• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کچھ سال قبل تک گاؤں میں پوال کے ڈھیر بچوں کیلئے احتجاج کی جگہ ہوا کرتی تھی

Updated: November 22, 2026, 6:37 PM IST | Ahsanul Haque | Mumbai

نومبر کا مہینہ چل رہا ہے۔ ہلکی ہلکی خنکی شروع ہوگئی ہے اور گاؤں کے کھیتوں میں دھان کی کٹائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔تاخیر سے بوئے گئے دھان کی کٹائی بھی اب شروع ہو چکی ہے۔

In the old days, whenever a large pile of straw accumulated in a field, a gathering of children would spontaneously form there. Photo: INN
پرانے دنوں میں جس کھیت میں پُوال کا بڑا سا ڈھیر لگ جاتا، وہاں بچوں کی محفل خودبخود سجنے لگتی تھی۔ تصویر: آئی این این

نومبر کا مہینہ چل رہا ہے۔ ہلکی ہلکی خنکی شروع ہوگئی ہے اور گاؤں کے کھیتوں میں دھان کی کٹائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔تاخیر سے بوئے گئے دھان کی کٹائی بھی اب شروع ہو چکی ہے۔ کسان جلد از جلد اپنی فصل سمیٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔دھان کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں ایک الگ ہی منظر دکھائی دیتا ہے۔ کہیں دھان کے گٹھر رکھے ہیں تو کہیں پیرا، پُوال یا پرالی کے بڑے بڑے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ یہ نام بھی خوب ہیں۔ ایک ہی چیز کو مختلف علاقوں میں الگ الگ ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ کہیں اسے پُوال کہتے ہیں، کہیں پیرا  تو  کہیں پرالی۔

ایک وقت تھا جب پُوال کا ڈھیر لگتے ہی گاؤں کے بچوں کی تو گویا عید ہو جایا کرتی تھی۔ جس کھیت میں پُوال کا بڑا سا ڈھیر لگ جاتا، وہاں بچوں کی محفل خودبخود سجنے لگتی تھی۔ شام ہوتے ہی محلے کے بچے کھیلنے کیلئے اس جگہ پہنچ جاتے۔ کوئی دوڑتا ہوا آتا، کوئی ڈھیر پر چڑھنے کی کوشش کرتا۔ کم عمر بچے ایک دوسرے کے سہارے سے اُس پر چڑھ جاتے۔اس طرح پُوال کا ڈھیر بچوں کیلئے کسی کھیل کے میدان سے کم نہیں ہوتا تھا۔ اسی ڈھیر کے آس پاس چھپم چھپائی کا کھیل بھی خوب کھیلا جاتا تھا۔ کوئی پُوال کے اندر دبک کر بیٹھ جاتا تو کوئی اسے تلاش کرنے کیلئے پورے ڈھیر کے چکر لگاتا۔ کبھی کسی کا پاؤں اندر دھنس جاتا اور کبھی کوئی چھپنے کے چکر میں اتنا اندر چلا جاتا کہ اسے باہر نکلنے کیلئے دوسروں کی مدد لینی پڑتی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: سچر کمیٹی رپورٹ کی معنویت آج پہلے سے بھی کہیں زیادہ ہے

بچپن کی ایک اور دلچسپ بات یہ تھی کہ پُوال کا ڈھیر صرف کھیلنے کی جگہ نہیں تھا بلکہ ناراض بچوں کی پناہ گاہ بھی ہوا کرتا تھا۔ گھر میں کسی بات پر ناراضگی ہو گئی، والدین نے ڈانٹ دیا یا کھانے میں بچے کی پسند کی کوئی چیز نہیںپکی تو بچے کا موڈ خراب خراب ہو جاتا۔ کبھی کبھی تو کھانا پسند نہ آنے پر بھی بچے گھر والوں سے ناراض ہو جایا کرتے تھے۔ ایسے میں وہ گھر سے نکل کر سیدھے پُوال کے ڈھیر میں جا چھپتے تھے۔گھر والے پہلے آوازیں لگاتے، پھر آس پاس تلاش کرتے اور آخرکارمعلوم ہو ہی جاتا کہ جناب کہاں چھپے ہیں۔اس وقت بچوں کیلئے یہ احتجاج کی بھی جگہ تھی۔

اب صورتحال مختلف ہے ۔مشین سے دھان کی کٹائی ہونے کے بعد پُوال کا بڑا حصہ کھیت میں ہی رہ جاتا ہے۔ کسان کے لئےاسے الگ سے جمع کرنا ایک اضافی محنت اور خرچ کا کام بن جاتا ہے۔ نتیجتاً بہت سے کھیتوں میں بچی ہوئی پرالی کو آگ لگا دی جاتی ہے۔ اس سے نہ صرف کھیتوں کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے بلکہ فضا میں دھواں بھی پھیلتا ہے۔ خاص طور پر دہلی، نوئیڈا اور آس پاس کے علاقوں میں پرالی جلانے کے سبب فضائی آلودگی کا مسئلہ ہر سال شدت اختیار کر لیتا ہے۔ حکومت کی جانب سے پرالی جلانے پر جرمانے بھی عائد کئے جاتے ہیں، پھر بھی پرالی جلانے کے واقعات کم نہیں  ہورہے ہیں۔ 

حالانکہ پُوال آج بھی مویشی پالنے والے کسانوں کیلئے بڑی کارآمد چیز ہے۔ اسے ضائع کرنے کے بجائے جانوروں کے چارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ہرے چارے کے ساتھ پُوال کو مشین میں ڈال کر باریک کاٹ لیا جاتا ہے اور پھر مویشیوں کو کھلایا جاتا ہے۔ جانور اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ اس طرح جو چیز بظاہرکوڑا کرکٹ سمجھی جاتی ہے، وہی مویشی پالنے والے کسان کے لئے قیمتی چارہ بن جاتی ہے۔

پُوال کا ایک اور استعمال بھی تھا، جسے آج کی نسل شاید ہی جانتی ہو۔ پہلے گاؤں میں اسی پُوال سے موٹی اور مضبوط رسیاں بنائی جاتی تھیں۔ یہ رسیاں گیہوں کی کٹائی کے بعد اس کے گٹھر باندھنے کے کام آتی تھیں۔ اُس زمانے میں کھیتوں کے کام کیلئے ہر چیز بازار سے خرید کر لانے کا رواج نہیں تھا۔ کسان اپنی ضرورت کی بہت سی چیزیں خود ہی تیار کر لیتے تھے۔ پُوال سے رسی بنانا بھی اِنہیں گھریلو ہنرمیں سے ایک تھا۔رسی بنانے کا اپنا ایک خاص طریقہ تھا۔ سب سے پہلے پُوال کو رات کے وقت پانی میں بھگو دیا جاتا تھا تاکہ وہ نرم ہو جائے اور اسے آسانی سے موڑکر رسی کی شکل دی جا سکے۔ پھر صبح یا دن کے وقت اسے پانی سے نکال کر الگ کیا جاتا اور اسے گھما کر ایک مضبوط رسی تیار کی جاتی تھی۔جب گیہوں کی فصل پک کر تیار ہوتی تو یہی رسیاں بہت کام آتی تھیں۔ کھیت میں کٹے ہوئے گیہوں کے گٹھر بنائے جاتے اور پھر انہیں پُوال سے بنی رسیوں سے مضبوطی کے ساتھ باندھ دیا جاتا تھا۔ اس زمانے میں کسان کی محنت کا ہر حصہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا تھا۔ دھان سے حاصل ہونے والا پُوال بعد میں گیہوں کی فصل کے کام آتا تھا۔ یوں ایک فصل کے باقیات دوسری فصل کی ضرورت پوری کرتی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کیس میں انصاف کا کون سا پیمانہ استعمال کیا گیا یا کیا جا رہا ہے؟ا

اب وقت بدل گیا ہے۔ نہ پُوال کی رسیاں بنانے کیلئے کسی کے پاس اتنا وقت ہے اور نہ ہی اس طرح  محنت کرنے کا رواج باقی رہا ہے۔ گیہوں کے گٹھر باندھنے کیلئے اب بازار سے تیار شدہ پلاسٹک یا دوسری قسم کی رسیاں خرید کر لائی جاتی ہیں۔ کام یقیناً آسان ہو گیا ہے، لیکن اس آسانی کے ساتھ بہت سے پرانے ہنر بھی ہماری زندگی سے رخصت ہوتے جا رہے ہیں۔آج اگر کسی بچے سے پوچھا جائے کہ پُوال سے رسی کیسے بنائی جاتی تھی تو شاید اسے اس بات پر حیرت ہو کہ کبھی کھیتوں میں بچ جانے والی فصل سے بھی گھر کی ضرورت کی چیزیں تیار کر لی جاتی تھیں۔اب نہ وہ پُوال کے بڑے بڑے ڈھیر پہلے جیسے کہیں دکھائی دیتے ہیں، نہ بچوں کی وہ شام کی محفلیں نظر آتی ہیں اور نہ ہی کھیتوں میں بیٹھ کر ہاتھوں سے رسی بنانے والے بزرگ دکھائی دیتے ہیں۔

مشینوں نے وقت اور محنت دونوں بچا دیئے ہیں، لیکن ان کے ساتھ بچپن کی وہ معصوم شرارتیں اور دیہی زندگی کے کئی خوبصورت مناظر بھی آہستہ آہستہ ماضی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK