ہسپانوی فٹ بال لیگ ’لالیگا‘ کا۲۶۔۲۰۲۵ء سیزن ڈرامائی انداز میں ختم ہوا۔ ریئل میڈرڈ نے اپنے مشکل سیزن کا اختتام ایتھلیٹک بلباؤ کے خلاف ۲۔۴؍کی فتح کے ساتھ کیا۔
کیلیان ایمباپے نے ریئل میڈرڈ کیلئے ایک گول کیا- تصویر:آئی این این
ہسپانوی فٹ بال لیگ ’لالیگا‘ کا۲۶۔۲۰۲۵ء سیزن ڈرامائی انداز میں ختم ہوا۔ ریئل میڈرڈ نے اپنے مشکل سیزن کا اختتام ایتھلیٹک بلباؤ کے خلاف ۲۔۴؍کی فتح کے ساتھ کیا جبکہ گیرونا اور میلورکاکی ٹیمیں ٹاپ ڈویژن سے باہر (ریلگیٹ) ہوگئیں۔ سینٹیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ریئل میڈرڈ نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ گونسالو گارسیا نے دانی کاروزال کے شاندار پاس پر پہلا گول کیا۔انگلش اسٹار جوڈ بیلنگھم نے ٹیم کی برتری دُگنی کی۔فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے نے ڈی ایریا کے باہر سے شاندار شاٹ مار کر سیزن کا اپنا ۲۵؍ واں گول اسکور کیا۔میچ کے آخری لمحات میں مراکش کے اسٹار ابراہیم ڈیاز نے چوتھا گول کر کے ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔
ریئل میڈرڈ کے تجربہ کار ڈیفنڈر دانی کاروزال نے ۳۴؍ سال کی عمر میں کلب کے ساتھ اپنے آخری میچ کے بعد الوداعی تقریر کی۔ ۲۷؍ٹرافیاں جیتنے والے کاروزال کو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نم آنکھوں کے ساتھ انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میڈرڈسٹا‘ ہونے پر فخر ہے۔
دریں اثناءگزشتہ سیزن میں چمپئن لیگ کھیلنے والی گیرونا کی ٹیم ایلچے کے خلاف ایک ایک کے ڈرا کے بعد دوسرے ڈویژن میں چلی گئی ہے۔ کوچ مچل سانچیز نے اسے کلب اور مداحوں کیلئے ایک انتہائی تکلیف دہ لمحہ قرار دیا۔ دوسری جانب میلورکا نے ریئل اوویڈو کو تین صفرسے شکست دی لیکن پوائنٹس ٹیبل پر ہیڈ ٹو ہیڈ نتائج کی بنیاد پر وہ اپنی جگہ بچانے میں ناکام رہی۔
وہیں لا لیگا چمپئن بارسلونا کو اپنے آخری میچ میں ویلنشیا کے ہاتھوں تین ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسٹار اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈوسکی نے بارسلونا کیلئے اپنے آخری میچ میں گول تو کیا لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ادھرسیلٹا ویگو نے سیویلا کو ہرا کر یوروپا لیگ جبکہ گیٹافے نے اوساسونا کو شکست دے کر کانفرنس لیگ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔