سونیا گاندھی کی خود نوشت کا توقع سے زیادہ شہرہ ہے۔ شاید اس کتاب کے شائقین نہ صرف اُن دردمندانہ سوالوں کا جواب جاننے کے خواہشمند ہیں جو سونیا کی شخصیت سے وابستہ رہے بلکہ وہ یہ بھی جاننے کے آرزو مند ہیں کہ سونیا نے اتنے گہرے صدمات کس طرح برداشت کئے۔
EPAPER
Updated: November 18, 2026, 5:18 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
سونیا گاندھی کی خود نوشت کا توقع سے زیادہ شہرہ ہے۔ شاید اس کتاب کے شائقین نہ صرف اُن دردمندانہ سوالوں کا جواب جاننے کے خواہشمند ہیں جو سونیا کی شخصیت سے وابستہ رہے بلکہ وہ یہ بھی جاننے کے آرزو مند ہیں کہ سونیا نے اتنے گہرے صدمات کس طرح برداشت کئے۔
سونیا گاندھی کی خود نوشت کا توقع سے زیادہ شہرہ ہے۔ شاید اس کتاب کے شائقین نہ صرف اُن دردمندانہ سوالوں کا جواب جاننے کے خواہشمند ہیں جو سونیا کی شخصیت سے وابستہ رہے بلکہ وہ یہ بھی جاننے کے آرزو مند ہیں کہ سونیا نے اتنے گہرے صدمات کس طرح برداشت کئے، اس دوران کیا سوچا، کیا محسوس کیا، کس طرح خود کو تسلی دی، کس طرح اپنے بچوں کی تسلی کا باعث بنیں، گھر میں کیسے رہیں، سیاست سے دور رہنے کے اپنے عزم کو کیونکر پس پشت ڈالا، راجیو کے بعد پارٹی کی روز بہ روز خستہ ہوتی حالت کو دیکھ کر کیا سوچتی اور محسوس کرتی رہیں، پارٹی کے اس مطالبے کو کہ ’’میڈم‘‘ سیاست میں آئیں کس نظر سے دیکھا، کب یہ محسوس کیا کہ سیاست سے دور رہنے کی اُن کی مزاحمت کمزور پڑ رہی ہے اور پارٹی کے چیلنجوں کو قبول کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے، وغیرہ۔ کتاب میں ان سوالوں کے جواب ہیں، اقتباسات سے یہی پتہ چلتا ہے، مگر شاید کسی کے ذہن میں یہ تجسس نہیں رہا ہوگا کہ ’’بدیسی مہیلا‘‘ کا طعنہ سونیا کیلئے کتنا اذیت ناک تھا اور اُنہوں نے خود کو کس طرح منوایا۔ راجیو گاندھی کی اندوہناک موت کا غم پہاڑ جیسا تھا مگر یہ طعنہ؟ اُن کیلئے شاید یہ طعنہ اُن کے زخم پر نمک پاشی تھا۔ سسرال ہی دلہن کا گھر ہوتا ہے یہ تو تسلیم شدہ حقیقت ہے۔ شادی کے بعد بھی اور شوہر کے انتقال کے بعد بھی سونیا کو بدیسی مہیلا کہہ کر مزید دکھ پہنچایا گیا۔ یہ غم راجیو کی موت کے غم جیسا تو نہیں مگر اس سے کم بھی نہیں رہا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: سونیا کی کتاب اور ’پرنب دا‘ کے ادھورے سپنے کا تذکرہ
اسی لئے کتاب کا نام بہت سوچ سمجھ کر بِلانگِنگ رکھا گیا جس کیلئے اُردو متبادلات وابستگی، تعلق یا اپنا پن ہیں۔ کتاب کا یہ نام ’’بدیسی مہیلا‘‘ کے طعنے کا بہت مثبت جواب ہے۔ اس نام کی وجہ سے ۵۴۴؍ صفحات کی کتاب اپنے پہلے صفحے سے تعلق اور وابستگی کی داستان بن جاتی ہے کہ آخری صفحہ تک جو کچھ بھی ہے وہ وابستگی ہی کے سبب ہے، ایسی وابستگی جو وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوتی چلی گئی۔ ’’بدیسی مہیلا‘‘ اگر بدیسی ہی رہتی اور اُس کی ہندوستانیت سرسری ہوتی تو وہ شوہر کی جدائی کا غم لے کر میکے چلی جاتی۔ کتاب کے نام کے ذریعہ سونیا نے جو پہلا تاثر قارئین کے ذہن پر قائم کرنا چاہا اور یہ بھی چاہا کہ وہ آخر تک قائم رہے، وہ ہندوستان سے اپنی وابستگی کا نقش ہے۔ ایک جگہ اُنہوں نے لکھا ہے کہ ایک جلسے میں ’’دلائی لاما نے مجھ سے پوچھا کہ کیا راجیو کو قتل کرنے والوں کیلئے میرے دل میں غصہ ہے؟مَیں نے جواب دیا: نہیں، بالکل نہیں، اتنا کہہ کر مَیں اپنے آنسوؤں پر قابو نہیں رکھ سکی۔‘‘ اگر ایسا ہی ایک اور سوال سونیا سے پوچھا جاتا کہ کیا بدیسی کہنے والوں کے خلاف اُن کے دل میں غصہ ہے توممکن تھا کہ اُن کا جواب یہی ہوتا ’’نہیں، بالکل نہیں‘‘ اور یہاں بھی وہ اپنے آنسوؤں کو نہ روک پاتیں۔
اس میں شک نہیں کہ وہ، راجیو کی محبت میں یہاں آئی تھیں مگر پھر اس ملک کی محبت میں یہیں کی ہوکر رہیں، کبھی واپسی کا ارادہ نہیں کیا۔ ۵۸؍ سال ہوگئے، ’’بدیسی مہیلا‘‘ نے دیسی ہونے کا نہ صرف حق ادا کیا بلکہ اس رشتے کو اپنے آنسوؤں سے سینچا، اپنی قربانیوں سے اس کی پرورش کی اور اس بلانگنگ پر فخر کیا۔