• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونیا کی کتاب اور ’پرنب دا‘ کے ادھورے سپنے کا تذکرہ

Updated: November 18, 2026, 5:13 PM IST | Pervez Hafeez | Mumbai

اس تذکرے سے یہ واقعہ ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے۔ پرنب مکھرجی کی صاحبزادی نے کتاب کے متعلقہ مشمولات پر سخت اعتراض کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سونیا گاندھی کی خود نوشت ’’بلانگنگ: اے جرنی آف لوَ‘‘ سارے ملک میں کامیابی اور مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہی ہے۔ اس کی اشاعت کو ابھی محض سات دن ہوئے ہیں لیکن اس مختصر عرصے میں کتاب کی ۲؍ لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کتاب کے خریداروں میں سونیا گاندھی کے کٹر ناقدین بھی شامل ہیں۔ کتاب کی اشاعت کے قبل ہی بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس کے خلاف منظم مہم چھیڑدی تھی۔ دلچسپ یہ ہے کہ بی جے پی کے حملوں کی وجہ سے سونیا کی خود نوشت سوانح حیات کے متعلق تجسس اور مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا اور اس کی فروخت میں بھی۔ 

تقریباً ساڑھے پانچ سو صفحات پر مشتمل یہ کتاب بنیادی طور پر سونیا اور راجیو کی پریم کہانی ہے جو ۱۹۶۵ء میں کیمبرج سے شروع ہوئی تھی جہاں دونوں اس وقت زیر تعلیم تھے۔ کتاب کا ایک بڑا حصہ سوانحی ضرور ہے تاہم اس میں سونیا گاندھی نے کانگریس پارٹی پر بالخصوص اور ہندوستان کی سیاست پر بالعموم اپنے مشاہدات و خیالات کا اظہار بھی کیا ہے۔ میں نے کتاب نہیں پڑھی ہے اور میرا یہ مضمون اس کتاب پر تبصرہ نہیں ہے۔ سونیا گاندھی نے اپنی خود نوشت میں سابق صدر جمہوریہ اور کانگریس پارٹی کے طویل قامت لیڈر پرنب مکھرجی کے متعلق ایک واقعہ تحریر کیا ہے۔ اس واقعہ کا اقتباس متعدد اخبارات میں شائع ہوا ہے۔میرے کالم کا محرک یہی واقعہ ہے۔ سونیا نے انکشاف کیا ہے کہ ۲۰۱۰ء میں ایک نجی بات چیت کے دوران حکومت کی کارکردگی پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پرنب مکھرجی نے منموہن سنگھ کو ہٹاکرانہیں وزیر اعظم کا عہدہ سونپنے کی تجویز ان کے سامنے رکھی تھی۔ سونیا نے اعتراف کیا ہے کہ پرنب کی اس تجویز سے انہیں ’’ شاک‘‘ لگا لیکن انہوں نے مکھرجی کو کوئی جواب دیئے بغیر بات وہیں ختم کردی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: آندھرا کا یوم ِ تاسیس کب؟ اک معمہ جو حل کا طالب ہے!

پرنب مکھرجی ہندوستان کی سیاست پر نصف صدی تک چھائے رہے۔ بنگال کے بیر بھوم ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے راشٹرپتی بھون تک کا سفر طے کرنا یقینا ً پرنب مکھرجی کی زندگی کا عظیم کارنامہ کہلائے جانے کا مستحق ہے۔ سونے پہ سہاگہ یہ کہ ان کی موت سے ایک سال قبل ان کی گرانقدر خدمات کے صلے میں انہیں ملک کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ بھارت رتن سے بھی نوازا گیاتھا۔ اس سے قبل مکھرجی ۴۰؍ برس تک کانگریس پارٹی میں اور مختلف حکومتوں میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ ان کی جگہ کوئی اور شخص ہوتا تو اپنی ان شاندارکامیابیوں پر فخرو انبساط سے سرشار ہوتا لیکن پرنب مکھرجی آسمان چھولینے کے بعد بھی خوش اور مطمئن نہیں تھے۔ انہیں شاید زندگی بھر یہ تاسف رہاکہ انہیں وہ منزل نہیں مل سکی جو انہوں نے اپنے لئے منتخب کی تھی۔ پرنب مکھرجی کو جتنی عزت، شہرت اور دولت ملی وہ کروڑوں لوگوں کیلئے محض ایک خواب ہے۔ لیکن اُن کی زندگی کا تو بس ایک ہی خواب تھا۔ وہ خود کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے تھے۔ ان کا خواب پورا نہیں ہوا۔ اُنہیں اس کا قلق ساری زندگی رہا۔ اور یہ دکھ اپنے سینے میں چھپا کر وہ اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

بیس سال کے دورانئے میں ایک دو نہیں تین تین بار ایسا لگا گویا پرنب مکھرجی اب راج سنگھاسن پر بیٹھنے ہی والے ہیں لیکن پھر اچانک پانسہ پلٹ گیا۔ ۱۹۸۴ء میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد پرنب مکھرجی جوان کی کابینہ کے دوسرے سب سے اہم رکن تھے کو عبوری وزیر اعظم بنایا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا بلکہ راجیوگاندھی کی تاجپوشی کردی گئی۔ ۱۹۹۱ء میں راجیو گاندھی کے قتل کے بعد ایک بار پھر پرنب مکھرجی کے دل میں امید کی کرن جاگی لیکن انہیں اس وقت مایوس ہونا پڑا جب ان کی بجائے نرسمہا راؤ کو وزیر اعظم کی گدی پر بٹھادیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راؤ ہارٹ سرجری کے بعدعملی سیاست کو خیر باد کہہ چکے تھے اور حیدرآباد جانے کے لئے اپنا بوریا بستر باندھ چکے تھے۔ ۲۰۰۴ء میں کانگریس کی قیادت میں جب یو پی اے کی پہلی حکومت کی تشکیل کی جارہی تھی اس وقت بی جے پی نے ایک ’’بدیسی مہیلا‘‘ کے سربراہ مملکت بننے کے خلا ف محاذ آرائی شروع کردی۔ رفع شر کی خاطر کسی اور لیڈر کو وزیر اعظم کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس بار قرعہ ٔ فال منموہن سنگھ کے نام نکلا اور ایک بار پھرپرنب کے ہونٹوں تک آتے آتے پیالہ ہٹالیا گیا۔ 

پر نب مکھرجی اگست ۲۰۲۰ء میں ۸۵؍ سال کی عمر میں سورگباش ہوگئے۔ سونیا کی کتاب میں اس واقعے کے ذکرکی وجہ سے مکھرجی کی موت کے چھ سال بعدوزیر اعظم کی گدی کیلئے ان کی جستجو از سر نو موضوع بحث بن گئی ہے۔پرنب مکھرجی کی صاحبزادی شرمسٹھا مکھرجی نے سونیا کی تحریر پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور پوچھا ہے کہ کیا کسی اعلیٰ مرتبہ کی چاہت یا اس کے حصول کا عزم کوئی جرم ہے۔شرمسٹھا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے والد بے پناہ ذہانت اور بصیرت کے مالک تھے جن کے پاس سیاست اور حکومت دونوں کا طویل تجربہ تھا۔ شرمسٹھا کے مطابق اگر اپنی لیاقت و قابلیت کے بل بوتے پر وہ وزارت عظمیٰ کی آرزو رکھتے تھے تواس میں غلط کیا تھا۔

وزیر اعظم کی کرسی کی چاہت رکھنا غلط نہیں تھا لیکن ۲۰۱۰ء میں سونیا کو یہ مشورہ دینا کہ وہ منموہن سنگھ کو گدی سے ہٹا کر انہیں گدی پر بٹھادیں ضرور غلط تھا۔ سنگھ نے ۲۰۰۴ء سے یوپی اے حکومت کی کامیاب قیادت کی تھی۔ ۲۰۰۹ء میں کانگریس نے انہیں ہی وزیر اعظم کا چہرہ بناکر الیکشن لڑا اورنہ صرف جیتا بلکہ لوک سبھا کی اپنی سیٹوں کی تعداد ۱۴۵؍ سے بڑھاکر ۲۰۶؍ کرلی تھی۔مکھرجی کو خدا نے یقیناً بے پناہ دانائی، سوجھ بوجھ، سیاسی تدبر اور انتظامی صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ وہ کانگریس کے بڑے سے بڑے بحران کا حل آسانی سے ڈھونڈلیتے تھے اسی لئے انہیں پارٹی کا ’’ٹربل شوٹر‘‘ کہا جاتا تھا۔ لیکن وہ زمینی سیاستداں نہیں تھے اور نہ ہی عوامی لیڈر تھے۔ اندرا سے لے کر راجیو تک اور نرسمہاراؤ سے لے کر منموہن سنگھ تک وہ کابینہ میں کبھی وزیر خزانہ رہے تو کبھی وزیر خارجہ کبھی وزیر تجارت تو کبھی وزیر دفاع، لیکن ۳۵؍ برس تک کسی الیکشن کا سامنا نہیں کیا۔ اپنی زندگی کا پہلا الیکشن انہوں نے ۲۰۰۴ء میں مرشدآباد کے جنگی پور پارلیمانی حلقہ سے جیتا جس کا پورا کریڈٹ کانگریس کے صوبائی صدر اور ایم پی ادھیر چودھری کو جاتا ہے۔ پرنب کو ہندی بھی نہیں آتی تھی۔ انہوں نے کئی بار اعتراف کیا کہ ہندی سے لاعلمی ان کے وزیر اعظم بننے میں حائل تھی۔ اس کے باوجودانہیں ہمیشہ یہ گمان رہا کہ وہ کسی اور کے مقابلے میں عہدۂ وزیر اعظم کے زیادہ مستحق ہیں۔ اپنی کتاب ’’دی پریسیڈنشیل ایئرس ۱۷۔۲۰۱۲ء‘‘ میں انہوں نے پارٹی کے چند لیڈروں کا خیال نقل کیا کہ اگر انہیں ۲۰۰۴ء میں وزیر اعظم بنایا گیا ہوتا توپارٹی کو ۲۰۱۴ء میں شکست ہوتی نہ اقتدار کھونا پڑتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK