نومبر شروع ہوچکا ہے۔ کھیتوں میں گیہوں کی بوائی کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ کہیں کھیتوں کی جوتائی ہورہی ہے ، کہیں کسان بیج، کھاد اور پانی کے انتظام میں مصروف ہیں۔کسانوں کیلئے یہ دن بڑے اہم ہوتے ہیں، کیونکہ گیہوں کی بوائی میں جتنی تاخیر ہوتی ہے، فصل کی پیداوار پر اس کا اثر پڑنے کا اندیشہ بھی اتنا ہی بڑھ جاتا ہے۔
کسان تذبذب میں مبتلا ہیں کہ ایک طرف شادیوں کی دعوتیں ہیں تو دوسری طرف گیہوں کی بوائی کا وقت نکلتا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
نومبر شروع ہوچکا ہے۔ کھیتوں میں گیہوں کی بوائی کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ کہیں کھیتوں کی جوتائی ہورہی ہے ، کہیں کسان بیج، کھاد اور پانی کے انتظام میں مصروف ہیں۔کسانوں کیلئے یہ دن بڑے اہم ہوتے ہیں، کیونکہ گیہوں کی بوائی میں جتنی تاخیر ہوتی ہے، فصل کی پیداوار پر اس کا اثر پڑنے کا اندیشہ بھی اتنا ہی بڑھ جاتا ہے۔ لیکن اس مرتبہ گاؤں کے بہت سے کسانوں کے سامنے ایک عجیب سی مصروفیت آن کھڑی ہوئی ہے۔ کھیت اپنی جگہ ہیں، ٹریکٹر بھی تیار ہیں، بیج بھی گھر میں رکھا ہے، مگر بوائی کا کام آگے نہیں بڑھ پا رہا ہے۔ وجہ ہے نومبر میں شادیوں کی دھوم...جی ہاں...اس سال تو ایسا لگتا ہے جیسے گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں شادیوں کا سیزن کچھ زیادہ ہی زور پکڑ گیا ہے۔ ایک دن میں دو دو، تین تین بلکہ کہیں کہیں چار چار شادیوں کی دعوتیں آ رہی ہیں۔ صبح کسی کے یہاں ولیمے کی دعوت ہے تو شام کو کسی کے یہاں بارات کی روانگی۔ ایک طرف شادی کا کارڈ ہاتھ میں ہے تو دوسری طرف کھیت میں گیہوں بونے کی فکر دل میں۔ کسان سوچتا ہے کہ پہلے کھیت تیار کرلوں یا پہلے شادی میں حاضری دے آؤں۔ ادھر گھر والے کہتے ہیں کہ رشتہ داری نبھانا بھی ضروری ہے، آخر لوگ کیا کہیں گے کہ دعوت میں نہیں آئے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا ساتھ امریکہ بھی چھوڑ رہا ہے!
ایک زمانہ تھا جب ہمارے یہاں مئی اور جون کے مہینوں میں شادیوں کی خوب دھوم ہوا کرتی تھی۔ گرمی کے دن ہوتے تھے، دوپہر میں لو چلتی تھی، لیکن شادی بیاہ کی تقریبات کا اپنا ہی رنگ ہوتا تھا۔ اب وقت بدلا، لوگوں کی پسند بدلی، رہن سہن بدلا تو شادیوں کے موسم میں بھی تبدیلی آگئی۔ اب لوگ گرمی کی تپش سے بچنے کیلئے اکتوبر اور نومبر کی گلابی سردیوں کو شادی بیاہ کیلئے زیادہ پسند کرنے لگے ہیں۔ نہ زیادہ گرمی، نہ زیادہ سردی، موسم بھی خوشگوار اور مہمانوں کی آمدورفت بھی آسان۔ بس اسی خوشگوار موسم نے اس مرتبہ شادیوں کی ایسی بہار لائی ہے کہ کسانوں کے کھیتوں میں گیہوں کی بوائی اور گھروں میں شادیوں کی تیاری ایک دوسرے سے مقابلہ کرتی نظر آرہی ہے۔
لیکن اس سال شادیوں کی اس رونق میں ایک نئی پریشانی بھی شامل ہوگئی ہے۔ یہ پریشانی ان نوجوانوں کے گھرانوں کو درپیش ہے جو روزگار کے سلسلے میں عرب امارات اور خلیجی ممالک میں مقیم ہیں۔ گلف کے خطے میں جنگی کشیدگی اور حالات کی غیر یقینی کیفیت کے باعث فضائی سفر متاثر ہونے کی خبریں ہیں۔ کئی پروازیں منسوخ ہورہی ہیں اور بعض پروازوں کو اپنا راستہ تبدیل کرکے دوسرے ممالک سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں پردیس میں بیٹھے ان نوجوانوں کیلئے اپنے گھر پہنچنا آسان نہیں رہ گیا ہے، جن کی شادی کی تاریخ پہلے ہی طے ہوچکی ہے۔
گاؤں میں ایسے کئی گھرانے ہیں جہاں شادی کی تیاریاں تو شروع ہوچکی ہیں، مگر شادی کے کارڈ ابھی تک تقسیم نہیں ہوئے۔ لڑکے والوں نے لڑکی والوں سے تاریخ بھی طے کرلی ہے، رشتہ داروں کو بھی زبانی اطلاع دے دی گئی ہے، لیکن باقاعدہ دعوت نامے چھپوا کر تقسیم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے ہیں۔ وجہ صرف یہ ہے کہ دولہا ابھی پردیس میں ہے اور اس کی وطن واپسی کی کوئی پکی خبر نہیں ہے۔گھر والے روزانہ فون پر یہی پوچھتے ہیں کہ بیٹا، فلائٹ کا کیا بنا... کب تک پہنچوگے...ٹکٹ کنفرم ہوا یا نہیں... ادھر پردیس میں بیٹھا نوجوان بھی کم پریشان نہیں ہے۔ اسے معلوم ہے کہ گھر میں شادی کی تیاریاں چل رہی ہیں، رشتہ دار انتظار کررہے ہیں، لڑکی والے بھی تاریخ کے مطابق انتظامات میں مصروف ہیں، لیکن فضائی سفر کے حالات اس کے اختیار میں نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کیا اے آئی چیٹ بوٹس انسان کے راز دار بن سکتے ہیں؟ ڈجیٹل پرائیویسی کا نیا بزنس
اب ذرا گاؤں کے ان گھروں کا تصور کیجئے جہاں شادی کی تاریخ قریب ہے۔ گھر میں شادی کا سامان آنا شروع ہوگیا ہے، کہیں کپڑوں کی خریداری ہورہی ہے، کہیں برتن اور فرنیچر کی بات چل رہی ہے، کہیں دعوت کے کھانے کا مینو طے ہورہا ہے، لیکن دولہے میاں کی آمد کا کوئی بھروسہ نہیں۔ گھر کے بزرگ کبھی ایک دوسرے سے مشورہ کرتے ہیں تو کبھی موبائل پر خبروں کا جائزہ لیتے ہیں۔ کوئی کہتا ہے کہ ابھی کارڈ نہ بانٹو، دو چار دن انتظار کرلو۔ کوئی کہتا ہے کہ شادی کی تاریخ آگے بڑھانے میں بھی مشکلات ہیں، لڑکی والوں نے بھی تو اپنے حساب سے انتظامات کر رکھے ہیں۔ادھرکسی نہ کسی رشتہ دارکا دن میں ایک بار فون آہی جاتا ہے کہ دولہے میاں کب آرہے ہیں۔لیکن میزبان خاندان کے لوگ ہر ایک کو ایک ہی جواب دے رہے ہیں کہ بس دعا کیجئے، دولہا خیریت سے گھر پہنچ جائے۔
کچھ خاندان تو اس مشکل کا حل نکالنے کیلئے آن لائن نکاح کی تیاری بھی کررہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ اگر دولہا وقت پر وطن نہیں پہنچ سکا تو کم از کم نکاح کی کارروائی ویڈیو کال کے ذریعے مکمل کرلی جائے تاکہ طے شدہ تاریخ پر نکاح ہوسکے۔ البتہ ایسے معاملات میں شرعی تقاضوں اور قانونی طریقۂ کار کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ گاؤں کی چوپالوں اور چائے کی دکانوں پر بھی اسی موضوع پر گفتگو ہورہی ہے۔کوئی مزاحیہ انداز میں کہتا ہے کہ پہلے دولہے کے گھوڑے کی فکر ہوتی تھی، اب دولہے کی فلائٹ کی فکر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: محبت اور ہندوستان سے وابستگی نے سونیا گاندھی کو کئی صدمات سے گزرنے کا حوصلہ دیا
کسانوں کی حالت بھی غیر ہے۔ ایک طرف شادیوں کی دعوتیں ہیں تو دوسری طرف گیہوں کی بوائی کا وقت نکلتا جارہا ہے۔ کسی نے مسلسل تین چار دن شادیوں میں گزار دیئے تو کھیت کی تیاری پیچھے رہ جاتی ہے۔ پھر وہ اپنے بیٹے سے کہتا ہے کہ شادی میں جانا ضروری ہے مگر گیہوں کی بوائی بھی ضروری ہے۔ شادی کی دعوت تو کھا کر واپس آجائیں گے، لیکن بوائی کا مناسب وقت نکل گیا تو اس کا نقصان پورے سال اٹھانا پڑے گا،لیکن سب کی خواہش یہی ہے کہ پردیسی نوجوان خیریت سے اپنے وطن پہنچیں، گھروں میں شہنائیاں بجیں، رشتے خوشیوں کے ساتھ پروان چڑھیں اور کسانوں کے کھیت بھی وقت پر گیہوں کی فصل سے آباد ہوجائیں۔