• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا ’گجرات لابی‘ یوگی کی سیاسی اُڑان پر قدغن لگا پائے گی؟

Updated: November 15, 2026, 12:00 PM IST | Jamal Rizvi | Mumbai

میعاد مکمل ہونے کے باوجود گجرات سے تعلق رکھنے والی آنندی بین پٹیل کا یوپی کے راج بھون میں برقرار رہنا اس سلسلے کی اہم کڑی کے طور پر دیکھاجارہا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آئندہ سال ملک کی جن ۷؍ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں ان میں دو ریاستوں گجرات اور یوپی میں سیاسی مقابلہ آرائی دلچسپ اور غیر متوقع صورت اختیار کر سکتی ہے۔ سیاسی مبصرین ان ریاستوں کے اسمبلی الیکشن کی جن امکانی صورتوں کی نشاندہی کر رہے ہیں ان میں ایک اہم پیش گوئی یہ ہے کہ یو پی میں پارٹی کسی نئے چہرے کو وزیر اعلیٰ کے طور پر پیش کر سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو زیادہ امید یہ ہے کہ وہ نیا چہرہ گجرات لابی کا پسندیدہ ہوگا۔ یوپی کے علاوہ گجرات کا اسمبلی الیکشن بھی غیر متوقع نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔ گجرات کے اسمبلی انتخابات کے متعلق پارٹی کے قدآور لیڈروں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی دوسری پارٹی اس ریاست میں حکومت سازی کا خواب دیکھ رہی ہے تو ان کا یہ خواب محروم تعبیر ہی رہے گا۔ بھگوا پارٹی اقتدار پرست میڈیا نیٹ ورک کے ذریعہ اپنے اس دعوے کی تشہیر بھی زور و شور سے کر رہی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ اگر الیکشن شفافیت اور دیانت داری کے ساتھ ہوا تو اس بار گجرات کو فتح کرنے کیلئے  بی جے پی کو سخت محنت کرنی پڑے گی۔ الیکشن سے متعلق غیر جانب دار سروے میں اس ریاست کے عوام نے جو اشارے دئیے ہیں ان سے یہی تاثر پیدا ہوتا ہے کہ تقریباً تین دہائیوں سے ریاست میں برسر اقتدار بھگوا پارٹی نے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے زمینی سطح پر کام کم کیا لیکن اس کی تشہیر اس انداز میں کی جس سے یہ تاثر پیدا ہو کہ گزشتہ ربع صدی کے دوران ریاستی حکومت کے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی اقدامات نے وہ مثالی ہدف سرکر لیا ہے جہاں تک ملک کی دیگر ریاستوں کی اب تک رسائی نہ ہو سکی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گاؤں میں شادیوں کی بہار ہے جو کسانوں کیلئے پریشانیوں کا باعث بھی ہے

گجرات میں گزشتہ ربع صدی کے دوران کئے گئے ترقیاتی اقدامات کی نوعیت اور حکومت کے خود تشہیری دعووںکا تضاد اب بڑی حد تک عیاں ہو چکا ہے ،اس کے باوصف اگر بھگوا پارٹی اسمبلی الیکشن میں کامیابی کا دعویٰ کر رہی ہے تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ بی جے پی نے گجرات میں فرقہ ورانہ رجحان کو سماجی ڈھانچے میں اس حد تک پیوست کر دیا ہے کہ زندگی کے بیشتر معاملات پراس رجحان نے غلبہ حاصل کر لیا ہے اور اکثر اس غلبہ کا اظہار عوامی سطح پر نفرت اور تشدد کی شکل میں ہوتا رہا ہے۔یوپی میں بھی گزشتہ دس برسوں سے اقتدار کی رضا مندی اور پشت پناہی میں ایسا ہی سماجی ڈھانچہ ترتیب دینے کی مہم جاری ہے۔ فرقہ ورانہ منافرت کے ذریعہ سیاسی اہداف سر کرنے کے معاملے میں یوپی کے وزیر اعلیٰ کا ہیجان انگیز اور اشتعال آمیز رویہ انھیں ان بھگوا لیڈروں میں نمایاں مقام عطا کرتا ہے جو مسلمانوں کے تئیں اپنی بیزاری اور عناد کا مظاہرہ کرنے میں خود کو آئینی ضابطوں سے بھی بالاتر سمجھتے ہیں۔ ان کے اس انداز نے انھیں ریاست کے کٹر ہندوتوا کے پیروکاروں میں خاصی مقبولیت بھی عطا کی ہے اور اب یہی مقبولیت بھگوا پارٹی کے ان دیگر قد آور لیڈروں کو ناگوار گزرنے لگی ہے جنھیں یہ لگتا ہے کہ یوگی ان کے سیاسی عزائم کو متاثر کر سکتے ہیں۔ یوگی کو اپنا سیاسی حریف سمجھنے والوں میں امیت شاہ کا نام نمایاں طور پر لیا جا رہا ہے اور اسی حوالے سے یہ کہا جا رہا ہے کہ ملک کی سیاست کی سمت و رفتار کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والی ریاست پر گجرات لابی مکمل اختیار حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

یوگی کی سیاسی اڑان پر قدغن لگانے کی گجرات لابی کی کوششوں کی ایک نمایاں مثال باضابطہ توسیع کے بغیر آئین کی دفعہ ۱۵۶(۳)؍جو پانچ برس کی میعاد مکمل ہونے کے بعد کسی نئے گورنر کی تقرری تک موجودہ گورنر کو عہدے پر قائم رہنے کی سہولت عطا کرتی ہے،کے سہارے آنندی بین پٹیل کا راج بھون میں برقرار رہنا ہے۔ اس بے ضابطہ توسیع نے انھیں ریاست میں سب سے زیادہ مدت تک گورنر بنے رہنے کا شرف بھی عطا کر دیا ہے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے درمیان اختلاف کئی موقعوں پر ظاہر بھی ہو چکا ہے۔ اقتدار کی سطح پر یوپی کے دو بڑے منصب داروں کے باہمی ربط کی یہ نوعیت آئندہ انتخابات پر اثرانداز ہو سکتی ہے اور ایسی صورت میں اگر اپوزیشن اپنی سیاسی انا سے اوپر اٹھ کر منظم اور ٹھوس انتخابی حکمت عملی اختیار کرے تو بھگوا پارٹی کے داخلی انتشار سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کیاعالمی سطح پر نفرت پر مبنی اِنتہا پسند سیاست کا سورج غروب ہوا چاہتا ہے؟

یوپی کے وزیر اعلیٰ نے حالیہ دنوں میں ایس آئی آر کے متعلق جو بیانات دئیے ہیں وہ ان معنوں میں انتہائی تشویش ناک ہیں کہ انھوں نے ایک غیر امتیازی جمہوری عمل پر بھی فرقہ واریت کا ٹیگ لگا دیا ہے۔ ایس آئی آر میںریاست کے ایک کروڑ ۲۷؍ لاکھ رائے دہندگان کے ناموں کا حذوف انھیں جس قدر بیکل کئے ہوئے ہے اس سے صاف اشارہ ملتا ہے کہ اس اقدام کو وہ اپنے خلاف سیاسی سازش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ اگر ان کا یہ گمان حقیقت سے قریب ہے تو بجا طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ گجرات لابی اس ریاست کی سیاست پر اپنی پکڑ اس حد تک مضبوط کرنا چاہتی ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد اگر پارٹی کو کامیابی مل جائے تو اپنی تمام تر مقبولیت کے باوصف یوگی کے وزیر اعلیٰ بننے کا فیصلہ اس لابی کی مرضی پر ہی منحصر ہو۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ کچھ مہینوں میں یہ داخلی کشمکش کیا صورت اختیار کرتی ہے اور اپوزیشن پارٹیاں اس کشمکش سے کس حد تک فائدہ اٹھا سکتی ہیں؟  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK