• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیوالی کی مختصر تعطیل اور بچوں کے ہوم ورک!

Updated: November 18, 2026, 5:06 PM IST | Firdous Asrar Ahmed Ansari | Mumbai

بچوں کو دیوالی کی تعطیلات کس طرح گزارنا چاہئے اور اور والدین اپنے بچوں کی کس طرح تربیت کریں؟ اس موضوع پر مختلف اخبارات کے مضامین نظروں سے گزرے جس میں چھٹیاں گزارنے کے طریقے اور مشورے دیئے گئے ہیں، زیادہ تر مضامین میں بچوں کو پڑھائی پر توجہ دینے کے مشورے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر انسان اور ہر خاندان کی زندگی دوسرے سے مختلف ہوتی ہے اور سب کی ضرورتیں بھی الگ ہوتی ہیں۔

Parents should ensure that children’s homework is not left until the last two days. Photo: INN
والدین کو چاہئے کہ بچوں کے ہوم ورک کو آخری دو دِن کے لئے ملتوی نہ رکھیں۔ تصویر: آئی این این

بچوں کو دیوالی کی تعطیلات کس طرح گزارنا چاہئے اور اور والدین اپنے بچوں کی کس طرح تربیت کریں؟ اس موضوع پر مختلف اخبارات کے مضامین نظروں سے گزرے جس میں چھٹیاں گزارنے کے طریقے اور مشورے دیئے گئے ہیں، زیادہ تر مضامین میں بچوں کو پڑھائی پر توجہ دینے کے مشورے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر انسان اور ہر خاندان کی زندگی دوسرے سے مختلف ہوتی ہے اور سب کی ضرورتیں بھی الگ ہوتی ہیں۔ بہت سے والدین کے کچھ ضروری کام معمول کے دنوں میں پینڈنگ ہوتے ہیں، جنہیں وہ چھٹیوں میں نمٹانا چاہتے ہیں۔ ایسے میں ہر ایک کیلئے ایک جیسے اصولوں پر عمل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ لیکن اس کے باوجود یہ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ دیوالی جیسی مختصر تعطیلات کو بھی پڑھائی اور ہوم ورک سے بوجھل کر دیا جاتا ہے۔ بچوں کا اپنے آبائی گاؤں جانا، رشتہ داروں سے ملنا، گھومنا پھرنا اور خاندانی تقریبات میں شرکت کرنا بعض لوگوں کی نظر میں گویا وقت کی بربادی ہے۔ لیکن کیا واقعی تعلیم کا مقصد صرف کتابیں رٹنا اور چھٹیوں میں بھی ہوم ورک پورا کرنا ہے؟

ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ تعلیم صرف اسکول اور کتابوں کا نام نہیں۔ گاؤں کی سیر، کھیتوں اور قدرت کے نظاروں کو دیکھنا، تاریخی جگہوں پر جانا اور لوگوں سے ملاقات، بچوں کی سمجھ بوجھ اور شخصیت کو نکھارتا ہے۔ سارا سال بچے اسکول، امتحان، ہوم ورک اور ٹیوشن کی دوڑ میں لگے رہتے ہیں۔ ایسے میں سال بھر میں ملنے والی مختصر چھٹیاں ان کا حق ہیں تاکہ وہ ذہنی سکون حاصل کریں، کھیلیں کودیں اور تازہ دم ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: ماہرانہ انداز میں میک اَپ کرنا چاہتی ہیں، یہ ٹپس کارآمد ثابت ہوں گی

جہاں تک چھٹیوں کے ہوم ورک کی بات ہے، تو اسکول کے اساتذہ ہیڈ ماسٹر کی ہدایت کے مطابق،  بھاری بھرکم ہوم ورک دیتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف بچے بلکہ والدین بھی شدید پریشان ہو جاتے ہیں۔ تین سے چار الگ الگ زبانوں میں سے ہر ایک کا ایک ایک صفحہ املا، ریاضی کے پہاڑے، بعض اسکولوں میں تمام مضامین کے سمیسٹر کے پرچے حل کرنا اور ساتھ میں الگ سے پروجیکٹس بھی دیئے جاتے ہیں، جنہیں پورا کرواتے کرواتے والدین کا بھی بُرا حال ہو جاتا ہے۔ اس شدید دباؤ کے تحت بچے زیادہ تر کام اسکول کھلنے سے صرف ایک یا دو دن پہلے جلدی جلدی نمٹاتے ہیں۔ اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا، یہ بس ایک رسمی کارروائی بن کر رہ گئی ہے۔ اگر ہوم ورک دینا ہی ہے تو وہ بچوں کی عمر کے حساب سے کم ہونا چاہئے۔

اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ چھٹیوں میں پڑھائی کو بالکل بھول جائیں، بچوں کی بہتر نشوونما کے لئے دونوں ایک توازن کیساتھ ضروری ہے۔ والدین اور اساتذہ سے گزارش ہے کہ چھٹیوں کو بچوں اور والدین پر بوجھ یا پابندیوں کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ بچوں کو خوشگوار یادیں بنانے کا موقع دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK