گزشتہ دنوں۱۹۹۰ء بیچ کے آئی پی ایس افسر شتروگھن کپور ریٹائر ہو گئے۔ ساتھی افسر وائی پورن کمار کے خودکشی نوٹ میں ان کا نام سامنے آنے کے بعد انہیں ہریانہ کے ڈی جی پی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 6:46 PM IST | Sanjiv Chopra | Mumbai
گزشتہ دنوں۱۹۹۰ء بیچ کے آئی پی ایس افسر شتروگھن کپور ریٹائر ہو گئے۔ ساتھی افسر وائی پورن کمار کے خودکشی نوٹ میں ان کا نام سامنے آنے کے بعد انہیں ہریانہ کے ڈی جی پی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
گزشتہ دنوں۱۹۹۰ء بیچ کے آئی پی ایس افسر شتروگھن کپور ریٹائر ہو گئے۔ ساتھی افسر وائی پورن کمار کے خودکشی نوٹ میں ان کا نام سامنے آنے کے بعد انہیں ہریانہ کے ڈی جی پی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد، انہیں انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کا سربراہ مقرر کیا گیا، یہ فورس جو تبت کے ساتھ ہندوستان کی طویل سرحد کی حفاظت کرتی ہے۔شتروگھن کپور نے بھی خاموشی سے اپنا عہدہ چھوڑکر نہیں گئے۔۲۲؍ اکتوبر کو، اپنی سبکدوشی سے ۹؍ دن پہلے، الور میں ایک تقریب کے دوران، انہوں نے آئی ٹی بی پی اہلکاروں کو مطلع کیا کہ اروناچل پردیش میں کئی مقامات پر چینی فوج سے آمنے سامنے کی جھڑپیں ہوئی ہیں اور اب بھی جاری ہیں۔ انہوں نے ان جھڑپوں میں فورس کی نئی تشکیل شدہ شوریہ کمانڈو ٹیموں کے کردار کی بھی تعریف کی۔آئی ٹی بی پی نے ان کی تقریر کا ویڈیو پوسٹ کیا لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے ہٹا دیا، لیکن تب تک اپوزیشن لیڈروں نے یہ سوال اٹھانا شروع کر دیا تھا کہ سرحدی واقعات پر حکومت خاموش کیوں تھی؟ بعد میں اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سامنے آئے اور کہا کہ معاملہ اتنا سنگین نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے وقتاً فوقتاً بارڈر کراسنگ کے واقعات ہوتے رہتے ہیں کیونکہ چین ’میک موہن لائن‘ کو تسلیم نہیں کرتا۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا بھر میں صحافت ایک جوکھم بھرا کام کیوں بن گیا ہے؟
ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ سرحد کی حفاظت کرنے والی فورس کے سربراہ نے اپنے عہدے سے ہٹنے سے پہلے عوامی طور پر جاری تنازع کے بارے میں اس طرح کچھ کہا ہو۔ ان واقعات پر کسی کی رائے جو بھی کچھ ہو، لیکن وردی والے افسران اُسی دن ریٹائر ہوئے، جس دن انہیں ریٹائر ہونا تھا۔ان کے برعکس دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ کی۲؍ سالہ میعاد بھی ۳۱؍ اکتوبر کو ختم ہو گئی تھی، لیکن انہیں مزید ایک سال کیلئے توسیع دے دی گئی۔اس سرکاری حکم کے ساتھ، مرکزی حکومت میں تین سب سے سینئر آئی اے ایس عہدے( کابینی سکریٹری، ہوم سکریٹری اور ڈیفنس سکریٹری) اب ایسے افسران کے قبضے میں ہیں جنہوں نے توسیع حاصل کی ہے۔
شروع ہی میں، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ تینوں افسران ٹی وی سوماناتھن، گووند موہن اور راجیش کمار سنگھ اپنے کام میں قابل ہیں، ان کے کام کا ریکارڈ اچھا ہے اورساتھی افسران ان کا احترام کرتے ہیں... لیکن سوال ان افسران کی اہلیت کا نہیں بلکہ اس نظام کا ہے جس نے توسیع کو معمول بنا لیا ہے۔ جب ایک استثناء اصول بن جاتا ہے، تو یہ ایک استثناء نہیں رہتا ہے، یہ ایک نظام بن جاتا ہے، اور ایسے نظام کی تحقیق ہونی چاہئے۔تمل ناڈو کیڈر کے ۱۹۸۷ء بیچ کے افسر ٹی وی سوماناتھن نے ۳۰؍ اگست۲۰۲۴ء کو دو سال کی مدت کیلئے کابینہ سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ سال رواں میں۵؍ اگست کو کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کردی۔ اب وہ ۳۰؍ اگست۲۰۲۷ء تک اس عہدے پر کام کریں گے۔اسی دن، ہوم سکریٹری گووند موہن کو دوسری توسیع ملی۔ انہوں نے۲۳؍ اگست ۲۰۲۴ء کو عہدہ سنبھالا تھا۔ اگر انہیں توسیع نہ ملتی تو وہ ۳۰؍ستمبر۲۰۲۵ء کو ریٹائر ہو چکے ہوتے۔ان کی پہلی توسیع۲۲؍ اگست۲۰۲۶ء تک تھی۔ دوسری توسیع کے بعد وہ۲۲؍ اگست ۲۰۲۷ء تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ اس عہدہ پر’اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے ہو‘ برقرار رہیں گے۔
یہ چھوٹ آل انڈیا سروسز کے چند خاص اصولوں کے تحت دی گئی ہے۔کیرالا کیڈر کے افسر راجیش کمار سنگھ نے یکم نومبر۲۰۲۴ء کو ساؤتھ بلاک میں دفاعی سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔۲۴؍ اکتوبر کو ان کی میعاد۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۷ء تک بڑھا دی گئی۔ آرڈر میں کہا گیا کہ وہ اس عہدے پر ’اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے ہو‘ برقرار رہیں گے۔نتیجہ یہ ہے کہ اگر حکومت نے ان افسران کو ایک اور توسیع نہ دے تو تینوں عہدے ایک دوسرے کے۱۰؍ ہفتوں کے اندر اگست اور اکتوبر ۲۰۲۷ء کے درمیان خالی ہو جائیں گے۔ ملازمت سے متعلق قاعدے کی کتاب میں یہ واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ ۶۰؍ سال کی عمر کے بعد کسی بھی افسر کو اس کے عہدے پر برقرار نہیں رکھا جا سکتا ہے۔ کچھ جزوی قاعدے ہیں جو مخصوص حالات میں اس اصول سے مستثنیٰ قرار پاتے ہیں۔ ان میں کابینی سکریٹری، دفاعی سکریٹری، ہوم سکریٹری، آئی بی کے ڈائریکٹر، ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سکریٹری اور سی بی آئی کے ڈائریکٹر شامل ہیں۔
قاعدے کے عام فہم مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ ان عہدوں کی مدت دو سال مقرر کی گئی ہے۔ ایک کو چھوڑ کر، باقی تمام عہدوں کی کل مدت، یہاں تک کہ توسیع کے ساتھ، دو سال سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ صرف کابینہ سکریٹری کی مدت ۴؍ سال تک ہوسکتی ہے۔ بنیادی قاعدہ بجٹ سے متعلق کام میں شامل افسران کیلئے خصوصی چھوٹ فراہم کرتا ہے، لیکن وہ صرف تین ماہ کا اضافی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔ان قوانین کو دی گئی چھوٹ کی تاریخ کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔۲۰۰۵ء میں، مرکزی حکومت کی کابینہ نے ہوم اور ڈیفنس سیکریٹریز کے ساتھ ساتھ’آئی بی‘ اور’را‘ کے سربراہان کی میعاد مقرر کی۔ اس کا مقصد افسران کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔ یہاں تک کہ اگر کسی افسر کو۶۰؍ سال کی عمر تک پہنچنے سے چند ماہ قبل ان عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا، تب بھی اسے مکمل دو سال کی مدت ملے گی۔ حکومت اپنی مرضی سے انہیں عہدے سے ہٹا نہیں سکتی تھی۔۲۰۱۱ء میں، ایک اور استثنیٰ دی گئی، جس میں دو سال کی مدت کے بعد مزید تین ماہ کی توسیع کی اجازت دی گئی۔جون ۲۰۱۹ء میں، ایک اور استثنیٰ دی گئی، جس سے کابینی سیکریٹریوں کو اپنی ۴؍ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد تین ماہ کی اضافی توسیع کی اجازت دی گئی۔ اس کی وجہ سے پی کے سنہا عام انتخابات کے دوران اپنے عہدے پر برقرار رہ سکے۔
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُردو کے فروغ کیلئے انفرادی سطح پر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
نوٹ کریں کہ اب تقریباً ہر حکم میں یہ بات کہی جاتی ہے کہ ’قواعد میں نرمی‘۔ کسی خاص اور غیر معمولی معاملات میں، سرکار کو اختیار ہے کہ وہ کسی فرد کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے قواعد میں نرمی کرے، لیکن اب یہ نرمی اعلیٰ عہدوں پر عہدے داروں کو برقرار رکھنے کا بنیادی ذریعہ بن گئی ہے۔جب ہر سال قوانین میں نرمی کرنی پڑتی ہے، تو یہ سوال مناسب ہے کہ آیا کوئی اصول باقی ہیں بھی یا نہیں؟
کابینی سکریٹری کا چار سال تک عہدے پر بنا رہنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ کے ایم چندر شیکھر (۱۱۔۲۰۰۷ء) اور اجیت سیٹھ (۱۵۔۲۰۱۱ء) دونوں نے تقریباً چار سال تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔ اجیت سیٹھ کو یو پی اے حکومت سے ایک توسیع اور این ڈی اے حکومت سے دو توسیع ملی۔پی کے سنہا نے۲۰۱۵ء سے۲۰۱۹ء تک کابینہ سکریٹری کے طور پر کام کیا۔۲۰۱۹ء کے اصول میں تبدیلی کے بعد، انہیں تین ماہ کا اضافی وقت دیا گیا۔ راجیو گوبا نے اگست۲۰۱۹ء سے اگست ۲۰۲۴ء تک ۵؍ سال بطور کابینہ سکریٹری خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے بی ڈی پانڈے کا ریکارڈ توڑ دیا اور وہ سب سے طویل عرصے تک رہنے والے کابینہ سکریٹری بن گئے۔دریں اثنا، ۲۰۰۵ء اور۲۰۱۹ء کے درمیان، ہوم سیکرٹریز نے عام طور پر اپنی دو سالہ مدت پوری کی اور ریٹائر ہو گئے۔ اس مدت کے دوران ہونے والی تبدیلیوں میں جو خاص بات تھی، وہ یہ کہ افسران کو توسیع دیے جانے کے بجائے، انہیں جلد استعفیٰ دینا پڑا۔
انل گوسوامی کو فروری۲۰۱۵ء میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے سی بی آئی کو شاردا چٹ فنڈ کیس میں سابق مرکزی وزیر کو گرفتار کرنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے بعد انہیں رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے کی اجازت دی گئی۔ان کی جگہ اگست ۲۰۱۵ء میں ایل سی گوئل نے لی۔ وہ اپنی دو سالہ میعاد میں صرف ۷؍ ماہ اپنے عہدے پر رہے۔ انہوں نے’رضاکارانہ ریٹائرمنٹ‘ لے لی تھی۔ اُس وقت وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ وہ اس کی وجہ نہیں بتا سکتے۔ان کی جگہ فنانس سکریٹری راجیو مہرشی کو مقرر کیا گیا تھا۔ یہ تقرری ان کے۶۰؍ سال کے ہونے سے چند گھنٹے قبل ہوئی تھی۔ یہ پہلا واقعہ تھا جب مقررہ مدت کے اصول کی وجہ سے، کسی اہلکار کو ریٹائرمنٹ کی عمر سے زیادہ عہدے پر رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔
اسی طرح کے معاملات وزارت خزانہ میں بھی سامنے آئے ہیں۔ جون ۲۰۱۴ء میں ریونیو سکریٹری راجیو ٹکرو کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اسی سال اکتوبر میں اقتصادی امور کے سکریٹری اروند مایارام کا بھی تبادلہ کر دیا گیا تھا۔جولائی۲۰۱۹ء میں فنانس سکریٹری سبھاش چندر گرگ کو اچانک وزارت پاور میں تبدیل کر دیا گیا۔ اگلے ہی دن انہوں نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ مانگ لی۔
اس کے بعد انداز بدل گیا۔ اجے کمار بھلا، جنہیں اگست۲۰۱۹ء میں ہوم سکریٹری مقرر کیا گیا تھا، مسلسل توسیع حاصل کرتے رہے، جس سے انہیں نارتھ بلاک میں اس عہدہ پر ۵؍ سال تک رہنے کی اجازت ملی۔ اب، گووند موہن اس کی پیروی کر رہے ہیں۔وزارت دفاع میں، گری دھر ارمانے جیسے افسران کو سبکدوشی کے قریب عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے تحفظ کے ساتھ اپنی مدت پوری کی۔ راجیش کمار سنگھ حالیہ دنوں میں شاید پہلے افسر ہیں جنہیں قواعد کے ذریعہ محفوظ مدت پوری کرنے کے بعد بھی توسیع دی گئی ہے۔
یہ تمام معاملات ایک چیز کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ دو سال کی مقررہ مدت ایک افسر کو صرف تب تک تحفظ فراہم کرتی ہے جب تک کہ حکومت ایسا کرنا چاہتی ہے۔
مضمون نگار سبکدوش آئی اے ایس افسر ہیں۔