ہندوستانی کھلاڑیوں کی وزڈن میں نمایاں موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہندوستان اب صرف ایک بڑی کرکٹ مارکیٹ ہی نہیں بلکہ کرکٹ سپر پاور بن چکا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کے اس عروج میں سب سے اہم کردار اس کے کھلاڑیوں کا ہے۔
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 8:37 PM IST | Mubasshir Akbar | Mumbai
ہندوستانی کھلاڑیوں کی وزڈن میں نمایاں موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہندوستان اب صرف ایک بڑی کرکٹ مارکیٹ ہی نہیں بلکہ کرکٹ سپر پاور بن چکا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کے اس عروج میں سب سے اہم کردار اس کے کھلاڑیوں کا ہے۔
عالمی کرکٹ کے منظرنامے میں ہندوستان کا عروج کوئی اچانک واقعہ نہیں ہے بلکہ طویل، منظم اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ دہائی میں ہندوستانی کرکٹ نے جس انداز میں بین الاقوامی سطح پر اپنی دھاک بٹھائی ہے، وہ نہ صرف کھیل کی دنیا میں بلکہ عالمی اسپورٹس کلچر میں بھی ایک نمایاں تبدیلی کی علامت بن چکی ہے۔ اس عروج کو سمجھنے کیلئے اگر کسی مستند پیمانے کا سہارا لیا جائے تو وزڈن میگزین ایک ایسا ادارہ ہے جس کی رائے اور تجزیہ عالمی کرکٹ میں سند کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزڈن کی سالانہ فہرست اور مختلف ایوارڈس نہ صرف کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ اس بات کی بھی عکاسی کرتے ہیں کہ کون سی ٹیمیں عالمی کرکٹ میں حقیقی معنوں میں اثرانداز ہو رہی ہیں۔ حالیہ برسوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی وزڈن ایوارڈز میں نمایاں موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہندوستان اب صرف ایک بڑی کرکٹ مارکیٹ نہیں بلکہ ایک کرکٹ سپر پاور کے طور پر ابھر چکا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کے اس عروج میں سب سے اہم کردار اس کے کھلاڑیوں کا ہے۔ وراٹ کوہلی، روہت شرما، رویندر جڈیجہ اورجسپریت بمراہ جیسے نام نہ صرف میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر ہندوستانی کرکٹ کی شناخت بھی بن چکے ہیں۔ ان سے قبل سچن تنڈولکر، سورو گنگولی، راہل دراوڑ، ظہیر خان، انل کمبلے، ہر بھجن سنگھ، وی وی ایس لکشمن اور محمد اظہر الدین نے بھی ایسی ہی شاندار کامیابیاں حاصل کی تھیں اور ٹیم انڈیا کو ایک مضبوط ٹیم کے طور پر پیش کیا تھا لیکن موجودہ دور کے کھلاڑیوں نے اپنےکھیل میں جو تسلسل قائم کیا ہے وہ ٹیم انڈیا کی زبردست کامیابیوں کا گواہ ہے۔ ان کھلاڑیوں نے مسلسل کامیابیوں کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اب کسی بھی طرح کے حالات میں دنیا کی بہترین ٹیموں کو ٹکر دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تعلیم کو سماجی رتبہ کی علامت سمجھنے کا رجحان اضافی مسائل کا سبب
وزڈن کے تناظر میں اگر ہم ۲۰۲۵ء اور ۲۰۲۶ءکی کارکردگی کا جائزہ لیں تو ہندوستانی کھلاڑیوں کا غلبہ حیران کن حد تک نمایاں نظر آتا ہے۔ متعدد ایوارڈس ہندوستانی کھلاڑیوں کے نام ہونا اس بات کی علامت ہے کہ ٹیم انفرادی اور اجتماعی دونوں سطحوں پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ وزڈن کی فہرست میں ہندوستان کے ۴؍ کھلاڑیوں کو ایک ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل صرف آسٹریلیا کے۴؍ کھلاڑیوں کو ایک ساتھ فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ ہندوستان کے تناظر میں یہ اہم اس لئے بھی ہے کیوں کہ اس کی خاتون کرکٹروں کو بھی اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔ خاص طور پر خاتون کرکٹر دپتی شرما کا سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار پانا انتہائی اہم ہے۔ اسکے علاوہ ابھیشیک شرما کا ٹی ٹوینٹی کرکٹر آف دی ایئر بننا اس بات کی دلیل ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ہر فارمیٹ میں عالمی سطح پر نمایاں ہو رہا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کا یہ عروج صرف چند اسٹار کھلاڑیوں تک محدود نہیں بلکہ ایک مضبوط سسٹم کی پیداوار ہے۔ بی سی سی آئی نے جس انداز میں ڈومیسٹک کرکٹ، اکیڈمیوں اور انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کی ہے اس کے نتائج آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ رنجی ٹرافی، انڈر ۱۹؍سطح اور انڈین پریمیر لیگ جیسے پلیٹ فارمزنے نوجوان کھلاڑیوں کو نہ صرف مواقع فراہم کئے ہیں بلکہ انہیں عالمی معیار کے مطابق تیار بھی کیا ہے۔
خصوصی طور پر آئی پی ایل نے ہندوستانی کرکٹ کو ایک نئی جہت دی ہے۔ یہ لیگ نہ صرف مالی طور پر مضبوط ہے بلکہ اس نے دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ہندوستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اسی سبب آج ہندوستانی ٹیم کے پاس بینچ اسٹرینتھ کی کوئی کمی نہیں ہے۔
وزڈن کے تجزیوں میں ایک اور اہم پہلو جو سامنے آیا ہے وہ ہندوستانی کرکٹ کا تسلسل ہے۔ ماضی میں ہندوستانی ٹیم کو اکثر غیر ملکی حالات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال کافی بدل چکی ہے۔ آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہندوستانی ٹیم ہر ماحول میں خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے ایک مضبوط قیادت بھی کارفرما ہے۔ ٹیم کے سابقہ کوچوں سے لے کر سابق کھلاڑیوں کی رہنمائی نے ٹیم کو نہ صرف تکنیکی طور بلکہ ذہنی طور پر بھی مضبوط بنایا ہے۔ اس کے علاوہ کپتانوں کی حکمت عملی اور ٹیم مینجمنٹ کی منصوبہ بندی نے بھی بڑے اسٹیج پر اپنا نام پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اب تو جینا ہے سوشل میڈیا کے سا تھ، مگر کیسے؟
خواتین کرکٹ میں بھی ہندوستان نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ ہرمن پریت کور اور دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی۔ وزڈن کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کو دیے جانے والے اعزازات اس بات کے عکاس ہیں کہ ہندوستان میں خواتین کرکٹ کو بھی سنجیدگی سے فروغ دیا جا رہا ہے۔
تاہم اس تمام کامیابی کے باوجود کچھ چیلنجز بھی موجود ہیں۔ بین الاقوامی ٹورنامنٹس، خصوصاً آئی سی سی ایونٹس میں مستقل کامیابی حاصل کرنا اب بھی ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک بڑا امتحان ہے۔ ہندوستانی ٹیم کئی مواقع پر بہترین کارکردگی کے باوجود فائنل کے مراحل میں ناکام رہی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ٹیم کو دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر ہندوستانی کرکٹ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ایک اور پہلو اس کا معاشی اور ثقافتی اثر ہے۔ کرکٹ اب ہندوستان میں صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک صنعت بن چکا ہے۔ براڈکاسٹنگ رائٹس، اسپانسرشپ اور لیگ سسٹم نے اسے ایک معاشی قوت میں تبدیل کر دیا ہے، جس کا اثر عالمی کرکٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو ہندوستان اجارہ داری قائم کر رہا ہے لیکن یہ کرکٹ کے وسیع تر تناظر میں ٹھیک نہیں ہے۔
وزڈن کے تناظر میں اگر مجموعی تصویر کو دیکھا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ نہ صرف کھیل کے میدان میں بلکہ انتظامی، معاشی اور ثقافتی سطح پر بھی ایک غالب قوت بن چکی ہے۔ یہ عروج محض وقتی نہیں بلکہ ایک مضبوط بنیاد پر قائم ہے جس کے پیچھے طویل المدتی منصوبہ بندی اور مسلسل محنت شامل ہے۔