Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیتن گڑھ قلعہ: ناسک کے اگت پوری میں واقع پہاڑی قلعہ

Updated: April 23, 2026, 11:11 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

یہ قلعہ سطح سمندر سے تقریباً۴؍ہزارفٹ کی بلندی پر کلسو بائی پہاڑی سلسلےمیں واقع ہے، ممبئی سے اس کا فاصلہ تقریباً ۱۳۰؍کلومیٹر ہے۔

Bettnagar Fort.Photo;INN
بیتن گڑھ۔ تصویر:آئی این این
بیتن گڑھ، جسے مقامی لوگ ’بِٹکا‘بھی کہتے ہیں، مہاراشٹر کے ضلع ناسک کی تحصیل اگت پوری میں واقع ایک پہاڑی قلعہ ہے۔ یہ قلعہ سطح سمندر سے تقریباً۴؍ہزارفٹ کی بلندی پر کلسو بائی پہاڑی سلسلےمیں واقع ہے۔ ممبئی سے اس کا فاصلہ تقریباً ۱۳۰؍کلومیٹر ہے اور قریب ترین قصبہ گھوٹی ہے۔قلعہ گاؤں ٹاکیڈ اور بیس ولیج بیتن واڑی کے قریب ہے۔یہ ناسک اور احمدنگر اضلاع کی سرحد پر واقع ہے۔ 
تاریخی پس منظر
اس قلعے کی تاریخ کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔قلعے کا کل رقبہ۳؍ ایکڑ سے بھی کم ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بڑی فوجی چھاؤنی کے بجائے صرف نگرانی کے لیے استعمال ہوتاتھا۔ قلعے پر موجود ستواہن دور کے دو ستون اس کی قدامت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ چونکہ یہ کلسو بائی رینج میں النگ، مدن، کلنگ، اونڈھا، پٹہ، آڈ جیسے بڑے قلعوں کے درمیان واقع ہے، اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ اسے تجارتی راستوں اور آس پاس کے علاقے پر نظر رکھنے کے لیے ’واچ ٹاور‘ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ 
قلعے پر دیکھنے لائق مقامات
قلعے پر اب کوئی مضبوط فصیل یا برج باقی نہیں۔ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے۔ پھر بھی یہاں کئی دلچسپ چیزیں ہیں۔
دو سرنگیں: سیڑھیوں کے آغاز کے پاس دائیں طرف ایک سرنگ ہے جس میں رینگ کر جاناپڑتا ہے۔ آخر میں پانی کا حوض ہے۔ دوسری سرنگ قلعے کے مخالف سرے پر ہے جس کے اندر ایک کمرہ ہے۔ 
غار اور حوض: ستواہن دور کے دو ستونوں والاایک بڑاغار ہے جس میں۸؍ سے ۱۰؍لوگ رہ سکتے ہیں۔ کل۶؍ پانی کے حوض ہیں، مگر کسی میں بھی پینے کا پانی نہیں۔۲؍ حوض تو ناقابلِ رسائی ہیں، صرف اوپر سے دیکھے جا سکتے ہیں۔
نظارے: چوٹی بہت چھوٹی ہے۔ یہاں سے کلسو بائی رینج کے قلعے، النگ، مدن، کلنگ، اوندھ، پٹہ، آڈ، مہاسوباچا ڈونگر اور کلسو بائی پہاڑ صاف نظر آتے ہیں۔ قلعے سے مہاکال پہاڑی اور آس پاس کے ونڈ ملز کا نظارہ بھی شاندار ہے۔اس کے علاوہ یہاں تباہ شدہ عمارتوں کی بنیادیں اور ایک جگہ ٹوٹی ہوئی فصیل نظرآتی ہے۔ نیچے گھاٹی کی طرف لکڑی پر شیر کی نقش و نگاری بھی ہے۔ 
 
ٹریکنگ کا تجربہ
ٹریک درمیانے درجے کا ہے۔ گاؤں سے ۳۰؍منٹ کی آسان چڑھائی کے بعد تقریباً ۱۰۰؍ پتھر میں تراشی ہوئی سیڑھیاں چڑھنی پڑتی ہیں۔ یہ حصہ کافی کھڑا اور تکنیکی ہے، بارش میں کائی کی وجہ سے پھسلن ہو جاتی ہے اس لیے رسی رکھنا بہتر ہے۔ پورے ٹریک میں بٹان واڑی سے چوٹی تک تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ لگتا ہے۔ 
قلعہ کی اہمیت
بیتن گڑھ بڑا قلعہ نہیں، مگر ٹریکنگ کے شوقین افراد کے لیے بہترین ہے۔یہ کلسو بائی، النگ-مدن-کلنگ ٹریک کرنے والوں کے لیے ایک اہم پڑاؤ ہے۔۲؍تا۴؍دن کا ٹریک پلان کر کے اوندھ، پٹہ اور بیتن گڑھ ایک ساتھ کیے جا سکتے ہیں۔ یہاں سے ملنے والے۳۶۰؍ ڈگری نظارے اور سناٹا اسے خاص بناتے ہیں۔ 
 
 
یہاں کیسے پہنچیں؟
ریل کےذریعہ :ممبئی سی ایس ایم ٹی یا دادر سے اگت پوری کے لیے کئی لوکل اور ایکسپریس ٹرینیں چلتی ہیں۔ اگت پوری اس روٹ کا بڑا اسٹیشن ہے۔اگت پوری سے گھوٹی۱۵؍کلومیٹر دور ہے۔اسٹیشن سے شیئر ٹیکسی یا بس مل جاتی ہے جس میں۳۰؍منٹ لگتے ہیں۔
بس کےذریعہ :ممبئی سینٹرل/دادر سے ناسک جانے والی ایم ایس آر ٹی سی کی بسی میں سوار ہوں اورگھوٹی پر اتر جائیں۔سڑک کےراستے : سڑک کے راستے یہاں پہنچنے کیلئے آپ کو ممبئی سے تھانے  اور اگت پوری ہوتے ہوئے گھوٹی پہنچنا ہوگا۔اس کیلئے آپ کو ممبئی ناسک ہائی وے سے سفر کرنا ہوگا۔اگت پوری کراس کرکے ۱۵؍کلو میٹر دور گھوٹی پڑتا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK