• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیاعالمی سطح پر نفرت پر مبنی اِنتہا پسند سیاست کا سورج غروب ہوا چاہتا ہے؟

Updated: November 15, 2026, 11:44 AM IST | Asim Jalal | Mumbai

۲۶ء میں امیدکی کرنیں پھوٹ رہی ہیں، جمہوریت انگڑائی لیتی نظر آرہی ہے، اپریل میں ہنگری سے شروع ہونےوالا عوامی رجحان سربیا، برازیل یہاں تک کہ اسرائیل اور امریکہ میں بھی نظر آرہا ہے۔

The success of Abdul Rahman Muhammad Saeed—also known as Abdul Al-Saeed—in the United States is a testament to the failure of hatred. Photo: INN
امریکہ میں عبدالرحمان محمدسعید عرف عبدالالسعیدکی کامیابی نفرت کی ناکامی کا مظہر ہے۔ تصویر: آئی این این

’’ثبات ایک تغیر کو ہے زمانےمیں‘‘ کے مصداق دنیا ایک بار پھر کروٹ لیتی محسوس ہو رہی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں مذہبی اور علاقائی شدت پسندی پر مبنی دائیں بازو کے نظریات کی حامل سیاست کا عروج دیکھا گیا۔ عوام کو قومی عظمت اور مذہبی شناخت کے نشے میں دُھت کرکے،  اقلیتوں اور تارکین وطن کو تمام مسائل کا ذمہ دار ٹھہرا کر اور ملک کی عظمت رفتہ کی بحالی کا خواب دکھا کر انتخابات لڑنے والے لیڈروں  کا بول بالا رہا۔ یکے بعد دیگرے انہوں نے انتخابات جیتے اور پھر اقتدار پر اس طرح قبضہ جمایا کہ جس جمہوریت کو حصولِ اقتدار کے لیے سیڑھی کے طور پر استعمال کیا تھا، اس کی بنیاد یعنی جمہوری اداروں کو یا تو ختم کردیا یا بے معنی بنا دیا، تاکہ اقتدار پر دیرپا قبضہ برقرار رکھا جاسکے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا ساتھ امریکہ بھی چھوڑ رہا ہے!

اس سیاست کے نتیجے میں جہاں جہاں ’’طاقتور قیادت‘‘ ابھری، وہاں سب سے پہلے ذرائع ابلاغ اور میڈیا کو نشانہ بنایا گیا، پھر انتخابی نظام کو کمزور کیا گیا، اس کی غیر جانب داری اور شفافیت مشکوک بنائی گئی اور اس کے بعد عدالتی نظام کی ساکھ کو بھی سوالات کے گھیرے میںلا کھڑا کیا ہے۔ یہ سیاست بنیادی طور پر نفرت پر مبنی ہے۔ گزشتہ کم و بیش دو دہائیوں کے دوران اسے جس طرح عوامی حمایت حاصل ہوئی اور نفرت کو سیاسی ہتھیار بنانے والے لیڈروں نے جس طرح کامیابیاں حاصل کیں، اس نے دنیا بھر میں جمہوریت کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے تھے۔ اندیشہ تھا کہ یہ عالمی رجحان آئندہ کئی دہائیوں تک جاری رہ سکتا ہے، مگر ہنگری، سربیا، برازیل، امریکہ اور یہاں تک کہ اسرائیل کے انتخابی نتائج کی وجہ سے منظرنامہ بدلتا ہوا نظر آرہا ہے۔

۲۰۲۶ء کے بطن سے امید کی نئی کرنیں پھوٹ رہی ہیں۔ جس جمہوریت کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگنے لگا تھا، وہ انگڑائی لے کر ایک بار پھر بیدار ہوتی معلوم ہو رہی ہے۔ ہنگری میں اپریل میں ہونے والے الیکشن کے نتائج اور وکٹر اوربان کے ۱۶؍ سالہ اقتدار کے خاتمے نے یہ پیغام دیا کہ تمام آئینی اداروں پر قبضہ، تعلیمی اداروں پر نظریاتی بالادستی قائم کرنے اور انتخابی نظام کو اپنا تابع بنانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود اگر عوام اٹھ کھڑے ہوں تو تبدیلی یقینی ہے۔ وکٹر اوربان، جنہوں نے ہنگری کے تقریباً تمام جمہوری اداروں کو بے معنی کر دیاتھا، عوام کی ریکارڈ ووٹنگ کے نتیجے میں اس بری طرح ہارے کہ ان کے پاس  شکست تسلیم کرکے اقتدار سے دستبردار ی  کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔

اسی طرح سربیا کی طلبہ تحریک نے ملک کو الیگزینڈر ووچِک کے اقتدار سے نجات دلائی اور ان کے ۱۴؍ سالہ اقتدار کا خاتمہ کردیا۔ انتخابی نتائج کے بعد وہاں کے میڈیا کو کھل کر اعتراف کرنا اور معافی مانگنی پڑی کہ ووچک کے دور میں وہ خبریں نہیں بلکہ پروپیگنڈا نشر کر رہا تھا۔ سربیا میں ریکارڈ ۷۰؍ فیصد پولنگ ہوئی، جو ۱۹۹۲ء میں یوگوسلاویہ کے انتشار کے بعد سب سے زیادہ تھی۔

یہ بھی پڑھئے: کیا اے آئی چیٹ بوٹس انسان کے راز دار بن سکتے ہیں؟ ڈجیٹل پرائیویسی کا نیا بزنس

برازیل میں، جہاں پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں دائیں بازو کے شدت پسند لیڈر بولسونارو بازی مارتے نظر آرہے تھے، انہیں اقتدار سے دور رکھنے کے لیے دوسرے مرحلے میں عوام نے زیادہ ذمہ داری کے ساتھ ووٹ دیا اور بائیں بازو کے سوشلسٹ نظریات کے حامل ۸۱؍ سالہ لولا ڈی سلوا کو مسلسل چوتھی مرتبہ صدارت سونپ دی۔

ادھر اسرائیل میں غزہ جنگ کے بعد ہونے والے پہلے الیکشن  کو نیتن یاہو کی پالیسیوں پر ریفرنڈم کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔ رائے دہندگان کی غیر معمولی شرکت بہت کچھ بیان کر رہی ہے۔ نیتن یاہو اب بھی اقتدار پر اپنی گرفت برقرار رکھنے کے لیے ہاتھ پیر مار رہے ہیں اور انتخابات میں غیر ملکی مداخلت کا شور مچا رہے ہیں، مگر عوام نے جو فیصلہ سنایا ہے، وہ انہیں اقتدار سے بے دخل کرنے کا ہے۔ یہاں عرب جماعتوں کا ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھرنا بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں امریکی عوام نے بھی کانگریس اور سینیٹ، دونوں ایوانوں کی باگ ڈور ڈیموکریٹس کو سونپ کر آمریت اور نفرت انگیزی کی سیاست پر یقین رکھنے والے ڈونالڈ ٹرمپ کے اختیارات محدود کردیئے۔ آئندہ ماہ اسپین میں انتخابات ہونے ہیں، جبکہ فرانس میں بھی صدارتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ یورپ میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عوام، بالخصوص نوجوانوں نے جس طرح سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا ہے، اسے دیکھتے ہوئے امید کی جاسکتی ہے کہ عوام یہاں بھی تبدیلی کا فیصلہ سنائیں گے۔

ہنگری، سربیا، برازیل اور امریکہ کے انتخابی نتائج نے عالمی سطح پر عوامی مزاج میں تبدیلی اور دائیں بازو کی شدت پسند سیاست سے ان کے رومانس کے خاتمے کا اشارہ دیا ہے۔ یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ طاقتور حکمرانوں اور ان کی اکثریت نواز سیاست کو اب پہلے جیسی غیر مشروط عوامی حمایت حاصل نہیں رہی۔ عوام کا ایک بڑا حصہ اب ان حکمرانوں سے سوال کرنے لگا ہے جو قومی عظمت رفتہ اور مذہبی شناخت کی بحالی، نیز مضبوط قیادت کے خواب دکھا کر اقتدار میں تو آئے مگر عوام کی معاشی مشکلات اور روزمرہ کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے۔ عوام کے سامنے ان کی حقیقت بے نقاب ہوچکی ہے۔ انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ ان حکمرانوں کے پاس خوش نما نعرے تو ہیں، وہ خواب تو دکھا سکتے ہیں، مگر مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ قوم پرستی اور مذہبی شناخت کا جنون ہو یا قومی عظمت کے نعرے، یہ ایک عرصے تک عوامی حمایت حاصل کرنے میں مددگار تو ثابت ہوسکتے ہیں، لیکن جب مہنگائی بڑھ رہی ہو، روزگار کے مواقع محدود ہوں، نوجوان مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہوں اور عام شہری کو تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہ ہوں تو محض جذباتی نعرے کارگر ثابت نہیں ہوتے۔ ایسے حالات میں عوام سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

فرانس، اٹلی، اسپین اور دیگر یورپی ملکوں میں حالیہ مظاہرے دائیں بازو کی سیاست سے اسی مایوسی کا نتیجہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: محبت اور ہندوستان سے وابستگی نے سونیا گاندھی کو کئی صدمات سے گزرنے کا حوصلہ دیا

اس پورے منظرنامے میں نوجوانوں کا کردار غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، جنہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔ سربیا میں طلبہ کی تحریک نے ثابت کیا کہ منظم نوجوان طاقتور حکومتوں کے سامنے بھی سیاسی مزاحمت کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔ نوجوانوں کی تحریکیں اب صرف تعلیمی مسائل یا روزگار تک محدود نہیں رہیں، بلکہ بدعنوانی، حکومت کی جوابدہی اور جمہوری حقوق کے سوالات بھی ان کے ایجنڈے کا حصہ بن گئے ہیں۔ سوشل میڈیا، جسے کبھی دائیں بازو کی سیاسی لہر کو تقویت دینےکیلئےاستعمال کیا گیا تھا، اب ذرائع ابلاغ کی اقتدار نوازی کے باعث تبدیلی کے حامی طبقے کا ایک اہم ہتھیار بن گیا ہے۔اب سیاسی اطلاعات اور متبادل نقطۂ نظر صرف روایتی ذرائع ابلاغ کے محتاج نہیں رہے۔ نوجوان شہری ڈجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے احتجاج منظم کر سکتے ہیں، حکومتی دعووں کا جائزہ لے سکتے ہیں اور مختلف طبقات کو مشترکہ مسائل پر اکٹھا کر سکتے ہیں۔   غور  سے دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ عوام میں  مذہبی اور علاقائی  احساس برتری کے جذبات کو برانگیختہ کر کے انہیں اپنے حق میں ہموار کرنے والی طاقتوں نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد غیر جمہوری طرزحکمرانی اختیار کی  اور جوابدہی کو مسترد کیا۔بے لگام اقتدار بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور نااہلی کو جنم دیتا ہے۔ اداروں پر قبضہ اور اختیارات کے توازن کو برقرار رکھنے والے نظام کا خاتمہ اور اپنے قریبی صنعتکاروںکو نوازنے  کی بے شرمی   عوام بہت دنوں تک برداشت نہیں کرسکتے۔انہیں ڈرا کر خاموش کیا جا سکتا ہے مگر دنیا کی موجودہ صورتحال کو دیکھیں تو اکثر مقامات پر نوجوانوں نے اس ڈر کو بھی شکست دینے کی کوشش کی ہے۔  

ہندوستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں یہاں  بھی مذہبی شناخت،  قوم پرستی، اکثریت نوازی  اور مضبوط قیادت کا بول بالا رہا مگر بیروزگاری، مہنگائی، کسانوں کے مسائل، معاشی عدم مساوات، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے فقدان  نے سوال پوچھنے والوں اور جمہوری حقوق کیلئے سڑکوں پر اُترنے والوں کی تعداد بڑھادی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK