Updated: November 16, 2026, 3:35 PM IST
| Mumbai
قابل حصول ا ہداف طے کریں اور دلجمعی سے اس پر عمل کریں

میں نے اپنے تقریبا۳۵؍ سالہ تدریسی تجربات کے بعد یہ رائے قائم کی ہے کہ اردو زبان کے تعلق سے ہمارے تعلیم یافتہ طبقے میں خود اعتمادی کی کمی بلکہ احساس کمتری پائی جاتی ہے۔کم تعلیم یافتہ افراد انگریزی سے اتنے زیادہ سہمے ہوئے نہیں ہیں جتنے وہ لوگ ہیں جو اُردو ذریعہ تعلیم سے آگے بڑھے اور اچھے عہدوں پر پہنچے ہیں۔ دوسرا نمبر اُن لوگوں کا ہے جو اپنی ناکامی کا سارا الزام انگریزی کی کمی کو دیتے ہیں اور اب اپنے بچوں کو اس تلخ تجربے سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں، اسی لیے ان کیلئے انگریزی اسکولوں کا انتخاب کیا ہے۔ میں ان اساتذہ کو بھی مورد الزام ٹھہراتا ہوں جو خود اردو میڈیم اسکولوں اور کالجوں کے شعبہ اردو سے کشادہ رزق اور توقیر پاتے ہیں مگر اپنے بچوں کو انگریزی اسکولوں میں پڑھاتے ہیں اور فخریہ یہ کہتے سنے جاتے ہیں کہ ہمارے بچے اردو میڈیم میں پڑھنے والے طلبہ سے بہتر اردو بولتے ہیں۔
انفرادی سطح پر ہم سب کو اپنے اپنے مقام اور مرتبے کے مطابق اردو کے فروغ کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا چاہئے۔ ایک استاد، ایک سرپرست، ایک طالب علم، اسکول انتظامیہ کا رُکن، ایک اردو دوست یا اردو نواز شخص، ایک ادیب، شاعر، ایک صحافی، ایک متحرک اور فعال محب اردو، ایک صاحب دل عاشق، ایک بلاگ رائٹر، ایک کتب فروش غرض ہر باشعور اور فکر مند شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سطح پر اپنی زبان کے فروغ کیلئے کچھ قابلِ حصول اہداف طے کرے اور پورے خلوص اور دل جمعی سے ان کے مطابق کام شروع کرے۔ چند اہداف یہ ہوسکتے ہیں:
*اپنے بچوں کو اردو پڑھنے/پڑھانے کا نظم کریں۔ اگر وہ اردو میڈیم میں پڑھتے ہیں تو ان کے معیار کے مطابق ان سے کم از کم ۵؍ منٹ بلند خوانی کرائیں۔ انگریزی اسکول کے طلبہ ہوں تو باقاعدگی سے اردو ٹیوٹر کا انتظام کریں یا خود پڑھائیں۔
*اسکول اور کالج کے اساتذہ خود بھی لگاتار مطالعہ کریں۔ (اگرچہ یہ کہنے کی بات نہیں لیکن ہم کب تک خوش گمانی میں رہیں گے) اپنے طلبہ میں شوق پیدا کریں۔
*طلبہ کو بیاض / ڈائری تیار کرنے کی ترغیب دیں جس میں وہ پسندیدہ اشعار، لطائف اور اقتباسات نقل کرسکیں۔ طلبہ میں لغت خوانی اور بیت بازی کا شوق پروان چڑھائیں۔
*ادیبوں، شاعروں، صحافیوں کو خود اپنے وجدان سے قابل حصول اہداف طے کرنا چاہیے اور مستقل مزاجی سے ان پر کام کرنا چاہیے ۔انگریزی اسکول انتظامیہ کے اراکین بطور خاص اپنے اسکولوں میں ہر سطح پر اردو مضمون کی تدریس کو یقینی بنائیں۔
*مخیر صاحب دل کتب خانوں اور تعلیمی و ثقافتی پروگراموں پر خرچ کرنے میں ثواب کی امید رکھیں اور فی زمانہ اسے ملی فریضہ سمجھیں۔ کتب خانوں کیلئے کسی اخبار یا رسالے کا سالانہ چندہ فراہم کرنا بھی ایک ہدف ہوسکتا ہے۔
پروفیسرماجد قاضی (سبکدوش، مہاراشٹر کالج ، ممبئی)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ:’یور مدر، یور مدر، یور مدر‘ کی پزیرائی مگر سماج میں ماں کی کتنی اہمیت؟
بچوں میں اپنی زبان کے تئیں دلچسپی پیدا کی جانی چاہئے

اردو زبان ہماری تہذیب، تمدن اور شناخت کا ایک اہم ترین حصہ ہے جسے زندہ رکھنا اور پروان چڑھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس زبان کی ترویج کے لیے تعلیمی اداروں سے لے کر گلی محلوں تک اور گھروں سے لے کر ذاتی محفلوں تک ایک جامع اور مربوط لائحہ عملا اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سفر کا آغاز بچوں سے ہونا چاہیے جن کے دل و دماغ نرم مٹی کی مانند ہوتے ہیں۔ اسکولوں میں بچوں کو اردو اشعار، بیت بازی اور املا نویسی کے مقابلوں سے جوڑ کر ان میں اس زبان سے دلچسپی پیدا کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح انعامات میں اردو کتابیں دینے سے مطالعہ کا شوق پروان چڑھتا ہے۔ اساتذہ کی ذمے داری ہے کہ وہ درس گاہوں میں ایسا سازگار ماحول پیدا کریں جہاں طلبہ بلاجھجھک اردو بولیں اور لکھیں۔ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی اردو کے نقوش کو نمایاں کرنا ہوگا۔ جن محلوں میں اردو داں طبقہ کثرت سے آباد ہے، وہاں سڑکوں اور گلیوں کے بورڈ اور سرکاری و غیر سرکاری بورڈز اردو رسم الخط میں آویزاں کیے جائیں تاکہ زبان کی بصری مانوسیت برقرار رہے۔
اس کے علاوہ، گھروں کے قریب اردو اخبارات کے چھوٹے اسٹالز قائم کیے جائیں اور اسکولوں میں ان کی ممبر سازی کو عام کیا جائے تاکہ پرنٹ میڈیا کو مالی تقویت بھی ملے اور نئی نسل اخبار بینی کی عادت سے بھی روشناس ہو سکے۔ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے سوشل میڈیا پر تمام تر پیغامات، واٹس ایپ کی گفتگو اور مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اردو رسم الخط کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ روزمرہ کی زندگی میں کسی نہ کسی نامور اردو ادیب، شاعر یا زبان کو درپیش مسائل کو اپنی گفتگو کا حصہ بنانا اور عظیم شخصیات کے کارناموں کو جشن کے طور پر منانا اس تحریک کو تقویت دے گا۔
محلوں میں سروے کر کے والدین کو قائل کیا جائے کہ وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کے لیے اردو اسکولوں کا رخ کروائیں۔ ہفتہ وار یا ماہانہ بنیادوں پرشعر و سخن، مشاعروں اور افسانہ خوانی کی محفلوں کا انعقاد ادبی ماحول کو زندہ رکھے گا۔ جب سماج کا ہر فرد اپنی روزمرہ زندگی میں اردو زبان کو دیگر زبانوں پر ترجیح دے گا، تو اس کی شیریں تاثیر اور تہذیبی ورثہ خود بخود آنے والی نسلوں میں منتقل ہو جائے گا۔
یہ ساری باتیں بہت اہم ہیں لیکن ان ساری باتوں کا نتیجہ تبھی برآمد ہوگا جب ہم عملی طورپر اسے انجام دینے کی کوشش کریں گے۔یہ بات ہمیں تسلیم کرکے آگے بڑھنا چاہئے کہ اردو کا بقا دراصل ہماری اپنی تہذیب کا بقا ہے، اسلئے ہر ایک کو اس کیلئے فکر کرنی ہوگی۔
سید حسین اختر(کارگزار صدر،مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو اکیڈمی، ممبئی)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: پانی کی قلت دور کرنے اور پانی بچانے کیلئے شہریوں کو کیا کرنا چاہئے؟
’ہمیں کیا کرنا چاہیے؟‘ کے بجائے ’ میں کیا کرسکتا ہوں‘

اردو کے فروغ سے متعلق جب تک انفرادی کوششیں نہ ہوں اجتماعی کوششوں کے ثمرات دیرپا نہیں ہوسکتے، اسلئے ’اردو زبان و ادب کی ترسیل و اشاعت اور تحفظ‘ کیلئے انفرادی کوششیں ناگزیر ہیں۔’ہمیں کیا کرنا چاہیے؟‘ کے بجائے ’ میں کیا کرسکتا ہوں‘ یہ عزم اردو زبان و ادب کے تحفظ و اشاعت کیلئے زیادہ بہتر ہوسکتا ہے۔بحیثیت اردو مدرس کے اردو زبان و ادب کی ترسیل و اشاعت اور تحفظ کے ضمن میں مشورے نہیں میرے عزائم کچھ اس طرح ہیں۔ اردو زبان کا ہر مدرس نصاب اور کتاب کی مدد سے عزائم کا اشاریہ ترتیب دے کر عمل آوری کرلے تو یقیناً اردو ذریعہ تعلیم کے یہ طلبہ اردو کا مستقبل روشن کرسکتے ہیں کیونکہ یہی اردو کے اصل قارئین ہیں۔ بحیثیت اردو مدرس کے میں اردو زبان کی تدریس کو آسان اور دلچسپ بنانے کی شعوری کوشش کرونگا تاکہ طلبہ اردو زبان کو سیکھنے کے ساتھ اس میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں۔
ہر جماعت کی اردو زباندانی کی درسی کتاب کے مشمولات کی مدد سے تشکیل علم کے ذریعے نئے خود آموزی کے مواد ( نظم و نثر) تیار کرکے طلبہ کو عملی طور پر زبان و ادب کی طرف مبذول کرایا جائے گا نیز ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پروان چڑھایا جائے گا۔ نئی قومی تعلیمی پالیسی کی روشنی میں کمرہ جماعت میں تشکیل کردہ ’گوشۂ مطالعہ‘ کو طلبہ کی عمر، ذہنی سطح، دلچسپی کے مطابق آراستہ کیا جائے گا، کتابوں تک طلبہ کی رسائی کو آسان کیا جائیگا تاکہ طلبہ بہ وقت ضرورت کتابوں کو حاصل کرسکیں اور اس سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔
اردو زبان و ادب میں دلچسپی کیلئے ’زباندانی کی مختلف النوع سرگرمیاں‘ منظم کی جائیں گی تاکہ طلبہ سرگرمیوں کے ذریعے زبان کو سیکھیں اور دلچسپی کا مظاہرہ کریں۔ اردو رسم الخط کے فروغ اور خوش خطی کیلئے خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ طلبہ اس جانب توجہ دے سکیں۔
طلبہ میں ذوقِ مطالعہ پروان چڑھانے کیلئے خصوصی مطالعے کی مہم کے ذریعے طلبہ کی کتابوں کے انتخاب و مطالعے کے طریقے سے متعلق تربیت و رہنمائی کی جائیگی تاکہ طلبہ موزوں کتابوں کے حوالے سے اصناف سخن سے متعارف ہوں اور اپنی دلچسپی کا اظہار کرسکیں ۔
زبان کو سیکھنے کیلئے’لغات‘ بھی اہمیت کی حامل ہیں۔ اب تو لغت دیکھنا، دستی لغت تیار کرنا وغیرہ نصاب کی سرگرمیوں میں شامل ہیں، اس لیے طلبہ سے دستی لغت تیار کرنے کے پروجیکٹ مکمل کروائے جائیں گے نیز آئیے، لغت دیکھیں جیسی سرگرمیاں موقع محل سے منعقد کی جائے گی۔
طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کیلئے ’نقشِ دیوار‘ ( دیواری اخبار) کو منظم، بامقصد کرنے اور’ قلمی کتاب‘ تیار کرنے کی سمت پیش رفت کی جائے گی تاکہ طلبہ کے رشحاتِ قلم قارئین تک پہنچ سکیں۔
اعظمی محمد یاسین محمد عمر(صدر اُردو لسانی کمیٹی بال بھارتی پونے)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: دہلی پولیس کی مظاہرین پر سختی کو آپ کیسے دیکھتے ہیں؟
زبانیں بولنے والوں کے عملی اقدام سے زندہ رہتی ہیں

ہر سال یومِ اردو کے موقع پر دنیا بھر میں سیمیناروں، مشاعروں اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان تقریبات میں بڑے بڑے عزم دہرائے جاتے ہیں اور اردو کے تحفظ کے لیے قراردادیں پاس کی جاتی ہیں، لیکن افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ تقریب کا چراغ گل ہوتے ہی یہ جوش و خروش بھی سرد پڑ جاتا ہے۔ ہم اجتماعی ذمہ داری کا نعرہ لگا کر اپنے انفرادی فرض سے پہلو تہی کر لیتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ زبانیں محض سرکاری سرپرستی یا جذباتی تقریروں سے نہیں بلکہ بولنے والوں کے عملی اقدام سے زندہ رہتی ہیں۔
اگر ہم واقعی اردو کی بقا اور ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں دوسروں سے شکوہ کرنے کے بجائے انفرادی سطح پر چند ٹھوس قدم اٹھانے ہوں گے جیسے:
گھر سے آغاز: زبان کی پہلی درسگاہ ماں کی گود اور گھر کا ماحول ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں سے روزمرہ کی گفتگو میں خالص اور معیاری اردو بولنے کی عادت ڈالیں، تاکہ نئی نسل اپنی تہذیبی جڑوں اور محاوروں سے مانوس رہے۔
معاشی سرپرستی: کسی بھی زبان کے استحکام کیلئے اس کا معاش سے جڑنا ضروری ہے۔ ہمیں اردو کتابیں، رسائل اور اخبارات باقاعدگی سے خریدنے چاہئیں۔ جب قاری کتاب خریدے گا تو مصنف اور پبلشر کو حوصلہ ملے گا اور اشاعتی ادارے مضبوط ہوں گے۔
ڈیجیٹل محاذ پر پیش قدمی: موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے۔ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر رومن انگریزی کے بجائے اردو رسم الخط (نستعلیق) میں لکھنے کو اپنا معمول بنائیں۔ انٹرنیٹ پر اردو مواد کی موجودگی جتنی زیادہ ہوگی، زبان اتنی ہی مستحکم ہوگی۔
مطالعے کا ذوق: ہر فرد کو چاہیے کہ وہ مہینے میں کم از کم ایک معیاری اردو کتاب پڑھنے کا عہد کرے اور بچوں کے لیے دلچسپ کہانیوں کے رسائل گھر لائے، تاکہ مطالعے کی روایت نسل در نسل منتقل ہو سکے۔
نوجوانوں کی شمولیت: نئی نسل کو اردو سے جوڑنے کے لیے اسے مشکل یا بوجھل بنانے کے بجائے ادبی پوڈکاسٹس، معیاری غزلوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دلچسپ انداز میں پیش کیا جائے۔
سچ بات یہی ہے کہ بڑی تبدیلیاں طویل تقاریر سے نہیں بلکہ چھوٹے چھوٹے ذاتی فیصلوں اور ان فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے سے آتی ہیں۔ اگر ہم میں سے ہر شخص اپنے گھر، کاروبار اور روزمرہ تحریر میں اردو کو اپنانے کا عہد کر لے، تو اس شیریں زبان کے فروغ کے لیے کسی اور قرارداد کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔
عبدالحسیب جامعی(سماجی کارکن، بھیونڈی)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: سنبھل تشدد، ملا افروز کی رہائی، عدالتی فیصلے کے دیگر مقدمات پر اثرات؟
کتابیں اور اخبارات خرید کر پڑھیں، مفت پی ڈی ایف کی عادت نہ ڈالیں

یوم اردو کے عزم اکثر اسلئے ٹوٹ جاتے ہیں کہ وہ قرار دادوں میں رہتے ہیں، گھر اور جیب تک نہیں پہنچتے۔ اردو کا فروغ انفرادی سطح پر چند سادہ مگر مسلسل عادتوں کا نام ہے۔سب سے پہلے گھر کو اردو کا مرکز بنائیے۔ بچوں سے اردو میں بات کیجیے، انہیں اردو رسم الخط سکھائیے اور روزانہ ۲۰؍ منٹ ان کے ساتھ کوئی اردو کتاب یا رسالہ پڑھیے۔ جو زبان گھر سے رخصت ہو جائے، اسے کوئی ادارہ زندہ نہیں رکھ سکتا۔
دوسرے، اردو خرید کر پڑھیے۔ ایک اخبار یا رسالہ لگوائیے اور سال میں کم از کم چند کتابیں خریدیے۔ مصنفین اور ناشرین کا سب سے بڑا سہارا قاری کی جیب ہے،اسلئے کتابیں اور اخبارات خرید کر پڑھیں مفت پی ڈی ایف کی عادت نہ ڈالیں۔ کتاب تحفے میں دینے کی روایت بھی ڈالیے۔ شادی، سالگرہ اور عید پر ایک اچھی اردو کتاب بہترین تحفہ ہے۔
تیسرے، اردو لکھیے۔ موبائل پر اردو کی بورڈ استعمال کیجیے، پیغامات، دعوت ناموں اور دکان یا گھر کی تختی پر اردو لکھیے۔ جو زبان روزمرہ تحریر سے نکل جائے، وہ رفتہ رفتہ صرف تقریروں کی زبان رہ جاتی ہے۔
چوتھے، اپنے پیشے اور دائرے میں اردو کیلئے جگہ بنائیے۔ استاد ہیں تو شاگردوں میں مطالعے کا ذوق پیدا کیجیے، تاجر ہیں تو اردو میں بورڈ اور وزیٹنگ کارڈ بنوائیے، لکھنے والے ہیں تو معیاری اور صحیح املا کے ساتھ لکھیے۔ اور اگر کسی سرکاری فارم یا درخواست میں اردو کا اختیار موجود ہے تو اسے استعمال کیجیے، کیونکہ حق استعمال سے ہی باقی رہتا ہے۔
آخر میں یہ کہ اردو کے ادارے، لائبریریاں اور مدارس کی کوششیں اپنی استطاعت کے مطابق سہارا چاہتی ہیں۔ کسی قریبی لائبریری کی رکنیت لیجیے یا کسی اردو رسالے کی سالانہ خریداری قبول کیجیے۔
مختصر یہ کہ دوسروں سے مطالبہ کرنے سے پہلے خود سے پوچھئے کہ آج میں نے اردو کے لیے کیا کیا؟ اگر ہر شخص روزانہ ایک صفحہ پڑھے، ایک سطر لکھے اور ایک بچے سے اردو میں بات کرے تو یوم اردو کا عزم سال بھر زندہ رہے گا۔
nایڈوکیٹ اشہد اعجاز اعظمی(کرلا ویسٹ)
والدین اپنے بچوں کا داخلہ اردو میڈیم اسکولوں میں کروائیں
اردو زبان ہماری تہذیب، ثقافت اور تہذیبی ورثے کی امین ہی، لیکن آج سب سے زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ اردو زبان نئی نسل سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ ایسے میں اردو کے فروغ کی ذمہ داری صرف حکومت، تعلیمی اداروں یا ادبی تنظیموں پر نہیں ڈالی جا سکتی بلکہ ہر فرد کو اپنی سطح پر اس کے لیے عملی کوشش کرنی ہوگی۔ اردو کے فروغ کے لیے سب سے اہم اور ٹھوس قدم یہ ہے کہ ہم اپنی زبان کو اگلی نسل تک پہنچائیں۔ اس سلسلے میں والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ اردو میڈیم اسکولوں میں کروانے کی کوشش کریں اور گھر میں بھی اردو بولنے، پڑھنے اور لکھنے کا ماحول پیدا کریں۔ بچوں کو اردو کی کہانیاں، نظمیں اور دیگر دلچسپ کتابیں پڑھنے کی ترغیب دیں تاکہ ان میں زبان و ادب سے دلچسپی پیدا ہو۔
اس کے علاوہ ہمیں خود بھی اردو کتابیں خرید کر پڑھنی چاہئیں۔ اردو اخبارات اور رسائل کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ اردو صحافت اور اشاعتی اداروں کی حوصلہ افزائی ہو۔ صرف کتابیں پڑھنا ہی کافی نہیں بلکہ دوسروں کو بھی کتابیں خریدنے اور پڑھنے کی طرف راغب کرنا چاہیے۔ موجودہ دور میں سوشل میڈیا بھی زبان کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ ہمیں سوشل میڈیا پر اردو کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اکاؤنٹس اور پلیٹ فارمز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ان کے مواد کو شیئر کرنا چاہیے اور خود بھی اردو زبان میں معیاری مواد تخلیق کرنا چاہیے۔
آخر میں یہی کہنا چاہوں گی کہ زبان ہمارا ورثہ ہے اور اس ورثے کی حفاظت کا سب سے مؤثر طریقہ اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔ اگر ہم واقعی اردو کا فروغ چاہتے ہیں تو ہمیں صرف دعووں اور وعدوں تک محدود رہنے کے بجائے اپنی روزمرہ زندگی میں اردو کو جگہ دینی ہوگی، کیونکہ اردو کی بقا اور ترقی کا انحصار ہماری انفرادی کوششوں پر بھی ہے۔
شگفتہ عقید احمد خان (اسسٹنٹ پروفیسر، مہاراشٹر کالج ممبئی)