• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قاری نامہ: سماجوادی لیڈر محمد اعظم خان کی رہائی کو آپ کس طرح سے دیکھتے ہیں؟

Updated: November 22, 2026, 5:55 PM IST | Mumbai

اترپردیش کے سابق وزیراور سینئر سماجوادی لیڈر محمد اعظم خان کو کسی بھی طرح سے جیل میں رکھنے کی بے انتہا کوششوں کے باوجود اُترپردیش کی یوگی اور مرکز کی مودی حکومت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ یوگی اور مودی سرکار کی تمام ایجنسیاں ہاتھ ملتی رہ گئیں اور سپریم کورٹ نے رہائی کا راستہ ہموار کردیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اعظم خان نے باہر نکلتے ہی ’’اب انتخابات نہیں، انقلاب آئے گا‘‘ کہہ کر یہ واضح کر دیا کہ انہیں توڑنے کی کوشش کرنےوالوں کو منہ کی کھانے پڑے گی۔ ذیل میں ہم نے یوپی کی سیاست پر اُن کے اثرات کا جائزہ لینے کی کوشش کی ہے۔

Undoubtedly, Azam Khan’s release has heated up the electoral atmosphere in Uttar Pradesh. Photo: INN
بلاشبہ ! اعظم خان کی رہائی نے اترپردیش کے انتخابی ماحول میں گرمی پیدا کردی ہے۔ تصویر: آئی این این

اعظم خان کی ضمانت پر رہائی دراصل عوامی بے چینی اور سیاسی تبدیلی کا اشارہ ہے

اعظم خان کی رہائی سے اتر پردیش کے انتخابات پر کوئی اثر ہوگا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا ۔ اعظم خان کی رہائی یا راہل گاندھی کے تئیں عدلیہ کا بدلتا رویہ یہ بتا رہا ہے کہ جین زی اور کاکروچ پارٹی کی تحریک نے حکومت کے تکبر کو تو خاک میں ملایا ہی ہے،  ساتھ ہی عدلیہ کو بھی سوچنے پر مجبور کیا ہے۔ حالیہ کچھ برسوں میں اس طرح کے الزام لگنے لگے تھے کہ عدلیہ میں بھی  حکومت کے چشم و ابرو کے اشاروں پر انصاف کا گلا گھونٹنے کا کام ہورہا ہے۔ اب اس رویے میںکچھ تبدیلی آتی ہوئی محسوس ہورہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ کچھ دنوں میں دو حیرت انگیز فیصلے سامنے آئے جن میں سے ایک اعظم خان کو ملنے والی ضمانت ہے۔  ای ڈی کو سپریم کورٹ  کا یہ انتباہ کہ انہیں ضمانت پر رہنے دیں، آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ پہلا فیصلہ غازی پور کورٹ کا تھا جس نے راہل گاندھی کو ہتک عزت کے ایک مقدمہ سے بری  کیاہے ۔ اس سے قبل بھی گزشتہ  چندماہ میں جب سے نوجوانوں کی تحریک نے زور پکڑا ہے،دو سے تین  مقدمات میں سپریم کورٹ سے راہل گاندھی کو راحت ملی ہے۔ اسلئے میرا خیال ہے کہ اعظم خان کی ضمانت پر رہائی عوامی بے چینی اور سیاسی تبدیلی کا اشارہ ہے۔ یو پی الیکشن پر بس اس کا اتنا اثر ہو سکتا ہے کہ اپوزیشن کے خیمے میں حوصلے کو پروان چڑھانے میں مدد ملے گی۔ باقی جو باتیں ہیں اسے یا تو بے وقت کی راگنی کہیں گے یا پھر ضرورت سے زیادہ خوش فہمی ۔

اعظم خان کو اویسی کیخلاف بیان بازی یا انتخابات نہیں انقلاب آئے گا جیسے جوشیلے بیانات کے بجائے الیکشن  پر توجہ دینے اور انتخابات جیتنے کی جانب سنجیدہ کوشش کرنی چاہئے۔ اعظم خان یوپی کی سیاست میں ایک مقام رکھتے ہیں اور اسی لئے یوگی حکومت نے انہیں اس قدر پریشان کرکے ان کے حوصلوں کو توڑنے کی کوشش کی ہے جس میں بی جے پی اور یوگی ناکام رہے ہیں۔ بس یہی بات اعظم خان کے حق میں بہتر ہے ۔ اگر وہ اب ثابت قدم رہے اور جوش کے بجائے ہوش اور سنجیدگی سے قدم آگے بڑھائے تو یوپی میں ان کا سیاسی قد مزید بلند ہوگا اور مخالفین و دشمنوں کو ان کی اوقات یاد دلانے میں مددگار ہوگا۔

نہال صغیر (صحافی، ممبرا)

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُردو کے فروغ کیلئے انفرادی سطح پر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟

تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی مضبوط نظریے اور عوامی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا

محمد اعظم خان صاحب کی جیل سے رہائی صرف ایک سابق وزیر اور سینئر سماجوادی لیڈر کی رہائی نہیں ہے، بلکہ یہ انصاف، جمہوریت اور سیاسی حوصلے کی ایک اہم علامت ہے۔ محمد اعظم خان نے اپنی سیاسی زندگی میں عوام کے حقوق، تعلیم، سماجی انصاف اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

گزشتہ کئی برسوں سے جس طرح انہیں قانونی مقدمات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس نے ملک کے جمہوری نظام اور سیاسی انتقام کے سوالات کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی مضبوط نظریے اور عوامی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ اعظم خان صاحب کی رہائی سے سماجوادی کارکنان میں ایک نئی توانائی اور حوصلہ پیدا ہوگا۔

اترپردیش کے آئندہ انتخابات پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا پورا پورا امکان ہے۔ محمد اعظم خان کی پوری ریاست کے عوام میں ایک مضبوط شناخت ہے، خصوصاً رامپور اور مغربی اترپردیش کے  بیشتر اضلاع میں ان کا سیاسی اثر و رسوخ اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی موجودگی سماجوادی پارٹی کے کارکنان کو متحد کرنے اور پارٹی کے حوصلے کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

میں سمجھتا ہوں کہ یہ وقت سیاسی انتقام کی سیاست ختم کرکے جمہوریت، آئین اور عوامی مسائل پر توجہ دینے کا ہے۔ اقتدار ہمیشہ کسی کے پاس نہیں رہتا، لیکن عوام کے دلوں میں جگہ بنانے والے لیڈر تاریخ میں زندہ رہتے ہیں۔

اعظم خان صاحب کی رہائی سماجوادی تحریک کے لیے ایک حوصلہ افزا لمحہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ دوبارہ پوری طاقت کے ساتھ عوام کی آواز بنیں گے۔ انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں گے کہ انہیں نفرت اور انتقام کی سیاست چاہیے یا ترقی، بھائی چارہ اور سماجی انصاف کی سیاست۔

محمد انس انصاری (سابق صدر شہر سماجوادی پارٹی بھیونڈی اور موجودہ سیکریٹری مہاراشٹر  سماجوادی پارٹی)

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: پانی کی قلت دور کرنے اور پانی بچانے کیلئے شہریوں کو کیا کرنا چاہئے؟

اعظم خان کی رہائی سے سماجوادی کارکنوں کا حوصلہ یقینی طور پر بڑھے گا

اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں عبوری ضمانت دی تھی جس کے خلاف ای ڈی نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ آج کی تاریخ میں یہ بات پوری دنیا جانتی ہے کہ ای ڈی کا مطلب مودی حکومت ہے۔ اس کے باوجود سپریم کورٹ نے ای ڈی کی اپیل پر اس میں مداخلت سے انکار کر دیا۔ ہائی کورٹ نے پایا تھا کہ ای ڈی نے گرفتاری کی تحریری وجوہات فراہم نہیں کی تھیں۔  اس کا مطلب پوری طرح سے واضح ہے کہ ان کی گرفتاری غیر قانونی طریقے سے ہوئی تھی اور ان کی یہ رہائی ایک قانونی طریقۂ کار کی بنیاد پر ہوئی ہے۔  

سماجوادی پارٹی کیلئے اس رہائی کی علامتی اہمیت بہت ہے۔ اعظم خان کو پارٹی کا مسلم چہرہ سمجھا جاتا ہے اور رامپور سمیت مغربی و مشرقی اترپردیش کے مسلم ووٹروں میں ان کی ایک خاص حیثیت ہے۔ پارٹی کے حامی اسے سیاسی انتقام کے بیانیے کی تائید قرار دیں گے۔ اعظم خان نے خود رہائی کے بعد اسمبلی انتخابات کو عوامی مسائل پر لڑنے اور ’انقلاب‘ کی بات کہی ہے۔ اس سے کارکنوں کا حوصلہ بڑھ سکتا ہے اور اکھلیش یادو کو مسلم ووٹ متحد رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔  

دوسری طرف حکومت اور بی جے پی کا موقف یہ ہے کہ کارروائیاں قانون کے مطابق ہیں اور عدالتی عمل کسی سیاسی بیانیے کا محتاج نہیں۔ ان کے نزدیک زمین پر قبضے اور بدعنوانی جیسے الزامات کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔ ناقدین یہ بھی کہتے ہیں کہ انتخابی نتائج صرف ایک لیڈر کی رہائی سے طے نہیں ہوتے؛ ووٹر کے سامنے روزگار، مہنگائی، امن و امان اور ترقی جیسے سوالات بھی ہوتے ہیں۔

میری نظر میں اس رہائی کا اصل اثر تین چیزوں پر منحصر ہوگا: مقدمات کا آئندہ عدالتی نتیجہ، سماجوادی پارٹی کی تنظیمی حکمتِ عملی، اور یہ کہ مسلم ووٹ دیگر جماعتوں میں تقسیم ہوتا ہے یا متحد رہتا ہے۔ جذباتی ماحول وقتی فائدہ دے سکتا ہے مگر انتخابی کامیابی کے لیے ٹھوس مقامی مسائل اور مضبوط امیدواروں کی ضرورت بھی ہوگی۔

طارق اعجاز اعظمی (ڈائریکٹر اعجاز اعظمی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ)

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ:’یور مدر، یور مدر، یور مدر‘ کی پزیرائی مگر سماج میں ماں کی کتنی اہمیت؟

اعظم خان کی رہائی پارٹی کیلئے اضافی سیاسی توانائی اور عوامی ہمدردی کا سبب بن سکتی ہے 

محمد اعظم خان کی رہائی محض ایک سیاسی  لیڈرکی آزادی نہیں بلکہ یوپی کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت اور انصاف کی امید کی علامت ہے۔ مولانا آزاد کے بعد اگر کوئی لیڈر گنگا جمنی تہذیب، مشترکہ ورثے، سیکولر اقدار اور باہمی رواداری کا امین و وارث نظر آتا ہے تو وہ اعظم خان ہیں۔طویل قانونی جدوجہد، مسلسل کارروائیوں اور آزمائشوں کے درمیان ان کی رہائی نے عدلیہ پر اعتماد اور انصاف کی امید کو نئی تقویت دی ہے۔ ان کے یہ الفاظ، ’’اب انتخاب نہیں ہوگا، انقلاب ہوگا‘‘ اور ’’بدلاؤ نہیں ہوگا، سیلاب ہوگا‘‘ ان کی ذہنی استقامت، غیر متزلزل عزم اور سیاسی حوصلے کی عکاسی کرتے ہیں۔

اعظم خان کے خلاف مسلسل کارروائیوں اور متعدد مقدمات نے صرف ان کے سیاسی حامیوں ہی کو نہیں بلکہ انصاف پسند اور سیکولر فکر رکھنے والے برادرانِ وطن کو بھی سوچنے پر مجبور کیا۔ بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں یہ احساس پیدا ہوا کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ سیاسی اختلاف کو قانونی کارروائیوں کے ذریعے دبانے کا تاثر جمہوری اقدار اور سیاسی رواداری کیلئے تشویش کا باعث ہے۔

اترپردیش کی سیاست میں مذہب اور ذات برادری اکثر انتخابی ترجیحات پر غالب رہتے ہیں جبکہ ترقی، تعلیم، روزگار اور عوامی مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ مسلم ووٹر کی سیاسی حکمتِ عملی عموماً بی جے پی کو شکست دینے کی مؤثر صلاحیت رکھنے والی جماعت یا اتحاد کے انتخاب پر مرکوز رہتی ہے۔۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں مسلمانوں کی بھاری اکثریت، تقریباً۹۰؍ فیصد، نے سماجوادی پارٹی اور انڈیا اتحاد کے حق میں ووٹ دیا، جو اس سیاسی حکمتِ عملی کا اظہار ہے۔ ایسے میں اعظم خان کی رہائی سماجوادی پارٹی کیلئے اضافی سیاسی توانائی اور عوامی ہمدردی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، جو آئندہ انتخابات میں پارٹی کیلئے اہم سیاسی قوت ثابت ہوگی۔تاہم انتخابی کامیابی صرف جذبات سے نہیں، سیاسی حکمتِ عملی، عوامی اعتماد اور انتخابی شفافیت سے حاصل ہوتی ہے۔ 

ساحل کے سکوں سے کسے انکار ہے لیکن

طوفان سے لڑنے میں مزا اور ہی کچھ ہے

ابوذر خان(جنرل سیکریٹری، یونیق اسپورٹس کلب، بھیونڈی)

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: دہلی پولیس کی مظاہرین پر سختی کو آپ کیسے دیکھتے ہیں؟

انتخابی مہم میں محمد اعظم خان کی واپسی سماجوادی پارٹی کیلئے موقع بھی ہے اور چیلنج بھی

اترپردیش کی سیاست میں بعض شخصیات محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک پورے سیاسی بیانیے کی علامت ہوتی ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کی غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے عبوری ضمانت پر رہائی اور رام پور پہنچ کر یہ اعلان کہ ’’اب چناؤ نہیں، انقلاب ہوگا‘‘، محض ایک جذباتی نعرہ نہیں بلکہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کی سیاسی بساط پر ایک نئی چال کا پیش خیمہ ہے۔عدالتی زاویے سے دیکھیں تو منی لانڈرنگ کیس میں الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت کی منظوری اور پھر سپریم کورٹ کے ذریعے’ای ڈی‘کی درخواست کا مسترد ہونا ایک اہم موڑ ہے۔ گرفتاری کے طریقہ کار پر اٹھنے والے عدالتی سوالات نے اپوزیشن کو تفتیشی ایجنسیوں کے کردار پر تنقید کا ایک مضبوط جواز فراہم کیا ہے تاہم، تجزیاتی دیانت داری کا تقاضا ہے کہ اس حقیقت کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے کہ یہ محض عبوری ریلیف ہے۔ اصل مقدمات ابھی زیرِ سماعت ہیں اور قانونی تلوار بدستور لٹک رہی ہے۔

سیاسی میدان میں ان کی واپسی نے مغربی اترپردیش، خصوصاً رام پور اور مرادآباد ڈویژن میں قیادت کے اس خلا کو پُر کیا ہے جو ان کی غیر موجودگی میں محسوس کیا جا رہا تھا۔ ان کی روایتی شعلہ بیانی سے مایوس کارکنوں میں نئی توانائی دوڑنے اور اقلیتی ووٹوں کی تقسیم روکنے میں مدد مل سکتی ہے، جس سے سماجوادی کے ’پی ڈی اے‘ (پچھڑا، دلت، اقلیت) فارمولے کو زمینی تقویت ملنے کا امکان ہے،لیکن سیاست کا ہر داؤ، دو دھاری تلوار ہوتا ہے۔ اعظم خان کی جارحانہ بیان بازی جہاں ایک طبقے کو متحد کرتی ہے، وہیں مخالف کیمپ کو بھی اپنے ووٹ بینک کی صف بندی کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔ مزید برآں، قانونی نااہلی کے باعث وہ خود انتخابی میدان میں نہیں اتر سکتے، اسلئے ان کا کردار ایک مہم چلانے والے  لیڈر تک ہی محدود رہے گا۔بالآخر، اس رہائی نے انتخابی ماحول میں گرمی ضرور پیدا کر دی ہے، مگر اس کا حقیقی امتحان یہ ہوگا کہ عوامی ہمدردی اور جلسوں کی بھیڑ کو بیلٹ بکس میں کس حد تک منتقل کیا جا پاتا ہے۔

سید خوش ناز جعفر حسین (معلمہ، انجمن اسلام بدرالدین طیب جی  ہائی اسکول، ممبئی)

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: سنبھل تشدد، ملا افروز کی رہائی، عدالتی فیصلے کے دیگر مقدمات پر اثرات؟

 آج کی تاریخ میں یوپی کی سیاست اعظم خان کے بغیر نامکمل ہے

اعظم خان کی رہائی جمہوریت پر یقین رکھنے والے ہر شہری کیلئے ایک خوش کن فیصلہ ہے۔اس فیصلے سے جہاں اعظم خان اور ان کے جملہ اہل خانہ کو ہمت و حوصلہ ملا ہوگا وہیں اس فیصلے کو ہم انصاف کی جیت سے بھی تعبیر کرسکتے ہیں۔ آج کی تاریخ میں اتر پردیش کی سیاست اعظم خان کے بغیر نامکمل ہے۔گزشتہ چند برسوں میں جن مشکل حالات سے انھیں گزرنا پڑا ہے یقیناً وہ بے حد تکلیف دہ ہیں، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ وہ جب بھی جیل سے باہر آئے ہیں ہر بار انھوں نے  بے باکی سے اپنی  بات رکھی ہے۔اس بار جیل سے باہر نکلتے ہی ان کا یہ کہنا کہ اب انتخابات نہیں انقلاب آئے گا،کافی معنی رکھتا ہے۔

    مغربی اتر پردیش کے رام پور، مرادآباد، سنبھل، بجنور، امروہہ اور بریلی وغیرہ کے علاقوں میں ان کا خاصہ اثر و رسوخ ہے۔ جس کا آئندہ اسمبلی انتخابات پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش  یادو براہ راست ان سے ملنے جیل گئے اور مسلسل اس بات کیلئے کوشاں رہے کہ کسی طرح اعظم خان جیل سے باہر آجائیں۔اس کی ایک بڑی وجہ اسد الدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کا ایک ساتھ انتخابی میدان میں آنا بھی ہے۔  اکھلیش یادو ہر حال میں اسد الدین اویسی کا زور توڑنا چاہتے ہیں۔اس کام کیلئے اعظم خان کا باہر ہونا اور انتخابی جلسوں میں ان کی پر اثر تقاریر بہت حد تک سماج وادی پارٹی کیلئے حکومت بنانے کی راہیں ہموار کر سکتی ہیں۔

محمد قمر رضا مصباحی (خطیب و امام: سنی جامع مسجد پتری پل کلیان)

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: ایف ڈی اے کی کارروائیوں کو آپ کس طرح سے دیکھتے ہیں؟

اعظم خان اور سماجوادی پارٹی کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے

سیتاپور جیل سے رہا ہوتے ہی محمد اعظم خان کا ای ڈی کے ذریعہ گرفتار ہونا اور اعظم خان کا یہ جملہ کہ کہنے کو اب کُچھ باقی نہیں رہا، یہ اپنے آپ میں ایک دریا کو کوزے میں لاکر جمع کرنے کے مترادف ہے۔اِس کے پیچھے مہینوں کی قید و بند کی صعو بتیں ہیں ۔ یوپی سرکار کی بد نظری کا شکار محمد علی جوہر یونیورسٹی، دراصل یوگی حکومت اقلیتوں کو حاشیے پر رکھنے کی منظم سازش کر رہی ہے ۔

ایسے میں اعظم خان کو میڈیا کے سامنے جذباتی اور اشتعال انگیز بیان دینے کے بجائے سنجیدگی سے گفتگو کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ ۲۰۲۷ء میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ ووٹوں کی تقسیم نہ ہو، اِس کی ابھی سے منصوبہ بندی ہونی چاہئے جس طرح اکھلیش یادو نے لوک سبھا میں سیاسی صف بندی کی تھی اور عوامی اعتماد کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔ اُتر پردیش میں کروڑوں ووٹرز ہونے کی وجہ سے پورے ملک کی نظر یوپی کے انتخابات پر ٹکی ہوئی ہے ۔اُتر پردیش میں جمہوریت دم توڑتی نظر آ رہی ہے۔ اقلیتی طبقہ اپنے آپ کو بالکل الگ تھلگ محسوس کرنے لگے ہیں۔ مساجد پر بلڈوزر کارروائی اور مدارس پر تنگ نظری جگ ظاہر ہے۔ ہندوستان ایک سیکولر ملک کے طور پر جانا جاتا ہے جہاں ہر ایک کو مذہبی آزادی حاصل ہے لیکن افسوس کہ اب ان اقدار کی  دھجیاں اڑائی جا رہی  ہیں ۔ خیال رہے کہ اسمبلی۲۰۲۷ء کا انتخاب پورے ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے،اسلئے بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

حافظ ریحان محمد ایوب (مالیگاؤں)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK