Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملاڈ کا اِن آربٹ مال آج بھی اپنے حلقے کا بہترین مال ہے

Updated: July 18, 2023, 1:37 PM IST | Muhammad Habib | Mumbai

ملاڈ کا قدیم مال’ مال کلچر‘ کی علامت بنا ہوا ہے،شاپنگ اور تفریح کے علاوہ یہاںمنعقد ہونے والے پروگراموںسے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں

Malad`s in-orbit mall has played a major role in promoting mall culture in Mumbai
ملاڈ کا ان آربٹ مال جس نے ممبئی میں مال کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے

ملاڈ  کےاندرونی علاقوں سے مٹھ چوکی ہوتے ہوئے نیو لنک روڈ کے ذریعہ گوریگائوں یا جوگیشوری کی جانب جانا آج بھلے ہی ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے لیکن۲۰۰۰ء سے پہلے یہ خوشگوار نہیں بلکہ نہایت ہی ناگوار تجربہ ہوا کرتا تھا کیوں کہ اسی روڈ پر ڈمپنگ گرائونڈ واقع تھا لیکن دھیرے دھیرے اسے ختم کرکے ۲۰۰۴ء میں یہاں ایک مال بنادیاگیاجس کا نام’اِن آربٹ‘ مال ہے۔ اس مال کے وجود میں آنے کے بعد سے ملاڈ تا جوگیشوری نیو لنک روڈ کی جیسے کایا ہی پلٹ گئی۔ آج بھلے ہی اس روڈ پر متعدد مال وجود میں آچکے ہیں لیکن ان آربٹ مال کی مقبولیت آج بھی قائم ہے۔جس وقت یہ وجود میں آیا تھا اسے سائوتھ ایشیا کا سب سے بڑا مال قرار دیا گیا تھا لیکن آج ملک بھر میں متعددمال وجود میں آچکے ہیں جو شاید اس سے بھی بڑے ہیں لیکن ان آربٹ مال کی اہمیت آج بھی مسلم ہے۔
اِن آربٹ مال کیوں جائیں؟: اِن آربٹ مال کو اسی طرز پر بنایا گیا ہے جیسے مال عام طور پر امریکہ اور برطانیہ میں ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں آپ کو  تمام طرح کے سامان کی خریداری کیلئے دکانیں ، تفریح کیلئے مواقع اور کھانے پینے کیلئے مختلف آئوٹ لیٹ اور ہوٹل ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوجاتے ہیں۔یہاں دستیاب اشیا  کے تنوع کا اندازہ آپ اس بات سے لگاسکتے ہیں کہ یہاں محض خریداری کیلئے ۱۲؍ اقسام کی دکانیں دستیاب ہیں اور ایک قسم یعنی صرف کپڑوں کی خریداری کیلئےتقریباً ۳۰؍ دکانیں موجود ہیں۔ان میںکچھ دکانیں تو ایسی ہیں جو ایک چھوٹے موٹے مال کے برابر ہیں۔ ان میں شاپر اسٹاپ جو کبھی اندھیری میں ایک مال کی حیثیت رکھتاتھا یہاں محض ایک دکان کے حیثیت رکھتا ہے لیکن اس کی وسعت اتنی ہی بڑی ہے جتنی اندھیری کے اسٹور کی تھی، یعنی یہاں بھی  یہ وسیع وعریض اسٹور ۲؍منزلےپرمشتمل ہے۔ اسی طرح ملٹی نیشنل کمپنی ایچ اینڈ ایم کا اسٹور بھی ۲؍منزلے پر مشتمل ہے جس میں گرائونڈفلور میں صرف خواتین کے کپڑے اور پہلے منزلے پر بچوں اور مردوں کے کپڑے دستیاب ہیں۔
خواتین اورمردوں کی شاپنگ:جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے کہ خواتین کے کپڑوں کی دکانیں زیادہ ہوتی ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہے۔ یہاں خواتین کے کپڑوں کی دکانیں تو بڑی تعداد میں ہیں ہی لیکن اس کےساتھ ہی مردوں کے کپڑوں کی خریداری کیلئے بھی متعدد دکانیں موجودہیں۔یہاں شاپرز اسٹاپ جیسےبڑےاسٹورز میں خواتین کے ساتھ مردوں کے بھی کپڑے ملتے ہیں جبکہ ایلن سولی  اور ٹومی ہلفائگر جیسےمردوں کے کپڑوں کے اسٹور بھی یہاں موجود ہیں۔
دیگر مصنوعات: کپڑوں کے علاوہ ایکسیسریز، فوٹ ویئر، اسپورٹس کاسمیٹکس، سیلون اینڈ اسپا، الیکٹرانکس،فوڈ اینڈ گروسری، ڈیکوریشن، گفٹس اینڈ ناولٹی کے علاوہ کتابوں کے بھی اسٹور موجود ہیں۔
لذت کام ودہن:یہاں لذت کام و دہن کیلئے ۲؍قسم کا انتظام ہے۔ ایک تو روایتی فوڈ کورٹ جو اکثر مالزمیں ہوتا ہے اس کے علاوہ یہاں متعدد ہوٹل بھی موجود ہیں جہاں اعلیٰ قسم کاکھانا دستیاب ہوتا ہے۔ یہاں فوڈ کورٹ میں ایشیا سیون، برگر کنگ، کوکی مین، ڈومینو پیزا، جوش، کیلاش پربت، کے ایف سی، میڈ اوور ڈونٹ، میک ڈونالڈز، نیچورلز، اسٹریٹ فوڈ بائے پنجاب گر ِل، سب وے اور وائو چائنا کے علاوہ دیگر متعدد آئوٹ لیٹس موجود ہیں جہاں سے کھانے پینے کا سامان لے کر مشترکہ فوڈ کورٹ میں بیٹھ کر کھا سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اروماز،کیفے دہلی ہائٹس،چایوس، کریم سینٹر، مہاراجا بھوگ، پا پا یا اور دیگر ریسٹورنٹ واقع ہیں جن کے ذاتی بیٹھنے کے انتظام میںآپ اپنی مرضی کے مطابق پرسکون انداز میں کھانا کھا سکتے ہیں۔
موج مستی:اس کے علاوہ بچوں اور بڑوں کی تفریح کیلئےیہاںٹائم زون نامی مختلف گیمز کا مرکز ہے جس میں بچوں سے لے کربڑے تک اپنی مرضی کا گیم کھیل سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تفریح کیلئے آئی نوکس میگاپلیکس نامی ملٹی پلیکس موجود ہے جس میں ہر طرح کی فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔
 اس کے علاوہ بھی یہاں مختلف مواقع پر پروگرام منعقد کئے جاتےہیں۔جن میںمختلف دنوں کی مناسبت سے خصوصی پروگرام  اورمتعدد فنکاروں کے لائیو شو دیگر پروگرام ہوتے رہتے ہیں  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK