ لگ جاتا اور اگر بالکل اجازت نہ دی جاتی تو کتنی سعید و شاہین صفت روحیں اپنی اصلی پرواز سے محروم رہ جاتیں۔
اب کسی شخص کی مرضی پر منحصر ہے کہ آخری دس دنوں میں اعتکاف کرلے تاکہ حق تبارک و تعالیٰ کے ساتھ محبت کرنے کی عملی تربیت حاصل کرسکے۔ یہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دستور تھا۔
’’رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔ وصال شریف تک یہی معمول رہا۔‘‘(ترمذی )
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ فرماتی ہیں : ’’آپ ﷺ آخری عشرے میں اعتکاف فرماتے اور حکم دیا کرتے تھے کہ اسی میں شب قدر کو تلاش کرو۔‘‘ (ترمذی)
بیہقی کی روایت ہے:
’’جس نے عشرہ رمضان کا اعتکاف کیا، یہ دو حج اور دو عمروں کی طرح ہوگا۔‘‘
شب قدر
عمل و ریاضت کے شیدائیوں کے لئے شب قدر خاص اہمیت و کشش رکھتی ہے کیونکہ اس میں انتہائی مختصر وقت میں حیرت انگیز حد تک زیادہ سے زیادہ رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین عمل کے شیدائی تھے، ایک دفعہ ان کے محبوب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بتایا :
گزشتہ امتوں کے لوگ طویل ترین عمروں کے مالک ہوتے تھے، ان میں سے بعض اپنی ساری عمر عبادت و اطاعت میں گزار دیتے تھے۔ صحابہ کرام نے یہ سن کر عرض کی : ’’ہماری عمریں تو مختصر ترین ہوتی ہیں ہم کتنی بھی محنت کریں، عمل میں ان خوش قسمت افراد کی برابری نہیں کر سکتے۔ عمر کی طوالت ان کو ہم پر فوقیت بخش دے گی۔‘‘
چونکہ اصحابِ عزیمت و ہمت تھے، خود کو میدان عمل میں بے بس پا کر افسردہ خاطر ہوئے اور اپنی بے بسی اور ساتھ ہی اطاعت و عبادت کے لئے اپنی رغبت کا اظہار کیا۔ قدرت ربانی نے ان کے خلوص و ذوق کو پزیرائی بخشی اور سورۃ القدر نازل فرماکر بتایا کہ شب قدر کی ایک رات کی عبادت ہزار ماہ کی عبادت سے بہتر ہے۔ طلوع فجر تک اس میں انوار و ملائک کا نزول ہوتا رہتا ہے۔ یہ خوشخبری سن کر ان کی رگوں میں مسرت کی لہر کے ساتھ جذبہ عمل کی بجلیاں بھی دوڑ گئیں اور شب قدر کی تعین کے بارے میں استفسار فرمایا : اگر محنت و مشقت پر ابھارنا اور ان کی قوت عمل کو بیدار کرنا مقصود نہ ہوتا تو بتادیا جاتا، فلاں تاریخ کو شب قدر ہوتی ہے، مگر جذبہ عمل کو مہمیز لگانے کے لئے وہ طریقہ اختیار کیا جس میں مایوسی بھی نہیں اور ہر طبقہ کا شوق بھی برابر رہتا ہے مثلاً یہ کہہ دیا جاتا کہ سارا سال عبادت کرکے شب قدر تلاش کرو تو اکثریت کی ہمتیں پست ہوجاتیں، اس لئے اس پست ہمتی اور مایوسی سے بچانے کے لئے بتادیا کہ شب قدر رمضان کے آخری عشرے میں ہے۔ کچھ لوگ ہی اتنے بلند ہمت ہوتے ہیں جو مسلسل دس راتیں بھی جاگنے کے لئے تیار ہوں، اس لئے پانچ راتیں مخصوص فرما دیں کہ وہ آخری عشرے کی طاق راتیں ہیں۔ کچھ لوگ پانچ راتیں جاگنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرسکتے تھے، انہیں ستائیسویں شب کو جاگنے کا مشورہ دیا۔
اس پردہ پوشی سے یہ مترشح ہوتا ہے کہ ہر طبقہ کے افراد کو ان کے درجہ کے مطابق عمل و فعل پر ابھارنا مقصود ہے کہ جتنا کسی سے ہوسکے، ضرور جاگ کر اپنے مالک کی رحمت سے جھولیاں بھرنے کی کوشش کرے اور عمل سے دست کش ہوکر نہ بیٹھ جائے، چنانچہ حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے :
’’وہ رمضان کی ستائیسویں شب ہے، لیکن تمہیں اس لئے خبر نہ دی کہ بھروسہ کر کے نہ بیٹھ جاؤ۔‘‘(ترمذی)
یہی وجہ ہے کہ ایک مرتبہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بتانے کے لئے تشریف بھی لائے مگر وہ دو شخصوں کو جھگڑتا دیکھ کر واپس تشریف لے گئے، گویا قدرت کو بھی منظور نہ تھا کہ عام لوگوں میں اس کا چرچا ہو، یہ صرف اسی لئے تاکہ مسلمانوں میں عمل و تجسس اور جدوجہد کا جذبہ قائم رہے۔
بخاری شریف میں ہے :
’’حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شب قدر کا بتانے کے لئے تشریف لائے، اس وقت دو شخص آپس میں جھگڑ پڑے۔ (آپ کی طبع مبارک پر یہ جھگڑا گراں گزرا، لہٰذا آپؐ واپس تشریف لے گئے) بعد میں فرمایا ہم باہر آئے تھے تاکہ شب قدر کے بارے میں بتائیں لیکن فلاں فلاں نے جھگڑنا شروع کر دیا اور وہ اٹھالی گئی۔ ممکن ہے یہی تمہارے حق میں بہتر ہو۔ لہذا اسے طاق راتوں میں تلاش کرو‘‘۔
امام شافعی ؒ کا قول
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، حدیث پاک میں جو یہ آتا ہے کہ آخری عشرے کی طاق راتوں میں شب قدر ڈھونڈو غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ صحابہ کرام اس طرح پوچھتے تھے : یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! اکیسویں شب میں تلاش کریں؟ آپ فرما دیتے : ہاں۔ دوسرا ستائیسویں کی یقین دہانی کرا لیتا، اسی طرح پچیسویں، ستائیسویں اور انتیسویں کے بارے میں پوچھتے اور آپ سب کو وہی جواب دیتے کیونکہ آپ ﷺ کی عادت مبارکہ تھی کہ جیسا سوال ہوتا، ویسا ہی جواب دیا کرتے تھے۔ پوچھا جاتا، فلاں رات میں تلاش کریں؟ آپؐ فرماتے : ہاں فلاں رات میں تلاش کرو۔شب قدر کی واضح تعیین تو نہ فرمائی گئی مگر ترغیب و شوق کے لئے اس کے بے شمار فضائل بیان فرما دیئے۔ دیلمی کی روایت ہے :’’بے شک اللہ تعالیٰ نے صرف میری امت کو شب قدر دی ہے اور جو لوگ گزر گئے ان کو نہیں دی۔‘‘طبرانی کی روایت ہے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب قدر تلاش کرو۔’’جس نے ایمان و یقین کے ساتھ ثواب کی نیت سے اس میں قیام کیا اس کے گزشتہ گناہ بخش دیئے جائیں گے۔‘‘حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے پوچھا: میں اس رات میں کیا دعا کروں؟آپﷺ نے فرمایا : پڑھو:’’اے اللہ تو معاف فرمانے والا ہے، عفو و درگزر کو پسند فرماتا ہے، مجھے معاف فرمادے۔‘‘