• Wed, 02 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اگست میں نا مناسب بارش کے سبب کئی اضلاع میں خشک سالی کا خدشہ

Updated: September 02, 2026, 12:01 PM IST | Agency | Mumbai

ایل نینو کے اثرات کی وجہ سے امسال مانسون مناسب نہیں رہا اور اگست کا مہینہ مایوس کن رہا، امسال مہاراشٹرمیں ۱۱؍ فیصد کم بارش ہوئی ہے۔

Vidarbha received scanty rainfall in August, but good rainfall is expected in the coming days. Picture: INN
ودربھ میںاگست میںکم بارش ہوئی مگر آئندہ دنوں اچھی بارش متوقع ہے۔ تصویر: آئی این این

مانسون کے تین مہینے ختم ہوچکے ہیں۔ اگست میںانتہائی کم بارش ہوئی۔ اب کسانوں کی نظریں آسمان پر ہیں اورانہیںامیدہےکہ ستمبر میں اچھی بارش سے حالات بدل سکتے ہیں۔  تاہم ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ستمبر کے مہینے میں بھی ریاست میں معمول سےکم بارش کا امکان ہے۔ اس لئے خدشہ ہے کہ یہ سال خشک سالی کے سائے میں رہے گا۔

ایل نینو کے اثر کی وجہ سے امسال مانسون مناسب نہیں رہا اور اگست کا مہینہ مایوس کن رہا ۔ اگست میں خلیج بنگال میں کم دباؤ والے بیلٹ بننے کے باوجود توقع کے مطابق بارش نہیں ہوئی۔ یہی وجہ ہےکہ ریاست کو اس وقت۱۱؍ فیصد بارش کی کمی کا سامنا ہے ۔ مراٹھواڑہ اور ودربھ سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ پونے کے شیواجی نگر میں اگست میں۸۴ء۵؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جو ۱۰؍ سال میں تیسری سب سے کم مقدار ہے۔ ممبئی میں ستمبر کے دوران ۳۵۰؍ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جاتی ہے۔ ا س مرتبہ بھی ستمبر میںاچھی بارش کی توقع ہے۔ عام طورپرستمبرمیں ممبئی دو سے تین مرتبہ اچھی بارش ہوتی ہے ۔ ماہر موسمیات اتھریا شیٹی نے پہلی بارش دہی ہانڈی کےدن کے آس پاس ہونے کا اندازہ لگایا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امیت شاہ کی تقاریب سے مسلم افسران کو دور رکھنے کا الزام، مہوا موئترا برہم

بحیرۂ عرب کے ساحل پر موافق ہواؤں کے نہ چلنے اور خلیج بنگال میں کمزور موسمی نظام کی وجہ سے ممبئی شہر اور ساحلی علاقوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ یکم سے۳۰؍ اگست تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اوسط  سے ۱۶ء۵؍ فیصد کم بارش ہوئی ۔ اس میں ۲۵ء۶؍فیصدسب سے کم بارش جنوبی ہندوستان میں ہوئی۔ وسطی ہندوستان میں ۱۶ء۲؍ فیصد، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں ۱۸ء۸؍فیصد اور شمال مغربی ہندوستان میں ۹ء۴؍فیصدکم بارش ریکارڈ کی گئی ۔

ودربھ میں اوسط سے ۷۰؍فیصد کم بارش

ودربھ میں گزشتہ کئی دنوں سے بارش نہ ہونے سے کسانوں اور عوام کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ ودربھ میں اگست کے مہینے میں اوسط کے مقابلے میں۷۰؍ فیصدکم بارش ہوئی ہے۔ موسمیات کے ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ فی الحال یہ کمی برقرار نہیں رہےگی کیونکہ ۲؍ سے۵؍ستمبر کے درمیان ودربھ کے کچھ اضلاع میں اچھی بارش ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جلگائوں میں ۵؍ لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے نام فہرست سے حذف

ودربھ کے۶؍ اضلاع کیلئے یلو الرٹ

ناگپور کے محکمہ موسمیات نے مشرقی ودربھ کے ۶؍ اضلاع کیلئے ۲؍سے۵؍ستمبر تک یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں کچھ مقامات پر بارش اور گھن گرج کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ۴؍ستمبر کو گونڈیا ضلع کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور اس دن کچھ مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ناگپور کے محکمہ موسمیات کے سائنسداں ڈاکٹر پروین کمار کے مطابق اس سال اگست کے مہینے میں ودربھ میں اوسط سےکافی کم بارش کے سبب زراعت کا بحران سنگین ہوگیا ہے اور فصلوں کو پانی کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK