گزشتہ دنوں ایک موقر ٹی وی چینل پربہار کے ’باہو بلی‘ لیڈر اننت سنگھ کا طویل انٹر ویو نام نہاد صحافیوں کی اپنے پیشے کے تئیں غیر سنجیدگی کو اجاگر کرتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 6:40 PM IST | Jamal Rizvi | Mumbai
گزشتہ دنوں ایک موقر ٹی وی چینل پربہار کے ’باہو بلی‘ لیڈر اننت سنگھ کا طویل انٹر ویو نام نہاد صحافیوں کی اپنے پیشے کے تئیں غیر سنجیدگی کو اجاگر کرتا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران ٹی وی جرنلزم کی مسلسل گرتی ساکھ کے باوجود ناظرین کا ایک طبقہ اب بھی بلاناغہ ٹی وی پر خبریں یا اس طرز کے دیگر پروگرام دیکھتا ہے جن کی تشکیل میں صحافت کو بنیادی حیثیت حاصل ہوتی ہے ۔ ایسا نہیں کہ ان ناظرین کو یہ پتہ نہیں کہ اب ٹی وی جرنلزم کا بیشتر مطلب اقتدار کی چاپلوسی اور اطاعت شعاری ہی رہ گیا ہے۔ ٹی وی جرنلزم کے معیار میں اس گراوٹ کے باوجود ٹی وی دیکھنے والے ناظرین کا ایک طبقہ اب بھی ان پروگراموںمیں کسی ایسے موضوع یا مسئلے سے وابستہ غیر جانب دارانہ حقائق کو دیکھنے اور سننے کی آس میں ٹی وی کھولتا ہے جن موضوعات یا مسائل کابراہ راست تعلق عوام کے معیار زندگی اور قومی و عالمی سطح پر ملک و معاشرہ کے وقار کو بڑھانے والے معاملات سے ہو۔ وہیں دوسری جانب ناظرین کا وہ گروہ بھی ہے جو سیاست میں دھرم کی آمیزش اور اس آمیزش سے پیدا ہونے والے ان فرقہ ورانہ جذبات کی تسکین کی خاطر ٹی وی دیکھتا ہے جو ملک کے مخلوط معاشرہ میں دھرم کی بنیاد پر اس کی فضیلت سے وابستہ ہوتے ہیں۔ ٹی وی کے نام نہاد صحافیوں نے ان پروگراموں کے ذریعہ فرقہ ورانہ منافرت کو عام کرنے اور اس طور سے بھگوا گروہ کی دھرم آمیز سیاست کی مقبولیت کا دائرہ وسیع کرنے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ ان نام نہاد صحافیوں کا دل رفتہ رفتہ اس طرز صحافت سے بھی اوبتا جا رہا ہے اسی لئے بنام صحافت اب ٹی وی صحافت کو اس راہ پر لے جانے کی جگت کی جارہی ہے جہاں اپنی شہرت و دولت کی ہوس کیلئے صرف اقتدار کی چاپلوسی تک ہی نہ محدود رہنا پڑے ۔
یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کیس میں انصاف کا کون سا پیمانہ استعمال کیا گیا یا کیا جا رہا ہے؟
گزشتہ دنوں ایک موقر ٹی وی چینل پربہار کے ’باہو بلی‘ لیڈر اننت سنگھ کا طویل انٹر ویو نام نہاد صحافیوں کی اپنے پیشے کے تئیں غیر سنجیدگی کو اجاگر کرتا ہے۔ ان نام نہاد صحافیوں کی تملق پسند فطرت نے اب صرف اقتدار کی قصیدہ خوانی تک ہی محدود رہنے کے بجائے دولت و طاقت کے ہر اُس مظہرکو اپنا ممدوح بنانے کا شیوہ اختیار کر لیا ہے جو اُن کی شہرت و دولت کی ہوس کو پورا کرنے کی سکت رکھتا ہو۔ ٹی وی چینل کی ایک صحافیہ (جدید اردو میں اس لفظ کے استعمال کو غیر فصیح سمجھا جاتا ہے لیکن اس نام نہاد ٹی وی جرنلسٹ کا جو رویہ اس مقدس پیشے کے ساتھ ہے اس پر یہی اصطلاح موزوں ہے)،نے انٹرویو میں جو سوالات کئے اور اننت سنگھ نے ان سوالات کا جس بیباکی بھرے انداز میں جواب دیا اس سے ناظرین کو تفریح طبع کا سامان تو فراہم ہوا لیکن صحافت اساس ٹی وی نشریات سے فہم و شعور کی بالیدگی اور فرد کی اپنی ذات ، سماج اور ملک کے تئیں احساس بیداری کو تقویت عطا کرنے کا جو تصور وابستہ ہے اس تصور کو اس صحافیہ نے اپنے چاپلوسی بھرے انداز سے پوری طرح پامال کیا۔
۲۵؍نومبر کو بہار کی دھرتی پر ہونے والی تاریخی شادی کیلئے اننت سنگھ نے جو اہتمام کیا ہے اس اہتمام کا ایک اہم مقصد اپنی سیاسی طاقت اور ایک باہوبلی (سیاسی بیانیے میں لفظ باہو بلی کو مثبت معنوں میں رائج کرنے کا سہرا بھی انہی نام نہاد صحافیوں کے سر ہے جنھوں نے پرنٹ اور برقی میڈیا سے وابستہ صحافتی اصولوں کو دانستہ طور پر اپنے فائدے کیلئے بالائے طاق رکھ دیا ہے )کے طور پر اپنی شخصیت کے رعب و دبدبہ کو ظاہر کرنا ہے۔ اس شادی کی شان و شوکت کو دو چند کرنے کیلئے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے اور اسی ضمن میں اس خاتون صحافی کو بھی شادی کا دعوت نامہ دیا گیا جنھوں نے اس کے عوض میں ٹی وی ناظرین کا ایک گھنٹہ اس انٹرویو کی نذر کر دیا جس میں انٹرویو دینے والے کی بھاری بھرکم شخصیت نے انھیں پوری طرح مغلوب کر لیا ۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا بھر میں صحافت ایک جوکھم بھرا کام کیوں بن گیا ہے؟
ٹی وی کی مذکورہ صحافی نے اس انٹرویو میں اننت سنگھ کی صاف گوئی کی خوب تعریف کی لیکن انھوں نے بیٹی کی شادی کے انتظامات اور اخراجات سے جس مثالی بے فکری کا مظاہرہ کیا اور اس پرشکوہ اہتمام کو اپنے ’دوست، یار‘ سے منسوب کیا وہ صاف گوئی کم ان کا وہ منفرد انداز ضرور ہے جس نے انھیں عوام میں مقبولیت عطا کی ہے۔ اننت سنگھ نے اس انٹرویو میں اپنے سیاسی سفر کے اتار چڑھاؤ اور نجی زندگی کے پیچ و خم کی جو تفصیلات بتائیں ان میں صداقت کا عنصر تلاش کرنے کے بجائے اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ دوران گفتگو انھوں نے کئی مرتبہ بشمول خاتون صحافی دیگر نام نہاد صحافیوں کو ان کی تملق پسندی کیلئے نشانہ بنایا۔بلاشبہ یہ طر ز اظہار اننت سنگھ کی بیباکی کو واضح کرتا ہے اور شاید اسی کا اثر تھا کہ اکثر موقعوں پر مذکورہ صحافی کو صرف خندہ ٔ زیر لب ہی پر اکتفا کرنا پڑا۔یہ شادی اور جن حوالوں سے منفرد ہے وہ تو ہے ہی، اس کی ایک بڑی انفرادیت چار لاکھ لوگوں کیلئے کھانے کا انتظام ہے۔ اتنے وسیع پیمانے پر شاذ و نادر ہی کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اتنے لوگوں کو نمک کھلا کر اننت سنگھ شاید اپنے آئندہ سیاسی عزائم کی تکمیل کے عمل میں کھانے والوں سے وفا داری کی توقع کر رہے ہیں۔اس کے اخراجات ان کے یار دوست لوگوں نے اٹھائے ہوں یا اس کے ذریعہ وہ اپنی طاقت و دبدبہ دکھانا چاہتے ہوں لیکن اس شادی سے متعلق یہ خوشگوار امید ضرور کی جانی چاہئے کہ ایک باپ نے اپنی بیٹی کی شادی سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں وہ توقعات ان کی توقعات سے بڑھ کر پوری ہوں۔